راجوری میں فوج نے مصوری مقابلے کا اہتمام کیا
راجوری //فوج کی جانب سے ’آزادی کے امرت مہا اتسو ‘کے بینر تلے سرحدی ضلع راجوری میں ایک مصوری مقابلے کا اہتمام کیا گیا ۔راجوری ضلع کے کلہ علاقہ میں منعقدہ ایک مصوری مقابلے میں سکول طلباء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس دوران فوج کے اعلی ٰ آفیسران کے علاوہ سکول کے سٹاف ممبران بھی موجود تھے ۔فوجی آفیسران نے بچوں کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ فوج بچوں کو ہر ایک میدان میں معیاری سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں کررہی ہے تاکہ وہ آئندہ اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر کامیابیاں حاصل کر سکیں ۔اس دوران طلباء کی جانب سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ان کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی ۔
آگ لگنے سے سوکھی گھاس مکمل خاکستر | بالاکوٹ کے مکینوں نے معاملہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر کے بالا کوٹ علاقہ میں مشکوک حالت میں آگ لگنے کی وجہ سے ہزاروں روپے کی سوکھی گھاس جل کر راکھ ہوگئی ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ دھار گلون بالا کوٹ کے رہائشی محمد الیاس ولد محمد یونس کی جانب سے مویشیوں کیلئے جمع کردہ گھاس میں مشکوک حالت میں آگ لگی جس پر قابو پانے کیلئے مقامی لوگوں نے کوشش کی تاہم وہ ناکام رہے اور کچھ ہی وقت میں سوکھی گھاس جل کر راکھ ہوگئی ۔مالکان نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کسی نے ذاتی مخالفت کی بنیاد پر گھاس کو آگ لگا دی جس کی وجہ سے ان کا بھاری نقصان ہوا ہے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ علاقہ میں کچھ ہی دنوں میں سوکھی گھاس کو مشکوک حالت میں آگ لگنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مشکوک واقعہ کی تحقیقات کروائی جائے اور اس معاملہ میں ملوث افراد کیخلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے کہاکہ متاثرین کے نقصان کا تخمینہ لگا کر ان کو معاوضہ بھی دیا جائے ۔
حادثے میں پولیس اہلکار کی موت | پولیس کی جانب سے خراج عقید ت پیش کیا گیا
جاوید اقبال
مینڈھر //گزشتہ دونوں مینڈھر سب ڈویژن کے نکہ منجہاڑی کے رہائشی ایک پولیس اہلکار کی ہوئی حادثاتی موت پر جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے مینڈھر میںایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران مہلوک پولیس اہلکار کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ایس ڈی پی او مینڈھر کی قیادت میں پولیس اہلکاروں نے دو منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کیساتھ ساتھ مہلوک پولیس اہلکار کیلئے دعائے مغفر ت بھی کی ۔ایس ڈی پی او نے کہاکہ پولیس اہلکارشعیب احمد خان نے اپنی خدمات ایماندار کیساتھ انجام دی ہیں ۔ان کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔
مینڈھر میں جام تاجروں و راہگیر کیلئے مصیبت بن گیا
جاوید اقبال
