عاصف بٹ+اشتیاق ملک
جموں//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے ہفتہ کو پارٹی کے بانی مفتی محمد سعید کو ان کی ساتویں برسی پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور امن و آشتی کے ان کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کا عزم کیا۔پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے بانی محمد محمد سعید 7 جنوری 2016 کو دہلی کے ایمز میں مختصر طور پر داخل رہنے کے بعد انتقال کر گئے۔مفتی محمد سعید کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پی ڈی پی رہنماؤں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ کے طور پر، انہوں نے جوابدہ اور شفاف نظام حکومت کی مثال قائم کی۔انہوں نے پارٹی کے بانی کو ایک دور اندیش سیاسی قدآور اور ایک ذہین منتظم کے طور پر بیان کیا جنہوں نے بطور وزیر اعلیٰ اپنے دو ادوار کے دوران جموں و کشمیر کے لوگوں کی ترقی اور بہتری پر توجہ مرکوز رکھی۔انہوںنے کہا”مفتی محمد سعید وہ شخص تھے جنہوں نے زندگی بھر سادہ زندگی اور اعلیٰ سوچ کے فلسفے کو رہنما اصول کے طور پر برقرار رکھا”۔کٹھوعہ سے کرگل تک سرحدوں پر امن قائم کرنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے پی ڈی پی لیڈروں نے کہا کہ یہ مفتی محمد سعید کی امن نواز پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفتی سعید نے اعتماد سازی کے کئی اقدامات اٹھائے اور امن کو جموں و کشمیر کی ایک لازمی خصوصیت بنانے کی بھرپور کوششیں کیں۔ادھر مفتی محمدسعید کی ساتوں برس پر انکی یاد میں پروگرام کااہتمام ڈاک بنگلہ کشتواڑ میں کیا گیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں ورکران و پارٹی لیڈران نے شرکت کی۔اس موقع پر مقررین نے مفتی محمد سعید کے کارناموں پر روشنی ڈالی اور ان کے دور کو جموں کشمیر کا سنہری دور قرار دیا۔سابق ایم ایل سی و پارٹی کے سینئر لیڈر فردوس احمد ٹاک، پارٹی کے ریاستی سکریٹری و انچارج ڈوڈہ کشتواڑ شیخ ناصر حسین، ضلع صدر اشتیاق حسین وازہ، ضلع یوتھ صدر واصل ڈولوال، زونل صدر محمد اقبال شیخ اور کئی دیگر سینئر لیڈران نے خطاب کیا۔ فردوس ٹاک نے بتایا کہ برصغیر میں مفتی محمدسعید جیسا لیڈر کوئی نہیں ہے، انکے حریف بھی یہی کہتے ہیں کہ ان جیسا سیاستدان کوئی اور پیدا نہیں ہوسکتاہے۔انھوں نے انکی قربانیوں کو یادکیا اور انھیں خراج تحسین پیش کیا۔اس دوران پی ڈی پی اکائی ڈوڈہ نے سابق وزیر اعلیٰ و پارٹی کے بانی مفتی محمد سعید کی ساتویں برسی پر انہیںیاد کرتے ہوئے انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ ضلع صدر مقام ڈوڈہ میں نائب صدر طالب حسین بٹ کی صدارت میں منعقدہ تقریب میں مختلف علاقوں سے آئے پی ڈی پی ورکروں نے مرحوم مفتی محمد سعید کی سیاسی، سماجی و عوامی خدمات کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جہاں مرتے دم تک سماج کے پسماندہ طبقہ کی بے لوث خدمت کی وہیں جموں و کشمیر کی تعمیری ،معاشی ،سیاسی و اقتصادی حالت کو بہتر بنانے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا جبکہ 2002 میں حکومت سنبھالتے ہی جموں و کشمیر میں امن و اماں کا ماحول قائم کیا اور لوگوں نے راحت کی سانس لی۔ انہوں نے کہا کہ مفتی محمد سعید نے ہر طبقہ، فرقہ و خطہ کی مجموعی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا اور دوران اقتدار کبھی بھی بھید بھاؤ و نفرت کی سیاست نہیں کی۔انہوں نے مرحوم کی ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت بھی کی۔
مفتی محمد سعید کی ساتویں برسی پرجموں اور چناب میں تقاریب کا اہتمام