ملک کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنے کی کوششیں جاری | خصوصی درجہ بحال ہونے تک جدو جہد جاری رہے گی : محبوبہ مفتی
محمد بشارت +عظمیٰ یاسمین
راجوری //پی ڈی پی صدر اور سابقہ ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بھاجپا نے اب ملک کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرنے کا کام شروع کر دیا ہے جبکہ پی ڈی پی جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن بحال ہونے تک اپنی پُر امن جدوجہد جاری رکھے گی ۔خطہ پیر پنچال کے راجوری ضلع کے دوران کے دوران موصوفہ نے مختلف مقامات پر منعقدہ عوامی اجلاس کے دوران کہاکہ بھاجپا کو افغانستان کی خواتین کی فکر ہے تاہم ملک میں بچیوں و خواتین کی عزتیں محفوظ نہیں ہیں جبکہ حکومت کو چاہئے کہ وہ دیگر ممالک کے بجائے اپنی ملک کی بیٹیوں کے حقوق کی فکرکریں۔سب ڈویژن کوٹرنکہ میں موصوفہ نے ایک عوامی اجلاس کے دوران کہا کے جموں کشمیر کو مرحوم مفتی محمد سعید نے ترقی کی طرف گامزن کیا تھا لیکن بی جے پی نے لوگوں کو دھوکہ دے کر غلامی کی طرف دھکیلا دیا ہے جو عوام کبھی قبول نہیں کرے گی۔ اْنہوں نے کہا کے اْنکی جماعت ریاست کے ہر طبقے کی رہنمائی کرتی ہے اور ریاست کے تشخص کو بحال کرنے کے لئے آخری دم تک لڑتی رہو گی۔ محبوبہ مفتی نے کہا کے جب تک دفعہ 370 بحال نہیں کیا جاتا تب تک وہ اِنتخابات میں حصہ نہیں لیں گی۔ اْنہوں نے کہا کے ملک میں بڑھتی بے روزگاری، مہنگائی اور رشوت خوری کو ختم کرنے میں بی جے پی مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔سابقہ وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کے مسلے کا پْر امن حل اشد ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھاجپا کی مرکزی سرکار نے ریاستی عوام کو سبز باغ دکھا کر دفعہ 370 کو منسوخ کر دیا تھا لیکن زمینی سطح پر تعمیر وترقی کا کوئی نام و نشان موجود نہیں ہے۔ محبوبہ مفتی نے شاہدرہ کے مقام پر پارٹی کارکنوں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ انتخابات میں حصہ لینا ان کا مقصد نہیں بلکہ جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن کی بحالی ان کا مشن ہے۔موصوفہ نے کہاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے جموں وکشمیر کے سلسلہ میں اٹھائے گئے قدم کے بعد افراتفری کا ماحول پیدا ہوا ہے جبکہ یہاں کے عوام ہر طرح کے مسائل کا شکار ہو گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مرکزی سرکار نے غیر آئینی طور پر جموں و کشمیر کی شناخت کو ختم کر کے ریاست کے ٹکڑے کئے ہیں۔محبوبہ کا کہنا تھا کہ مرکزی سرکار یہ دعو یٰ کر رہی تھی کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر میں ترقی کی راہیں ہموار ہوں گی لیکن دفعہ کی منسوخی کے بعد یہ نعرہ پوری طرح سے جھوٹ ثابت ہوا۔موصوفہ نے کہا کہ کرپشن پہلے سے زیادہ بڑھ گیا ہے۔انہوں نے کہا لوگوں کو اپنی ہی زمینوں سے بے دخل کیا جا رہا ہے۔ پی ڈی پی صدر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں مزدور سے ملازم تک باہر سے لوگ آ رہے ہیں اور ترقی کا کہیں بھی نام و نشان نہیں ہے۔ اور پھر کہا جارہا ہے کہ دفعہ 370 ترقی یقینی بنانے کے لئے ہٹایا گیا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ اگر چہ میری آواز کو دبانے کیلئے ہر طرح کا دباؤ اور ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں تاہم ہم سب کو بیک آواز ریاست کی خصوصی حیثیت کی بحالی کیلئے لڑنا ہے کیونکہ جموں و کشمیر میں ایک پائیدار اور باعزت حل ہونا چاہیے جس میں خود حکمرانی، مذاکرات اور مفاہمت شامل ہیں۔
تھنہ منڈی میں 4منشیات سمگلر گرفتار
