حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانیؒ بلند پایہ ولی کامل:فاروق اندرابی
انتظامیہ سے زائرین کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی گذارش
سرینگر//اپنی پارٹی کے میڈیا ایڈوائز ر فاروق اندرابی نے انتظامیہ سے گذارش کی ہے کہ خانقاہِ حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانیؒ پر سالانہ عرس کے دوران ہر طرح کے مطلوبہ اقداما ت کریں تاکہ عقیدتمندوں کو کسی قسم کے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ایک بیان میں اندرابی نے حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانی ؒ کو بلند پایہ ولی کامل قرار دیا۔انہوں نے کہا’’ اُن کا پیار ومحبت، بھائی چارہ اور لوگوں کے درمیان ہم آہنگی پیغام کئی دلوں کو مسحور کرتا رہے گا ۔ پیشے کے اعتبار سے وہ ایک معروف تاجر تھے لیکن انہوں نے سادگی، تقویٰ اور عاجزی کا راستہ اختیار کیا۔ وہ ایک عظیم عالم، فقیہ اور فصیح مقرر تھے۔ تصوف اور شریعت میں اُن کی خدمات اتنی زیادہ ہیں کہ اُنہیں اپنے وقت کا روحانی قطب یعنی غوث الاعظم کے طور پر جانا جانے لگا‘‘۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ زائرین کیلئے بنیادی سہولیات دستیاب رکھی جائیں۔
عصر حاضر میں فکشن کی صورتحال
ڈگری کالج بارہمولہ میں ورکشاپ
فیاض بخاری
بارہمولہ//ڈگری کالج بارہمولہ میں’’عصر حاضر میں فکشن کی صورتحال‘‘پر ایک روزہ ورکشاپ منعقد ہوا ۔ تقریب کی صدارت معرف فلم میکر اورفکشن نگار فیاض دلبر نے کی جبکہ معروف ڈرامہ نویس اور ادبی مرکز کمراز کے صدر محمد امین بٹ مہمان خصوصی شامل رہے ۔ایوان صدارت میں کشمیری زبان کے معروف شاعر شہناز رشید بھی موجود رہے۔پرنسپل ڈگری کالج باہمولہ مشتاق احمد لون نے مہمانوں کا استقبال کیا ۔معروف قلمکار و فکشن نگار مشتاق برق نے عصر حاضر میں فکشن کی صورتحال پر روشنی ڈالی ۔تقریب میں ایک محفل افسانہ بھی ہوا جس میں معروف افسانہ نگار رحیم رہبر،جی ایم ماہر،ایف آزاد دلنوی،رافعہ ولی اور ماہ پارہ خان نے افسانے پڑھے جن پر سیر حاصل بحث و مباحثہ بھی ہوا ۔کالج کے طلبا و طالبات نے پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور ماہرین سے سوالات کیے ۔شرکاء محفل کے ساتھ ایک انٹریکشن پروگرام بھی ہوا ۔تقریب میں جن دانشورں وادیبوں نے حصہ لیا ان میں ریاض رہگیر ،یوسف صمیم اورناصر ضمیر عبدالمجید کے علاوہ کالج کے انگریزی اور اردو مضامین کے اساتذہ و طالب علم شامل رہے ۔ ناصر ضمیر نے شکرانہ کی تحریک پیش کی ۔
مین چوک سمبل میں دوران شب چوری
جامع مسجد اور3دکانوں سے50ہزار روپئے اور قیمتی سامان اڑالیا
سرینگر//مرکزی بازار سمبل میں چوروں نے منگل اوربدھ کی درمیانی رات کو ایک جامع مسجد اور 3دکانوں سے 50ہزار روپئے نقدی اور دیگر قیمتی سامان چرا لیا۔مقامی تاجروںنے بتایا کہ چوروںنے سمبل جامع مسجد سے نقدی چرانے کے علاوہ شوکت احمد گوجری کی ریڈی میڈ دکان ، محمد رفیق شاہ کی کریانہ دکان اور عبدالاحد بٹ کے میڈیکل اسٹورسے بھی سازوسامان اڑا لیا۔دکانداروں نے کہا کہ ریڈی میڈ دکان سے 50 ہزار کی رقم اڑا لی جبکہ دکان کاسامنے والا سخت شیشہ بھی توڑ دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کریانہ کی دکان سے کچھ چیزیںاور نقدی چوری کر لی گئی ہے۔چور میڈیکل سٹور کے تالے بھی توڑ چکے ہیں۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ مقامی پولیس کے ساتھ فارنسک ٹیم بھی موقع پر پہنچی اور معاملے کی تحقیقات کے لئے اُنگلیوں کے نشانات بھی لئے ۔سمبل پولیس نے اس سلسلے میںکیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔
