سکل انڈیا2021میں موبائل روبوٹکس | دہلی پبلک اسکول سرینگر کے 2طالب علم منتخب
سرینگر//موبائیل روبوٹکس شعبے میں سکل انڈیا2021کے علاقائی مقابلے میں شرکت کیلئے جموں کشمیر سے دہلی پبلک اسکول سرینگرکے دو طلبہ کو منتخب کیا گیا ہے۔23اگست کو دہلی پبلک اسکول میں کل چھ طلبہ نے روبوٹکس کے مقابلے میں شرکت کی۔ہرایک ٹیم کو ایک لاین روبوٹ بنانے کا کام سونپا گیاتھااوراسکول کی ٹیم نے دوسری ٹیموں پر سبقت حاصل کی۔مقابلے میں سکل انڈیا کے جموں کشمیرکے کارڈی نیٹرسبتھ قریشی مزید دو کے ساتھ جج تھے۔نیشنل سکل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹیوافسرمرکزی وزارت محنت وہنرمندی کے اعلیٰ حکام کے مقابلے میں شامل طلبہ کاحوصلہ بڑھانے پہنچے۔ٹیم کے ہمراہ جموں کشمیر سکل ڈیولپمنٹ مشن کے منیجنگ ڈائریکٹر تھے۔وہ طلبہ کے کام سے کافی متاثر ہوئے اور انہوں نے طلبہ کیلئے نیک خواہشات کااظہار کیا۔اس موقعہ پرسکل ڈیولپمنٹ مشن کے منیجنگ ڈائریکٹرشاہدچودھری نے کہا کہ ہماری توجہ جموں کشمیرکے جوانوں کے ہنروں کو پختہ بنانے پر مرکوز ہے۔اس موقعہ پر اسکول کے نائب پرنسپل شفق افشان نے کہا کہ یہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے کہ ہمارے اسکول کے بچے اپنی محنت سے اس مقابلے میں حصہ لینے کے اہل ثابت ہوئے۔سکل انڈیا کا علاقائی مقابلہ چندی گڑھ میں منعقد ہوگاجس میں جموں کشمیرکی ٹیمیں 26مختلف ہنروں میں اپنی قابلیت کا لوہا منوالیں گے۔
گھریلو جانوروں کے تحفظ اور کسانوں کی فلاح و بہبود | نوین چودھری نے میٹنگ میںعمل آوری کا جائزہ لیا
جموں//پرنسپل سیکرٹری بھیڑو پشو پالن اور ماہی پالن محکمہ نوین کمار چودھری نے سول سیکرٹریٹ جموں میں سینئر اَفسران کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموںوکشمیر میں ’’ ڈیزاسٹراور آفاتِ سماوی کی صورت میں بھیڑ بکریوں کے کسانوں کی مدد‘‘ پر عمل آوری پر تبادلہ خیال اور جائزہ لیا گیا ۔میٹنگ میں ناظم منصوبہ بندی ، بھیڑو پشوپالن اور ماہی پالن گردھاری لال ، ناظم بھیڑ پالن محکمہ کرشن لال شرما ،ڈائریکٹر فائنانس بھیڑ و پشو پالن اور ماہی پالن محکمہ موجود تھے جبکہ ناظم بھیڑ پالن کشمیر، اے ایچ ڈی کے ٹیکنیکل آفیسر اور دیگر متعلقہ اَفسران نے سری نگر سے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔جموںوکشمیر میں مویشیوں کے مختلف مسائل پر سیر حاصل بحث ہوئی ۔میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ گھریلو جانوروں کے تحفظ اور جموں وکشمیر کے کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے اِقدامات کئے جارہے ہیں جن میں مرکزی معاونت والی سکیموں بشمول مویشیوں کی اِنشورنس اور موجودہ سکیموں کسانوں اور جانوروں کی فلاح و بہبود کے لئے ہیں۔پرنسپل سیکرٹری نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ جموں وکشمیر یوٹی میں بھیڑ بکریوںکی گزشتہ پانچ برسوں کے مویشیوں کی شرح اَموات کے بارے میں ایک تفصیلی رِپورٹ تیار کریں اور اہل مستحقین کو فوائد فراہم کرنے کے لئے اِس کی جانچ پڑتال کی سہ ماہی رِپورٹ پیش کریں۔پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ ڈیٹا اِکٹھا کرنے کا مقصد بھیڑبکریوں کسانوں کو زیادہ سے زیادہ فوائد فراہم کرنا ہے بالخصوص وہ کسان جن کے مویشی کسی آفاتِ سماوی اور جنگلی جانوروںکے حملوں کے دوران مرگئے۔نوین کمار چودھری نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ جانوروں کی شرح اَموات کو اِن اِنشورنس سپورٹ سکیم کے تحت کسانوںکے لئے ضروری اِقدامات کریں جن کے جانور آفاتِ سماوی اور جنگلی جانوروں کے حملوں کی وجہ سے مرگئے تھے ان کو موجودہ سکیم کے تحت لایا جائے گا۔
نودل ترال میں شبانہ نقب زنی | زیورات اور نقدی اڑالئے گئے
سید اعجاز
