پونچھ// پونچھ قصبہ کے ایک اہم ترین چوک جہاں سے لوگ ضلع عدالت پونچھ، ضلع ہسپتال پونچھ، چیف میڈیکل افسر پونچھ کے دفتر کے علاوہ صدر بازار کی جانب جاتے ہیں ،ناکھاں والی سڑک کے بالائی حصے کے اس اہم چوک پر عرصہ دراز سے نالہ بند پڑجانے کی وجہ سے اس کا پانی اور گندگی سڑک پر بہہ رہی ہے جس کی وجہ سے وہاں سے گزرنے والے راہگیروں کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اس حوالے سے عوام کی جانب سے کئی بار حکومت سے لے کر ضلع انتظامیہ سے اپیل کی گئی لیکن اس کا کوئی اثر نہیں ہوا ۔نالے کی خستہ حالی کی وجہ سے عوام پریشان ہیں ۔سماجی کارکن بشیر احمد نے غم و غصہ کا اظہار کیا اور کہا کہ تقریباً پانچ ماہ پہلے علاقے کے لوگوں نے میونسپل حکام کو اس کی معلومات دی اور نالے کی مرمت کی گزارش دی مگرا ٓج اس پر کسی نے توجہ نہیں دی اور نالے کا گندہ پانی اور گندگی سڑک پر بہہ رہی ہے جس سے لوگوں کا چلنا محال ہے ۔انہوں نے کہاکہ گندے پانی میں طرح طرح کے کیڑے اور جراثیم پنپ رہے ہیں جو کسی بھی وقت پوری آبادی کو وبائی امراض کی گرفت میں لے سکتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ضلع صدر مقام پر اگر ایک نالہ کی مرمت نہیں ہوسکتی تو پھر دیگر کاموںکا کیا حال ہوگا۔انہوںنے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ ذاتی مداخلت کر کے نالے کی مرمت کروائیں۔