نئی دہلی//یواین آئی// ملک بھر میں کورونا وائرس ‘کووڈ -19’ وبا سے متاثرین کی تعداد مسلسل بڑھتی جارہی اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس وائرس کے 2644 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور 83 مریضوں کی موت کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 1301 ہو گئی ہے ۔ملک کی الگ الگ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کوروناوائرس کے اب تک کل 39980 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 111 غیر ملکی مریض بھی شامل ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثر افراد کے صحت مند ہونے کی رفتار بھی تیز ہوئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے متاثر 682 افراد کے صحت مند ہونے کے ساتھ ایسے لوگوں کی تعداد10633 تک پہنچ گئی ہے ۔وزارت صحت کی جانب سے ہفتہ کی صبح جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس کا پھیلاؤملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ہو چکا ہے ۔کورونا وائرس سے سب سے شدید متاثرریاست مہاراشٹر ہے جہاں حالات مسلسل تشویشناک ہوتے جا رہے ہیں اور گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 790 نئے کیسز کے بعد ریاست میں متاثرین کی تعداد 12296 تک پہنچ گئی ہے اور اس دوران 36 مزید لوگوں کی موت کے بعد اس وبا سے ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 521 ہو گئی ہے ۔ وہیں ریاست میں 2000 متاثرمریض ٹھیک ہو چکے ہیں۔گجرات گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 333 نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ متاثرین کی تعداد کے معاملہ میں دوسرے مقام پر برقرار ہے ۔ گجرات میں متاثرین کی مجموعی تعداد 5054 ہو گئی ہے اور 22 مزید افراد کی موت کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد 262 تک پہنچ گئی ہے ۔قومی دارالحکومت دہلی میں بھی حالات تشویشناک بنے ہوئے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 384 نئے کیسز درج کئے جانے کے بعد سے اب تک کل 4122 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔ دہلی میں اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر66 ہو گئی ہے جبکہ اب تک کل 1256 مریضوں کو علاج کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے ۔وہیں راجستھان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 104 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور یہ تعداد بڑھ کر 2770 ہو گئی ہے ۔ ریاست میں انفیکشن سے چار مزید افراد کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد 65 ہو گئی ہے ۔ تمل ناڈو میں 231 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 2757 ہو گئی اوراب تک 29 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔ مدھیہ پردیش میں اس وائرس کی زد میں اب ابتک 2846 افراد متاثر ہو چکے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چھ مزید متاثرین کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد سات سے بڑھ کر 151 ہو گئی ہے ۔ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں 159 نئے کیسز سامنے آنے کے بعدمتاثرین کی مجموعی تعداد 2487 ہو گئی ہے اور اب تک 43 افراد کی موت ہو چکی ہے . وہیں ریاست میں ابھی تک 689 مریضوں کو علاج کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے ۔