میاں بشیر لاروی کے چہلم کی مناسبت سے عرس کا انعقاد
جاوید اقبال
مینڈھر //میاں بشیر لاروی کے چہلم کی مناسبت سے مینڈھر کے دارالعلوم غوثیہ نظامیہ وکلیۃ البنات الغوثیہ نزد سٹیٹ بینک آف انڈیامیں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ناظم اعلیٰ مولانا محبوب احمد نقشبندی کی محنت و کاوش سے منعقدہ تقریب میں مینڈھر کیساتھ ساتھ ضلع پونچھ کی دیگر جگہوں سے علماء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔علماء نے اپنے خطاب کے دوران میاں بشیر احمد لاروی کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ امت مسلمہ کو کامیاب زندگی بسر کرنے کے لئے اولیاء کرام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے ۔پروگرام کو مختلف نشستوں میں تقسیم کا گیا تھا جن میں سید بشارت رضوی سربراہ اعلی جامعہ رضویہ سرنکوٹ،اہلسنت شاہی خطیب، خطیب پونچھ مولانا مفتی فاروق حسین مصباحی نے صدرات کے فرائض انجام دئیے ۔علماء نے کہاکہ مسلک اعلی حضرت کی صحیح ترجمانی کرتے ہوئے دعوت فکر دی اس وقت پر ضرورت اس بات کی ہے کہ دین کا عام کرنے کیلئے اپنا رول ادا کیا جائے ۔اس پروگرام میں خطیب جموں کشمیر مولانا عبدالرشید نعیمی ،خطیب جامع مسجد نکر مینڈھر مولانا سید اخیار حسین شاہ، خطیب جامع مسجد دربار چھوٹے شاہ ،مولانا مختار احمد علیمی خطیب جامع مسجد فیضانِ اعلی حضرت بھاٹی دھار ،مولانا جاوید رضا خطیب جامع مسجد ساغرہ، مولانا اشفاق احمد نعیمی خطیب جامع مسجد شیپ فارم مینڈھر کیساتھ ساتھ دیگر علماء و مذہبی سکالروں نے شرکت کی ۔
مفتی فیض الوحید کی حیات و خدما ت پرسیمینار منعقد
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر میں مولانا فیض الوحیدکی حیات و خدما ت کے عنوان سے ایک سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔مولانا فتح محمد کی کاوشوں اور کوششوں کے باعث تین مجلسوں پر مشتمل سیمینارمیں ریاست بھر کی دینی عبقری،سیاسی و علمی شخصیات نے شرکت کی۔سنیچر کو منعقدہ پروگرام کے دوران علماء نے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے مفتی فیض الوحید کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔دوسری مجلس میں صوبہ گجرات کی دینی و رحانی شخصیت مولانا صلاح الدین سیفی نے اصلاحی گفتگو کی جو کہ وقت کا اہم تقاضا اور معاشرے کی بنیادی ضرورت میں شامل ہے ۔اسی سلسلہ میں اس سیمینار کی تیسری مجلس 19ستمبر کو منعقد کی گئی جس میں ریاست و بیرون ریاست کے سینکڑوں علماء نے شرکت کی اور خصوصاً سیاسی و سماجی شخصیات کی موجودگی میں مجلس میں مزید نکھا پیدا کردیااس آخری مجلس میں مہمان خصوصی کے طور پر پیر طریقت مولانا صلاح الدین سیفی کا انتخاب عمل میں آیا۔ اس آخری مجلس میں سابق ایم ایل اے و ایم ایل سی مینڈھر جاوید احمد رانانے بھی شرکت کی ۔انہوں نے اپنے تاثرات کا اظہار بھی کیا ۔اس دوران دینی دانشگاہ داراالعلوم رحیمیہ بانڈی پورہ کے بزرگ استاذ سید مولانا اسحاق نازکی کی کتاب ذکر جمیل بفیض وحید کا اجراء ہو۔ا اس کتاب میں مولانا نے مفتی فیض الوحید مرحوم کے حالات زندگی کوقلمبند کیا ۔اس کے علاوہ ضلع پونچھ کے نامور ادارے کے حید استاد حافظ مقصود احمد ضیائی کی تصنیف ’’سنگلاخ وادیوں کا مردآہن‘‘ جو مولانا مرحوم کے حالات زندگی پر مشتمل ہے کا اجراء بھی عمل میں آیا۔ اس کے علاوہ پہاڑی زبان میں قرآن مجید کا خوبصورت ترجمہ جسے کپواڑہ ضلع کے ایک ماہر عالم دین مولا نا شفیق الرحمن قاسمی نے مرتب کیا۔اس ترجمہ قرآن کا رسم اجراء بھی اسی آخری اور بابرکت مجلس میں کی گئی ۔ جامعہ ضیاء العلوم پونچھ کے نائب مہتمم اور تنظیم علمائے اہلسنت والجماعت ضلع پونچھ کے صدر مولانا سعید احمد حبیب نے مولانا کے کارناموں اور مولانا کی قابلیت کی ذکرکرتے ہوئے مرحوم کی مادر علمی دارالعلوم دیوبند کی خدمات اور بانی دارالعلوم مولانا قاسم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور آخر میں مہمان خصوصی اور اس مجلس کی رونق مولانا صلاح الدین سیفی صاحب اطا ل اللہ عمرہ کا کلیدی خطاب ہوا ۔
