اپنی پارٹی نے یوتھ ونگ تشکیل دی | جنید متو صدر، مظفر ریشی اور ابہے بقایا جنرل سیکریٹری مقرر
سرینگر//جموں وکشمیر اپنی پارٹی نے منگل کے روز پارٹی کی یوتھ ونگ تشکیل دی جس میں پہلے مرحلہ کے تحت کئی عہدیداران کی تقرریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔یہ تعیناتیاں متعلقہ صوبائی اکائیوں کی سفارش پر پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری کی منظوری کے بعد عمل میں لائی گئیں۔سرینگرمیونسپل کارپوریشن کے میئر اور پارٹی لیڈر جنید عظیم متو کو جموں وکشمیر اپنی پارٹی یوتھ ونگ کا صدر بنایاگیاہے۔ تجمل اشفاق اور رقیق احمد خان کو یوتھ ونگ کا نائب صدر، مظفر حسین ریشی اور ابہے بقایہ کو بالترتیب کشمیر اور جموں صوبہ کیلئے جنرل سیکریٹری تعینات کیاگیا۔ خالد راٹھو کو صوبائی صدر کشمیر جبکہ گورو کپور کو صوبائی صدر یوتھ ونگ جموں بنایاگیاہے۔
مرچی ٹریفک پاٹشالہ | ٹریفک قوانین کے بارے میں معلومات فراہم کرنیکی کوشش
سرینگر// وادی کی سڑکوں پر ٹریفک حادثات میں اضافہ کو مد نظر رکھتے ہوئے98.3ایف ایم مرچی نے افکو ٹوکیو جنرل انشورنس اور ٹریفک پولیس سرینگر کے تعاون سے’’ مرچی ٹریفک پاٹشالہ‘‘ نامی سڑک تحفظ پہل شروع کی۔ ایف ایم مرچی کے رضاکاروں نے10اہم مقامات کی نشاندہی کی ہے،جو کہ بہت گنجان ہیں۔ان مقامات میں صنعت نگر چوک،حید پورہ چوک، ڈلگیٹ،چھانہ پورہ، پانتہ چھوک،لال بازار،بٹہ مالو اور کرن نگر شامل ہیں۔ ان مقامات پر ایف ایم مرچی کے رضاکار ٹریفک آگاہی سے متعلق کتبے لیکر مسافروں اور راہگیروں کو سڑک تحفظ اور ٹریفک قوانین کے بارے میں23فروری تک معلومات فراہم کریں گے۔ ایس ایس پی ٹریفک جاوید احمد کول،چیف منیجر افکو جنرل انشورنس لمیٹڈ مختار احمد لون نے آگاہی ریلی کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ ایس ایس پی ٹریفک جاوید احمد کول نے کہا’’ یہ ایک زبردست پہل ہے جس کیلئے تمام فریقین کو سامنے آنے کی ضرورت ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ کئی طرح کے پارکنگ سسٹم تعمیر کیا جا رہا ہے جس سے ٹریفک کی گنجانیت میں کمی ہوگی۔ مشترکہ بیان میں افیکو ٹوکیوں،ٹریفک پولیس اور ریڈیو مرچی نے کہا کہ تمام متعلقین کو ٹریفک قوانین عملانے کیلئے سامنے آناہوگا۔ ریڈیو جوکی مہک نے سال2020سے ٹریفک حادثات کے اعداد شمار پیش کئے جن میں سرینگر میں3865حادثات پیش آئے اور694 افراد نے اپنی جانیں گنوا دیں۔اس موقع پر اے ایس پی سرینگر ظہور احمد بھی موجود تھے،جنہوں نے بہتر ٹریفک نظام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو اپنی گاڑیوں کوکھڑا کرنے کے دوران دیگر لوگوں کا بھی خیال رکھنا چاہئے۔
کولگام میںجموں کشمیر بینک کی ضلع سطحی جائزہ میٹنگ | ضلع کریڈٹ پلان کے تحت عمل آوری کا جائزہ لیا گیا
