مشکوک نقل وحرکت کی اطلاع | نوشہرہ کے سرحدی دیہات میں تلاشی مہم شروع
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژں نوشہر ہ کے سرحدی دیہات میں مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز کی جانب سے ایک تلاشی مہم شروع کر دی گئی ہے ۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ سب ڈویژن کے بیری پتن علاقہ کے کچھ سرحدی دیہات میں مکینوں نے چار سے پانچ مشکوک افراد کو فوج کی وردی میںدیکھ کر پولیس کو اطلاع فراہم کی جس کے بعد کئی سرحدی دیہات میں فوج اور پولیس کی مشترکہ ٹیم کی جانب سے ایک تلاشی مہم شروع کر دی گئی ہے ۔غور طلب ہے کہ نوشہرہ سب ڈویژں کے سرحدی علاقو ں میں اس سے قبل بھی کئی مرتبہ مذکورہ نوعیت کے واقعات رونما ہو چکے ہیں جبکہ سندر بنی میں ایک مرتبہ ملی ٹینٹوں کی ہلاکت بھی ہوئی ہے ۔سیکورٹ فورسز نے بیری پتن ،سماہ ،سیال ،کلائی ودیگر ملحقہ علاقوں میں بڑی پیمانے پر تلاشی مہم شروع کر دی ہے جبکہ آخری اطلاع موصول ہونے تک مذکورہ مہم مسلسل جاری تھی ۔
سماجی کارکن کامینڈھر دورہ | مہلوک بابو رام کے اہل خانہ سے ملا قات کی
جاوید اقبال
مینڈھر //سماجی کارکن وکاس منہاس نے مینڈھر سب ڈویژن کا دورہ کرتے ہوئے مہلوک پولیس اے ایس آئی بابو رام کے اہل خانہ سے ملا قات کی ۔انہوں نے اہل خانہ کو یقین دلاتے ہوئے کہا وہ ان کی مشکل وقت میں ہر ممکن مدد کرنے کیلئے تیار ہیں ۔غور طلب ہے کہ مہلوک آے ایس آئی بابو رام وادی میں ملی ٹینٹوں کے ہاتھو ں ہلاک ہو گئے تھے جبکہ حکومت کی جانب سے ان کی قربانی کیلئے اعزاز کا اعلان بھی کیا گیا ہے ۔سماجی کارکن نے کہاکہ حکومت کی جانب سے شہید کو بہادری کے سلسلہ میں اعزاز سے نوزا جائے گا جبکہ ان کی قربانی کو ہمیشہ کیلئے یاد بھی رکھا جائے گا ۔انہوں نے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہاکہ ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی ۔
ماڈل سکول کی منتقلی ،ہندو مہا سبھا انتظامیہ سے نالاں
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژں میں آئے ماڈل سکول کی جگہ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ آنے کے بعد ہندو مہا سبھا نے انتظامیہ سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سکول کو مرکزی علاقہ سے دور دراز منتقل کرنا عوام کیساتھ ساتھ بچوں کیساتھ بھی نا انصافی ہے ۔مینڈھر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران ہندو مہا سبھا کے کارکنوں نے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے مینڈھر کے بھیرہ علاقہ میں سکول کی تعمیر کو منظوری دی گئی تھی لیکن بعد میں سیاسی دبائو تلے سکول کی جگہ کو تبدیل کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ماڈل سکول کو مرکزی جگہ پر تعمیر کیا جائے تاکہ مینڈھر سب ڈویژن کی عوام بالخصوص بچوں کو فائدہ پہنچ سکے ۔اس موقعہ پر سرپنچ سبھا ش چندر ،سابقہ سرپنچ دویندر شرما ،بلرام شرما صدر ہندو سناتم سبھا ،ستیش چندر کیساتھ ساتھ دیگر کارکن بھی موجود تھے ۔
کوٹرنکہ میں ذہنی صحت کا عالمی دن منایا گیا
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ میں محکمہ صحت کی جانب سے ’ذہنی صحت کا عالمی دن ‘منایا گیا جس کے دوران مقررین نے ذہنی بیماریوں کیساتھ ساتھ اس سلسلہ میں سائنس کی ترقی کے حوالے سے روشنی ڈالی گئی ۔بلاک میڈیکل آفیسر کنڈی کی قیادت میں ایک پروگرام منعقد کیا گیا جس میں محکمہ صحت کے ڈاکٹروں کیساتھ ساتھ دیگر ملازمین نے بھی شرکت کی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے مقررین نے کہاکہ صرف حکومت کی جانب سے کی جارہی کوششیں ہی ذہنی بیماریوں کیساتھ نمٹنے کیلئے کافی نہیں ہے بلکہ عام لوگوں و معززین کو بھی اس سلسلہ میں اپنا رول ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے اس وقت ملک میں ذہنی بیماریوں میں مبتلا لوگوں کی شرح پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ذہنی پسماندگی کا شکار لوگوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہر ایک شخص کو چاہئے کہ وہ اس مشکل وقت میں جسمانی صحت کیساتھ ساتھ ذہنی صحت کا بھی خاص خیال رکھے ۔
