ڈینگو معاملات میں اضافے پر تشویش کا اظہار
مینڈھر //باڈر ائیریا ڈیولپمنٹ کانفرنس کے چیئر مین اور سابقہ وائس چانسلر ڈاکٹر شہزاد ملک نے ڈینگو کے معاملات میں ہورہے مسلسل اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ وہ ڈینگو کو روکنے کیلئے ترجیح بنیادوں پر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں ۔یہاں جاری ایک بیان میں موصوف نے کہاکہ گزشتہ کچھ عرصہ سے جموں وکشمیر میں کووڈ معاملات میں مسلسل اضافہ ہوتاجارہا ہے جس کی وجہ سے لوگوں میں بھی تشویش پائی جارہی ہے ۔جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے احتیاطی تدابیر اور محکمہ صحت کو متحرک کرنے کی اپیل کرتے ہوئے سابقہ وائس چانسلر نے کہاکہ شہروں کیساتھ ساتھ دیہات میں صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پسماندہ دیہا ت میں لوگوں کے پاس بنیادی سہولیات دستیاب ہی نہیں ہوتی جبکہ صورتحال تشویش ناک حد تک پہنچ رہی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بنیادی سہولیات کیساتھ ساتھ ڈینگو کو کنٹرول کرنے کیلئے ترجیح بنیادوں پر اقدامات اٹھا ئے جائیں ۔
ٹریفک قوانین کیخلاف ورزی پر راجوری میں کارروائی
اے آر ٹی او نے 10روٹ پرمٹ منسوخ کر دئیے
سمت بھارگو
راجوری/ /اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر راجوری نے ضلع میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی شروع کرتے ہوئے 10ٹیمپو کے روٹ پرمٹ منسوخ کر دئیے ہیں ۔ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری راجیش کمار شون کی ہدایت پر ٹریفک رولز کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی شروع کی ۔غور طلب ہے کہ ڈرائیوروں کی جانب سے مسلسل زیادہ کرایہ وصول کرنے کی شکایت موصول ہورہی تھی ۔عوامی شکایت موصول ہونے کے بعد اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر راجوری نے موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت مہم شروع کی ۔موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کی جانب سے ضلع کے مختلف روٹ پر گاڑیوں کے معائینہ کا عمل شروع کیا ۔قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے، اے آر ٹی او نے 10 ٹیمپوز کے روٹ پرمٹ کو دو ماہ کیلئے معطل کر دیا۔اے آر ٹی او نے واضح کیا ہے کہ اوور چارجنگ، اوور لوڈنگ اور ٹریفک کے دیگر جرائم پر نظر رکھنے کیلئے مستقبل قریب میں بھی اس طرح کی مہم جاری رہے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف اصولوں کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
کوٹرنکہ کے موڑہ دراج ،سموٹ میں ریت بجری مافیا سرگرم
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کے دراج ،سموٹ اور جگلانوں علاقوں میں ریت بجری مافیا پوری طرح سے سرگرم ہے تاہم متعلقہ محکمہ اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے اس سلسلہ میں ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے ۔دریائے آنس پر مافیا کی جانب سے مشینیں لگا کر ریت بجر ی نکالی جارہی ہے ۔