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کے منیال گلی علاقے میںجموں وکشمیر پولیس نے ایک کارروائی کے دوران 4منشیات سمگلروں کو گرفتارکرلیا ہے ۔ ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر فرید احمد چوہدری کی سربراہی میں پولیس پارٹی نے منشیات کے خلاف ایک منظم مہم کے تحت منیال گلی علاقے میں ایک مصدقہ اطلاع کی بنا پر ایک ناکے کے دوران 4 منشیات سمگلروں کو دو الگ الگ گاڑیوں سے گرفتار کر لیا ہے، جن کی شناخت شکیل احمد ولد فیض محمد سکنہ ہاڑی سرنکوٹ ، سورو کمار ولد راجندر کمار سکنہ مراد پور راجوری ، وینت سیال ولد اوم پرکاش سکنہ سلانی پل راجوری اور پرویز احمد ولد عبدالعزیز سکنہ سیڑھی خواجہ پونچھ کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس حکام نے تلاشی کے دوران گاڑی نمبر JK11A – 4091 اور JKO2AJ -4441 میں سوار ملزمان کی تحویل سے بتدریج 43 اور 42 گرام ہیروئن برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔اس سلسلے میں ، این ڈی پی ایس ایکٹ کی ایف آئی آر 195/2021 u/s 8/21/22 کے تحت پولیس اسٹیشن تھنہ منڈی میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے اور مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
منگلناڑ ۔ڈھک سڑک کا حال بے حال
پرویز خان
منجا کوٹ //منجا کوٹ تحصیل کے منگلناڑ علاقہ سے ڈھک سڑک انتہائی خستہ حال ہونے کی وجہ سے مقامی لوگوں کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مکینوں نے متعلقہ حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ایک بارش میں ہی سڑک کی نالیاں پوری طرح سے بند ہو گئی ہیں جس کی وجہ سے جہاں عام لوگوں و ٹرانسپورٹروں کو دوران آمد ورفت مسائل درپیش ہیں وہائیں بارش کے پانی کی وجہ سے لوگوں کی زمینیں و رہائشی مکانات بھی تباہ ہو رہے ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے سرحدی علاقوں کی تعمیر و ترقی کی جانب دھیان ہی نہیں دیا جارہاہے جبکہ لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم ہی نہیں ہیں جس کی وجہ سے ان کی دقتوں میں مزید اضافہ ہو تا جارہا ہے ۔مقامی سرپنچ محمد ممتاز نے بتایا کہ نالیاں بند ہونے کی وجہ سے اب پانی سکول کی عمار ت کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کی جلدازجلد مرمت کروائی جائے ۔
سرنکوٹ میں رابطہ سڑکیں بدحالی کا شکار | حالیہ کئی عرصہ سے مرمت ہی نہیں ہو سکی
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سب ڈویژن سرنکوٹ میں مختلف محکموں کے زیر تحت تعمیر ہونے والی رابطہ سڑکیں انتہائی خستہ ہوتی جارہی ہیں جبکہ ان کی مرمت کے سلسلہ میں کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سب ڈویژن کی مختلف رابطہ سڑکیں حالیہ کئی عرصہ سے مرمت کی منتظر ہیں لیکن محکموں کو اس سلسلہ میں جانکاری ہونے کے باوجود بھی اس سلسلہ میں کوئی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔غور طلب ہے کہ سب ڈویژن میں محکمہ پی ایم جی ایس وائی ،محکمہ پی ڈبلیو ڈی اور محکمہ تعمیرات عامہ کے زیر تحت کئی رابطہ سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں لیکن گزشتہ کئی برسوں سے نہ توان سڑکوں پر پڑے ہوئے کھڈوں کر بھرا گیا ہے اور نہ ہی نالیوں و حفاظتی باندھ کی تعمیر عمل میں لائی جاسکی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بلاک بفلیاز پوشانہ درابہ بفلیاز پھاگلہ منڈی سی آر ایف روڈ ،سنئی دھندک مڑہوٹ کے علاوہ کئی سڑکیں اس وقت کھڈوں میں تبدیل ہو چکی ہیں جبکہ ان رابطہ سڑکوں کی نالیوںکا کوئی نام و نشان ہی نہیں ہے ۔غور طلب ہے کہ کئی ایک رابطہ سڑکوں پر بجری بچھانے کے بعد یوں چھوڑدیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑکوں کو معیاری بنانے کیلئے عملی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں ۔
کرماڑہ رابطہ سڑک کا افتتاح کیا گیا
حسین محتشم