ترال// ترال قصبہ سے چند کلو میٹر دور نودل نامی گائوں میں سوموار اور منگلوار کی درمیانی رات کو نقب زنوں نے منظور احمد بٹ ولد عبد اللہ بٹ کے رہائشی مکان کی کھڑکی توڑ کر لاکھوں روپے مالیت کے زیورات اور 17500روپے نقدی اڑا لئے ۔ مذکورہ شہری کے گائوخانے سے گزشتہ سال تین گائیں چرالی گئی تھیں۔ لوگوں نے بتایا کہ اس مکان سے چند میٹر دور ایک نوجوان کو دو روز قبل لوگوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا جس کو پولیس نے دماغی طورکمزورقرار دیکر افراد خانہ کے حوالے کیا ۔ ایس ڈی پی او ترال نے بتایا کہ جس نوجوان کو لوگوں نے پکڑکر پولیس کے حوالے کیا تھا وہ دماغی طور کمزور تھا اور شوپیان سے تعلق رکھتا تھا جس کو پوچھ تاچھ کرنے کے بعد گھر والوں کے حوالے کیا گیا ۔نقب زنی کی اس واردات کے حوالے سے پولیس نے کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔
پولیس لائنز پلوامہ میں سابق پولیس افسروں کا اجلاس
سرینگر//ضلع پولیس لائنز پلوامہ میں سبکدوش پولیس افسروں کا ایک اجلاس منعقد ہواہے جس میں ضلع سے وابستہ عہدیداروں کے علاوہ سینٹرل کمیٹی سے غلام حسن زرگر صدر پرنگ،غلام محی الدین میر سٹیٹ سکریٹری،مشتاق احمد گیلانی جنرل سکریٹری،پولیس ریٹائرڈ نان گزیٹڈ ایسوسی ایشن سینٹرل باڈی سے وابستہ تمام عہداروں نے حاضرین مجلس کو آج تک ہوئی کارکردگی سے آگاہ کیا جس پر تمام ممبران مطمئن ہوگئے۔ضلع صدر پلوامہ پرنگ نے شرکاء کو اپنا قیمتی وقت نکال کر اس مجلس میں شمولیت کرنے کیلئے شکریہ ادا کیاہے۔علاوہ اذیں ضلع صدر پرنگ نے اجلاس کے اختتام پر ایس ایس پی پلوامہ،ڈی وائی ایس پی ڈی آر اور ضلع پولیس لائنز پلوامہ اور لائنز آفسر ضلع پولیس لائنز پلوامہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا کہ اجلاس میں تمام سہولیات کو بہم رکھا گیا تھا۔
گاندربل میںاین سی کے سرپنچ وپنچ اپنی پارٹی میں شامل
سرینگر//ضلع گاندربل سے دو سرپنچوںاور ایک پنچ نے منگل کو سرینگر میں منعقدہ تقریب کے دوران اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ایک بیان کے مطابق اس سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں پارٹی صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر، ریاستی سیکریٹری منتظرمحی الدین، ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ، ضلع صدر کپواڑہ راجہ منظور، ضلع صدر پلوامہ غلام محمد میر، ضلع صدر گاندربل جاوید میر اور یوتھ صوبائی کارڈی نیٹر کشمیر امتیاز راتھر بھی موجود تھے۔ جن پنچایتی نمائندگان نے شمولیت اختیار کی، اُن میں سرپنچ محمد یونس بانیہ، سرپنچ سید محمد الطاف شاہ اور پنچ مشتاق احمد بانیہ شامل ہیں جن کامحمد اشرف میر نے خیر مقدم کیا اور اُن سے کہاکہ وہ متعلقہ علاقوں میں عام آدمی کی بہبودی کے لئے بے لوث ہوکر کام کریں۔
سبھاش چندر بوس ایوارڈ کیلئے درخواستیں طلب
سرینگر//نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اَتھارٹی ( این ڈی ایم اے ) نے سال 2022ء کے لئے سبھاش چندر بوس آپداپرابندھن پُرسکار کے لئے اِنفرادی اَفراد/ آرگنائزیشنوں سے درخواستیں طلب کی ہیں۔یہ ایوارڈ اِنفرادی اَفراد / اِداروں کو ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبے میں مثالی کام کرنے پر دیا جائے گا۔ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ ( جے اے ڈی ) کی جانب سے سرکاری بیان کے مطابق درخواست 31؍ اگست 2021ء تک اِس لنک پر https://dmawards.ndma.gov.inدی جاسکتی ہے ۔
’عالمی فلاح کا راز قومی تعلیمی پالیسی میں مضمر‘ | کشمیر سے کنیا کماری تک یکساں نفاذ ہوگا:مرکزی وزیرتعلیم