سرینگر// ضلع کولگام میں مختلف بینکوں اور دیگر متعلقہ سرکاری محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے سلسلے میں جموںکشمیر بینک نے ضلع سطح کی جائزہ میٹنگ(DLRC) کا انعقاد کیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر شوکت اعجاز بٹ کی قیادت میںرواں مالی برس کے تیسرے سہ ماہی تک ضلع کریڈٹ پلان کے تحت عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔ لیڈ بینک آفس کولگام کی طرف سے منعقد اس میٹنگ میں ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر، چیف پلاننگ آفیسر، بینک کے کلسٹر ہیڈ کے علاوہ NABARD، مختلف بینکوں کے نمائندوں اور متعدد سرکاری محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ لیڈ ڈسٹرکٹ منیجر کولگام جی آر میر نے ضلع میں موجود بینکوں کی کارکردگی کا جائزہ پیش کرتے ہوئے یہ جانکاری دے دی کہ ضلع میں بینکوں نے 1464.40کروڑ روپے کے سالانہ کریڈٹ پلان میں سے 686.31کروڑ روپے 33,529 افراد کو واگزار کئے ہیں جو کہ سالانہ نشانے کا 47فیصد ہے۔ مجموعی طور18.14فیصد اضافے کے ساتھ ضلع میںمجموعی قرضوں کا حجم 1529.84کروڑ روپے ہے اور مجموعی ڈپازٹ18.90فیصد اضافے کے ساتھ 2026.26کروڑ روپے ہیںجس سے ضلع کا کریڈٹ ڈپازٹ تناسب 75.50فی صد ہیجوکہ لازمی60فیصد سے تجاوز ہے۔ضلع میں ترجیحی سیکٹر قرضوں کا حجم 543.33کروڑ روپے ہے جبکہ غیر ترجیحی قرضوں کا حجم142.99کروڑ روپے ہے۔ آتم نربھر بھارت ابھیان کے تحت رواں مالی برس کے دسمبر تک بینکوں نے14522 افراد کو KCCکے تحت قرضے دئے ہیں جبکہ 5701ا فراد میںپشو پالن اور مچھلی پالن کیلئے قرضے واگزار کئے گئے ہیں۔پردھان منتری سرکھشا بیمہ یوجنا کے تحت 12686 اور6056 افراد کوپردھان منتیری جیون جیوتی یوجنا کے ذریعے فائدے پہنچائے گئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر نے تمام متعلقین کو زور دیکر کہا کہ سماجی تحفظ اسکیموں جیسے پرائم منسٹرس سرکھشا بیمہ یوجنا، جن دھن یوجنا اور جیون جیوتی بیمہ یوجنا سے عوام کو باخبر کرنے اور ان تک ان اسکیموں کے فوائد پہنچانے کیلئے وہ مزید تال میل سے کام لیں۔
ضلع انتظامیہ کپوارہ کا مقام شاہ ولی میں عوامی دربار
ڈپٹی کمشنر نے مختلف دفاترکا معائنہ کیا،لوگو ں کو سہولیات میسر رکھنے کی تلقین
اشرف چراغ
کپوارہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ امام الدین نے منگل کو عوامی رابطہ مہم کے تحت مقام شاہ ولی میں ایک عوامی دربارمنعقد کیا جس میں لوگو ں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔انہوںنے مختلف سرکاری دفاتر کا معائنہ کیا اور وہا ں پر ہورہے کام کاج کا جائزہ لیا ۔ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ نے ورک کلچر کو فروغ دینے کے سلسلہ میںپہا ڑی ہوسٹل ،گوجر ہو سٹل ،تحصیل آفس کپوارہ ،پرائمری ہیلتھ سنٹر ،مڈل سکول مقام شاہ ولی کے علاوہ چیف میڈیکل آفیسر کپوارہ اور ضلع اطلاعاتی مرکز کا تفصیلی دور ہ کیا جس کے دوران انہو ں نے ملازمین کی حاضری سے متعلق جانکاری حاصل کی ۔انہوںنے نیو ٹائپ پرائمری ہیلتھ سنٹر درگمولہ کا بھی دورہ کیا اور وہا ں مریضوں کو در پیش مسائل سے مکمل جانکاری حاصل کی ۔ انہو ں نے طبی عملہ سے کہا کہ وہ مریضوں کو بہترطبی علاج و معالجہ کے لئے اپنا بھر پور تعاون فراہم کریں ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے مقام شاہ ولی درگمولہ میں ایک عوامی دربار کا بھی انعقاد کیا جس میں لوگو ں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقامی لوگو ں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ کو اپنے روز مرہ مسائل سے جانکاری فراہم کی ۔انہوںنے لوگو ں کو یقین دلایا کہ وہ لوگو ں کے مسائل حل کرنے کے کوشاں ہیں اور انہو ں نے سرکاری افسرو ں کو ہدایت دی کہ وہ لوگو ں کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لئے اقدامات کریں ۔اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے 7کنبو ں میں گولڈن کارڈ بھی تقسیم کئے ۔
