کرونا نے پکڑی رفتار،کشتواڑ میں83معاملات درج
عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ میں آئے روز کرونا کے مثبت معاملات میں اضافہ ہورہا ہے ۔جہاں گزشتہ ہفتہ تک 10سے 15 مثبت معاملات سامنے آرہے تھے وہیں آج ان معاملات نے رفتار پکڑلی اور ابتک کے سب سے زیادہ 83معاملے سامنے آئے۔ جہاں کرونا پہلے قصبہ و اسکے گردنواح کے علاقوں تک ہی محدود تھا وہیں اب نئے معاملات پلماڑ ، سب ڈویژن چھاترو کے چنگام ، ملچھیتر ،سگدی، سنگھپورہ تک پہنچ گئے ہیں۔ آئے روز نئے معاملے سامنے آرہے ہیں۔واضح رہے کہ ابتک کل 3333 معاملات ضلع سے درج کئے گئے ہیں جبکہ اس وقت 317 مریض زیر علاج ہے جبکہ 26 افراد کی اس وبائی بیماری سے ضلع میں موت واقع ہوئی ہے۔
ڈوڈہ میں کووڈ 19 کے 190 نئے مثبت کیس، 19 مریض صحتیاب
1 کی موت،گاٹھا و ادرانہ گاؤں مائیکرو کنٹینمنٹ زون قرار
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں بدھ کے روز کورونا وائرس کے 190 نئے مثبت کیس سامنے آئے ہیں اور 39 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔اس دوران بھدرواہ گاٹھا کے 75 سالہ شہری کی موت ہوئی ہے۔ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد 694 و صحتیاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 3671 پہنچ گئی ہے جبکہ کورونا وائرس سے اب تک 72 اموات ہوئیں ہیں۔ اس دوران ضلع انتظامیہ نے منگل کی شام بھدرواہ کے گاٹھا و ادرانہ گاؤں کو مائکرو کنٹامنٹ زون قرار دے کر ہر طرح کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کی۔ انتظامیہ نے ضلع میں ٹیکہ کاری مہم کو آگے بڑھاتے ہوئے 45 سال سے زیادہ عمر والے 85 ہزار افراد میں ابھی تک ٹیکے لگائے ہیں۔
ایل جی کے کووڈ ریلیف پیکیج کا خیر مقدم
جموں//سابق چیف سکریٹری اور اپنی پارٹی کے جنرل سکریٹری وجئے بقایانے بدھ کے روز ایل جی کی طرف سے کوویڈ 19 کے متاثرین کے لواحقین کو اپنے روٹی کمانے والے کی ہلاکت سے پریشانی دور کرنے کے لئے اقدامات کے اعلان کا خیرمقدم کیا۔بقایا نے کہا کہ وبائی بیماری سے ہونے والی تباہی بے مثال ہے اور اس کا مقابلہ کرنے کے لئے غیر معمولی ردعمل کی ضرورت ہے۔تاہم بقایانے اس بات کی نشاندہی کی کہ یہاں یہ واضح کرنے کی ضرورت ہے کہ آیا کوڈ متاثرین پر منحصر بزرگ شہریوں کو مالی اعانت فراہم کی جانی چاہئے یا ایسے ہر فرد کو قطع نظر اگر وہ سینئر شہری ہے۔انہوں نے زور دیا کہ اس مالی امداد کی اسکیم میں وہ تمام افراد شامل ہوں جنہوں نے اس مہلک انفیکشن میں اپنی روٹی کمانے والوں کو کھو دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سے ایک مساوی آرڈر پیدا ہوگا جس میں عمر منحصر شریک حیات اور بچوں کو مالی امداد کا معیار نہیں ہوگی۔بقایا نے کہا کہ جب انتظامیہ تمام ضروری اقدامات کررہی ہے ، تب بھی انتظامیہ کی تیاریوں کے سلسلے میں زیادہ شفافیت کی اشد ضرورت ہے۔ بستر ، آکسیجن ، وینٹیلیٹرز اور دیگر طبی سہولیات کی دستیابی پر قابل اعدادوشمار کے اعداد و شمار کو اعتماد سازی کے اقدام کے طور پر عام کرنے کی ضرورت ہے۔
علیل ایڈوکیٹ شیخ شکیل کی جلد صحت یابی کیلئے دعائیہ مجلس
