راجوری +مینڈھر //مغل شاہراہ کو یک طرف ٹریفک کیلئے بحال کر دیا گیا ہے جبکہ شاہراہ پر کام کررہے میکینکل شعبہ کی مشینری دونوں جانب سے گزشتہ روز پیر گلی پہنچ گئی ۔اس سلسلہ میں اسسٹنٹ انجینئر میکینکل ڈیپارٹمنٹ طارق محمود نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سرنکوٹ کی جانب سے کام پر تعیناتی مشینری اور لیبر جمعہ کی شام پیر گلی پہنچی جس کے بعد بفلیاز کی جانب سے سنگل ٹریفک کیلئے شاہراہ کو کھول دیا گیاہے ۔انہوں نے بتایا کہ اسی طرح شوپیاں کی جانب سے بھی مشینری پیر گلی تک پہنچ گئی ہے ۔آفیسر موصوف نے بتایا کہ بفلیاز تا پیر گلی علاقہ میں کئی ایک موڑ ودیگر علاقوں میں ابھی بھی برف ہٹانا مطلوب ہے تاہم محکمہ کی جانب سے مذکورہ تنگ راستوں کو جلد ازجلد کھول دینے کا عمل شروع کر دیا جائے گا ۔اسی دوران ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور ایس ایس پی پونچھ کی قیادت میں ایک ٹیم نے مغل شاہراہ پر صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے شاہراہ کا دورہ کیا ۔محکمہ کے انجینئر نے مزید بتایا کہ شاہراہ سے برف ہٹائے جانے کے سلسلہ میں ٹریفک حکام کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ شاہراہ کی بحالی کیلئے حتمی فیصلہ انتظامیہ ہی کی جانب سے کیا جائے گا ۔ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ان کی قیادت میں انتظامیہ کی ایک ٹیم نے مغل شاہراہ کا دورہ کیا تاہم وہ چور کی گئی میں چل رہے انکائونٹر کی وجہ سے پیر گلی نہیں پہنچ سکے ۔انہوں نے بتایا کہ پونچھ کی جانب سے شاہراہ لگ بھگ بحال ہونے کے قابل ہے ۔