عشرت حسین بٹ
منڈی//ڈپٹی انسپکٹر جنرل راجوری پونچھ پولیس رینج سندیپ وزیر نے منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایسے افراد کی جائیدادیں نہ صرف ضبط کی جائیں گی بلکہ انہیں مسمار بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منشیات فروشی جیسے سنگین جرم میں ملوث کسی بھی شخص کو بخشا نہیں جائے گا اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈی آئی جی نے یہ بات پونچھ ضلع کے دورے کے دوران میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر بھر میں جاری 100 روزہ انسدادِ منشیات مہم ’نشہ مکت ابھیان‘ کے تحت راجوری اور پونچھ اضلاع میں پولیس اور سول انتظامیہ کی جانب سے بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ اس مہم کا مقصد نہ صرف منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنا ہے بلکہ نوجوان نسل کو اس مہلک لعنت سے محفوظ رکھنا بھی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ بیس دنوں کے دوران راجوری اور پونچھ میں متعدد منشیات فروشوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں اور کئی افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت بھی کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں تاکہ بڑے نیٹ ورکس کو توڑا جا سکے اور منشیات کی سپلائی چین کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔ڈی آئی جی سندیپ وزیر نے کہا کہ پولیس کی جانب سے منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کی جائیدادوں کی نشاندہی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جن افراد کے خلاف ٹھوس شواہد ملیں گے، ان کی جائیدادیں ضبط کر کے قانونی کارروائی کے بعد انہیں مسمار بھی کیا جائے گا تاکہ دوسروں کے لیے ایک سخت پیغام دیا جا سکے کہ اس غیر قانونی سرگرمی کا انجام کیا ہوتا ہے۔انہوں نے آگاہی پروگراموں کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کی جانب سے تعلیمی اداروں، مدارس، اسکولوں اور کالجوں میں بیداری مہمات چلائی جا رہی ہیں۔ ان پروگراموں کے ذریعے نوجوانوں کو منشیات کے مضر اثرات سے آگاہ کیا جا رہا ہے اور انہیں صحت مند اور مثبت طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ڈی آئی جی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات فروشوں اور نشے کے عادی افراد کے بارے میں معلومات بلا جھجھک پولیس کے ساتھ شیئر کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر اس لعنت کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں، اس لیے ہر شہری کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے پولیس کا ساتھ دینا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ پونچھ اور راجوری اضلاع اپنی فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کے لیے جانے جاتے ہیں، جہاں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ امن و سکون کے ساتھ رہتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عوام اس بھائی چارے کو برقرار رکھتے ہوئے منشیات کے خلاف اس مہم میں بھی متحد ہو کر حصہ لیں گے۔ڈی آئی جی سندیپ وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس منشیات کے خلاف اپنی کارروائیاں مزید تیز کرے گی اور ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا تاکہ اس سماجی برائی کو جڑ سے ختم کیا جا سکے اور ایک محفوظ، صحت مند اور ترقی یافتہ معاشرہ قائم ہو سکے۔