کووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانہ | رام بن میں1534 ٹیکے لگائے گئے ، 1239 نمونے حاصل
رام بن//ضلع رام بن میں کووڈ پروٹوکول کے نفاذ کے لئے مہم کو جاری رکھتے ہوئے انفورسمنٹ ٹیموں نے متعدد خلاف ورزی کرنے والوں کو چہرے کے ماسک پہنے بغیر گھومنے اور جسمانی فاصلہ برقرار نہ رکھنے پر جرمانہ عائد کیا۔نفاذ کرنے والی ٹیموں نے اپنے اپنے دائرہ اختیار میں معائنہ کے دوران28,400روپے جرمانہ وصول کیا۔انفورسمنٹ افسران نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ چہرے کے ماسک پہنیں اور جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں اس کے علاوہ وہ اپنے قریبی سی وی سی میں کوویڈ ٹیکہ کی خوراکیں لیں۔ڈسٹرکٹ امیونائزیشن آفیسر رام بن ڈاکٹر سریش نے بتایا کہ بدھ کے روز ضلع رام بن میں 1534 افراد کو پہلی اور دوسری کوویڈ ویکسین کی خوراکیں دی گئیں۔چیف میڈیکل آفیسررام بن ڈاکٹر محمد فرید بھٹ کی طرف سے جاری کردہ روزانہ بلیٹن کے مطابق محکمہ صحت نے 1239 نمونے جمع کیے ہیں جن میں 288 آر ٹی-پی سی آر اور 951 آر اے ٹی نمونے شامل ہیں ، اس کے علاوہ ضلع میں وقفہ ٹیکہ لگانے والے مراکز میں 1534 افراد کو کوڈ ویکسین دی گئی ہے۔
ضلع رام بن میں کووڈ سے مزید 2اموات |123تازہ متاثرین، مرنے والوں کی تعداد 45 تک پہنچ گئی
محمد تسکین
بانہال //ضلع رام بن میں بدھ کے روز 123 افراد کے کووڈانیس نمونے مثبت آئے ہیں جبکہ اس دوران دو کووڈ مریضوں کی موت بھی واقع ہوگئی ہے۔ضلع رامبن میں اب تک 4108 کووڈ مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ اب تک 45 افراد لقمہ اجل بنے ہیں جن میں 24 کی موت اس سال مارچ کے بعد سے اب تک واقع ہوئی ہیں جبکہ ایکٹیو پازیٹیو کیسوں کی تعداد 929 تک پہنچ گئی یے۔ بدھ کے روز ظاہر کی گئی اموات کی فہرست میں ایک غلام قادر ولد غلام سوہل ساکنہ چملواس بانہال کی موت 7 مئی کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ میں بتائی گئی جبکہ دوسرے کووڈ مریض میر باز ولد جمہ گوجر ساکنہ ہارا گول کی موت گزشتہ روز اپنے گھر میں ہوئی ہے۔ منگل کے روز ضلع رام بن میں 160 سے زائد افراد کووڈ وائرس سے چھٹکارا پا چکے ہیں جبکہ کووڈانیس سے متاثر بیشتر لوگ اپنے گھروں میں ہی رکھے گئے ہیں اور ضلع رام بن کے صرف بیس مریض رامبن ، جموں ، ڈوڈہ اور سرینگر کے کووڈ کیلئے مخصوص ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
ڈی سی سانبہ کا نے بڑی براہمنا میں کووڈ 19 ٹیسٹنگ مراکز کا معائنہ
سانبہ // ڈپٹی کمشنرسانبہ انوردھا گپتا نے بڑی برہمنا میں کووڈ ٹیسٹنگ مراکز کا معائنہ کیا اور اس سلسلے میں محکمہ صحت کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ سب ڈویژنل مجسٹریٹ وجئے پور چندر پرکاش کوتوال ، صحت و طبی عملہ اور دیگر فیلڈ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔صحت اور تندرستی مرکز بسی کلاں ، بڑی براہمنا میں جانچ کے مقام کے معائنہ کے دوران ڈپٹی کمشنر نے آر ٹی پی سی آر اور آر اے ٹی کے بے ترتیب جانچ کے لئے جمع کیے گئے کل نمونوںکے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ٹیسٹنگ سینٹر میں آنے والے لوگوں کو گھر میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 کی جانچ کووڈ کے پھیلاؤ کو روکنے اور ٹرانسمیشن کا سلسلہ توڑنے میں انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ۔19 وبائی امراض سے نمٹنے کے لئے جانچ اور ویکسی نیشن دو انتہائی قوی ٹولز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جانچ کے علاوہ ضلع کے 09 بلاکس میں 41 ویکسی نیشن مراکز پر ایک ساتھ کوڈ 19 ٹیکے بھی لگائے جاتے ہیں۔بعد میں ڈی سی نے منصوبہ بند RAT جانچ کے لئے قائم جے کے بینک کے دفتر وجے پور کا دورہ کیا۔ انہوں نے کووڈ 19 ایس پیز پر عمل پیرا ہونے کو یقینی بنانے کے لئے کئے گئے انتظامات کا معائنہ کیا۔