پونچھ//بھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلع صدرانجینئر محمد رفیق چستی نے گائوں کرماڑہ کے وارڈ نمبر ایک سے چار کوجانے والی سڑک کا افتتاح کیا گیا ۔اس سڑک پر حال ہی میں محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے تارکول بچھا ئی گئی تھی ۔اس موقعہ پر نائب سرپنچ محمد رشید اور مقامی لوگوں نے مرکزی حکومت و لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کا شکریہ اد کرتے ہوئے کہاکہ دیہات میں ان کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے کام کیا جارہا ہے ۔انہوں نے بھاجپا ضلع صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وہ عرصہ دراز سے سڑک کی تعمیرات کا مطالبہ کر رہے تھے آخر کار ان کی مانگ پوری کی گئی۔انھوں نے کہا کہ جنگ بندی معاہدہ کے بعد جب سے ہندوپاک افواج میں گولہ باری کے سلسلے پر قدغن لگا ہے وہ راحت کی سانس لے رہے ہیں۔ اور ان کے گائوں میں تعمیرو ترقی کے کام بھی ہونے لگے ہیں۔اس دوران محمد رفیق چستی نے لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ ان لوگوں کو سہولیات فراہم کروانے کی ہر ممکن کوشش جاری رکھیں گے۔انھوں نے لوگوں کو بھارتیہ جنتاپارٹی کو مضبوط بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سرکار نے ہندوستان کی ترقی میں اہم رول ادا کرتے ہوئے پچھلے چند سالوں میں وہ کام کئے ہیں جو دوسری حکومتی ستر سالوں میں نہیں کر پائی تھی۔انھوں نے کہا کہ ان کی پارٹی وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں عوامی کام انجام دے رہی ہے۔
کوٹر نکہ مین چوک ۔بڈھال پلی سڑک انتہائی خستہ | لوگوں نے متعلقہ محکمہ پر غفلت شعاری کا الزام لگایا
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر کوٹرنکہ کے مین چوک سے بڈھال پلی تک سڑک کی انتہائی خراب حالت کی وجہ سے مقامی لوگوں ،ٹرانسپورٹروں و تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکموں پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کی بہتری کیلئے کوئی عملی کام ہی نہیں کیاجارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ حالیہ کئی عرصہ سے سڑک کھڈوں میں تبدیل ہوئی ہے جبکہ اس سلسلہ میں اعلیٰ حکام سے ملا قاتیں کرنے و جانکاری فراہم کرنے کے باوجود بھی ان کو بنیادی سہولیات ہی فراہم نہیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ سڑک کو معیاری بنانے کیلئے کئی مرتبہ تحصیلدار کوٹرنکہ ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ محکمہ کے اسسٹنٹ ایگز یکٹو انجینئر کے علاوہ دیگر آفیسران سے شکایتیں کی گئی ہیں لیکن ابھی تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جاسکا ہے ۔ٹرانسپورٹروں و مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سڑک پر پڑے ہوئے کھڈوں کو جلدازجلد بند کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔
ٹیچرز جوائنٹ ایکشن کمیٹی سرنکوٹ کا احتجاج
بختیار کاظمی
ُپونچھ// ٹیچر جائنٹ ایکشن کمیٹی سرنکوٹ نے زونل ایجوکیشن آفسر سرنکوٹ کے دفتر کے باہر زبردست احتجاج مظاہرہ کیا ۔صدر سید شاہنواز کاظمی کی قیادت میں کئے گئے احتجاج کے دوران تحصیل صدر بدرالدین راتھر و زونل صدر سید محمد یوسف شاہ اور دیگر مقررین بھی مو جود تھے جنہوں نے احتجاج کے دوران زونل ایجوکیشن افسر سرنکوٹ پر الزام لگایا کہ وہ اپنے فرائض منصبی انجام نہیں دے رہے ہیں اور بلا وجہ سرنکوٹ کے اساتذہ کو پریشان کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں اساتذہ کی ایک سنیارٹی لسٹ بنائی گئی ہے جس میں بہت سارے اساتذہ کو نظر انداز کیا گیا ہے اور جو نام لکھے گئے ہیں وہ بھی غلط لکھے گئے ہیں۔انھوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ آفیسر موصوف باہر سے کچھ افراد کو لا کر کام کروا رہے ہیں جبکہ مذکورہ دفتر میں تعینات کسی بھی ملازمین سے کام نہیں لیاجارہا ہے ۔انہوں نے بتایاکہ اس سلسلہ میں متعلقہ آفیسر سے رجوع کرنے کے باوجود بھی کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا جس کی وجہ سے انہوں نے احتجاج کا راستہ اختیار کیا ہے ۔حتجاج میںچوہدری نور احمد ،شبیر خواجہ ،آصف احمد ،عبدالہادی ،محمد فاروق ،سید شاہنواز ،شبیر احمد ،محمد اکرم ،سجاد حسین شاہ موجود تھے۔