کشتواڑ//رضاکارانہ تنظیم ہلال ہیلتھ کیئر سوسائٹی کی طرف سے جموں کشمیر کے مایہ نازوکیل ایڈووکیٹ شیخ شکیل کیلئے دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا گیا۔ دعائیہ مجلس سوسائٹی کے دفتر واقع بس اڈہ کشتواڑ میں باغوان منزل پر ہوئی۔مجلس میں سوسائٹی کے ذمہ داران کے علاوہ کشتواڑ کے بہت سارے معززین اور علما نے شرکت کی۔دعائیہ مجلس میں ایڈووکیٹ شیخ کی جلد صحت یابی کی دعا کے علاوہ انکی ملی خدمات کو بھی سراہا گیا، اور ان کو قوم وملت کیلئے اہم سرمایہ قرار دیاگیا ۔مجلس میں کہاگیا کہ اب جبکہ ایڈوکیٹ شیخ شکیل کویڈ پازیٹو ہوئے ہیں سوسائٹی اللہ سے دعا گو ہے کہ شیخ شکیل جلد از جلد صحت یاب ہوں ۔
گول ارناس کے سابق ممبراسمبلی وحیدشان کا انتقال
خطہ چناب کی مختلف سماجی، سیاسی شخصیات کا اظہار نج و غم
زاہد بشیر
گول//حلقہ انتخاب گول ارناس کے سابق ایم ایل اے و نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر عبدالوحید شان گزشتہ شب اس دارفانی سے کوچ کر گئے ۔ مرحوم کاقریباً85سال کی عمر میں انتقال ہو ۔ کافی عرصہ سے علیل مرحوم عبدالوحید شان نے آبائی گائوں گول میں آخری سانس لی ۔ دس بجے کے قریب وفات کی خبرسماجی رابطہ سائٹوں پر نشر کی گئی ۔ سابق ایم ایل اے کی وفات پر سماجی ،سیاسی شخصیات نے نہایت ہی رنج و غم کا اظہار کیا ۔ خطہ چناب کے ساتھ ساتھ سب ڈویژن گول سے تعلق رکھنے والی مختلف سماجی و سیاسی شخصیات نے عبدالوحید شان کی فات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گول ارناس کا ایک سیاسی باب یہاں پر ختم ہوا۔ سیاست سے دلچسپی رکھنے والے مرحوم عبدالوحید شان جو پہلے گول کے جانے مانے سرپنچ تھے اور 1996میں گول ارناس اسمبلی حلقہ سے انتخاب لڑ کر کامیابی حاصل کی اور پانچ سال قانون ساز اسمبلی میں رہ کر ایک ایسی چھاپ چھوڑ دی جو گول کی سیاست میں ایک تاریخ ہے ۔ مرحوم عبدالوحیدشان کا نماز جنازہ گول بازار کے ساتھ قبرستان میں آج ساڑھے گیارہ بجے ادا کیاگیا جہاں پر سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی ۔ عبدالوحید شان کی وفات پر جہاں نیشنل کانفرنس کے قد آور رہنمائوں نے نہایت ہی رنج و غم کا اظہار کیا وہیں دیگر جماعتوں و سماجی تنظیموں نے بھی اُن کی وفات پر دکھ کا اظہار کیا ۔ خطہ چناب کے لیڈران نیشنل کانفرنس کے قد آور لیڈر سجاد شاہین ،خالد نجیب سہر وردی، ڈاکٹر چمن لال گپتا ، ضلع رام بن ڈی ڈی سی چیرپرسن ڈاکٹر شمشادہ شان ، ڈی ڈی سی ممبر چوہدری سخی محمد ، قلمکار و صحافی ایڈوکیٹ غلام محمد شان و دوسری سماجی تنظیموں نے عبدالوحید شان کی وفات پر نہایت ہی رنج و غم کا اظہار کیا اور لواحقین کے ساتھ تعزیت کی ۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ کا اظہارِ رنج
جموں//صدرِ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدرعمر عبداللہ نے پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق ایم ایل اے گول حاجی عبدالواحد شان کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگوران کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ شان صاحب کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دونوں لیڈران نے کہا کہ مرحوم ایک شریف النفس شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے پوری زندگی خدمت خلق میں گزاری۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ گول ایک عظیم لیڈر سے محروم ہوگیا، اللہ تعالیٰ مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت عطا کرے۔ پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، صوبائی صدر دیوندر سنگھ رانا، خالد نجیب سہروردی، سجاد احمد کچلو، جاوید رانا ، اعجاز جان اور سجاد شاہین نے بھی اس سانحہ ارتحال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