جموں میں’ندھی آپ کے نکھٹ‘ کااہتمام
سرینگر//ایمپلائز پرائوڈنٹ فنڈ کے اہتمام سے’ندھی آپ کے نکٹ‘بدھ کو جموں میں منعقد ہوئی۔ ایمپلائز پرائوڈنٹ فنڈ جموں میں،جموں وکشمیر اور لداخ کے دعوئوں کو حل کرتا ہے۔ ایمپلائزپروڈنٹ فنڈ نے شکایات کی تعداد بہت زیادہ ہونے کی بناپر کئی اقدام کئے ہیں جن میں بیلنس کی آن لائن جانکاری،آن لائن دعوے داخل کرنے کی سہولیات،کووِڈ پیشگی دعوئوں وغیرہ شامل ہیں۔اس موقعہ پرایمپلائز پروڈنٹ فنڈ کمشنر رضوان الدین نے مہمانوں کو ذاتی طور مختلف پروگراموں کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں۔
اجس کوہل گندے نالے میں تبدیل
بد بو سے عوام کو ذہنی کوفت کا سامنا، صفا ئی کا مطالبہ
سر ینگر //ہزاروں کنال ارضی کو سیراب کرنے والی اجس بانڈ ی پورہ ’ بڈ کوہل‘ میںکوڑا کرکٹ ڈالنے سے وہ گندے نالے میں تبدیل ہو کر رہ گئی ہے۔ اس کوہل میں نہ صرف مرد ہ جانوروں کو د یکھا جاسکتا ہے بلکہ ہرقسم کی گند گی کو وہاں ٹھکانے لگا یا جاتا ہے جس کے باعث اس سے اٹھنی والی غفونت اور بدبوسے مقامی آ بادی سخت مشکلات سے دوچار ہے۔مقامی لوگوںکے مطابق اجس کی کئی بستیوںسے روزانہ سینکڑوں کوینٹل کوڑا کرکٹ اس ’کوہل ‘میں ڈال دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے یہ غلاظت کے ایک بڑے ڈھیر میں تبدیل ہوکررہ گئی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ کوہل تین برسوں سے حکام کی نظروں سے اوجھل ہے جس کے نتیجے میں لوگ پریشان ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ اس کوہل میںاب آوارہ کتے درجنوں کی تعداد میں موجود رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کوہل میںکتے شام ہوتے ہی جھنڈ کی صورت میں راہ گیروں اورمسافرگاڑیوں پر حملہ آور ہوتے ہیںاور ایک دوسرے پرٹوٹ پڑتے ہیں جس کی وجہ سے راہگیروں کو چلنا پھر نا مشکل بن گیا ہے اورصرف کتوں کی آوازیں سنائی دیتی ہے۔مقامی آبادی نے سرکار سے مانگ کی کہ اس کوہل کی صفائی کے لئے جلد از جلد اقدامات کئے جائیں۔سی این ایس
رام پورہ اننت ناگ میں آگ کی واردات
رہائشی مکان خاکستر
سرینگر// اننت ناگ ضلع کے را مپورہ مٹن علاقے میں آتشزدگی کی ایک واردات کے دوران رہائشی مکان خاکستر ہوا ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ رامپورہ مٹن گائوں میں بدھ کے روز محمد امین خان کے رہائشی مکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔انہوں نے کہاکہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملہ ، پولیس اور مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں اگر چہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات کے دوران ایک مکان پوری طرح سے خاکستر ہوا ۔پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔یو این آئی
کولگام میں پولیس دربار
ڈپٹی کمشنراور ایس ایس پی سمیت کئی افسروں کی شرکت
سرینگر//لوگوں کے ساتھ بہتر تال میل رکھنے کی خاطر ریڈونی بالا میں پولیس کی جانب سے پولیس کمیونٹی پارٹنرشپ گروپ کا انعقاد کیا گیا ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کولگام بلال محی الدین بٹ اور ایس ایس پی کولگام ڈاکٹر سندیپ چکرورتی کے علاوہ پولیس اور سول انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں اوقاف کمیٹیوں کے ممبران، نمبرداروں، چوکیداروں، تجارتی انجمنوں،فروٹ ایسوسی ایشن کھڈونی، قیموہ، ریڈونی اور اس سے ملحقہ علاقوں کے شہریوں نے شرکت کی۔