تھنہ منڈی مسجد میں علماء کی میٹنگ
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی //جامع مسجد تھنہ منڈی میں علما ء کی جانب سے ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میں علماء و دیگر اراکین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ سید اطہر حسین شاہ کی قیادت میں منعقدہ اجلاس میں علمائے کرام نے اولیائے کرام کی تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے میاں بشیر احمد لاروی کی سیاسی سماجی اور دینی خدمات کو یاد کیااور ان کی حتمی بخشش و مغفرت کیلئے دعا کی گئی۔اس موقع پرحافظ محمد نصیر الدین نقشبندی نے کہا کہ ماہ ربیع الاول کی آمد آمد ہے، یہ مبارک ماہ شروع ہوتے ہی عالم اسلام کی طرح تھنہ منڈی میں بھی جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تیاریوں کا سلسلہ جاری کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ میلادالنبی ؐمیں عاشقان رسولؐ کا جوش و خروش قابلِ دید ہوتا ہے۔انھوں نے کہا کہ چونکہ اس وقت لوگ اپنے اپنے کاموں میں بے حد مصروف ہیں لہٰذا 12 روزہ محافلِ میلادؐکا انعقاد زیر غور ہے جس کے تحت یکم ربیع الاول تا 12 ربیع الاول روزانہ بعد نمازِ مغرب تا عشا سب ڈویژن تھنہ منڈی کی تمام مساجد میں محفل میلاد کا انعقاد کیا جائے گا۔ مولانا نقشبندی نے کہا کہ ہر سال ماہ ربیع الاول کے آغاز کے ساتھ 12 روزہ محافلِ میلاد ؐمنعقد کی جاتی ہیں ۔انھوں نے کہا کہ 12 روزہ محافل میلادمصطفیٰ میں ہر دن ایک موضوع پر خطاب ہوتا ہے چنانچہ اس مقصد کے تحت عالم باعمل مفتی منظور احمد نعیمی سرینگر، کو دعوت دی جائے گی۔ اس موقع پر نوجوان عالم دین حافظ محمد اسحاق خان نے اولیاء کرام کی شان میں سیر حاصل گفتگو کی اور مزید کہا کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے جلوسوں اور رات کے وقت کئے جانے والے پروگراموں میں کسی قسم کی غیر شرعی حرکات سے مکمل اجتناب کیا جائے اور شریعت کی حدود میں رہتے ہوئے احسن طریقے سے میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا جشن منایا جائے۔
نوجوان پانی میں ڈوب کر لقمہ اجل
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے اڑی علاقہ کا ایک نوجوان دریا میں نہاتے وقت ڈوب کر لقمہ اجل بن گیا ۔اہل خانہ نے بتایا کہ محمد ساحل ولد عبدالقیوم سکنہ اڑی عمر 16برس اپنے چھوٹے بھائی کے ہمراہ اڑی کے مقام پر مینڈھر نالے میں نہاتے وقت پانی میں ڈوب کیا تاہم چھوٹے بھائی کی جانب شور و غل کے بعد علاقہ کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد جمع ہو گئی جنہوں نے مذکورہ نوجوان کو پانی سے نکال کر مینڈھر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹروں نے معائینہ کے بعد نوجوان کو مردہ قرار دے دیا ۔پولیس کی موجود گئی میں کی گئی جانچ کے بعد تمام لورزامات مکمل کرنے کے بعد لاش کو آخری رسومات ادا کرنے کیلئے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا ۔
نجی سکول ایسوسی ایشن کی ضلع باڈی تشکیل
پرویزخان
منجا کوٹ //ضلع راجوری میں نجی سکول ایسوسی ایشن تشکیل دی گئی ۔اس سلسلہ میں نجی سکول اراکین کا ایک اجلاس راجوری میں منعقد ہوا جس میں اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اجلاس کے دوران آپسی رائے کی بنیاد پر سجاد احمد طارق کو نجی سکول ایسوسی ایشن کا ضلع صدر منتخب کر لیا گیا ۔نئی تشکیل شدہ باڈی میں پرویز احمد چوہدری کو ضلع سیکریٹری منتخب کیا گیا ۔نجی سکولوں کے اراکین نے نئی منتخب باڈی میں شامل نئے اراکین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی موجود گی میں نجی سکولوں کے مسائل کو اعلی ٰ حکام تک پہنچانے میں مدد ملے گی ۔