فلسطینیوں پر کئے جارہے مظالم کے خلاف کاروائی کی اپیل
محمد تسکین
بانہال // مفتی ذوالفقار قاسمی نے اسرائیل کی طرف سے فلسطینی مسلمانوں پر کئے جارہے مظالم پر اسرائیل کی سخت مذمت کی ہے اوراقوام عالم کی طرف سے اسرائیل کی دہشتگردی کو لگام دینے میں ناکامی پر اپنے رنج کا اظہار کیا ہے۔ دارلعلوم نعمانیہ بانہال کے مہتمم اور نوجوان عالم دین مفتی ذوالفقار قاسمی نے کہا کہ اس وقت دنیا کے تمام مسلمان اور پوری دنیا کے انسان فلسطین کے مسلمانوں پر صیہونیوں کے مظالم سے بے چین اور رنجیدہ ہیں اور فلسطین کے مسلمانوں پر کئے جارہی اسرائیلی مظالم اور بربریت سے دکھ اور درد میں ڈوبے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی کی طرف سے نہتے فلسطینی مسلمانوں کے اوپر کی جارہی دہشت گردی کی پوری دنیا کے مسلمان مذمت کرتے ہیں اور اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف تمام مسلم ممالک خصوصاً عرب ممالک سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنی زبانوں کے تالے اتار کر اسرائیل کے خلاف ایک ہو جائیں تاکہ فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں اسرائیل کے مظالم پر مکمل روک لگائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسرائیلی مظالم اور زبردستی فلسطینی مسلمانوں کو اپنے گھروں سے نکالنے کی اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے امت مسلمہ خصوصی طور مسلمان حکمرانوں سے اپیل کی ہے وہ اسرائیل اور اس جیسی تمام مغرور اور مسلمان مخالف مغربی حکومتوں پر اپنا اثرورسوخ استعمال کریں تاکہ فلسطین کے مسلمانوں کو ان مظالم سے راحت مل سکے۔ انہوں نے علما اور ائمہ کے علاؤہ عام مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیل کی ظالم و جابر حکومت کے خلاف فجر کی نمازوں میں قنوت نازلہ کا اہتمام کریں اور دعا کریں کہ اللہ پاک ایسے ظالم اور جابر طاقتوں اور مغروروں کے غرور کو توڑ کر پاش پاش اور پارہ پارہ کرے۔انہوں نے کہا کہ عید الفطر کی نماز کے بعد جامع مسجد دارالعلوم نعمانیہ بنکوٹ بانہال میں ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا جس میں اسرائیل کی طرف سے فلسطینی مسلمانوں پر گزشتہ کئی روز سے جاری بے دریغ طاقت اور قتل غارت کے کے خلاف آواز بلند کی جائے گی۔
ہفتہ وار مرمت کے پیش نظر
قومی شاہراہ پر ٹریفک بند رہا
محمد تسکین
بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر بدھ کے روز شاہراہ کی ضروری مرمت کے پیش نظر گاڑیوں کی آمدورفت بند رہی اور کسی بھی قسم کے ٹریفک کو جموں اور سرینگر چلنے کی اجازت نہیں تھی تاہم جموں سے ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع کے علاوہ بانہال سے وادی کشمیر کی طرف ٹریفک کو چلنے کی اجازت تھی۔ شاہراہ پر بدھ کے روز ضروری مرمت کی وجہ سے ٹریفک بند رکھنے کا سلسلہ پچھلے سات مہینے سے جاری ہے اور اس سے پہلے یہ بندش جمعہ کے روز رہتی تھی تھی۔ بدھ کے روز ہلکی ہلکی بارشیں بھی ہوئیں تاہم شاہراہ قابل آمدورفت تھی۔
ڈوڈہ ضلع میں راشن کی کوئی قلت نہیں :اے ڈی