سرینگر//مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے کہا ہے کہ قومی تعلیمی پالیسی 21ویںصدی میں جموں کشمیر سمیت ملک کے تمام شہروں میں نئی نسل کو تیار کرے گی جوعالمی سطح پر فلاح و بہبود کے کاموں کی قیادت کرے گی۔ سی این آئی کے مطابق مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے منگل کو کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی 21 ویں صدی میں ہندوستان کی نئی نسل کو تیار کرے گی جو عالمی فلاح و بہبود کی قیادت کریں گے۔انہوںنے کہا کہ جموں کشمیر سے کنیا کماری تک اس پالیسی کا یکساں نفاذ ہوگا۔ قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی ) کے نفاذ کے ایک سال کی کامیابیوں پر تیار کردہ کتابچہ جاری کرنے کے بعد پردھان نے آج کہا کہ گزشتہ ایک سال اور ایک ماہ کی کامیابیوں کو دیکھ کر اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔ گزشتہ چار پانچ برسوں میں وزارت تعلیم اور سماجی انصاف وتفویض کی وزارت نے ایسا طریقہ اختیار کیا ہے ، جس سے ’سب کا ساتھ ، سب کا وکاس اور سب کا وشواس‘ کو بحال کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کتابچہ قومی تعلیمی پالیسی کی کامیابیوں کے اعداد و شمار حاصل کرنے کا مسودہ نہیں بلکہ 21 ویں صدی میں ہندوستان کی قیادت میں عالمی فلاح و بہبود کا مسودہ ہے۔ اس میں علم کے ذریعے کردار کی تعمیر اور کردار سازی کے ذریعے قوم کی تعمیر کا تصور ہے جو صدیوں سے ہندوستان کی روایت رہی ہے۔مرکزی وزیر نے قومی تعلیمی پالیسی کے عملدرآمد کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر وزارت تعلیم کے اسکولی تعلیم اور محکمہ خواندگی کے ذریعہ تیار کتابچہ کا اجرا کرنے کے علاوہ ’نپْن بھارت مشن‘،ورچوول لائیو کلاس رومز اور ورچوول لیبز کے ذریعے ایک جدید ڈجیٹل لرننگ پلیٹ فارم مہیا کرانے کیلئے این آئی او ایس کا ورچوول اسکول اور این سی آر ٹی کا متبادل تعلیمی کلینڈر 2021-22 کی نقاب کشائی کی۔ اس کے علاوہ معذور بچوں کے لیے این سی ای آر ٹی کی تیار کردہ مزاحیہ کتاب ’پریا‘ بھی جاری کی۔
حکومت جسمانی طور خاص افراد کی مددکیلئے پُرعزم | فاروق خان نے خصوصی صلاحیت والے بچوں کے ساتھ دن گزارا
گاندربل//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے گاندربل میںخصوصی صلاحیت والے بچوں کے ساتھ شی ہوپ سوسائٹی فار وومن اَنٹر پرینیور ( ایس ایچ ایس ایف ڈبلیو اِی ) کے دورے کے دوران دِن گزارا۔اِس موقعہ پر مشیر موصوف نے خصوصی صلاحیت والے اَفراد کے ساتھ بات چیت کی اور اُنہوں نے اُنہیں یقین دِلایا کہ حکومت ہر ممکن مدد کرکے ایسے لوگوں کی مشکلات کو کم کرے گی۔اِس موقعہ پر مشیر موصوف نے لیبر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تعمیراتی کارکنوں اور موٹر ائزڈوہیل چیئر کے لئے 713 مستحقین کے درمیان لورا یجوکیشن اِمدادکے طور پر 4945000روپے کا چیک دیا اور کہا کہ حکومت نے معذور اَفراد کی فلاح و بہبود کے لئے وقتاً فوقتاً متعدد اِقدامات کئے ہیں ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ پنشن ، مفت تعلیم ، مفت طبی علاج وغیرہ کی مالی مدد اور لوگوںکی بڑی تعداد ان سے فائدہ اُٹھا رہی ہے۔مشیر فاروق خان نے ایس ایچ ایس ایف ڈبلیو اِی کے زیر اہتمام ’’ معذور اَفراد کی رسائی میں اِضافہ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ ایک تقریب کے دوران کئی خاص صلاحیت کے بچوں کو معیار ی اِمداد اور مصنوعی فٹنس کے آلات فراہم کئے گئے ہیں۔مشیر موصوف نے معذور اَفراد کو موبائلٹی امداد دیتے ہوئے کہا کہ یوٹی اِنتظامیہ ایسے اَفراد کی ترقی کے لئے پُر عزم ہے تاکہ وہ اَفراد ضروری مدد سے روزمرہ کی زندگی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے قابل ہوں۔ ضرورت مند معذور بچوں کو پائیدار ، جدید اور معیاری امداد فراہم کر کے معذوری کے اثرات کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی معاشی صلاحیت کو بھی بڑھایا جاتا ہے۔اِس سے قبل مشیر موصوف نے نئے نصب شدہ لیزر تھراپی یونٹ اور نئے سیٹ ڈراپ مولڈنگ یونٹیٹ ہوپ ڈس ایبلٹی سینٹر کا اِفتتاح کیا۔مشیر فاروق خان نے نئے نصب شدہ لیزر تھراپی یونٹ کا اِفتتاح کرتے ہوئے کہا کہ یہ کم وقت میں تقریباً چالیس مختلف اقسام کی بیماریوں کا علاج کر سکتا ہے اور وادی میں دستیاب صرف چار ایسے آلات میں سے ایک ہے اور یہ بھی بتایا گیا کہ کم قیمت ٹولنگ اور فکسچر ڈراپ فارمنگ کا بڑا فائدہ ہے۔ دریں اثنا ، مشیرموصوف نے ان سرگرمیوں کا جائزہ لیا جن میں ہوپ ڈس ایبلٹی سینٹرشامل ہیں اور ایچ ڈی سی بالخصوص معذوری شعبے میں جو کام کر رہا ہے اس سے مشیر موصوف متاثر ہوئے اور کہا کہ ایچ ڈی سی بہتر کام کر رہا ہے اور وسائل کو صحیح طریقے سے استعمال کیا جا رہا ہے اور حکومت اس کی توسیع کرے گی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اس کام کو جاری رکھنے کے لیے ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔
