نئی دہلی//( یواین آئی )// ملک میں کورونا وائرس (کووڈ -19) کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران1990 نئے معاملات سامنے آنے کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد 26 ہزار سے تجاوز کر گئی اور اس دوران اس وبا سے 49 ہلاکتیں ہونے سے ہلاک شدگان کی تعداد 824 ہو گئی ہے ۔ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا کے اب تک مجموعی 26496 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 111 غیر ملکی مریض شامل ہیں ۔ کورونا سے متاثر لوگوں کے صحت یاب ہونے کی رفتار بھی تیز ہوئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے متاثر 741 لوگوں کے صحت یا ب ہونے کے ساتھ ایسے لوگوں کی تعداد 5804 تک پہنچ گئی ہے ۔وزارت صحت کی جانب سے اتوار کی صبح جاری کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس کا قہر ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے ۔ کورونا سے سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹر میں متاثرین کی تعداد میں ایک دن میں 811 کا اضافہ درج کیاگیا اور متاثرین کی مجموعی تعداد 7628 پر پہنچ گئی ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں مزید 40 افراد کی ہلاکت کے بعد اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 323 ہو گئی ہے ۔ وہیں ریاست میں 1076 متاثرہ مریض صحت یا ب ہو چکے ہیں ۔گجرات گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 256 نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ متاثرین کی تعداد کے معاملے میں دوسرے مقام پر ہے ۔ گجرات میں متاثرین کی مجموعی تعداد 3071 ہو گئی ہے اور مزید چھ افراد کے ہلاک ہونے سے ہلاک شدگان کی تعداد 133 تک پہنچ گئی ہے ۔ اس کے بعد ملک کے قومی دارالحکومت دہلی ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 111 نئے کیسز درج کئے جانے کی وجہ سے اب تک مجموعی 2،625 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور اس دوران ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 54 ہو گئی ہے ۔ دارالحکومت میں مجموعی 869 مریضوں کو علاج کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ۔وہیں راجستھان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 49 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور متاثرین کی تعداد بڑھ کر 2083 ہو گئی ۔ ریاست میں اس دوران اس وبا سے چھ افراد ہلاک ہو گئے اور ہلاک شدگان کی تعداد 33 ہو گئی ہے ۔ تمل ناڈو میں 66 نئے کیسز سامنے آئے اور متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 1،821 ہو گئی اور ریاست میں اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک بڑھ کر 23 ہو گئی ۔