موگلہ میں یک روزہ پہاڑی کنونشن
کوٹرنکہ //پہاڑی قبائل کے لوگوں کو اپنے حقوق کے سلسلہ میں بیدار کرنے کیلئے راجوری ضلع کے موگلہ علاقہ میں یک روزہ کنونشن کا اہتمام کیا گیا۔اس دوران مقررین نے بھاجپا کی مرکزی حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت پہاڑی قبائل کے لوگ انتہائی پسماندہ طرز کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں جبکہ ان کی فلاح و بہبود کیلئے قبائل کیساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے پہاڑی قبائل کو ایس ٹی کا درجہ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن کئی عرصہ گزر جانے کے بعد بھی ان کیساتھ انصاف نہیں کیا گیا ۔کنونشن کی صدرات ضلع ترقیاتی کونسل رکن تھنہ منڈل قیوم میر کررہے تھے جبکہ پروگرام کے دوران پہاڑی قبائل کے مسائل پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی گئی ۔انہوں نے کہاکہ 2013میں حکومت کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی نے بھی پہاڑیوں کو ایس ٹی کا درجہ دینے کی سفارشات کی ہیں لیکن اس کے باوجود بھی طبقہ کو نظر انداز کیا جارہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ طبقہ کے نوجوانوں کے روشن مستقل ودیگر مسائل کو حل کرنے کیلئے جلدازجلد ایس ٹی کا درجہ دیا جائے ۔کنونشن میں ایڈوکیٹ حسان مرزا ،وکرنت شرما ،سجاد مرزا ،نگیش شرما ،ایوب پہلوان ودیگران بھی موجود تھے ۔
نوشہرہ میں ’کلش یاترا‘کا اہتمام کیا گیا
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے ٹھاکر دوارہ کھوہ والا سے ہو نجانہ جابہ تک ایک ’کلش یاترا ‘نکالی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں رعقیدت مندوں نے شرکت کی ۔مونی جی مہاراج کی قیادت میں نکالی گئی کلش یاترا میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں نے شرکت کی جبکہ یاترا مین بازار ،جھنگڑ چوک ،شانتی نگر و دیگر علاقوں سے ہوتے ہو ئے ہونجانہ جابہ پہنچی جہاں سے کلش میں پانی بھر کر اختتام پذیر ہوئی ۔اس روایتی یاترا میں ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین کیساتھ ساتھ بچوں نے بھی شرکت کی ۔اس دوران مقررین نے کہاکہ کلش یاترا کی مناسبت سے 16تاریخ کو بھی ایک پروگرام کا اہتمام کیا جائے گا جس کے دوران ہیلی کاپٹر کے ذریعہ ٹھاکر دورہ میں پھول گرائے جائینگے ۔
مڑہوٹ میں پانی کی سپلائی پاپئیں بوسیدہ | ڈنہ کھیت میں 6ماہ سے پانی بند ،لوگوں کو مشکل کا سامنا
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سرنکوٹ کے پسماند ہ گائوں مڑہوٹ میں پانی کی سپلائی پاپئیں بوسیدہ ہو گئی ہیں جس کی وجہ سے اب لوگوں کو سپلائی بھی نہیں مل پارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ برسوں پہلے علاقہ میں سپلائی لائنیں بچھائی گئی تھی لیکن متعلقہ حکام و ملازمین کی لاپرواہی کی وجہ سے اب پاپئیں انتہائی خراب ہو چکی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ مڑہوٹ گائوں کے محلہ ڈنہ کھیت کی عوام محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے گزشتہ چھ ماہ سے پینے کے صاف پانی سے محروم ہو گئے ہیں لیکن کئی مرتبہ اعلیٰ حکام سے رجوع کرنے کے بعد بھی ملازمین نے سپلائی بحال نہیں کی ۔