10اسپتالوں میں ڈائیالیسیز سہولیات سے13ہزار مستحق مستفید
سرینگر /ایڈیشنل چیف سیکرٹری صحت اور طبی تعلیم وویک بھاردواج نے یہاں ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ کشمیر کے کام کاج اور کارکردگی کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر مشتاق احمد راتھر ، ڈی جی پلاننگ ایچ اینڈ ایم ای ستویر کور ، جوائینٹ ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر ، ڈپٹی ڈائریکٹرز ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور محکمہ کے دیگر افسران نے شرکت کی ۔ بھردواج نے افسران پر زور دیا کہ وہ تمام ٹیسٹوں کے انتظار کے وقت کو کم کرنے کیلئے کام کریں اور محکمہ کی طرف سے پیش کی جانے والی دیگر خدمات خاص طور پر آر ٹی ۔ پی سی آر ٹیسٹ اور ایمبولینس خدمات وقت پر مہیاء کریں ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے ہر افسر سے ان کے کردار اور ذمہ داری اور ان کے کام کے انداز کے بارے میں دریافت کیا ۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ انہیں درپیش مسائل کی نشاندہی کریں تا کہ ان کو فوری حل کیا جائے ۔ انہوں نے حکم دیا کہ ان کا کام انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اسے ایک لمحے کیلئے اتفاقیہ نہیں لیا جا سکتا ۔ انہوں نے افسران کو محکمے کے نظام کو مضبوط بنانے کیلئے کی جانے والی تمام کوششوں میں ان کی مدد کی پیشکش کی ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر نے محکمہ کی طرف سے کی گئی کارکردگی اور کامیابیوں کے حوالے سے ایک تعارفی پاور پوائینٹ پرذنٹیشن دی ۔ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ محکمہ کی جانب سے 33.34 لاکھ او پی ڈی داخلے ، 1.03 لاکھ آئی پی ڈی داخلے ، 0.07 لاکھ سرجریز ، 11.25 لاکھ لیب ٹیسٹ اور 0.14 لاکھ ڈیلوریز کی گئیں ۔ یہ بھی بتایا گیا کہ خصوصی خدمات میں سے 10 ہسپتالوں کو ڈائلیسس کی سہولت فراہم کی گئی ہے جن میں آج تک 13000 سے زائد سیشن منعقد کئے گئے ہیں ۔ نشے کے علاج کی سہولیات 5 اضلاع میں متعارف کرائی گئی ہیں اور تمام ضلعی ہسپتالوں میں خون ذخیرہ کرنے کی سہولیات اور 5 صحت کے اداروں میں خون کے جزوکے علیحدگی یونٹ بھی قائم کئے گئے ہیں ۔ کووڈ ویکسی نیشن کے بارے میں کہا گیا کہ آج تک 38.92 لاکھ خوراکیں دی گئی ہیں محکمہ فی الحال تمام اقدامات کر رہا ہے اور اس بیماری کی متوقع تیسری لہر کیلئے خود کو تیار کر رہا ہے ۔
ویری ناگ میں موٹر سائیکل نے کمسن کو کچل ڈالا
عارف بلوچ
ڈورو// ڈورو ویری ناگ میں ایک دلدوز حادثے میں ایک موٹر سائیکل سوار نے 5سالہ بچی کو کچل دیا ۔ جنوبی کشمیر کے ڈورو ویری ناگ کے پولیہ گائوں میں منگل کے روز اس وقت صف ماتم بچھ گئی جب علاقے ،میں ایک تیز رفتارموٹر سائیکل زیر نمبرJK03K 8697نے ایک5سالہ بچے محمد عمران بڈہانہ ولد محمد صادق ساکن کٹھوعہ حال ویری ناگ کو کچل کر شدید زخمی کر دیا ۔اس دوران اگر چہ بچے کو فوری طور ہسپتال منتقل کیا گیا ہے تاہم ڈاکٹروں نے وہاں اُسے مردہ قرار دیا ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اُس وقت کمسن بچہ سڑک پار کر رہا تھا جب یہ حادثہ پیش آیا ۔موٹر سائیکل سوار جائے واردات سے فرار ہوا۔پولیس نے کیس درج کر کے مفرور موٹرسائیکل سوار کی تلاش شروع کی ہے ۔
درخشان اندرابی مرکزی وزیر مملکت داخلہ سے ملاقی
جموں کشمیرمیں تعلیمی شعبے میں اصلاحات اوردیگر امورپر تبادلہ خیال