ساوجیاں والی بال چمپئن شب اختتام پذیر
عشرت حسین بٹ
منڈی//ضلع پونچھ کے سرحدی علاقہ ساوجیاں گلی میدان میں فوج کی جانب سے منعقدہ والی بال چمپئن شب اختتام پذیر ہوگئی ہے ۔چمپئن شپ کا فائل میچ سنیچر کو پولیس کلب ساوجیاں اور خالی کلب جالیاں کے درمیان کھیلا گیا جس میں خاکی کلب جالیاں نے میچ جیت کر چمپئن شپ اپنے نام کر لی ۔فائل میچ کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں فوج کے بریگیڈ کمانڈر بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے ۔ٖغور طلب ہے کہ مذکورہ علاقہ گزشتہ کئی عرصہ سے پاکستانی افواج کی فائرنگ کی زد میں رہا ہے جس کی وجہ سے مذکورہ علاقہ میں عام لوگوں کا نقصان بھی ہوا ہے ۔مقامی لوگوں نے فوج کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی دہائیوں سے عام لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے میں سیکورٹی فورسز ایک اہم رو ل ادا کررہی ہیں ۔ اس موقعہ پر پونچھ کے راہول دراویڈ کرکٹ اکیڈمی کے چیئر مین پرویز ملک آفریدی بھی موجود تھے جنہوں نے فوج کے کام کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ فوج کی جانب عام لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کیساتھ ساتھ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کیلئے بہترین پلیٹ فارہم مہیا کیا جارہا ہے ۔مکینوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ بھی فوج مقامی نوجوانوں کیلئے مذکورہ سہولیات فراہم کرتی رہے گی ۔
ہائر سکینڈری سکول منڈی میں سمپوزیم کا نعقاد
عشرت حسین بٹ
منڈی//گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول بوائز منڈی میں پہلے وزیر اعظم ہند پنڈت جواہر لال نہرو پر ایک سمپوزیم کا اہتمام کیا گیا ۔ انچارج کلچرل سیل منڈی ماسٹر اکبر علی بانڈے کی جانب سے منعقدہ پروگرام کے دوران دوران بچوں نے پنڈت جواہر لال نہرو کی ادبی خدمات اور تعلیمی حوالے سے مکالے پیش کئے۔ اس دوران مقابلہ جاتی پروگرام میں لیکچرر محمد اعظم خان نے جج کے فرائض انجام دئیے جبکہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے ۔ماسٹر اکبر علی بانڈے نے پروگرام منعقد کروانے کے سلسلہ میں سکول منتظمین کی جانب سے فراہم کردہ تعاون کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے بچوں کو تلقین کرتے ہوئے کہاکہ بہتر مستقبل کیلئے وہ معیاری تعلیم حاصل کریں ۔
پونچھ ضلع میں نائب تحصیلداروں کی تقرریاں و تبدیلی | حسین محتشم+جاوید اقبال +بختیار کاظمی
ُپونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں انتظامیہ کی جانب سے نائب تحصیلداروں کی تبدیلیاں و تقریریاں عمل میں لائی گئی ہیں ۔انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے تحت محمد افضل نے نائب تحصیلدار حویلی پونچھ کے عہدے کاچارج سنبھالا ۔محمد افضل سنیچر وار کو تحصیلدار حویلی کے دفتر پہنچے جہاں تحصیلدار حویلی اور نائب تحصیلداران نے ان کا استقبال کیا۔اس دوران تعارفی اجلاس ہوا جس دوران انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ محمد افضل نے اس دوران کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام سے جڑے کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے اور بہتر سے بہتر سہولیات عوام کو فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔انھوں نے کہا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت نے جو بھروسہ ان پر کیا ہے وہ اسے پورا کرنے کی کوشش کریں گے ۔اسی طرح مینڈھر میں حال ہی میں انتظامیہ کی جانب سے تعینات کئے گئے نئے نائب تحصیلدار مکیش سنگھ نے اپنا چارج سنبھال لیا ہے ۔