مینڈھر //گزشتہ کئی دنوں سے مینڈھر قصبہ میں لگنے والا جام مقامی تاجروں ،عام راہگیروں و مسافروں کیلئے شدید مشکلات پیدا کررہا ہے لیکن مقامی انتظامیہ اور متعلقہ حکام اس عمل کو روکنے میں پوری طرح سے ناکام ثابت ہو گئے ہیں ۔مقامی تاجروں نے بتایا کہ سڑک کنارے غیر قانونی پارکنگ کی وجہ سے جام جیسی صورتحال پیدا ہوجاتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس طرح کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے حکام کی جانب سے پولیس اور ٹریفک حکام کو تعینات کیا گیا ہے لیکن اب وہ بھی بے بس نظر آرہے ہیں اور لوگ مصروف تریب سڑک کے کنارے غیر قانونی طریقہ سے گاڑیاں پارک کردیتے ہیں جس کی وجہ سے گاڑیوں کا کئی گھنٹوں تک جام لگارہتا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پولیس کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ غیر قانونی پارک ہونے والی گاڑیوں کو ضبط کرنے کیساتھ ساتھ ان کا چالان بھی کیا جائے تاکہ مسافروں کو مذکورہ نوعیت کی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
کھاہ ۔مرہتہ رابطہ سڑک کی تعمیر شروع
محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن کے کھاہ علاقہ سے مہرمرہتہ رابطہ سڑک کی تعمیر کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔ضلع ترقیاتی کونسل کی رکن شازیہ کوثر کی جانب سے سڑک کی تعمیر کا افتتاح کیا گیا جبکہ اس موقعہ پر مقامی معززین کیساتھ ساتھ پنچایتی اراکین بھی بڑی تعداد میں موجود تھے ۔مقامی لوگوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کی تعمیر سے علاقہ میں بنیادی سہولیات میسر کرنے میں آسانیاں پیدا ہونگی جبکہ مریضوں و حاملہ خواتین کو ہسپتالوں تک پہنچانے میں مدد ملے گی ۔ضلع ترقیاتی کونسل رکن نے کہاکہ مقامی لوگوں کی جانب سے ایک لمبے عرصہ سے مانگ کی جارہی تھی تاہم گزشتہ کئی عرصہ سے اس طرف دھیان نہیں دیاجارہا تھا ۔انہوں نے لوگو ں کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔
تارکول کی بلیک مارکیٹنگ کی کوشش ناکام
پولیس نے معاملہ درج کر کے تحقیقات شرو ع کردی
راجوری //جنرل ریزرو انجینئرنگ فورس کی تار کول کی بلیک مارکیٹنگ کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے راجوری ضلع میں جموں وکشمیر پولیس نے 24بیرل ضبط کرلئے جبکہ اس سلسلہ میں ایک کیس بھی درج کرلیا گیا ہے ۔جموں وکشمیر پولیس نے بتایا کہ نوشہرہ کے ڈینڈیسر گائوں میں محکمہ گریف کے ایک ٹپر کی مشکوک نقل و حرکت کے سلسلہ میں اطلاع موصول ہوئی جس کے بعد پولیس کی ایک حرکت میں آئی اور ایس ایچ او نوشہرہ کی قیادت والی ٹیم نے نوشہرہ میں گاڑی کو ایک نجی مکسنگ پلانٹ پر گاڑی کو روکاگیا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے جائے وقوعہ سے 24 بیرل بٹومین ضبط کئے جو کہ کرشنا ہاٹ مکسنگ پلانٹ نامی نجی مکسنگ پلانٹ کو فروخت کئے جارہے تھے۔
دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن کی شناخت دلیپ کمار سکنہ گمبھیر برہمناںجوکہ گاڑی کا ڈرائیور بھی تھا کیساتھ ساتھ رتن شرما سکنہ گمبھیر براہمناں کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 236/2021درج کرتے ہوئے محکمہ کی گاڑی کو بھی ضبط کرلیا ہے ۔
کووڈ سے خاتون کی موت
سمت بھارگو