مقامی معززین نے بتایا کہ ریت بجری مافیا دریائے آنس میں غیر قانونی طورپر سرگرم ہے جس کی وجہ سے دریا میں بڑے بڑے کھڈے پڑ چکے ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی لاپرواہی کی وجہ سے مافیا نے ریت بجر ی کے اپنی ہی ریٹ لسٹیں بنائی ہوئی ہے جن کی مدد سے غریبوں کو لوٹا جارہا ہے تاہم عوام کی جانب سے شکایت درج کروانے کے باوجود بھی ان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ تحصیلدار کوٹرنکہ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیساتھ ساتھ دیگر آفیسران کوبھی مافیا کے بارے میں متعدد مرتبہ جانکاری فراہم کی گئی لیکن اس کے باوجود بھی ان کیخلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سب ڈویژن میں ریت بجری کی قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کیساتھ ساتھ غیر قانونی طور پر دریائوں میں سرگر م مافیا کیخلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
تھنہ منڈی کالج میں ’یوم تعلیم ‘منایا گیا
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی کے پرنسپل، عملے اور طلباء نے ہندوستان کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش کی یاد میں قومی یوم تعلیم منایا۔ یہ تقریب کالج کے پرنسپل پروفیسر جاوید احمد قاضی رہنمائی میں منعقد ہوئی۔اس موقع پر مقررین نے دن کی مناسبت سے سیر حاصل گفتگو اور طلبا ء نے بھی اس موضوع پر اظہار خیال کیا اور خاص طور پر تعلیم کے میدان میں ان کے انمٹ نقوش کو یاد کیا گیا۔ سیمینار میں مقررین نے مولانا ابوالکلام آزاد کی زندگی اور خدمات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر کالج کے پرنسپل پروفیسر جاوید احمد قاضی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت رتن مولانا ابوالکلام آزاد ہندوستان میں جدید تعلیمی نظام کے معمار تھے اور ہندوستان کو سخت محنت سے بدلنے کیلئے ان کے وژن کو آگے بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔ اس موقع پر ایک سمپوزیم کا انعقاد بھی کیا گیاجس میں عادل خان سیم 5، عشرت جاوید سیم 5 اور رجب صدیق سیم 1 نے بتدریج پہلا دوسرا اور تیسرا انعام حاصل کیا۔ یہ پروگرام پروفیسر خالد ریاض کی دیکھ ریکھ میں ہوا اور انھوں نے ہی اس پروگرام کی نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ اس پروگرام میں پروفیسر محمد شوکت، پروفیسر ڈاکٹر ابراہیم لون، پروفیسر خالد ریاض، پروفیسر نعیم النساء، پروفیسر اعجاز نذیر، پروفیسر تجندر سنگھ پروفیسر فاطمہ کوثر، تدریسی اور غیر تدریسی عملہ کے علاوہ کالج کے طلبہ و طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
پلانگڑھ میں بابا نظام الدین کا عرس عقیدت و احترام سے منایا گیا
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کے پلانگڑھ گاؤں میں باجی محمد شریف کے گھر ولی کامل حضرت میاں نظام الدین کا عرس عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ جس میں علاقہ بھر سے علماء کرام اور عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر درود و اذکار، نعتہائے رسول، اور ختمات المعظمات کے علاوہ اولیاء کرام کے فیوض وبرکات اور مناقب بیان کئے گئے۔ اس موقع پر راجدھانی جامع مسجد کے امام و خطیب حافظ عبدالقیوم نقشبندی نے سیرت اولیاء پر مفصل ومدلل روشنی ڈالتے ہوئے سامعین کو مستفید کیا اور کہا کہ ان سب کو اولیاء کرام کی تعلیم کو اپنانا چاہیے۔ سچے اولیاء وہی ہیں جنہوں نے اپنی زندگیاں دین کی تابع کردیں اور دنیا سے بے رغبتی حاصل کی۔ کیونکہ اللہ والے ہمیشہ اللہ اور اس کے رسول کے احکام کے پابند ہوتے ہیں۔انہوں نے عقیدت مندوں سے کہا کہ اگر وہ اپنی زندگیوں کو دین متین کی تابع کرنا چاہتے ہیں تو اپنی زندگیوں کو سیرت اولیاء سے منسلک کریں۔ عرس کے دوران لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا۔مقامی عقیدت مندوں نے بڑھ چڑھ کر اس پروگرام میں حصہ لیا۔ آخر میں پورے ملک میں بحالی امن اور آپسی بھائی چارہ کے لیے رقت آمیز دعا ہوئی اس کے بعد لنگر تقسیم کیا گیا اس طرح یہ ایک شاندار تقریب ختم ہوئی۔
