ڈوڈہ ضلع میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کا سلسلہ جاری
نجی و سرکاری اداروں میں کام کاج متاثر، سیول سوسائٹی شدید برہم
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کا سلسلہ پچھلے کئی دنوں سے جاری ہے جس کے نتیجے میں سرکاری و نجی اداروں میں کام کاج بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے سیول سوسائٹی نے محکمہ کی کارکردگی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 132 و 33 کے وی کے ترسیلی نظام کی مرمت کے نام پر دن بھر بجلی بند رکھی جارہی ہے جس کی وجہ نجی و سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں میں مریضوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ڈوڈہ، بھدرواہ ،ٹھاٹھری ،کاہرہ ،گندوہ و چلی پنگل سے آئے کئی وفود نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کا سلسلہ جاری ہے۔وفد میں شامل سابق سرپنچ لیاقت علی شیخ نے کہا کہ 132 و 33 کے وی کے ترسیلی نظام کو بہتر بنانے میں محکمہ ناکام ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ نہ صرف بارش بلکہ خوشگوار موسم کے دوران بھی 33 کے وی میں خرابی آتی ہے جس کے باعث دن بھر بجلی غائب رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ متعدد علاقوں میں ٹرانسفارمر کئی ہفتوں سے خراب پڑے ہیں تاہم ابھی تک ان کی بھی مرمت عمل میں نہیں لائی گئی ہے جس کی وجہ سے یہ دیہات گھپ اندھیرے میں رہتے ہیں۔مقامی لوگوں نے مزید کہا کہ بجلی غائب رہنے سے ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کی طبی جانچ پڑتال میں بھی رکاوٹ آتی ہے اور ان کے تشخیص وقت پر نہیں ہوتی ہے۔ ادھر ڈی ڈی سی ممبر کاہرہ معراج الدین ملک و بی ڈی سی چیئرمین چنگا محمد عباس راتھر نے ضلع انتظامیہ سے 33 کے وی کے ترسیلی نظام کو بہتر بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے وناکارہ پڑے ٹرانسفارمرز کی مرمت عمل میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈوڈہ میں کووڈکے 10 نئے مثبت معاملات
۔7 مریض صحتیاب ،318234 ٹیکے لگائے گئے
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں آج کورونا وائرس کے 10 نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیں اور 7 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق جمعہ کو ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری ،گندوہ و عسر میں ہوئی کوو¿ڈ جانچ کے دوران دس افراد کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے جنہیں ہوم قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور سات مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔اس طرح سے ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد 52 و شفایاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 7466 پہنچ گئی ہے جبکہ ضلع میں 318234 افراد کو ٹیکے لگائے گئے ہیں۔
سڑک کی تعمیر میںغیرمعیاری مواداستعمال کرنےکا الزام
عاصف بٹ
کشتواڑ//سب ڈویژن چھاترو کے علاقہ سگدی میں مقامی لوگوں نے سڑک کی تعمیر میںغیرمعیاری مواد لگانے کا الزام عائد کیا ہے۔ ملچھتر سگدی کے مقامی لوگوں نے بتایا کہ سڑک کی تعمیر میں غیر معیاری مواد استعمال کیاجارہا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ مٹی کے اوپر ہی میکڈم بچھایا جارہا ہےجبکہ بغیر رولر چلائے ہی ایملشن کا استعمال کیا جارہا ہے اور نہ ہی سولنگ کی گئی ہے۔انھوں نے بتایا کہ اگر اسطرح سڑک کی تعمیر ہوگی تو دو روز کے اندر ہی میکڈیم اکھڑ جائے گا۔انھوں نے ضلع انتظامیہ سے مانگ کی کہ کام کی نگرانی کی جانی چاہئے۔ انھوں نے بتایا کہ ان دورافتادہ علاقہ جات میں کئی سال کے بعد ہی کام ممکن ہوپاتے ہیں اور ان میں بھی غیرمعیاری مواد استعمال کیا جارہا ہے جو باعث تشویش ہے اور اس کی تحقیقات لازمی ہے۔