راجوری //گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں ریاست بہار کی ایک 50سالہ خاتون کووڈ کی وجہ سے زندگی کی جنگ ہا ر گئی ۔مرحومہ اس وقت اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ضلع کے ٹھنڈی کسی علاقہ میں رہائش پذیر تھی جبکہ کووڈ کی وجہ سے اس کو گور نمنٹ میڈیکل کالج میں زیر علاج رکھا گیا تھا ۔میڈیکل کالج کے سرکاری ذرائع نے بتایا کہ خاتون کو ہسپتال کی قرنطینہ وارڈ میں زیر علاج رکھا گیا تھا جہاں پر اس کی مو ت واقعہ ہو گئی ۔میڈیکل سپر ناٹینڈنٹ ڈاکٹر محمود بجاڑ نے بتایا کہ بدھ کی صبح خاتون کی موت واقعہ ہو گئی جبکہ کووڈ ایس او پیز کے تحت لاش کو آخری رسومات کیلئے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔
سب سنٹر ککوڑہ کا حال بے حال
لوگوں نے عمارت کی مرمت کا مطالبہ کیا
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجاکوٹ کے ککوڑہ علاقہ میں محکمہ صحت کی طرف سے تعمیر کئے گئے سب سنٹر کی حالت انتہائی خراب ہو گئی ہے جس کی وہ اب مقامی لوگوں کو بھی معیاری سہولیات دستیاب نہیں ہیں ۔لوگوں نے بتایا کہ 2007میں تعمیر ہوئی عمارت کی گزشتہ کئی عرصہ سے مرمت ہی نہیں کی جاسکی۔ منتخب پنچایتی اراکین نے بتایا کہ عمارت کی دوبارہ تعمیرو مرمت کیلئے متعلقہ محکمہ و ضلع انتظامیہ سے کئی مرتبہ رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک اس سلسلہ میں کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ سب سنٹر چار سے پانچ پنچایتوں کے درمیان میں قائم کیا گیا ہے جبکہ بنیادی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے کئی ملحقہ دیہات کی عوام دیگر علاقوں میں قائم کر دہ سنٹروںمیں دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سب سنٹر کی عمارت کی جلدازجلد مرمت کی جائے تاکہ عام لوگوں کو معیاری سہولیات مل سکیں ۔
خون کا عطیہ دینے کیلئے کیمپ کا انعقاد
حسین محتشم
پونچھ//73ویں پونچھ لنک اپ ڈے کے سلسلہ میں فوج اور عوام کی جانب سے تقریبات کا سلسلہ جاری ہے ۔اس دوران جہاں تمندنی پرواگراموں کے علاوہ کھیلوں کا انعقاد اور شجر کاری مہم چلائی گئی وہیں خون عطیہ کیمپ میں فوجی اہلکاروں کے علاوہ مقامی نوجوانوں نے بھی خون کا عطیہ پیش کیا۔ اس دوران فوج کے44 جوانوں نے رضاکارانہ طور پر خون کا عطیہ پیش کیا، منتظمین کے مطابق عطیہ کیا گیا خون ضلع ہسپتال پونچھ اور ضلع ہسپتال راجوری کے لئے روانہ کیا گیا۔ دفائی ذرائع کے مطابق خطہ پیر پنچال میں بھی ٹریفک و دیگر حادثات پیش آتے رہتے ہیں جن میں اکثر و بیشتر زخمیوں کو خون کی ضرورت پڑتی ہے جس کے پیش نظر فوج نے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا تاکہ ہسپتالوں میں خون کی وافر مقدار موجود رہے جو ضرورت پڑنے پر انسانوں کی جان بچانے میں مددگار ثابت ہوسکے۔خون کا عطیہ پیش کرنے والے فوجی اہلکاروں سمیت مقامی رضاکاروں نے عوام الناس سے بھی خون کا عطیہ پیش کرنے کی اپیل کی۔اس موقعہ پر فوج کے اعلیٰ افسران کے علاوہ چیف میڈیکل آفسر، ڈیٹی چیف میڈیکل افسر،میڈیکل سپرنا ٹینڈنٹ ضلع ہسپتال پونچھ ڈاکٹر مشتاق حسین جعفری اورڈاکٹر عشرت علی موجود تھے۔
پونچھ میں عرس غوث پاک کا اہتمام
حسین محتشم