بیروہ میں غیر قانونی طور سمگل کی جارہی عمارتی لکڑی ضبط
بڈگام//ارشاد احمد// بیروہ میں فارسٹ پروٹیکشن فورس نے غیر قانونی طور کاٹی گئی عمارتی لکڑی ضبط کی گئی۔ محکمہ جنگلات کے اعلیٰ افسران کے مطابق رینج افسر بیروہ کی سربراہی میں ایک ٹیم نے آروہ کے مقام پر تین گھوڑوں پر لدے ہوئے 12.50 مکعب فٹ ضبط کی جسے سمگل کیا جارہا تھا۔اس موقع پر ملزمین فرار ہوگئے جن کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ چیو ڈارہ بیروہ کے رہائشی ہیں ۔اس معاملے کی نسبت بیروہ پولیس تھانہ میں کیس زیر نمبر 17/2021 جنگلات ایکٹ 379 کے تحت باضابطہ کیس درج کیا گیا۔
حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کا عرس جمعہ کو منایا جارہا ہے
سرینگر// حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کا عرس جمعہ کو نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منایاجارہا ہے۔ اس سلسلے میںوادی میں سب سے بڑی تقریب خانقاہ معلی میں منعقد ہوگی جہاں وادی کے اطراف واکناف سے آئے عقیدتمندوں کی شرکت متوقع ہے۔ نمازِ جمعہ سے قبل جمعیت کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی خطاب کریں گے اورحضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کی سیرت اور تعلیم پر تفصیل سے روشنی ڈالیں گے۔ نمازِ جمعہ کے بعد حسب روایت ختمات المعظمات، دورد و ازکار اور اوراد خوانی کی مجلس آراستہ ہوگی۔
شوپیاں میں جسمانی طور خاص افراد میںٹرائی سائیکلیں تقسیم
شوپیان//سویک ایکشن پروگرام کے تحت شوپیان پولیس نے ضلع پولیس لائنز میں جسمانی طور خاص افرادمیں ٹرائیسکلیں تقسیم کیں۔ایس ایس پی شوپیاں امرتپال سنگھ نے اس کا افتتاح کیا۔ تقریب کاری میں ایس ایس پی کے علاوہ ڈی وائی ایس پی ہیڈکواٹر شوپیان ، ڈی وائی ایس پی ڈی اے آر شوپیان بھی موجود تھے۔تقسیم کاری میںضلع شوپیان کے ان افراد میں ٹرائیسکلیں تقسیم کی گئیں جو کسی قدرتی سبب یا حادثات کی وجہ سے جسمانی طور معذور ہوچکے ہیں۔ ایس ایس پی شوپیان نے شرکاء سے کہا کہ انہیں معاشرے کے دوسرے لوگوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلنے کے لئے پر اعتماد اور پُرجوش ہونا چاہئے۔ان سرگرمیوں کا بنیادی مقصد پولیس اور عوام کے مابین پائے جانے والے فاصلے کو ختم کرنا اور ناداروں کو مدد فراہم کرنے کے علاوہ پولیس اور عوامی تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا ڈوڈہ حادثے پراظہارِ رنج