نوجوان کیلئے فوج کا کرکٹ ٹورنا منٹ
محمد بشارت
کوٹرنکہ //فوج کی جانب سے سب ڈویژں کوٹرنکہ کے نوجوانوں کیلئے ایک کرکٹ ٹورنا منٹ کا اہتمام کیا گیا ۔اس سے قبل بھی فوج کی جانب سے سرحدی ضلع راجوری کیساتھ ساتھ جموں وکشمیر کے دیگر اضلاع میں کھیلوں کیساتھ ساتھ تمدنی و ثقافتی سرگرمیوں کا اہتمام بھی کیاجاتارہا ہے جن میں مقامی لوگوں کیساتھ ساتھ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیاہے ۔اسی سلسلہ میں فوج کی جانب سے درہال ،کوٹرنکہ اور بدھل علاقوں کے نوجوانوں کیلئے ایک کرکٹ ٹورنا منٹ کا اہتمام کیا تاکہ وہ پڑھائی کیساتھ ساتھ کھیلوں کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں ۔ٹورنامنٹ میں درہال ،کوٹرنکہ ،بدھل اوت چسانہ کی ٹیموں کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔
پی ڈی پی جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے لوگوں کا شکریہ ادا
محمد بشارت
کوٹرنکہ //گزشتہ دنوں سب ڈویژن کوٹرنکہ میں پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کے جلسے میں لوگوں کی بھاری شرکت کے لئے پارٹی لیڈران نے کارکنوں و معززین کا شکریہ ادا کیا ہے ۔یہاں جاری ایک بیان میں پارٹی لیڈران نے کہاکہ سب ڈویژن کے مختلف پسماندہ علاقوں سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے پارٹی کے جلسے میں شرکت کی جبکہ کئی وفود نے عوامی مسائل کے بارے میں پارٹی صدر کو تفصیلی جانکاری فراہم کی ۔پارٹی لیڈرا ن نے کہاکہ سب ڈویژن کے مختلف علاقو ں سے پندرہ سو سے زائد کارکنوں و معززین نے محمد فاروق انقلابی ایڈووکیٹ تعظیم ڈار ، ایڈووکیٹ احسان مرزا ، ایڈوکیٹ شوکت چوہدری ، ماسٹر تصدق حسین ، آصف بھٹ ، بشیر چشتی ، شکور شاکر اور رنجیت سنگھ کی قیادت میں محبوبہ مفتی کا شاندار استقبال کیا ۔پارٹی کے مقامی لیڈران نے کارکنوں و مقامی معززین کا شکریہ ادا کیا ۔
رجاڑہ میں عوام کیلئے رابطہ سڑک دستیاب نہیں | مکینوں نے ضلع انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سرنکوٹ کے دور افتادہ علاقہ رجاڑہ میں جہاں مکینوں کیلئے بنیادی سہولیات دستیاب نہیں ہیں وہائیں رابطہ سڑک تعمیر نہ ہونے سے تنگ آکر مکینوں نے ضلع انتظامیہ کیخلاف شدید احتجاج کیا ۔مظاہرین نے کہاکہ رجاڑہ گائوں میں کم از کم چار ہزار سے زائد آبادی موجود ہے تاہم ضلع انتظامیہ نے آزادی کے بعد سے ابھی تک گائوں کو رابطہ سڑک کیساتھ جوڑنے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا ہے ۔انہوں نے کہاکہ رابطہ سڑک کے سلسلہ میں کئی مرتبہ متعلقہ محکموں ،ضلع انتظامیہ کیساتھ ساتھ عوامی نمائندوں کیساتھ ملا قاتیں کر چکے ہیں لیکن ہر مرتبہ ان کو جھوٹی یقین دہانیاں دے کر واپس بھیج دیا جاتا ہے لیکن ابھی تک رابطہ سڑک کی تعمیر عمل میں ہی نہیں لائی جاسکی ۔انہوں نے بتایا کہ سرنکوٹ سے بیس کلو میٹر کی دوری پر آباد گائوں کے مکین اکثر پیدل سفر کر کے دیگر علاقوں میں آنے والی رابطہ سڑکوں تک پہنچتے ہیں جبکہ مریضوں و حاملہ خواتین کو ہسپتالوں تک پہنچانے میں ان کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑتا ہے ۔انہوں نے سیاسی لیڈران کو تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مقامی لوگوں کو صرف ووٹ بینک کے طورپر استعمال کیا جاتا ہے ۔مظاہرین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پسماندہ گائوں کو رابطہ سڑک کے ساتھ جوڑا جائے تاکہ عام لوگوں کے مسائل کم ہو سکیں ۔