پونچھ// سرحدی ضلع پونچھ کے صدر مقام پر جامع انوار العلوم میں عرس غوث الوریٰ کا اہتمام کیا گیا جس میں پونچھ اور آس پاس کے علاقوں کے علماء کرام اور جامع میں زیر تعلیم طلبہ و اساتذہ اور عام لوگوں نے بڑی تعداد میںشرکت کی۔اس دوران ختمات شریف اورذکر و اذکار کی محافل سجائی گئی جہاں علمائے کرام نے حضرت سیدنا غوث اعظم کی زندگی پر روشنی ڈالی۔ علمائے کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت سیدنا غوث اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنی زندگی میں کبھی بھی کسی طرح سے کوئی جھوٹ نہیں بولا اورانہوں نے اپنی زندگی میں ہمیشہ سچ کا ساتھ دیا اس لئے ہم سبھی لوگوں کو چاہیے کہ زندگی میں ہمیشہ سچ کا ساتھ دیں اور کبھی بھی جھوٹ نہیں بولیں۔پروگرام کا آغاز قرآن کی تلاوت کے ساتھ ہوا، وہی پروگرام کے آخر میں صلٰواۃ وسلام پڑھا گیا اور شیرنی تقسیم کی گئی۔ عالمی وبا کورونا کے خاتمے کیلئے دعا بھی کی گئی۔
نائب تحصیلدار کے نئے دفتر کا افتتاح
حسین محتشم
پونچھ//2005 میں آئے زلزلے کے دوران پونچھ قلعہ کو ہوئے نقصان میں نائب تحصیلدار کے دفتر کو بھی کافی نقصان پہنچا تھا جس کے بعد دفتر وہاں سے دوسری جگہ منتقل کیا گیا تھا۔ نائب تحصیلدار کا دفتر ایک نجی عمارت میں قائم تھا جہاں پر جگہ کی بہت کمی تھی جس کی وجہ سے وہاں پر آنے والے لوگوں کو کئی طرح کی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ تحصیلداری حویلی انجم بشیر کھٹک نے شہریوں کے مشکلات اور مسائل کو دیکھتے ہوئے قلعہ پونچھ میں نیا دفتر بنانے کا فیصلہ کیا اور اس میں انہوں نے کامیابی حاصل کی۔ دفتر کا تعمیراتی کام مکمل ہونے کے بعد بدھ کے روز انہوں نے نئے دفتر کا افتتاح کیا اور نائب تحصیلدار کے دفتر کا کام کاج شروع کروایا۔نائب تحصیلدار کے نئے دفتر کے افتتاح پر عوام نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی سہولیت کیلئے تحصیلدار نے بہت اچھا قدم اٹھایا جس کے لیے وہ انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں اور ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ نائب تحصیلدار افضل خان نے کہا کہ پرانے دفتر میں جگہ کم ہونے کے سبب وہ کافی پریشانی کا سامنا کر رہے تھے اب جب انہیں قلعہ میں دفتر ملا ہے اس سے نہ صرف عوام کو سہولت ملے گی بلکہ دفتر میں کام کرنے والا عملہ ابھی راحت محسوس کرے گا۔ اس موقع پر نائب تحصیلدار بانڈی چیچیاں رندھیر سنگھ اور تحصیل صدر پٹوار ایسوسییشن ممتاز حسین شاہ اور محکمہ مال کا دیگر عملہ موجود تھا۔
منڈی میں محفلِ گیارویں شریف کا اہتمام
عشرت حسین بٹ
منڈی// تحصیل منڈی میں جماعت رضائے مصطفیٰ کے اہتمام سے جامعہ مسجد منڈی میں گیارویں شریف کے حوالے سے ایک محفل کا انعقاد عمل میں لایا گیاجس میں سینکڑوں کی تعداد میں فرزندانِ توحید نے شرکت کی ۔اس موقہ پرعلمانے شیخ عبدل قادر جیلانی کی حیات طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے فرزندان توحید اور عاشقانِ اولیاء سے کہا کہ وہ ان کے بتائے ہوئے راستے پر عمل پیرا ہو کر اپنی زندگی بسر کریں تاکہ ان کی دنیا اور آخرت دونوں آباد ہو جایں۔ محفل کے دوران نعت خواں اور منقبت خواں حضرات نے نعت اور منقبت پیش کر کے سامعین سے دادو تحسین حاصل کی۔ اس موقہ پر مولانا سید نزاکت احمد نے شیخ عبدل قادر جیلانی کے یوم وصال کی مناسبت سے خصوصی خطاب کیا ۔جماعت رضائے مصطفیٰ منڈی کے صدر پیر مسرت بخاری نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی شیخ عبدل قادر جیلانی کے یومِ وصال پر محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں علماء نے شرکت کر کے اسلامک تعلیمات پر خصوصی روشنی ڈالی ۔