اننت ناگ//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے پہلگام کے نون ون بیس کیمپ کا دورہ کیا اور شری امر ناتھ جی یاترا۔ 2021 کے انعقاد کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ مشیر کے ہمراہ ڈی ڈی سی چیئر مین اننت ناگ ، سی ای او پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی ، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو اننت ناگ ، ایڈیشنل ایس پی ، سی آر پی ایف افسران اور دیگر اعلیٰ افسران تھے ۔ مشیر بھٹناگر نے افسران پر زور دیا کہ وہ یاتریوں کیلئے تمام ضروری انتظامات کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ یاتریوں کو صاف ستھری اور حفظانِ صحت سے متعلق ٹائیلٹ کی سہولیات کو یقینی بنائیں اور تمام متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ ہر کیمپ پر صفائی ستھرائی کی مناسب سہولت کو یقینی بنائیں اور گپھا تک جانے والے راستے کی صفائی ستھرائی کو برقرار رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کے ذریعے کچرے کو مناسب طور پر ٹھکانے لگانے کو یقینی بنائیں ۔ مشیر نے یہ بھی ہدایات دیں کہ یاتریوں کیلئے لنگر خدمات ، بستر ، ٹینٹ خدمات کے علاوہ دیگر تمام سہولیات کے معیار کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یاتریوں کے آرام کیلئے ٹینٹ نشاندہی شدہ جگہ پر ہی لگائے جائیں تا کہ حفاظتی صورتحال کو بھی یقینی بنایا جا سکے ۔ مشیر بٹھناگر نے افسران سے کہا کہ وہ سول ہسپتال کے کام کی رفتار میں تیزی لائیں تا کہ اسے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جا سکے ۔ انہوں نے موثر ٹریفک اور یاتریوں کے نقل و حرکت کی ضروریات کے ساتھ ساتھ سیکورٹی بڑھانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ آپسی تال میل کو بنائے رکھیں ۔ انہوں نے موقعہ پر ہی بہت سارے معاملات حل کئے اور ڈی ڈی سی چئیر مین کے ذریعے اٹھائے گئے امور کا بھی نوٹس لیا ۔