این سی کارکنوں نے بھاجپا میں شمولیت اختیار کر لی
عشرت حسین بٹ
منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل صدر مقام منڈی میں نیشنل کانفرنس سے جڑے متعدد کارکنوں نے سابقہ ممبر قانون ساز کونسل اور بھارتہ جنتا پارٹی کے سنیئر لیڈر پردیپ شرما کی قیادت میں نیشنل کانفرنس کو خیر آباد کہہ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔اس سلسلہ میں بھاجپا یونٹ کی جانب سے ڈاک بنگلہ منڈی میں ایک تقریب کا اہتمام کیا جس کے دوران نیشنل کانفرنس کے سنیئر لیڈر محمد اکرم لون کی قیادت میں نیشنل کانفرنس کو چھوڑ کر کے بھاجپا میں شمولیت اختیار کرلی ۔اس موقعہ پر محمد اکرم لون نے کہا کہ وہ اور ان کے متعدد ساتھی گزشتہ چالیس برس سے نیشنل کانفرنس پارٹی کے ساتھ منسلک تھے تاہم این سی کی عوام کش پالیسیوں سے تنگ آکر انہوں نے بھاجپا میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔انہوں نے کہاکہ این سی کی قیادت والی حکومت نے مذکورہ علاقہ کی تعمیر وترقی کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا جس کی وجہ سے انہوں نے اب بھاجپا میں جانے کا فیصلہ کیا ہے ۔بھاجپا لیڈر نے نئے آئے کارکنوں کا استقبال کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کارکنوں کی شمولیت سے پارٹی زمینی سطح پر مضبوط ہو گئی ۔
سرنکوٹ میں این سی کارکنوں کا اجلاس
سرنکوٹ //نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور سابق وزیر سید مشتاق بخاری کی قیادت میں پارٹی کارکنان کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں بڑی تعداد میں ارکان نے شرکت کی۔اس موقعہ پر کئی امور پر تبادلہ خیال ہواجہاں تنظیمی امور زیر بحث آئے وہیں موجودہ سیاسی صورتحال پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اپنے خطاب میں مشتاق بخاری نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ تنظیمی سرگرمیوں کو پھر سے شروع کریں اور گھر گھر جاکر نیشنل کانفرنس کی پالیسیوں اور پروگراموں کو عوام تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو گونا گوں مسائل کا سامنا ہے لیکن موجودہ انتظامیہ کوئی توجہ نہیں دے رہی،ایسے حالات میں ایک منتخب عوامی حکومت کا ہونا ضروری ہے لیکن اس سے قبل جموں و کشمیر کے چھینے گئے آئینی حقوق بحال کئے جائیں۔انہوں نے کہاکہ پارٹی کی طرف سے آئینی تشخص کی بحالی کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔ان کاکہنا تھا کہ پانچ اگست کی پوزیشن کی بحالی کیلئے کارکنان ہر اس ہدایت پر عمل کریں گے جو پارٹی قیادت کی طرف سے دی جاتی رہے گی۔
شہدائے کربلا کی یاد میں مجلس عزاکا انعقاد
حسین محتشم
پونچھ//امام بارگا سنئی میں سید الشہدائے کربلا اور دیگر شہدا کی یاد میں مجلس عزاء کا انعقاد کیا گیا جس میں عزداران امام حسین نے ضلع بھر سے بڑی تعداد میں شرکت کی۔واضح رہے کہ عزاداروں کی جانب سے اہل بیت(ع) کے ایام شہادت کے احیاء کے لئے خصوصی عزائی تقریبات اور مجالس کا انعقاد پہلی محرم سے لگاتار جاری ہے۔ اسی ضمن میں شہیدکربلا کی المناک شہادت کی یاد انجمن حیدری سنئی کی جانب سے مجلس عزا کا انعقاد کیاگیا۔مجلس کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا جس کے بعد نعت و قصیدہ سلام و نوحہ کے نزرانہ پیش کئے یہ مجلس عزا دو نشستوں میں منعقد اس دوران ذاکر اہلبیت سید ناصر جعفری،ماسٹراکبر علی انصاری، سید ظہیر عباس جعفری ایس ڈی پی او مینڈھر نے واقعہ کربلا کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور اہلبیت کے فضائل و مصائب بیان کئے۔مجلس عزا کے دوران خصوصی خطاب امام جمعہ و جماعت مرکزی علی علیہ السلام جامع مسجد پونچھ مولانا سید ظہور علی نقوی نے کیا۔