نئی دہلی//بھارت کے54روز ہ ملک گیر لاک ڈائون کے آخری ہفتے میں داخل ہونے کے ساتھ ہی وزیراعظم نریندر مودی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ سوموار کو ایک اور ویڈیو کانفرنس کریں گے،تاکہ ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کوبحال کرنے اورمزید’ریڈزون‘علاقوں جہاں کوروناوائرس کے کیسوں کی زیادتی ہے،کو ’نارنگی ‘اور’سبز‘زونون میں تبدیل کرنے کیلئے کوششوں پر توجہ مرکوزکی جاسکیں۔امکان ہے کہ ریاستوں اورمرکزی زیرانتظام علاقوں کے وزرائے اعلیٰ اقتصادی سرگرمیوں کی بتدریج بحالی پرزوردیں گے جبکہ مرکزنے 17مئی کو ختم ہونے والے ملک گیر لاک ڈائون میں نرمی کرنے کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لیا۔ذرائع کے مطابق پابندیوں میں یکایک نرمی کاامکان نہیں ہے ۔ وزیراعظم کے دفتر نے اتوار کوبتایا کہ یہ ویڈیو کانفرنس سوموار3بجے دن کو شروع ہوگی۔ ملک میں کوروناوائرس کی وباء کے پھوٹ پڑنے کے بعدیہ وزیراعظم کی وزرائے اعلیٰ کے ساتھ پانچویں ویڈیوکانفرنس ہوگی۔ اس دوران مرکزی وزیرصحت ہرش وردھن نے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 10ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں میں کووِڈ19 کاکوئی مثبت معاملہ سامنے نہیں آیا ہے۔