انتظامیہ کی جانب سے حال ہی میں 2020-21بیچ کے نائب تحصیلدار کو مینڈھر میں تعینات کیا تھا جس کے بعد آفیسر موصوف نے گزشتہ روز اپنا کام کاج سنبھالا ۔مقامی لوگوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر میں نئے تعینات ہوئے آفیسر کی آمد کے بعد محکمہ کیساتھ ساتھ عام لوگوں کو بھی سہولیات دستیاب ہونگی ۔انہوں نے آفیسر موصوف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے ۔اس کے علاوہ سرنکوٹ میں نائب تحصیلدار سرنکوٹ کے تبادلے کے سلسلہ میں ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مقامی آفیسران و معززین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔غور طلب ہے کہ سابقہ نائب تحصیلدار سرنکوٹ تعارف حسین شاہ کا تبادلہ کر کے کٹھوعہ ضلع میں تعینات کیا گیا ہے ۔اس سلسلہ میں منعقدہ پروگرام میں مقررین نے آفیسر موصوف کت کام کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے عوام کو بہتر سہولیا ت فراہم کرنے کیلئے محنت و لگن کیساتھ کام کیا ہے ۔اس تقریب میں سیول سوسائٹی اراکین کیساتھ ساتھ وکلاء و دیگر تنظیموں کے اراکین نے شرکت کی ۔آفیسر موصوف نے مقامی لوگوں کا شکریہ ادا بھی کیا ۔
درہ دلیاں میں کسانوں کیلئے آگاہی پروگرام منعقد | حسین محتشم
پونچھ// پونچھ کے گائوں درہ دلیاں میں محکمہ زراعت کی جانب سے کسان آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا ۔اس دوران محکمہ کے افسران اور دیگر ماہرین نے محکمہ زراعت کی جانب سے کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھائے جا رہے اقدامات کے حوالے سے شرکاء کو جانکاری فراہم کی جبکہ کسانوں کو حکومت کی مختلف سکیموں کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی۔کیمپ کے دوران کسانوں کو زراعت سے متعلق جانکاری بھی فراہم کی گئی۔محکمہ کے آفیسر ن نے بتایا کہ محکمہ کسانوں کی ترقی کیلئے کوشاں ہے۔ اکثر کسانوں کو حکومت کی مختلف سکیموں کے بارے میں جانکاری نہیں ہوتی جبکہ اب محکمہ کسانوں کو مختلف سکیموں کی جانکاری فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔
مفتی فاروق مصباحی نے سینک کنٹین کا افتتاح کیا
حسین محتشم
پونچھ// امام و خطیب مرکزی جامع مسجد پونچھ مفتی فاروق احمد مصباحی نے پونچھ کے سوکھا کٹھہ میں سینک کنٹین کا افتتاح کیا۔اس موقعہ پر مقامی لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔اس سلسلہ میں مختصر تقریب کااہتمام کیا گیا جہاں خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ اس کنٹین کو لوگوں کو جائز اور مناسب نرخوں پر اشیاء دستیاب کرنے کے لئے کھولاگیا ہے۔انھوں نے بتایا کہ کنٹین کے مالک نے انھیں بتایا کہ بی ایس ایف اور فوج کی کنٹین میں عام لوگ نہیں جا پاتے ہیں اس لئے انھوں نے ایسے لوگوں کی سہولت کے لئے یہ کنٹین کھولنے کا فیصلہ کیا۔انھوں نے کہا کہ اگر یہاں لوگوں کو مناسب نرخوں پر سامان دستیاب ہوگا تو یہ بہت بڑاکام ہوگا۔انھوں نے امید ظاہر کی کہ کنٹین اچھی چلے گی اور لوگ اس سے مستفید ہوں گے۔
بریگیڈیر پریتم سنگھ کی یاد گار کے ارد گرد صفائی کی گئی
حسین محتشم
پونچھ// وزیر اعظم ہند نریندر مودی کی 71 ویں سالگرہ کے موقع پر سیوا ہی سمرپن پروگرام کے تحت پونچھ کے بھارتیہ جنتا پارٹی لیڈران اور کارکنان کی جانب سے سنیچر وار کو بریگیڈیئر پریتم سنگھ کی یاگار کے ارد گرد صفائی مہم کا اہتمام کیاگیا۔اس موقع پر سابق ایم ایل سی پردیپ شرما، پرمجیت سنگھ جنرل سکریٹری ، کیپٹن اشوک کمار ضلع نائب صدر ، کیپٹن بنسی لال سابق پارٹی صدر ، ابھینندن پردھان (اربن منڈل) پونچھ ،گرچرن سنگھ ممبر ویجیلنس کمیٹی ، لوتھرا ممبر ویجیلنس کمیٹی ،بابو لال صدر ایس سی مورچہ ، منجیت سنگھ بوت صدر وارڈ نمبر 5 ، روہت گل بوتھ صدر وارڈنمبر 4 ، منجیت سنگھ ڈسٹرکٹ میڈیا سکریٹری ، راج کمار ، اشیش کمار ، سریش کمار سینئر پارٹی لیڈر اور پارٹی کے متعدد کارکن موجود تھے۔