جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے جموں شہر کا تفصیلی دورہ کیا تاکہ میکڈیمائزیشن اور ترقیاتی کاموں کا معائینہ کیا جاسکے۔مشیر موصوف کے ہمراہ چیف اِنجینئر آر اینڈ بی جموں ، چیف اِنجینئر یو اِی اِی ڈی ، سپر اِنٹنڈنگ انجینئران ، مختلف ڈویژنوں کے ایگزیکٹیو انجینئران ۔مختلف لائین محکموں کے اَفسران اور محکمہ کے دیگر متعلقین بھی تھے۔دورے کے دوران مشیر بھٹناگر نے گرین بیلٹ ، گاندھی ،چھنی ہمت ، بٹھنڈی ، سنجوان ، بِکرم چوک سے نروال ، ٹرانسپورٹ یارڈ اور دیگر ملحقہ علاقوں میں میکڈیمائزیشن کے کاموں کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے فیلڈ اَفسران کو جاری کاموں پر باقاعدہ نگرانی کرنے کی ہدایت دی تاکہ کام کے معیار کو یقینی بنایا جاسکے۔مشیر بھٹناگر نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ میکڈیمائزیشن کے کاموں کے معیار کو برقرار رکھیں۔اُنہوں نے کاموں کے آڈِٹ کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ شہر کے تمام پُلوں کا حفاظتی آڈِٹ کرائیں اور جن پُلوں اور سڑکوں کی فوری مرمت کی ضرورت ہے انہیں ترجیح دی جائے۔مشیر موصوف نے اَفسران سے کہا کہ متعلقہ محکموں کے ساتھ ہم آہنگی کو برقرار رکھاجائے تاکہ عمل در آمدکے دوران کوئی کام باقی نہ رہے ۔ اُنہوں نے اُنہیں ہدایت دی کہ شہر کے اَطراف بہتر نکاسی آب نظام کے لئے محکمہ یو اِی اِی ڈی کی مشاورت سے نالے تعمیر کئے جائیں ۔ اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ٹینڈرنگ ، کوالٹی کنٹرول ، معائینے اور نگرانی کے عمل میں یکسانیت لانے کے لئے ایک جامع طریقۂ کار اوراِمکانات کو تلاش کریں۔