عاصف بٹ
سرینگر +کشتواڑ// جموں و کشمیر حکومت نے محکمہ جل شکتی کے تین کارکنوں کو ملک دشمن اور تخریبی سرگرمیوں میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں برطرف کر دیا ہے۔ایک سرکاری حکم کے مطابق شوکت احمد زرگر ولد نذیر احمد زرگر ساکن اقبال محلہ بجبہاڑہ ، جو بجبہاڑہ میں ڈیلی ریٹیڈ ویجر (DRW) کے طور پر کام کر رہے تھے، کو فوری طور پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔
حکم میں کہا گیا ہے کہ ان کے خلاف سیکشن 307 آر پی سی، 7/27 آرمس ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ(یو اے پی اے)کی دفعہ 16 اور 18 کے تحت ایف آئی آر نمبر 53/2019 درج کی گئی تھی۔ اس کیس میں چارج شیٹ پہلے ہی داخل کی جاچکی ہے اور معاملہ فی الحال زیر سماعت ہے۔اسی طرح کوثر حسین بھگوان ولد محمد اکبر بھگوان اور ضلع کشتواڑ کے ہنجالا کے رہائشی جو کہ مزدور کے طور پر کام کرتے ہیں اور پی ایچ ای سب ڈویژن کشتواڑ کے تحت ہلر میں تعینات ہیں، کو بھی ملازمت سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ وہ یو اے پی اے کی دفعہ 13، 18، 19، 38 اور 39 کے تحت ایف آئی آر نمبر 230/2019 میں بھی الزامات کا سامنا کر رہا ہے، اور یہ مقدمہ فی الحال زیر سماعت ہے۔محکمہ داخلہ کے حوالہ جات کے بعد انتظامیہ کے مفاد میں جل شکتی محکمہ نے یہ احکامات جاری کئے ہیں۔