مکینوں نے بتایا کہ پائپ لائن ڈوبری علاقہ سے ڈنہ کھیت پہنچتی ہے لیکن ملازمین کی عدم توجہی کی وجہ سے پوری لائن ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی ہے ۔غور طلب ہے کہ پانی کی سپلائی بند ہونے کی وجہ سے بڑی آبادی والے علاقہ کی عوام کو مشکلات درپیش ہیں ۔مقامی معززین و پنچایتی اراکین نے بتایا کہ پانی کی قلت و پائپوں کی مرمت کے سلسلہ میں متعلقہ حکام سے رجوع کیا گیا تھا لیکن انہوں نے کوئی مثبت قدم نہیں اٹھایا جس کی وجہ سے علاقہ کی خواتین کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر کے پینے کا صاف پانی لانے پر مجبور ہیں ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں بچھائی گئی سپلائی پائپوں کی جلدازجلد مرمت کر کے پانی کی سپلائی کو بحال کیا جائے ۔
میلاد کمیٹی و علماء کے زیر اہتمام پرچم کشائی تقریب
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // مرکزی جامع مسجد راجوری میں مرکزی میلاد کمیٹی و علماء اہلسنت ضلع راجوری کے زیر اہتمام جشن آمد رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس اور پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ضلع بھر کے ائمہ مساجد علماء کرام ، مفتیانِ عظام اور اساتذہ مدارس شریک ہوئے۔ قابلِ ذکر ہے کہ ماہ ربیع النور وہ مقدس مہینہ ہے جس کی بارہ تاریخ کو تاجدار ختمِ نبوت صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت ہوئی۔ اس موقع پر عالم اسلام کی طرح پورے راجوری شہر اور اس سے ملحقہ تمام علاقہ جات کوسجایا جاتا ہے۔تقریب پرچم کشائی پر خطاب کرتے ہوئے صدر محفل مولانا محمد حنیف نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد پوری کائنات کیلئے رحمتوں کا باعث ہے۔ آقائے کریم صلی اللہ علیہ کی آمد سے ظلمتوں کا خاتمہ ہوا۔ چارسو عدل و انصاف کا بول بالا ہوا،کالے گورے کی تمیز ختم ہوئی ،بیواؤں کو زندگی عطا کی لہذا ایسے محسن کی آمد پر خوشی کا اظہار کرنا امت مسلمہ کا ایمانی تقاضا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مہلوک ترین بیماری کرونا وائرس کی وجہ سے دوسالوں سے عید میلاد کی خوشی مشترکہ طور پر نہ منائی جاسکی لیکن اس مرتبہ نہایت ہی شاندار طریقے سے اپنے ولادت با سعادت کی خوشی منائیں گے۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے کہا کہ عید میلاد النبی ؐپر جہاں خوشی کا اظہار باعث ثواب ہے، وہیں غریبوں کی مدد، بیواؤں کو سہارا دینا، یتیموں کے ساتھ شفقت سے پیش آنا ، مدارس اسلامیہ کی مالی مدد کرنا ،لاک ڈاؤن میں پریشاں حال علماء کرام کا خیال کرنا بھی بڑے ثواب کا کام ہے۔ علماء کرام نے کہا کہ دنیا بھر میں بنی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو عام کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ دنیا امن و آشتی کا گہوارہ بن سکے۔انھوں نے مزید کہا کہ غیر مسلموں کو اسلام کی دعوت دینے کے لئے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا اخلاقی کردار ایک مثالی کردار ہے جس سے پوری دنیا میں انقلاب بر پا ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کرنے کی از حد ضرورت ہے۔آخر میں چیئرمین تحریک علماء اہلسنت حافظ مروت حسین قادری نے شرکا کا شکر یہ ادا کیا۔ اس تقریب میں تعظیم ڈار،آصف بٹ ،یاسر لون،افتخار ڈار ،اشتیاق بٹ ،عبد الرحمن،شہزاد میر ،مولانا یونس،حافظ ارشاد احمد اور،غلام رسول وانی اور دیگر کئی علماء کرام قابلِ ذکر ہیں۔