نفسا کے تحت 10710 و پی ایم جی کے یوجنا کا 10606 کوئنٹل راشن گھاٹوں پر دستیاب
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں راشن کی کوئی قلت نہیں ہے اور ابھی تک مئی کے مہینے کا 70218کوئنٹل راشن ڈیلروں کے پاس دستیاب ہے۔ راشن کی تقسیم کاری میں شفافیت لانے کے لئے بائیو میٹرک کا طریقہ کار شروع کیا گیا تھا تاہم کوؤڈ کے چلتے فی الحال صارفین آدھار کارڈ کے استعمال سے ہی راشن لے سکتے ہیں۔ان باتوں کا اظہار اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ خوراک، امور صارفین و عوامی رسادات ڈوڈہ شہاب لطیف بٹ نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا۔مفت راشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سرکار کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے مئی کے راشن کی تقسیم کاری جاری ہے اور فی کس پانچ کلو راشن(دو کلو گندم و تین کلو چاول) صارفین کو دیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈوڈہ ضلع صوبہ جموں میں راشن کی تقسیم کاری میں سب سے آگے ہے اور ابھی تک پورے ضلع میں 12 فیصدی راشن تقسیم کیا جا چکا ہے۔اے ڈی نے کہا کہ جغرافیائی اعتبار سے ڈوڈہ ضلع کی زیادہ تر آبادی دیہاتوں میں ہے اور ان علاقوں میں راشن پہنچانے میں بھی کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن اس کے باوجود ہر راشن گھاٹ پر چاول، آٹا و گندم اور اے اے وائی زمرہ میں شامل صارفین کے لئے کھانڈ پہنچائی گئی ہے۔اے ڈی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ جس وقت مناسب سمجھیں اپنے نزدیک ڈیلر کے پاس جا کر راشن حاصل کرسکتے ہیں اور کسی بھی قسم کی پریشانی کے لئے محکمہ سے رجوع کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں صاف و شفاف طریقے سے ہر صارف تک راشن پہنچانا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ڈوڈہ کے میدانی علاقوں شدید بارش و پہاڑوں پر تازہ برفباری
ڈوڈہ بٹوت شاہراہ پر کچھ دیر کے لئے ٹریفک رہا معطل
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ خطہ بدھ کو بعد دوپہر میدانی علاقوں میں شدید بارشوں و پہاڑوں پر تازہ برفباری کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں ڈوڈہ بٹوت شاہراہ پر مہلوری کے مقام نزدیک پسی آنے کی وجہ سے کچھ دیر ٹریفک کے لئے ٹریفک معطل رہا جبکہ اندرونی دیہات کی رابطہ سڑکیں زیر آب ہو گئیں۔ متواتر بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو گیا۔اس دوران ڈوڈہ ،بھدرواہ ،ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ کے درجنوں دیہات میں پانی و بجلی نظام بھی متاثر ہوا۔ادھر قصبہ ڈوڈہ کے اکرم آباد میں بادل پھٹنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہوئی اور کئی رہائشی مکانات میں پانی داخل ہوا جبکہ ڈوڈہ پل ڈوڈہ شاہراہ پر ٹریفک نظام معطل رہا۔ واضح رہے کہ پچھلے چار روز سے ضلع میں وقفہ وقفہ کے بعد بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
طوفانی بارشوں کا قہر، 150 بھیڑ و 8 گھوڑے ہلاک