ملاقات کے دوران شرکاء نے عوامی اہمیت کے مختلف مسائل کو اجاگرکیا جن میں علاقوں کے نوجوانوں کی مشاورت بھی شامل تھی۔ افسران نے لوگوں کے مسائل سنے اور انہیں یقین دلایا کہ ان کی حقیقی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔شرکاء سے درخواست کی گئی کہ وہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور ملک دشمن عناصر کی نشاندہی میں پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں جو ہمیشہ پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
لوگوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں کے پابند:منتظرمحی الدین
ضلع بڈگام میں اپنی پارٹی کا اجلاس منعقد
سرینگر//اپنی پارٹی نے بڈگام میں بدھ کو ایک ضلع سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں پارٹی لیڈران وکارکنان نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت پارٹی کے ریاستی سیکریٹری اور ضلع صدر بڈگام منتظر محی الدین نے پارٹی کے میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی کی موجودگی میں کیا۔ اس کے علاوہ ماسٹر مقبول ، وسیم ڈار، ارشد علی، جی ایم پال، داؤود لودی، قیصربانگی، عبدالغنی سوداگر، جی این نمتہالی، غلام رسول بٹ، مشتاق احمد، ہلال احمد، فاروق احمد، شاہ نواز، محمد مقبول، علی محمد، غلام حسین، محمد سلطان، حاجی محمد یوسف، عبدالرشید حجام، معراج الدین، فاروق احمد میر، خورشید احمد خان، سید فیاض، محمد قاسم، یونس احمد، بشارت احمد، عبدالحمید میر، عبدالحمید راتھر، غلام محمد اور حاجی غلام رسول بھی موجود تھے۔ اس دوران منتظر محی الدین نے زمینی سطح پر پارٹی ممبر شپ مہم کو یقینی بنانے پرزور دیا۔ انہوں نے کہاکہ اگر چہ بڈگام ضلع کشمیرکے وسط میں ہے لیکن یہاں سڑکوں، ہسپتالوں، کالجوں اور واٹرٹریٹمنٹ سہولیات کی ضروری ترقیاتی تجدید ابھی دیرینہ خواب ہے اور لوگ لگاتار پریشان ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ اپنی پارٹی نے بار باربڈگام کے لوگوں کے مسائل کو اجاگر کیا اوربنیادی مقصد لوگوں کی خدمت ہے۔ اپنی پارٹی میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی نے کہاکہ اُن کی جماعت لوگوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کی وعدہ بند ہے اور شدت کے ساتھ ترقیاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ اس موقع پر موجود ممبران نے اہم اجلاس منعقد کرنے کیلئے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
عالمی یوم سائنس
عالمی یوم سائنس
محکمہ اطلاعات کے اہتمام سے زنانہ کالج سرینگر میں سمینار
محکمہ اطلاعات کے اہتمام سے زنانہ کالج سرینگر میں سمینار
سرینگر// محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے ثقافتی یونٹ نے مباحثہ اور سیمینار کمیٹی، گورنمنٹ کالج برائے خواتین ایم اے روڈ سرینگر کے اشتراک سے امن اور ترقی کیلئے عالمی یوم سائنس کے حوالے سے ایک سمینار کا انعقاد کیا۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر نسرین امان مہمان خصوصی تھیں۔ ڈاکٹر نسرینہ نے موضوع پر روشنی ڈالتے ہوئے ایسے پروگراموں کے انعقاد پر محکمہ اطلاعات کا شکریہ ادا کیا اور طالبات کو سراہا۔اس موقع پر 10 لڑکیوں نے موضوع پر تقریر کی اور تین بہترین پوزیشنیں حاصل کیں۔ پہلی پوزیشن سلویٰ نے، دوسری عروج نے جبکہ تیسری پوزیشن انعم نے حاصل کی۔ پوزیشن ہولڈرز کو ٹرافیاں دی گئیں جبکہ باقی شرکاء کو شرکت کیلئے اسناد دی گئیں۔ تقریب سے کلچرل افسربرہان حسین نے بھی خطاب کیا اور کالج کمیٹی کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