پونچھ کے تاجرطبقہ نے صفائی مہم چلائی
حسین محتشم
پونچھ//تاجر ایسوسی ایشن پونچھ کے بینر تلے تاجروں کی جانب سے پونچھ کی تاریخی عمارتوں جن میں قلعہ پونچھ، باغ ڈیوڈی پونچھ کے ارد گرد صفائی مہم چلائی۔اس دوران کرشن چندر پارک میں موجود کرشن چندر اور محافظ پونچھ پرگیڈیر پریتم سنگھ کی یادگاروں پر گل باری بھی کی گئی۔تاجروں نے اس مہم کے دوران محکمہ میونسپل کونسل پونچھ میں اپنی خدمات کو انجام دینے والے کئی صفائی کرمچاریوں کی عزت افزائی بھی کی گئی۔ تاجروں نے کہا کہ ہم ان صفائی کرمچاریوں کا شکریہ ادا نہیں کر سکتے ہیں جنہوں نے کرونا وباء کے نازک دور میں اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال کر پونچھ قصبہ کو صاف رکھا اور جگہ جگہ جراثیم کْش ادویات کاچھڑکائو کر کے لوگوں کو وبائی وائرس سے تحفظ فراہم کیا۔ اس موقع پر راجیو ٹنڈن،پون آنند، نیشو گپتا،ستیندر سنگھ، شکیل کوہلی، نیرج رائنا محمد رفیق،کوین دتہ،محمد سعید ،گلشن کمار بٹو موجود تھے۔
غیر سرکاری تنظیم نے ضلع ہسپتال میں لنگر کا اہتمام کیا
حسین محتشم
پونچھ//غیر سرکاری تنظیم گرو نانک لنگر مشن کی جانب سے ضلع ہسپتال پونچھ میں گرو لنگر لگا کرمریضوں اور ان کے تیمار داروں کو کھانا دیا گیا۔تنظیم کے رکن نے بتایا کہ گرو نانک لنگر مشن 2ستمبر 2018 سے عوام کی خدمت انجام دے رہی ہے۔ اس تنظیم کی جانب سے مختلف مراحل پر لنگر لگائے جاتے ہیں اور خون کاعطیہ کیمپ بھی منعقد کئے جاتے ہیں۔ تنظیم کی جانب سے مختلف علاقوں میں تقریبا 2000 افراد کو شام کا کھانا کھلایا جاتا۔ اس کے علاوہ شمالی ہندوستان میں ٹیم کی طرف سے دوسرے ریاست کے این جی او ایس کے ساتھ مل کر خون کے عطیات کی خدمات بھی انجام دی جاتی ہے جبکہ ضرورت مند خاندانوں کو امداددی جاتی ہے۔ تنظیم کے رضاکار کوویڈ لاشوں کی آخری رسومات بھی انجام دیتے ہیں۔انہوں نے بتایا اب ان کے ہمارے رضاکاروں نے ہر اتوار کو ضلع ہسپتال پونچھ میں ٹیم میں صبح کے ناشتے کا لنگر شروع کرنے کا لنگر لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
30روزہ آن لائن انٹرنشپ پروگرام اختتام پذیر
حسین محتشم
پونچھ// شیخ کمپیوٹر ایسوسی ایشن ٹیکنالوجی پونچھ نے Synergy انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی آسام کے اشتراک سے (آن لائن) جائز تقریب کا اہتمام کیا۔30 روزہ انٹرنشپ پروگرام کے اختتامی تقریب میں500 طلباء میں سے صرف 40 طلباء کو مذکورہ پروگرام کیلئے منتخب کیا گیا۔اس کے بارے میں ڈاکٹر طارق حسین منیجنگ ڈائریکٹر ایس سی اے ٹی پونچھ نے کہا کہ پروگرام کے دوران ریسورس پرسنز نے تھری ڈی پرنٹنگ ٹکنالوجی ، ٹولز آف سائبرسیکورٹی اور ٹولز آف آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ٹولز اے پر خاص توجہ دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ہنر کی تعلیم بالخصوص کمپیوٹر کی تعلیم وقت کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ شیخ کمپیوٹرز ایسوسی ایشن ٹیکنالوجی پونچھ کمپیوٹر کے مختلف تعلیمی کورسز اور تحقیقی مقاصدکیلئے معروف کمپیوٹر انسٹی چیوٹ ہے۔ اس موقع پر ویگرو پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر رمیش چندر پانڈامہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے کہا کہ سیکھنا کامیابی کا سب سے بڑا ذریعہ ہے اور صنعتی شعبے میں تھری ڈی میٹالک پرنٹنگ کی اہمیت پر تفصیلی گفتگو کی۔ ڈاکٹر ابیلاشا ویاس چیف ٹیکنالوجی کنسلٹنٹ سوفٹ ڈاٹ کام پروگرام کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے مختصر طور پر ایپلی کیشنز سافٹ وئیر اور سائبر اسپیس کے حفاظتی اقدامات کی وضاحت کی۔