سرنکوٹ//مسلسل دو ہفتے سے بند پڑی مغل شاہراہ سے برف ہٹانے کاکام ایک بار پھر شروع کیاگیاہے اور اس بات کا امکان ہے کہ آئندہ چند دنوں میں سڑک کو کچھ وقت کیلئے ٹریفک کی آمدورفت کیلئے کھول دیاجائے گاتاہم اس بات کا انحصار موسم اور حکام کے فیصلے پرہے ۔سڑک پر ٹریفک بحال نہ ہونے پر راجوری پونچھ کے لوگوں میں حکومت کے تئیں سخت غصہ پایاجارہاہے ۔پشانہ آئے ہوئے راجوری سے تعلق رکھنے والے محمد کمال کاکہناہے کہ وہ اس لئے یہاں آئے تاکہ مغل شاہراہ کا اس موسم میں نظارہ دیکھتے لیکن انہیں افسوس ہے کہ سڑک کو بند رکھاگیاہے اور وہ پیر گلی تک نہیں جاسکتے ۔ انہوںنے کہاکہ انہی کی طرح دیگر سینکڑوں لوگ بھی سیاحتی طور پر لطف اندوز ہونے آتے ہیں تاہم انہیں مایوس ہوکرواپس لوٹناپڑتاہے ۔سرنکوٹ کے ایک شخص محمد لطیف نے بتایا کہ اس سڑک کے بند رہنے سے جیسے بے چینی سی رہتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ سڑک کو دو ہفتوںسے بند رکھاجانا ناقابل برداشت ہے اور حکومت چاہتی تو اس کو دو دنوں میں ہی ٹریفک کیلئے بحال کیاجاسکتاتھا۔ انہوںنے کہاکہ جب دیگر سڑکوں سے برف ہٹاکر انہیں بحال کیاجاسکتاہے تو پھر مغل شاہراہ بھی بحال ہوسکتی ہے تاہم برف کے بہانے اس کو ہر سال چار سے پانچ مہینے بند رکھاجاتاہے جبکہ اگر دیکھاجائے تو یہ سڑک زیادہ سے زیادہ دو ماہ تک بند رہ سکتی ہے جس کے بعد اس کوٹریفک کے قابل بنایاجاسکتاہے ۔مغل شاہراہ پر تعینات اے ای ای لیاقت علی کاکہناہے کہ ان کی مشینری اس وقت چھتہ پانی سے آگے کام کررہی ہے اور موسم صاف رہنے کی صورت میں چار دنوں کے اندرا ندر پیر گلی تک سڑک کو برف سے صاف کردیاجائے گالیکن یہ فیصلہ لینا ابھی مشکل ہے کہ سڑک بحال کی جائے گی یا نہیں کیونکہ اوپر برف موجود رہنے کی وجہ سے سڑک پر پانی آتاہے جورات کو کورا بن جاتاہے اورصبح زبردست پھسلن ہوتاہے۔ انہوںنے کہاکہ سڑک کے کچھ حصے پر دھوپ بھی نہیں پڑتی جہاں گاڑی چلانا مشکل کام ہے ۔حکام کے مطابق مانسر کے موڑوںسے ایک کلو میٹر اور دو سو گز سڑک صاف کر دی گئی ہے جبکہ اڑتالیس کلو میٹر تک برف پہلے ہی ہٹائی جاچکی ہے لیکن شوپیاںسے بھی اسی طرح سے کام کرنے کی ضرورت ہے ۔