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ میں طوفانی بارشوں سے جہاں قصبہ میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی وہیں 150 بھیڑیں و 8 گھوڑے بھی سیلاب میں بہہ گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق بدھ کے روز بعد دوپہر تیز بارش سے ندی و نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ کئی رہائشی مکانات و گاڑیاں ملبہ کی زد میں آ گئیں جس کے نتیجے میں ڈوڈہ بھاگواہ و ڈوڈہ گن پت پل کو جارہی ٹریفک معطل رہا۔ اس دوران ڈوڈہ سے چھ کلومیٹر دور سیکھون نالہ میں محمد شریف بکروال ولد عبد الرشید ساکنہ کٹھوعہ کے 140/150 بھیڑ و 7/8 گھوڑے سیلاب میں کھو گئے۔ایس ایچ او ڈوڈہ ارون شرما نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تیز بارشوں سے گن پت پل کے نزدیک سڑک کا ایک حصہ بہہ گیا۔انہوں نے کہا کہ ایک بکروال نے بھیڑیں و گھوڑے بہہ جانے کس دعویٰ کیا ہے۔ ایس ایچ او نے کہا کہ پل ڈوڈہ بٹوت شاہراہ بحال کیا گیا تاہم باقی سڑکیں بند ہیں۔
22مویشیوں کو بازیاب کیاگیا:پولیس
ایم ایم پرویز
رام بن //بٹوت پولیس نے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر بدھ کے روز جموں سرینگر قومی شاہراہ پر بغیر کسی پیشگی اجازت کے کشمیر کی سمت نقل و حمل کرنے والے 22 مویشیوں کو بازیاب کرانے کا دعوی کیا ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ رجسٹرڈ نمبر JK02AF – 7527 اور JK02AA – 0311 پر مشتمل دو ٹرک نشری ناکہ کے مقام پر تلاشی کے دوران روکے گئے اور دونوں ٹرکوں میں بھری ہوئی 22 مویشی ملے ہیں۔پولیس نے کہا کہ دونوں ڈرائیور قابلیت کی نقل و حمل کے لئے مجاز اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ کسی بھی پیشگی اجازت کو پیش کرنے میں ناکام رہے۔پولیس نے بتایا کہ دونوں ڈرائیوروں کی شناخت شرافت علی ولد محمد خالد ساکن گاؤں موہنی کٹھوعہ اور یاسر علی ولد ظاہر کھٹانہ سکنہ دامی تحصیل دنسال جموں کے نام سے ہوئی ہے۔اس سلسلے میں دفعہ 188 سی آر پی سی اور 3 پی سی ایکٹ کے تحت دو علیحدہ علیحدہ ایف آئی آر تھانہ بٹوت میں درج ہیں۔
بزرگ شہریوں کیلئے ہیلپ لائن کا آغاز
کشتواڑ//ضلع کے سینئر شہریوں کو لاک ڈاؤن کے دوران مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے کشتواڑ پولیس نے ایک ہیلپ لائن نمبر شروع کیاہے جن میں9906154100،9697588948،01995-259193نمبرات شامل ہیں۔بزرگ شہری مذکورہ نمبرات پر رابطہ کرسکتے ہیں یا دوا کی ضرورت سے متعلق ، روزانہ کی دیگر ضروریات یا طبی معائنے کی سہولت وغیرہ کی صورت میں ان واٹس ایپ نمبر پر تفصیلی پیغام بھیجا جاسکتا ہے۔ ضلعی پولیس ضرورت مند سینئر شہریوں کے لئے قریبی صحت مرکز پہنچانے میں بھی مدد فراہم کرے گی۔ یہ سہولت صرف بزرگ شہریوں کو ہی دستیاب ہوگی خاص طور پر وہ لوگ جو تنہا رہتے ہیں یا جو اپنے کنبے سے دور رہتے ہیں۔
ہیروئن سمیت دو منشیات فروش گرفتار
ریاسی // ریاسی پولیس کے ذریعہ منشیات کے ناجائز استعمال کے خلاف مہم کے سلسلے میں دومیل سے کٹرہ جارہی موٹرسائیکل زیر رجسٹریشن نمبر جے کے 20 – 9824 پر اچانک چیکنگ کے دوران پولیس چیک پوسٹ نومین کی پولیس ٹیم کو تلاشی کے دوران راجٹندر ولد پورن چند اور راکیش کمار ولدکرتار سنگھ ساکن پردھل تحصیل کٹرا ضلع ریاسی کے رہائشیوں کے قبضہ سے چٹا (ہیروئن) برآمد ہوئی۔اس سلسلے میں دفعہ 8/21/22 این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایف آئی آر نمبر 80/2021 پر تھانہ کٹرا میں مقدمہ درج کیاگیا۔ دونوں ملزمان کو پولیس پارٹی نے گرفتار کرکے موٹرسائیکل ضبط کیا ہے۔