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ریگی نالہ بٹوت ڈوڈہ میں المناک سڑک حادثے میں 5افراد کے لقمہ اجل بن جانے پر زبردست رنج و الم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے حادثے میں لقمہ اجل بنے افراد کے اہل خانہ اور لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ڈاکٹر عبداللہ نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ زخمی افراد کو بہتر سے بہتر علاج و معالجہ یقینی بنائے اور لقمہ اجل بنے افراد کے پسماندگان کے حق میں ایکش گریشیا ریلیف فراہم کی جائے۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ،جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ علی محمد ساگر، صوبائی صدر جموں دیوندر سنگھ رانا، سینئر لیڈران خالد نجیب سہروردی اور سجاد احمد کلچونے بھی اس دلدوز سڑک حادثے پرگہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور لقمہ اجل بنے افراد کے پسماندگان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
تجارت کے فروغ کیلئے بنیادی سہولیات کی فراہمی لازمی:ٹریڈ الائنس
سرینگر// کشمیر ٹریڈالائنس نے حکومت پر زور دیا ہے کہ خستہ حال سڑکوں کی مرمت پر کام شروع کیا جائے اورناکارہ اسٹریٹ لائٹس کی مرمت کے علاوہ بازاروں کے قریب پارکنگ کی مناسب سہولیات فراہم کی جائیں۔ الائنس کے صدر اعجاز احمد شہدار نے کہا’’شدید برف باری کی وجہ سے سرینگر اور وادی کشمیر کے دیگر اضلاع میں سڑکیں ناقابل آمدورفت بن چکی ہیں۔
سرینگرمیں2روزہ فائن آرٹ نمائش شروع | خطے کے ورثے کاتحفظ بنیادی مقصد:قائمقام صوبائی کمشنر
سر ی نگر//چیف ایگزیکٹیو آفیسر سری نگر سمارٹ سٹی لمیٹڈ ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری جو صوبائی کمشنر کشمیر کا اِضافی چارج سنبھال رہے ہیں ، نے آج یہاں ٹی آر سی میں دو روزہ فائن آرٹ نمائش کا اِفتتاح کیا۔ نمائش کا اہتمام سری نگر سمارٹ سٹی لمیٹڈ نے محکمہ سیاحت کشمیر کے اشتراک سے کیا ہے۔اِس موقعہ پر ڈاکٹر شاہداِقبال چودھری نے اپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ اِس اقدام کا مقصد خطے کے ورثے کو زندہ رکھنا ہے ۔ اِس کے علاوہ وادی کے نوجوان اور اُبھرتے ہوئے فنکاروں کو اَپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔ اُنہوں نے اس تعاون کے لئے محکمہ سیاحت کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کے پلیٹ فارم سے نوجوان فنکاروں کو ایک ہی چھت تلے لانے اور ان کے حوصلے بلند کرنے کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری نے مقامی لوگوں اور سیاحوں سے فنکاروں اور ہنر کی حوصلہ افزائی کے لئے نمائش میں آنے کی اپیل کی۔ اُنہوں نے کہا کہ یہاں دکھائے گئے فن پارے بالکل جدید اور خوبصورت ہیں جہاں ہر فنکار نے اِظہار خیال کرنے کا ایک انوکھا انداز پیش کیا ہے۔نمائش کے پہلے دِن لوگوں کا زبردست رش دیکھا گیا اور فنکاروں نے سری نگر سمارٹ سٹی لمیٹڈ اور محکمہ سیاحت کے حکام کا اعتماد بڑھانے پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔اِس موقعہ پرناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو ، ڈائریکٹر ایس کے آئی سی سی جاوید بخشی ، سب ڈویژنل مجسٹریٹ سری نگر ہریندر سنگھ ، محکمہ سیاحت اور سری نگرسمارٹ سٹی لمٹیڈ کے دیگراعلیٰ اَفسران کے علاوہ ہنر مند اور لوگ موجود تھے۔اِس سے قبل ڈاکٹر شاہداِقبال چودھری نے فنکاروں میںمومنٹوز اور نقد انعامات تقسیم کئے ۔نمائش سب کے لئے 16 اور 17 فروری 2021 ء کو کھلا رہے گی۔