سرینگر//بھارتیہ جنتاپارٹی کی ترجمان اوروزارت داخلہ کی اقلیتی ترقیاتی کمیٹی کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشان اندرابی نے منگلوار کو مرکزی وزیرمملکت برائے امورداخلہ نتیانندرائے کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران جموں کشمیرمیں امن وقانون کی صورتحال،وقف قانون میں ترمیم کی تجویز،جموں کشمیرمیں آبی ذخائر کے بندوبست کا منصوبہ ،تعلیمی شعبے میں اصلاحات ،صنعتی شعبے کو مراعات اورکشمیری پنڈتوں کی واپسی سے متعلق امور پرتبادلہ خیال کیا۔ایک بیان کے مطابق ڈاکٹر درخشان اندرابی نے مرکزی وزیر کے ساتھ ان معاملات پرسیرحاصل گفتگو کی۔ڈاکٹر اندرابی نے مرکزی وقف قانون میں ترمیم کی تجویز پیش کی اور مرکزی وزارت داخلہ پرزوردیاکہ وہ وزارت قانون کے ساتھ اس معاملہ کو اُٹھائیں تاکہ اس قانون کا جائزہ لیا جائے اور وقف جائیداد کے ناجائز استعمال کوروکا جائے۔انہوں نے جموں کشمیر میں ناکارہ وقف بندوبست نظام کو صحت مند بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے جموں کشمیروقف قانون کے تشکیل کیلئے کچھ ضروری مشورے بھی دیئے۔ڈاکٹر اندرابی نے تعلیمی شعبے کیلئے نصف درجن منصوبے بھی مرکزی وزیر کو پیش کئے ۔ملاقات کے دوران انہوں نے جموں کشمیرمیں آبی ذخائرکے بندوبست سے متعلق بھی تجاویز پیش کیںاوران پر مفصل تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے صنعتی شعبے کیلئے مراعات پر بھی بات کی۔ڈاکٹر اندرابی نے کشمیری پنڈتوں کی واپسی سے متعلق تجاویز بھی مرکزی وزیر کو پیش کیں۔مرکزی وزیر مملکت نتیانندرائے نے ڈاکٹر درخشان اندرابی کاشکریہ اداکیااور کہا کہ ان کی طرف سے پیش کی گئی تجاویز پر سنجیدگی کے ساتھ غور کیاجائے گا۔
کالج ملازمین کی صدفیصد ٹیکہ کاری مکمل
ڈپٹی کمشنرسرینگر کو میٹنگ میں جانکاری دی گئی
سرینگر//جاری کووِڈ- 19ٹیکہ کاری مہم کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر سرینگرنے یہاں کالجوں کے پرنسپلوں ،محکمہ صحت کے حکام اور سینئرانتظامی افسران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی۔ڈپٹی کمشنرکو کالجوں میں کووِڈ- 19ٹیکہ کاری کاتفصیلی جائزہ لیتے ہوئے بتایاگیا کہ کالجوں کے صدفیصد ملازمین کی ٹیکہ کاری مکمل کی جاچکی ہے ۔انہیں یہ بھی جانکاری دی گئی کہ کالجوں میں زیرتعلیم50فیصد سے زائد طلبہ کو بھی کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جاچکی ہیں ۔اورمزیدطلاب کی ٹیکہ کاری کاعمل جاری ہے۔ڈپٹی کمشنرنے طلبہ کو ٹیکہ کاری کی اہمیت سے آگاہ کرنے کیلئے بیداری سمینار منعقد کرنے پر زور دیا۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنرنے سینئرانتظامی افسرانکے ساتھ بھی میٹنگ کی اور 18سے44برس تک کی عمر کے لوگوں کی ٹیکہ کاری کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
کرن نگر میں ٹریڈ الائنس کی ٹیکہ کاری مہم
سرینگر//کشمیر ٹریڈ الائنس نے ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر اورچیف میڈیکل افسر( سی۔ ایم۔ او )سرینگر کے تعاون سے میونسپل پارک کرن نگر میں ٹیکہ کاری مہم کا اہتمام کیا۔ کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر اعجاز شاہدارنے ڈپٹی کمشنر سرینگر اور سی ایم او سری نگر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اُن کی تجویز کو ہری جھنڈئی دکھائی۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسے مرحلے پر ہیں ،جہاں اس وباء سے محفوظ رہنے کا واحد حل ٹیکہ کاری ہے۔انہوں نے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ جلد از جلد اپنے آپ کو ویکسین لگوائیں۔ شاہدار نے تاجروں پر بھی زور دیا کہ وہ ٹیکہ کاری مہم میں اپنا تعاون پیش کریں تاکہ اس وبائی بیماری پر قابو پایا جاسکے اور انسانی جانوں کو بچایا جاسکے۔
کووِڈ- 19کی متوقع تیسری لہر کاتوڑ
بچوں کی ٹیکہ کاری پرڈاک کازور