ساوجیاں میں ابوالکلام کی یوم پیدائش پر تقریب
عشرت حسین بٹ
منڈی // منڈی کے ساوجیاں ہائر سکینڈری سکول میں بھارت کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کو ان کے جنم دن پر خراج عقیدت پیش کرنے کی غرض سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں یوم تعلیم کی مناسبت سے مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور بھارت کے پہلے وزیر تعلیم کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس تقریب کی صدارت ماڈل ہائر سکینڈری سکول کے پرنسپل انور خان نے کی۔ مقررین نے ناصرف مولانا ابوالکلام آزاد کی ادبی اور صحافتی خدمات کا تذکرہ کیا بلکہ وطن کی آزادی کیلئے ان کی جدوجہد کا بھی ذکر کیااور ان کو ایک سچا محب وطن قرار دیا۔ اس تقریب میں سکول کے سینئر لیکچرز ماسٹر ٹیچر اور طلبا شامل تھے جن میں رگھو ناتھ ورما، جوتی جموال، مختار احمد، منیر حسین اور رشمی سودھن کے نام خاص طور سے قابل ذکر ہیں۔ اسکول کے سٹاف اور طلبا نے مولانا آزاد کی تعلیمی اور سیاسی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کو جدید تعلیمی نظام کا معمار قرار دیتے ہوئے ان کو خراج عقیدت پیش کیا اور یہ عہد کیا کہ وہ ان کے نقش قدم پر چل کر ملک کے تعلیمی نظام کو بہتر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
آڑائی میں محکمہ باغبانی کے کسٹم ہائرنگ سنٹر کا افتتاح
عشرت حسین بٹ
منڈی//محکمہ باغبانی کی جانب سے ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے علاقہ آڑائی میں کسٹم ہائر نگ سنٹر کا افتتاح کیا گیا ۔بلاک ڈیو لپمنٹ کونسل چیئر مین منڈی شمیم احمد گنائی کی جانب سے اس سنٹر کا افتتاح کیا گیا جس کے دوران متعلقہ محکمہ کے تحصیل آفیسر فرید احمد کیساتھ ساتھ آڑائی اور راجپورہ پنچایت کے سرپنچ بھی موجود تھے ۔ اس موقہ پر محکمہ کی جانب سے علاقہ کے کسانوں کیلئے ٹریکٹر اور دو ایسی مشینیں فراہم کی گئیں جن سے اس علاقہ کے کسان اپنی زمینوں میں بہتر فصلیں تیار ہونے کیساتھ ساتھ سینچائی جیسی سہولیات میسر کرنے میں بھی مدد ملے گی ۔ محکمہ کی طرف سے عوام کیلئے جو مشینری فراہم کی گئی ان کی کل قیمت دس لاکھ ہے جبکہ جس کسان کے ذریعہ علاقہ کیلئے یہ مشینری فراہم کی گئی اسے بینک سب سیٹی پر یہ مشینری دی گئی جس کو محکمہ کو محض چھ لاکھ روپے ہی ادا کر میں ہونگے۔ اس موقعہ پر علاقہ کے لوگوں نے محکمہ اور بی ڈی سی چیئر مین منڈی کا شکریہ اداکیا ۔
وسیم رضوی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
حسین محتشم
پونچھ//اتر پردیش شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین وسیم رضوی کی جانب سے لکھی گئی ایک کتاب میں پیغمبر اسلام حضرت محمدﷺ کی شان میں توہین آمیز جملے لکھنے پر پوری دنیا کی طرح پونچھ میں بھی مسلم تنظمیوں کی جانب سے برہمی کا اظہار کر کے وسیم رضوی کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ وسیم رضوی کی جانب سے پیغمبر اسلام حضرت محمدﷺ کی شان میں نازیبا جملے لکھنے پر امت ِ مسلمہ سراپا احتجاج ہیں۔