سیاحوں کی آمد میں غیر معمولی اضافہ | سونہ مرگ کو سیاحتی سرگرمیوں کیلئے کھولاجائے: میاں الطاف
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے سینئررہنمااورسابق ممبراسمبلی کنگن میاں الطاف احمدنے انتظامیہ پرزوردیا ہے کہ وہ سیاحوں کی آمد میں غیرمعمولی اضافہ کے پیش نظر صحت افزاء مقام سونہ مرگ کو سیاحتی سرگرمیوںکیلئے کھول دے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سونہ مرگ کے ہوٹل مالکان،تاجراورسیاحتی سرگرمیوں سے وابستہ دیگرلوگوں نے پہلے ہی کافی نقصان اُٹھایاہے اوراب جبکہ سیاحوں کی آمدمیں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے ،سونہ مرگ کوبندرکھنے سے یہاں سیاحتی سیزن کو مزیددھچکہ پہنچے گا۔میاں الطاف نے کہا کہ اکثر مقامی لوگوں کاانحصارسونہ مرگ میں سیاحت پر ہے اوراگر سونہ مرگ کو کھلا چھوڑا جائے تو اس سے ان کی آمدن میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکام کو سونہ مرگ شاہراہ کو کھول دینا چاہیے اوریہاں سیاحوں کی سہولت کیلئے بجلی،پینے کاپانی اور مواصلاتی سروس کو یقینی بنایا جاناچاہیے۔
ناظم سیاحت کا مغربی بنگال کے سیاحتی متعلقین سے تبادلہ خیال | بہار کی آمد پر سیاحتی میلوں کا کیلنڈر جاری،ٹورسٹ مقامات جلد کھولیں جائیں گے
سری نگر//گجرات اور مہاراشٹرا ٹور اینڈ ٹریول کے ساتھ ویب ناروںکے بعد ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این اِیتو نے آج جموں و کشمیر سیاحت کے کولکتہ آفس کے زیر اہتمام ایک ویب نار کے ذریعے مغربی بنگال ٹور اور ٹریول نمائندوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ڈاکٹر ایتو نے بات چیت کے دوران جموں و کشمیر ٹورازم کے ساتھ مغربی بنگال کی طویل وابستگی پر روشنی ڈالی اور یہ کہ کس طرح برسوں سے دونوں خطوں کے عوام کے مابین اس رشتہ کو تقویت ملی ہے اور یہ رشتہ کیسے آگے بڑھ سکتا ہے۔ ڈاکٹر ایتو نے پروموشنل سرگرمیوں کا کیلنڈر پیش کیا جس میں اگلے ہفتے پہلگام فیسٹول کا اِنعقاد ، بادام واری سری نگر میں بادام فیسٹیول کا انعقاد ، اپریل میں ٹولپ فیسٹول اور موسم گرما میں ہاؤس بوٹ فیسٹول شامل ہیں۔ انہوں نے کہا ’’محکمہ جموں و کشمیر کے تمام مقامات پر میلوں اور سیاحت کے فروغ کی سرگرمیوں کا اہتمام کرے گا۔‘‘ اُنہوں نے مزید کہا کہ موسم کی صورتحال میں بہتری کے بعد سونہ مرگ، دودھ پتھری ، یوسمرگ اور کوکر ناگ سیاحتی مقامات جلد کھولے جائیں گے۔ڈاکٹر ایتو نے بنگال کے ٹور آپریٹروں کو ان اقدامات سے آگاہ کیا جس میں کووِڈسے متعلق اِقدامات بھی شامل ہیں تاکہ جموںوکشمیر آنے والے سیاحوں کو آرام دہ اور یاد گار قیام یقینی بنایا جاسکے ویب نار کے دوران اٹھائے گئے کچھ سوالات کے جواب میں ڈاکٹر اِیتو نے بنگال کے ٹور آپریٹروں کو یقین دِلایا کہ ان کا فوری حل تلاش کیا جائے گا۔بنگال ٹور اینڈ ٹریول کے اراکین نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جموں و کشمیر مغربی بنگال کے ٹور اینڈ ٹریول برادری کے لئے سب سے پسندیدہ منزل کے طور پر برقرار رہے گا۔گروپوں کی ایک بڑی تعداد جن میں خواتین گروپ بھی شامل ہیں نے پچھلے 3 ماہ کے دوران مغربی بنگال سے کشمیر کا سفر کیا ہے اور موسم بہار اور موسم گرما میں آنے کی اُمید ظاہر کی ہے۔جموں وکشمیر گجرات ، مہاراشٹر اور مغربی بنگال جیسی ریاستوں کے سیاحوں کے سب سے بڑے حصے میں پائے جاتے ہیں۔