انہوں نے کہا کہ مجالس حسینی ہمارے لئے ایک بڑی نعمت ہے اس کے لئے ہمیں شکر کے سجدے ادا کرنے چائیں۔انہوں نے کہا یہ جتنا بڑا کرم ہے اتنی ہی بڑی ذمہ داری ہم پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا ہم منسوب ہیں امام حسین سے اس لئے ہمیں ہر قدم سوچ سمجھ کر اٹھانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کربلا انسان کو حیست دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کربلاحیات جاوداں عطا کرتی ہے۔اس کے بعد امام علیہ السلام کے مصائب اور مشکلات کو یاد کرتے ہوئے نوحہ خوانی کی گئی۔ مجلس عزا کے اختتام پر دعا کی گئی اورتمام دنیا بالخصوص کرونا وبا کے خاتمے کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔
دبڑ میں ویٹرنری سنٹر قائم کرنے کی مانگ
رمیش کیسر
نوشہرہ // سب ڈویژن نوشہرہ کے دبڑ علاقہ کے مکینوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ دبڑ گائوں میں مویشیوں و بھیڑ بکریوں کیلئے طبی سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ پسماندہ علاقہ کے کسانوں کو گائوں میں ہی سہولیات میسر ہو سکیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ گزشتہ 70برسوں سے علاقہ میں مویشیوں کیلئے سنٹر کا قیام عمل میں لانے کیلئے مانگ کی جارہی ہے لیکن ابھی تک ان کی مانگ پوری ہی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے سالانہ کسانوں کے درجنوں مویشی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو کر لقمہ اجل بن جاتے ہیں ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ علاقہ میں چھ سو سے زائد کنبے آباد ہیں جبکہ ان میں سے بیشتر لوگ کھیتی باڑی اور مویشیوں کے پالن کیساتھ وابستہ ہیں ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ علاقہ میں جلداز جلد مویشیوں کیلئے ایک طبی سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائے ۔
اے ڈی سی دفتر آئی ٹی آئی عمارت میں قائم | سندر بنی میں عمارت کی جلد تعمیر کا مطالبہ
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن سندر بنی میں اے ڈی سی دفتر کیلئے 7برسوں بعد بھی عمارت کی تعمیر نہیں ہوسکی جس کی وجہ سے مذکورہ دفتر کو آئی ٹی آئی کی عمارت میں قائم کیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک عمارت کی تعمیر کو منظوری ہی نہیں دی گئی جس کی وجہ سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سندر بنی کے دفتر کو محض آئی ٹی آئی کے تین کمروں میں قائم کیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ یونین ٹریٹری میں تعمیر وترقی کے بڑے بڑے دعوئے کئے جارہے ہیں لیکن زمینی سطح پر کئی بڑے آفیسروں کے دفاتر کی عمارتیں بھی تعمیر نہیں کی جاسکی ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلدازجلد سندر بنی میں اے ڈی سی دفتر کی عمارت کی تعمیر عمل میں لائی جائے ۔
دبڑ گائوں میں طبی کیمپ لگایا گیا
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے گائوں دبڑی میں سیوا بھارتی نامی تنظیموں کی جانب سے ایک طبی کیمپ کا اہتمام کیا گیا جسکے دوران مقامی لوگوں کا مفت معائینہ کرنے کیساتھ ساتھ ان کو ادویات بھی فراہم کی گئیں ۔اس سلسلہ میں ڈاکٹروں کی ایک ماہر ٹیم نے مقامی بزرگوں کیساتھ ساتھ خواتین و دیگر مریضوں کا معائینہ کیا ۔تنظیم کے کارکنوں نے بتایا کہ اس طبی کیمپ کے دوران 302افراد کا طبی معائینہ کرنے کیساتھ ساتھ ان کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں ۔دبڑ علاقہ کے پنچایت گھر میں قائم کر دہ طبی کیمپ کے دوران ڈاکٹروں نے عام لوگوں کو کووڈ کے سلسلہ میں بیدار کرتے ہوئے ان کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی تلقین کی ۔