سرینگر//ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیر نے کہا ہے کہ ماس ایمونیٹی کا ہدف حاصل کرنے کیلئے بچوں کی ٹیکہ کاری لازمی ہے اور اس سے کوروناوائرس کی تیسری لہر کا اثر کم کیا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر نثارالحسن نے کہا ہے کہ کووڈ کی تیسری لہر سے قبل ہی بچوں کو ویکسین دینا چاہئے اس سے ہم ماس ایمنٹی کے ہدف کو بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ فلو ماہر ڈاکٹر نثارالحسن نے کہا ہے کہ ماس ایمونٹی حاصل کرنے کیلئے آبادی کے ایک بڑے حصے کی ٹیکہ کاری لازمی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اگر زیادہ سے زیادہ آبادی کو ویکسین دیا جائے گا تو وائرس آسانی کے ساتھ پھیل نہیں سکتا ۔ انہوںنے کہا کہ وائرس کی وباء کے ابتدائی دورمیں یہ اندازہ لگایا جارہا تھا کہ اگر آبادی کا 70فیصدی حصہ ویکس نیشن کے دائرے میں لایا جائے گا تو اس سے وائرس آسانی سے دوسروں میں منتقل نہیں ہوسکتا تاہم ڈیلٹا وئرینٹ نے اس اندازے میں اضافہ کرکے 80سے 90فیصدی تک بڑھایا ہے جہاںوائرس آسانی سے ایک دوسرے میں منتقل نہیں ہوسکتا ۔انہوںنے کہاکہ اس ہدف کو تب ہی پایا جاسکتا ہے جب بچوں کی ٹیکہ کاری شروع کی جائے گی ۔ انہوںنے کہا کہ جموں کشمیر میں کل آبادی میں 4.8ملین بچے ہیں جو جموں کشمیر کی1.25کروڑکی مجموعی آبادی کا 38.4فیصد ہے ۔ بیان میں ڈاکٹر نثارالحسن نے کہاکہ کووڈ 19کی وباء کو تب تک مکمل طور پر قابو نہیں پایا جاسکتا جب تک نہ بچوں کو ویکیسن دیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ اگرچہ مشاہدے میں آیا ہے کہ وائرس سے بچے انتہاء تک بیماری نہیں ہوئے اور ناہی اموات زیادہ ہوئی تاہم بچے وائرس کو پھیلانے میں اہم کردار اداکرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ اگر ہم بچوں کو ٹیکہ کے بغیر رکھتے ہیں تو وائرس کی نئی لہر زیادہ مہلک ثابت ہوسکتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بچوں کو سکول بھیجنے کیلئے بھی بچوں کی ٹیکہ کاری ناگزیر ہے کیوںکہ سکول کھولنے سے قبل بچوں کی صحت کی حفاظت کو یقینی بنانا ضروری ہے ۔ انہوںنے مزید کہاکہ کووڈ کی تیسری لہر سے بچنے کیلئے بچوں کی ٹیکہ کاری انتہائی اہم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو ویکسین دینا تیسری کوویڈ لہر کو روکنے کے لیے بہت ضروری ہے جو کہ اس سال کے موسم خزاں میں کسی وقت ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے اور اس سے بچوں کو سب سے زیادہ متاثر کرنے کی توقع ہے۔ہندوستان نے 12 سال اور اس سے زیادہ عمر کے لیے اپنی پہلی بچوں کی ویکسین زائڈس کیڈیلا سے منظور کرلی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چھوٹے بچوں کے لیے آزمائشیں جاری ہیں ، انہیں ویکسینیشن کے شیڈول میں شامل ہونے سے پہلے کچھ وقت انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔
بڈگام اور بانڈی پورہ میں 45 سال سے زائد عمر کے سبھی لوگوںکو ویکسین فراہم :ڈپٹی کمشنر
سرینگر //ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر بڈگام شہباز احمد مرزا نے کہا کہ ضلع میں 45 اور اس سے زیادہ عمر کے گروپوں کی صد فیصد ویکسی نیشن کی گئی ہے جبکہ 18 سے 44 سال کی عمر کے گروپوں میں 57 فیصد کو آج تک ویکسی نیشن لگائی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بات ضلع میں کووڈ 19 کی صورتحال کے بارے میں اپنی معمول کی پریس بریفنگ کے دوران کیا۔مرزا نے بتایا کہ ضلع میں 56 فعال مثبت مریض ہیں۔ بازیابی کی شرح 99 فیصد سے اوپر ہے جبکہ مثبت شرح 0.5 فیصد سے کم ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر سی اے بی ، ایس او پیز پر عمل کرنے پر زور دیا کیونکہ اس کے دوبارہ اثرات کے خدشات اب بھی بہت زیادہ ہیں۔ ادھر ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے میڈیا کو ضلع میں کووڈ کی صورتحال سے آگاہ کیا اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کووڈ مناسب رویے ( سی اے بی ) کی پیروی کرتے رہیں اور غیر ویکسین شدہ آبادی پر زور دیا کہ وہ جلد از جلد ویکسین حاصل کریں۔ ڈی سی نے کہا کہ کووڈ 19 کی صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے اور کنٹینمنٹ زونز میں وسیع پیمانے پر ٹیسٹنگ اور ضلع میں بڑے پیمانے پر ویکسی نیشن ڈرائیو کی وجہ سے بازیابی کی شرح میں بھی بہتری آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں 53 ایکٹو مثبت کیسز ہیں جن میں سے 3 ہسپتال میں الگ تھلگ ہیں اور مستحکم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مثبت معاملات کی باقاعدگی سے گھر پر اور ہسپتال میں تنہائی میں نگرانی کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر اویس نے کہا کہ 45 سال سے زائد عمر کے گروپ کی صد فیصد ویکسی نیشن مکمل ہو چکی ہے جبکہ فی الحال توجہ 18 سے 45 سال کی عمر کے گروپ کی ویکسی نیشن پر مرکوز ہے اور اس عمر کے گروپ میں اب تک تقریباً ساٹھ ہزار خوراکیں دی جا چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے اب ڈور ٹو ڈور آگاہی مہم شروع کی ہے جس کا مقصد لوگوں کو سی اے بی کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔
دستکاری مصنوعات کیلئے خام مال | سامون نے اعلیٰ سطحی میٹنگ میں جائزہ لیا
سری نگر//پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ محکمہ ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے آج ایکسپورٹ پروموشن کونسل ہینڈی کرافٹس ( اِی پی سی ایچ ) کے نمائندوں کے ساتھ ایک اِستفساری سیشن کا اِنعقاد کیا۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے دوران بات چیت جموں وکشمیر کی مصنوعات کے لئے خام مال کی تکمیل کی خاطر نئی دور کی ٹیکنالوجی متعارف کرنے پر زور دیاجس سے ایکسپورٹ کی اِنتہائی مسابقتی دُنیا میں مقابلہ کرنے کے قابل بنایا گیا ۔ اُنہوں نے کہاکہ جموںوکشمیر کے تکنیکی اِداروں اور برآمد کنندگان میں مختلف تربیت یافتہ اَفراد کے درمیان روابط قائم کرنا ضرور ی ہے۔کرافٹ ڈیولپمنٹ اِنسٹی چیوٹ (سی ڈی آئی ، آئی ٹی آئی سری نگر کے علاوہ ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم ڈیپارٹمنٹ کے سربراہوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ مختلف مصنوعات اور کاریگروں کے لئے اختراعات لانے کے لئے سہ فریقی مفاہمت نامے پر دستخط کرنے کے اِمکانات پر غور کریں۔
اچھ بل میں بجلی ملازم کرنٹ لگنے سے جھلس گیا
اننت ناگ //عارف بلوچ//اچھ بل میں محکمہ بجلی میں تعینات ملازم بجلی کرنٹ لگنے سے شدید طور جھلس گیا۔جوگی گنڈ اچھ بل میں اس وقت کہرام مچ گیا جب یہاں محکمہ بجلی میں تعینات لیب ٹیکنیشن غلام محی الدین ساکنہ شیر پورہ اننت ناگ ٹرانسفارمر کی مرمت کے دوران بجلی کرنٹ لگنے سے جھلس گیا۔اس بیچ یہاں موجود لوگوں نے اسے فوری طور سب ڈسڑکٹ اسپتال منتقل کیا ،تاہم یہاں موجود ڈاکٹروں نے اُ سے پہلے میڈیکل کالج اننت ناگ اور اس کے بعد صورہ میڈیکل انسٹیچوٹ منتقل کیا ہے۔پولیس نے معاملہ کی نسبت کیس درج کیا ہے۔
ناظم سیاحت کاگجرات اور مہاراشٹر کے ٹورآپریٹروں سے تبادلہ خیال
سری نگر//ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این اِیتو نے بذریعہ ویب نار گجرات اور مہاراشٹر کے ٹور آپریٹروں کے ساتھ ایک اِستفساری سیشن کا اِنعقاد کیا۔ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این اِیتو نے دوران بات چیت کووِڈ۔19 وَبائی اَمراض کے تناضر میں سیاحتی شعبے اور شراکت داروں کی بحالی اور بقاء کے لئے محکمہ کی کوششوں کی تفصیل دی۔اُنہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف ٹوراِزم کشمیر شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے تاکہ اِس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ وادی کشمیر آنے والے سیاحوں کا قیام آرام دہ ہو۔ناظم سیاحت نے میٹنگ کو ان اقدامات کے بارے میں بھی جانکاری دی جن میں کووِڈ سے متعلق اقدامات بھی شامل ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ جموں وکشمیر آنے والے تمام سیاح یادگار قیام کریں ۔ دورانِ ویب نار اُٹھاے گئے کچھ سوالات کے جواب میں ڈاکٹر اِیتو نے مہاراشٹرٹور آپریٹروں ایسوسی ایشن ( ایم ٹی او اے ) کو فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔ڈائریکٹوریٹ آف ٹوراِزم کے اَفسران نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔
آپریشن جامع مسجد کے 32سال مکمل | دینی مرکز کواگلے جمعہ کھولنے کی کوشش کی جائیگی: انجمن اوقاف
سرینگر //انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے آپریشن جامع مسجد کے32سال مکمل ہونے پرایک بیان میں کہا کہ اس آپریشن کے موقعہ پرسیکورٹی فورسز نے بلا جواز کارروائی کی۔ اس عمل سے اہلیان کشمیر کے مذہبی جذبات اور احساسات کو زک پہنچا۔ میرواعظ مولوی محمد فاروق پر دبا ئوڈال کر انہیں خوفزدہ کرنے کی کوشش بھی کی گئی،لیکن مرحوم کے بلند حوصلوںکو کمزور نہیں کیا جاسکا۔بیان میں کہا گیا کہ جامع مسجد سرینگر جموںوکشمیر کے مسلمانوں کی ایک منفرد شناخت، ثقافتی میراث اور تاریخی علامت ہے اور میرواعظ خاندان کشمیرمیں صدیوں سے اس منبر و محراب سے منفرد انداز سے دعوت و تبلیغ کا فریضہ انجام دیتے آرہا ہے۔انجمن نے کہا کہ جامع مسجد اور میرواعظین کو ہر دور میںنشانہ بنایا گیا ہے۔ مسلمانوں کے اس اہم دینی مرکز کے دروازے کبھی ہفتوں اور مہینوں تک بند رکھے جاتے ہیں۔ گزشتہ دو برسوں سے میرواعظ عمر فاروق کو گھر میں نظر بند رکھا گیا ہے جو حد درجہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ کووڈ کے کیسز میں نمایاں کمی اور تمام ایس او پیز کو اختیار کرنے کے باوجود حکام نے ایک بار پھر گزشتہ دو جمعہ سے مرکزی جامع مسجد کو کھولنے کی اجازت نہیں دی۔ انجمن نے کہا کہ آنے والے جمعہ یعنی 27 اگست2021 کو جامع مسجد میںجمعتہ المبارک کی نماز ادا کی جائیگی بشرطیکہ حکام اس میںکوئی رکاوٹ نہ ڈالیں۔
فورسزکے بھیس میں سرگرم 10 لٹیرے گرفتار | طلائی زیورات،نقدی اور ماروتی کاربرآمد:پولیس
سری نگر//سری نگرپولیس نے نقلی بندوق کی نوک پر لوگوںکولوٹنے والے لٹیروں کے ایک منظم گروہ کاپردہ فاش کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات،لاکھوں روپے نقد اورایک ماروتی کاربرآمد کرلی جبکہ اس گروہ میں شامل10چوروں کوگرفتار کیاگیا ۔معلوم ہواکہ پولیس تھانہ پارمپورہ سری نگرکو مسلسل یہ شکایات مل رہی تھیں کہ زینہ کوٹ اورملورہ علاقہ میں چوروں کاکوئی منظم گروہ سرگرم ہے اوراس گروہ نے آج تک چوری ،نقب زنی اورلوٹ کی کئی وارداتیں انجام دی ہیں جس وجہ سے زینہ کوٹ سے ملورہ تک لوگوں میں سخت تشویش اورعدم تحفظ کی لہردوڑ چکی تھی ۔ذرائع نے بتایاکہ ایس ایس پی سری نگرکی ہدایت پر متعلقہ پولیس افسروںنے لٹیروںکے اس گروہ کاسراغ لگانے کیلئے ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ،جسکے بعدچوروں کی تلاش شروع کردی گئی اوراس مقصد کیلئے انسانی تیکنیک اورآلات کوبھی برئوے کارلایاگیا۔تحقیقات ٹیم نے کچھ مشکوک افراد کے گرداپنا گھیرائوتنگ کیا اوران کی سرگرمیوں پرکڑی نگاہ رکھی گئی ،جسکے بعدکچھ مشکوک افرادکوپوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیاگیا ۔ذرائع کے مطابق دوران پوچھ تاچھ مشکوک افرادنے چوری کی کچھ وارداتوں میں ملوث اورشامل ہونے کااعتراف کرتے ہوئے اپنے کچھ دوسرے ساتھیوںکے نام بھی ظاہر کئے ۔پولیس تھانہ پارمپورہ کی تحقیقاتی ٹیم نے لٹیروں کے ایک منظم گروہ کاپردہ فاش کرتے ہوئے10چوروں کوگرفتار کرلیا ،جن کی نشاندہی پر مختلف مقامات سے چرائے گئے 20لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات ،3لاکھ روپے کی رقم نقد اورایک ماروتی کاربھی برآمد کی گئی جبکہ چوروں کی تحویل سے فوجی وردیاں ،4نقلی اے کے47بندوق اورنقلی پستول بھی برآمد کئے گئے ۔گرفتار چوروںنے پولیس کی تحقیقاتی ٹیم کوبتایاکہ وہ گھروںمیں گھس کر مکینوں کونقلی بندوق اورپستول دکھاکر لوٹا کرتے تھے ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ ابھی اس معاملے کی تحقیقات جاری ہے اورمزید مال مسروقہ برآمد ہونے کی اُمید ہے جبکہ مزیدگرفتاریاں بھی متوقع ہیں ۔