عالمی یوم سائنس
عالمی یوم سائنس
محکمہ اطلاعات کے اہتمام سے زنانہ کالج سرینگر میں سمینار
محکمہ اطلاعات کے اہتمام سے زنانہ کالج سرینگر میں سمینار
سرینگر// محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے ثقافتی یونٹ نے مباحثہ اور سیمینار کمیٹی، گورنمنٹ کالج برائے خواتین ایم اے روڈ سرینگر کے اشتراک سے امن اور ترقی کیلئے عالمی یوم سائنس کے حوالے سے ایک سمینار کا انعقاد کیا۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر نسرین امان مہمان خصوصی تھیں۔ ڈاکٹر نسرینہ نے موضوع پر روشنی ڈالتے ہوئے ایسے پروگراموں کے انعقاد پر محکمہ اطلاعات کا شکریہ ادا کیا اور طالبات کو سراہا۔اس موقع پر 10 لڑکیوں نے موضوع پر تقریر کی اور تین بہترین پوزیشنیں حاصل کیں۔ پہلی پوزیشن سلویٰ نے، دوسری عروج نے جبکہ تیسری پوزیشن انعم نے حاصل کی۔ پوزیشن ہولڈرز کو ٹرافیاں دی گئیں جبکہ باقی شرکاء کو شرکت کیلئے اسناد دی گئیں۔ تقریب سے کلچرل افسربرہان حسین نے بھی خطاب کیا اور کالج کمیٹی کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
ڈاکٹر فاروق کا عبدالرشید فاقی کے انتقال پر اظہارِ تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے خانقاہِ معلی کے سجادہ نشین عبدالرشید شافی کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے مرحوم کے جملہ سوگواران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ مرحوم نے خانقاہِ معلی کی تعمیر و تجدید میں کلیدی رول ادا کیا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مرحوم کے فرزند شاہد نعمان شافی اور برادرمحمد اشرف شافی کے ساتھ ٹیلی فون پر تعزیت کی ۔ اس دوران پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ، جنرل سکریٹری علی محمد ساگرنے بھی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے مرحوم کے گھر واقع برزلہ جاکر پسماندگان کی ڈھارس بندھائی۔
شاہد مسعود کے چہارم میں لوگوں کی بھاری شرکت
ٹنگمرگ /مشتاق الحسن /صحافی شاہد مسعود بخاری مرحوم کے چہارم میں ہزاروں لوگوں نے فاتحہ خوانی میں شرکت کی۔ مرحوم کا رسم چہارم بدھوار کو ان کے آبائی گھر واقع قاضی پورہ میں انجام دیا گیا جس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی جن میں پرنٹ اور الکٹرانک میڈیا سے وابستہ صحافیوں کی خاصی تعداد نے شامل ہے۔
خالد راٹھور کی ڈائریکٹر ای ڈی آئی سے ملاقات
کئی مسائل سے آگاہ کیا ،اسکیموں پر تبادلہ خیال
سرینگر//اپنی پارٹی کے یوتھ صوبائی صدر کشمیر خالد راٹھور نے بدھ کے روز ای ڈی آئی ڈائریکٹر محمود شاہ سے ملاقات کی اور انہیں اِس عہدے پرحالیہ تقرری پر مبارک باد پیش کی۔ ایک بیان کے مطابق خالد راٹھور نے بتایاکہ انہوں نے ڈائریکٹر ای ڈی آئی کو کشمیر کے اندر نوجوانوں کو درپیش متعدد مسائل سے آگاہ کیا جن کے کیس کئی ماہ سے التوامیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وادی کشمیر کے لوگ انتہائی ہونہار ہیں جن کے ذہن اختراعات اور خیالات سے بھرے ہیں، صرف اُن کی صلاحیتوں اور توانائی کو مناسب پلیٹ فارم مہیا کرنے کی ضرورت ہے ۔اس سے جموں وکشمیر کی اقتصادی ترقی بھی ہوگی اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے وافر مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے ڈائریکٹر ای ڈی آئی کے ساتھ نوجوانوں پرمرکوز روزگار اسکیموں پر بھی اپنی تجاویز پیش کیں جوکہ کاروبار میں اپنا کیئرئر بنانے والوں کے لئے انتہائی مفید ثابت ہوں گیں۔