نئی دہلی/یو این آئی/ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کو ان کی سالگرہ (جینتی) کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی زندگی ہر ہندوستانی کو ملک کے اتحاد اور سالمیت کے لیے خود کو وقف کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔اتوار کی صبح، گجرات کے کیوڑیہ میں سردار پٹیل کے مجسمہ کے مقام پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرنے سے پہلے، مسٹر شاہ نے ٹویٹ کیا، ’سردار صاحب کی لگن، وفاداری، جدوجہد اور مادر وطن کے لیے قربانی ملک کے اتحاد اور سالمیت کے لیے خود کو وقف کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ متحدہ ہندوستان کے ایسے عظیم معمار کی سالگرہ پر، ان کے قدموں میں خراج عقیدت اور ملک کے تمام شہریوں کو ’قومی یوم اتحاد‘ کی مبارکباد‘۔ایک دیگر ٹویٹ میں انہوں نے کہا،’سردار پٹیل کی زندگی ہمیں بتاتی ہے کہ کس طرح ایک شخص اپنی مضبوط قوت ارادی، آہنی قیادت اور بے مثال حب الوطنی کے ساتھ ملک کے اندر موجود تمام تنوع کو اتحاد میں بدل کر ایک متحد قوم کی شکل دے سکتا ہے۔