جائیداد پرٹیکس عائد کرنا باعث تشویش: حکیم
جموں//پیپلزڈیموکریٹک فرنٹ نے حکومت کی طرف سے جموں کشمیرمیں جائیداد پرٹیکس عائد کرنے کی اطلاعات پرفکرمندی اور تشویش کااظہار کیا ہے۔ایک بیان میںپارٹی کے چیئرمین حکیم یاسین نے کہاکہ حکومت کا جموں اورسرینگر کے میونسپل حدود میں زمین اور جائیداد پرٹیکس عائد کرنے کا قدم عوام مخالف اور غریب دشمن ہے۔انہوں نے حکومت سے کہا کہ وہ اس طرح کے ٹیکس عائد کرکے جموں کشمیرکے لوگوں جو پہلے ہی مالی تنائو کا شکار ہیں،پر مزید بوجھ پڑے گا۔حکیم یاسین نے حکومت پرزوردیا کہ وہ ایسے اقدامات سے گریز کریں ۔انہوں نے حکومت کو ایسی عوام کُش پالیسیوں سے خبردار کیا اور کہا کہ لوگ ابھی ٹول ٹیکس کے صدمے سے باہر نہیں آئے ہیں کہ انہیں دوسراصدمہ پہنچایا جارہا ہے جو جائیداد پرٹیکس کی صورت میں ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ لوگ اس فیصلے کے خلاف سڑکوں پراحتجاج کرنے کیلئے مجبور ہوں گے اگر اس تجویز کو بالائے طاق نہیں رکھاگیا۔انہوں نے مزیدکہا کہ حکومت کو اس معاملے کی وضاحت کرنی چاہیے اورلوگوں کے خدشات کودورکرناچاہیے۔حکیم یاسین نے کہا کہ موجودہ حکومت نے لوگوں پرمن مانے ٹیکس عائد کرنے کاریکارڈ قائم کیا ہے جن سے لوگوں نے زندگی اجیرن بن گئی ہے ۔
ریاستی درجے کی بحالی کاوزیرداخلہ کابیان
کشمیریوں کو حقیقی جدوجہدسے بازرکھنے کی کوشش:سوز
سرینگر//سابق مرکزی وزیر پروفیسر سیف الدین سوزنے مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کے اس بیان کہ جموں کشمیر کاریاستی درجہ بحال کیا جائے گا، کودفعہ 370 کوبحال کرنے کی کشمیریوں کی حقیقی جدوجہد سے لوگوں کوبازرکھنے کی ترغیب سے تعبیر کیا ہے ۔ایک بیان میں پروفیسر سیف الدین سوزنے کہاکہ اس سلسلے میں کچھ مین اسٹریم لیڈروں کے بیانات بھی افسوسناک ہیں کیونکہ وہ بیانات حقیقت میں کشمیریوں کواپنی حقیقی جدوجہد سے بازرکھنے کی ایک کوشش ہے۔سوزنے کہا،’ریاست جموںوکشمیر ‘کے بجائے اس کو ایک مرکزی زیرانتظام والا علاقہ کہنا خود مرکزی حکومت کیلئے ایک شرمناک اور افسوسناک بات ہے کیونکہ ریاست جموںوکشمیر ایک اہم ریاست رہی ہے اور اس کا ایک شاندار ماضی رہا ہے جس کو نہایت ہی بھدے طریقے سے یونین ٹریٹری میں تبدیل کیا گیا تھا۔ تاہم وہ ایک الگ بات ہے۔انہوں نے کہاکہ ریاست جموںوکشمیر کے لوگوں کی حقیقی جدوجہد دراصل اُس آئینی درجے کو بحال کرنا ہے ،جو اُن کو ہندوستان کے ساتھ آئینی رشتے کو طے کرنے میں پہلی منزل کے طور حاصل ہو گیا تھا، یعنی آئین ہند کی دفعہ 370۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پر مجھے ہندوستان کے نامور دانشور اور سرکردہ قانون دان نانا پالکی والا کی یاد آرہی ہے جس نے ایک وقت ہندوستان کی مرکزی حکومت کو للکار کر کہا تھا کہ ، ــ ’’آپ لوگ دفعہ 370 کو کبھی نہیں ہٹا سکتے ہیں ، کیونکہ اسی دفعہ کے تحت کشمیر کے لوگوں نے ہندوستان کے ساتھ اپنا آئینی رشتہ جوڑا تھا۔ مجھے یہ سمجھ نہیں آتا ہے کہ اس دفعہ کو ہٹا کر کشمیر کا ہندوستان کے ساتھ رشتہ کیسے قائم رہ سکتا ہے۔‘‘دراصل نانی پالکی والا کے ذہن میں کبھی یہ بات نہیں تھی کہ ہندوستان کی مرکزی حکومت کبھی بھی یک طرفہ طور اس دفعہ کو ہٹا سکتی ہے کیونکہ یہ بات غیر قانونی بھی ہے اور غیر آئینی بھی۔آج کے دن میں ہندوستان کے اُس عظیم دانشور اور قانون دان نانی پالکی والا اور کشمیر کے ہندوستان کے ساتھ الحاق کے بارے میں اُس کے خیالات قارئین کی دلچسپی کیلئے پھر سے پیش کرتا ہوں۔مجھے پوری امید ہے کہ سپریم کورٹ کے سامنے جب بھی دفعہ370 کے بارے میں بحث ہو گی تو آنجہانی نانی پالکی والا کو یاد کر کے فیض حاصل کیا جائے گا۔‘‘
مہاجر پرندوں کی شماری
ہوکر سر میںواقفیتی پروگرام کا انعقاد
نیوز ڈیسک
سرینگر// جموں و کشمیر وائلڈ لائف پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کے وٹ لینڈز ڈویژن نے یہاں کیمپنگ گراؤنڈ ، ہوکرسر میں پرندوں کی سر شماری کی تکنیک پیدا کرنے کیلئے ایک واقفیت پروگرام کا اہتمام کیا۔اس پروگرام کا مقصد ویلی وٹلینڈز میں موجودہ صورتحال کی شناخت کرنا ہے۔ ہوکرسر ، میرگنڈ ، نارکرہ ، ہائیگام ، بڈی نمبل ، شالہ بگ ، آنچار ، ڈل جھیل ، وولر جھیل ، چتلم ، کرانچو ، منی بگ ، فریشکری ویٹ لینڈس،جن میں کثیر تعداد میں مہاجر پرندے رہتے ہیں۔مذکورہ سر شماری میں کشمیر یونیورسٹی ، سنٹرل یونیورسٹی ، زرعی یونیورسٹی،وائلڈ لائف کنزرویشن فنڈ ، کشمیر برڈ ویچرس کلب ، وائلڈ لائف ایس او ایس ، وائلڈ لائف ریسرچ اینڈ کنزرویشن فاؤنڈیشن کے رضاکار اور فری لانسرز حصہ لے رہے ہیں۔وائلڈ لائف وارڈن ، وٹ لینڈ ڈویژن کشمیر ، افشاں دیوان نے بتایا کہ رواں سال پرندوں کی سر شماری (AWC) کے انعقاد کے لئے محکمہ وائلڈ لائف پروٹیکشن کی مربوط کوشش سے مختلف پرندوں کی تعداد خاص طور پر نقل مکانی کرنے والے واٹر فاؤل کی تعداد قائم کرنے میں بہت طویل سفر طے کیا جائے گا۔ جو سردیوں کے مہینوں میں وادی کے آبی علاقوں میں جاتے ہیں۔
ایجیک کاملازمین کو ہراساں کرنے کاالزام
سرینگر//بلال فرقانی// ایجیک نے سرکاری ملازمین کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ آئے روز نئے سرکیولروں کو اجراء کیا جاتا ہے۔ ایجیک کے صدر فیاض شبنم نے کہا کہ ڈیلی ویجروں اور عارضی ملازمین کی مستقلی کو جہاں التواء میں رکھا گیا ہے وہیں ملازمین کو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ فیاض شبنم نے کہا ،’’ہر روز نئے سرکیولرز جاری کئے جارہے ہیں جس میں سبکدوشی کے بارے میں کہا جاتا ہے اور ٹریڈ یونینوں کی رجسٹریشن کے بارے میں سوالات اٹھائے جاتے ہیں‘‘۔ انہوں نے عارضی ملازمین کو مستقل بنانے کا بھی مطالبہ کیا،جبکہ انہیں گزشتہ25برسوں سے التواء میں رکھا گیا ہے۔انہوں نے الزام لگایا،’’ملازمین کو نت نئے وجوہات کی بناپر نشانہ بنایا جارہا ہے اور انہیں ہراساں کیا جا رہاہے ،یہاں تک کہ انہوں نے ہر حکومت میں جموں و کشمیر کی ترقی میں حصہ لیا ہے۔‘‘ شبنم نے کہا’’ہم نے جموں میں ورکنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے اور ہم مزید کارروائی کا فیصلہ کریں گے۔‘‘