نئی دہلی //ملک میں کورونا وائرس کے معاملوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1490 نئے معاملے سامنے آنے کے ساتھ ہی متاثروں کی تعداد بڑھ کر 25000 تک پہنچ گئی ہے اور اس دوران اس انفیکشن کی وجہ سے 56لوگوں کی موت کے ساتھ ہی مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 779 ہوگئی ہے۔ملک کی 32 ریاستوں اور مرکزکے زیر انتظام ریاستوں میں کورونا کے اب تک مجموعی طور سے 24942 معاملوں کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں 111 غیر ملکی مریض بھی شامل ہیں۔کورونا سے متاثر لوگوں کے صحت مند ہونے کی رفتار بھی تیز ہوئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا سے متاثر 396لوگوں کے صحت مند ہونے کے ساتھ ایسے لوگوں کی تعداد بڑھ کر 5210 ہوگئی ہے۔وزارت صحت کی جانب سے جمعہ کی شام پانچ بجے جاری اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے سنگین طور سے متاثر مہاراشٹر میں متاثروں کی تعداد میں ایک دن 387 کا اضافہ درج کیا گیا اور مجموعی طور سے یہ اعدادوشمار 6817 ہوگیا۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ریاست میں 18 اور لوگوں کی موت کے بعد اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 301 ہوگئی ہے۔ ریاست میں 957انفیکشن سے متاثر مریض ٹھیک ہوچکے ہیں۔گجرات میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 191 نئے معاملے سامنے آنے کے ساتھ متاثروں کی تعداد کے معاملے کی فہرست میں دوسرے مقام پر بنا ہوا ہے۔ گجرات میں متاثروں کی مجموعی تعداد 2815 ہوگئی ہے اور 15 مزید افراد کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 127ہوگی ہے۔اس کے بعد ملک کی قومی راجدھانی دہلی ہے جہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میٰں 138 نئے معاملے درج کئے جانے کی وجہ سے اب تک مجموعی طور سے 2514 لوگ اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور اسی دوران مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 53 ہوگئی ہے۔ راجدھانی میں مجموعی طور سے 857 مریضوں کو علاج کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