شیعہ فیڈریشن کی پونچھ کی ضلع اکائی کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی، صدر جمہوریت سمیت ریاستی وزراء سے اس مرتد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔نائب صدر شیعہ فیڈریشن صوبہ جموں محمد بشیر میر کا کہنا تھا کہ موجودہ وقت میں ملک کی حالات خراب کرنے کی پوری کوشش کی جارہی ہے، جہاں جہاں پر امن وامان قائم ہیں وہاں کی فضا کو مکدر کرنے کی کوششیں جاری ہیں لیکن ہم لوگ کسی طرح سے ماحول خراب نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ وسیم رضوی مرتد ہمیشہ ہی نفرت کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہے جس کے خلاف سخت کاروائی کی جانی چاہئے۔ضلع صدر شعیہ فیڈریشن پونچھ جعفر حسین ونتو، جنرل سکریٹری نجم جعفری، اصغر علی میرصدر انجمن گلش حسینی پلیرہ، سابق صدر انجمن جعفریہ پونچھ انور حسین ونتو، صدر انجمن خدام الحسین منگناڑفیاض علی آرزو حیاتپوری اور دیگران نے بھی وسیم رضوی مرتد کی جانب سے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی توہین کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نبیؐ کے نام کی توہین ہم برداشت نہیں کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہم ملک کے وزیراعظم نریندر مودی سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ وسیم رضوی کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے تاکہ ملک کا امن و امان قائم رہ سکے۔
بیری پتن میں تلاشی مہم شروع
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے بیری پتن علاقہ میں مشکوک افراد کی نقل و حرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طورپر تلاشی مہم شروع کر دی ہے ۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ بیری پتن علاقہ میں مشکوک نقل و حرکت کے سلسلہ میں ایک خفیہ اطلاع ملی تھی جس کے بعد سیکورٹی فورسز کی جانب سے علاقہ میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کر دی گئی ہے ۔غو ر طلب ہے کہ خطہ پیر پنچال میں گزشتہ کچھ ماہ سے ہی ملی ٹینٹوں کی نقل و حرکت اور فوجی کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں ۔گزشتہ روز فوج کی جانب سے بیری پتن جنگلات کیساتھ ساتھ ملحقہ دیہات میں بھی تلاشی مہم شروع کی گئی ہے جو کہ آخری اطلاع موصول ہونے تک جاری تھی ۔
مویشی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی
رمیش کیسر
نوشہرہ //جموں وکشمیر پولیس نے نوشہرہ سب ڈویژن میں ایک کارروائی کے دوران مویشی سمگلنگ کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے سمگل کئے جارہے مویشیوں کو باز یاب کروالیا ۔پولیس کی جانب سے فراہم کی گئی جانکاری میں کہا گیا ہے کہ اس کارروائی کے دوران ایک بغیر نمبر گاڑی کو روک کر اس کی تلاشی کی گئی جس کے دوران سمگل کئے جارہے 9مویشیوں کو باز یاب کرلیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ اس دوران گاڑی کا ڈرائیور موقعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جبکہ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
سکول میں چوری ،معاملہ درج
راجوری //جموں وکشمیر پولیس نے راجوری ضلع کے کوٹرنکہ سب ڈویژن میں قائم سرکاری سکول میں چوری کی کوشش کے بعد معاملہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔گور نمنٹ ہائی سکول ترگائیں کی انتظامیہ کی جانب سے کی گئی شکایت کے بعد پولیس سٹیشن بدھل میں ایک معاملہ درج کرلیا گیا ہے ۔سکول منتظمین نے بتایا کہ چور نے سرکاری سکول میں نصب کردہ کمپیوٹر ودیگر ساز و سامان اڑلے گئے ۔پولیس نے بتایا کہ شکایت موصول ہونے کے بعد معاملہ درج کر کے تحقیقا ت شروع کر دی گئی ہیں ۔