ڈوڈہ میں کورونا کے 64 نئے مریض، 21 صحتیاب | فعال کیسوں کی مجموعی تعداد 1000 سے تجاوز کر گئی
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں کورونا وائرس کے 64 نئے مریض سامنے آئے ہیں اور 21 صحتیاب ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق بدھ کے روز ڈوڈہ، بھدرواہ، عسر ،ٹھاٹھری و گندوہ میں ہوئی کوؤڈ جانچ کے دوران 64 نئے مثبت کیس سامنے آئے ہیں جنہیں طبی امداد کے ساتھ ہوم قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔اس دوران 21 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد 1012 و صحتیاب ہوئے مریضوں کی تعداد 3808 پہنچ گئی ہے جبکہ کورونا وائرس سے اب تک 75 ہلاکتیں ہوئیں ہیں۔انتظامیہ نے لوگوں سے ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے و ٹیکہ مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔
ڈوڈہ میں مسلسل 13ویں روز بھی کورونا کرفیو جاری | عوامی زندگی متاثر، مزدور پیشہ افراد پریشانیوں سے دوچار
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ میں مسلسل 13ویں روز بھی کرونا کرفیو نافذ رہا جس دوران عوامی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔تفصیلات کے مطابق پچھلے دو ہفتوں سے جاری بندشوں کے باعث نجی کاروباری ادارے بدھ کو بھی بند رہے اور سڑکوں پر ایمرجنسی سروسز کی گاڑیوں کو ہی چلنے کی اجازت دی گئی۔اس دوران چکن ،سبزی، پھل، دودھ، بیکری ،گوشت و کیریانہ کی دوکانیں صبح چھ بجے سے دس بجے تک ہی کھلی رہیں۔ امن و قانون کی صورتحال برقرار رکھنے و ایس او پیز کی عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی فورسز و پولیس کی بھاری نفری جگہ جگہ تعینات رہی اور ضلع و سب ڈویژنل ہسپتالوں سمیت سرکاری دفاتر و دیگر 34 مقامات پر ویکسینیشن و کوؤڈ جانچ کا عمل بھی جاری رہا۔سخت بندشوں سے مسلسل دوکانیں و ٹرانسپورٹ بند رہنے سے کئی بے روزگار نوجوانوں نے کہ کہ کورونا کے اس بحران کے دوران ان کا جینا محال بن گیا ہے۔ یاسر حسین نامی ایک نوجوان نے کہا کہ وہ پیشہ سے ڈرائیور ہیں اور گھر چلانے کا یہی واحد ذریعہ ہے لیکن لاک ڈؤن کے سبب گاڑی دو ہفتوں سے کھڑی ہے اور کاروبار ٹھپ ہو گیا ہے۔ انہوں نے حکام سے مزدور پیشہ افراد کی مالی معاونت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈوڈہ میں زلزلہ کے تازہ جھٹکے، عوام خوفزدہ
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں بدھ کے روز زلزلے کے دو جھٹکے محسوس کئے گئے جس دوران لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق درمیانہ درجے کا پہلا جھٹکہ دوپہر2بجکر35منٹ پر ہوا جس دوران لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل کر آئے اور دوسرا جھٹکا شام8بجکر2منٹ پر ہوا۔ واضح رہے کہ آج سے 8 برس قبل یکم مئی 2013 کو وادی چناب میں زلزلوں کے جھٹکوں کا نہ تھمنے والا سلسلہ شروع ہوا تھا جو کئی مہینوں تک جاری رہے تھے اور ماہرین کی جانب سے اس خطہ کو زلزلوں کے حوالے سے حساس قرار دیا گیا ہے تاہم سرکاری سطح پر اس خطہ میں کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں جس کے نتیجے میں سیول سوسائٹی نے حکام کی عدم توجہی پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