سرنکوٹ میں ’کم ریٹ پر ٹینڈرنگ ‘کا رجحان
تعمیراتی پروجیکٹوں میں سب سے بری رکائوٹ ،کئی کام برسوں سے نامکمل
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سرنکوٹ سب ڈویژن میں ٹھیکیداروں کی جانب کم ریٹ پر ٹینڈرڈالنے کا رجحان بڑھتا ہی جارہا ہے جس کی وجہ سے سب ڈویژن میں سینکڑوں پروجیکٹ گزشتہ کئی برسوں سے مکمل ہی نہیں ہورہے ہیں ۔مقامی لوگوں نے ٹھیکیداروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ٹھیکیدار ٹینڈر ڈالنے اور منظوری کے بعد پروجیکٹ میں صرف کمائی والے حصے کا کام کروا کر روجیکٹ کو یوں ہی چھوڑ دیتے ہیں ۔انہوںنے بتایا ٹھیکیداروں ٹینڈرنگ کے دوران ہی آپسی ملی بھگت سے پروجیکٹوں کے ٹینڈر نچلے درجے کی رقم سے ڈالتے ہیں جبکہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے منظوری ملنے کے بعد صرف ایک حصے کا کام کروا کر پروجیکٹ کو یوں ہی چھوڑدیا جاتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ٹینڈرنگ کے عمل کے دوران انتہائی کم ریٹ کے ٹینڈر بھی ڈال دئیے جاتے ہیں جس سے ایک جانب متعلقہ محکمہ کو فائدہ ملتا ہے تاہم دوسری جانب ٹھیکید ار اپنا مفاد نکال کر پروجیکٹ کو یوں ہی چھوڑ کر چلا جاتا ہے ۔غور طلب ہے کہ ٹھیکیداروں کی جانب سے اختیار کی گئی پالیسی سے جہاں سرکاری کا فائدہ پہنچتا ہے وہائیں عام لوگوں کو برسوں بعد بھی سہولیات میسر نہیں ہوتی جبکہ کئی ایک جگہوں پر متعلقہ محکموں کی ملی بھگت سے پروجیکٹوں کے کاغذات بھی مکمل ہوتے ہیں لیکن زمینی سطح پر عملی کام نہیں ہوتا ۔سرنکوٹ کے مکینوں نے ضلع انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ریٹ سے کم لاگت کے ٹینڈر ڈالنے والے ٹھیکیداروں کی نشاندہی کر نے کے بعد ان کے لائسنس منسوخ کئے جائیں تاکہ عام لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں کوئی رکائوٹ پیش نہ آئے ۔
کرشنا گھاٹی میں محاصرہ و تلاشی مہم شروع
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژں کے کرشنا گھاٹی علاقہ میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے متعدد دیہات کا محاصرہ کر کے تلاشی مہم کو شروع کر دیا گیا ہے ۔سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ ایک خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی جس کے تحت علاقہ میں تلاشی مہم شرو ع کی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سرحد سے قریبی علاقہ و جنگلا ت میں مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع موصول ہوئی تھی جس کے بعد ایس او جی اور فوج کی مشترکہ ٹیموں نے علاقہ کا محاصرہ کر لیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ اس تلاشی مہم کے دوران کرشنا گھاٹی لوہر ،منگلناڑ ،کہوڑیاں ودیگر ملحقہ دیہات اور جنگلا ت کا محاصرہ کیا گیا ہے ۔جمعرات کو شروع کیا گیا آپریشن آخری اطلاع موصول ہونے تک مسلسل چل رہا تھا۔
پی ڈی پی کے نئے زونل صدر کا والہانہ استقبال
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر قصبہ میں پی ڈی پی کی جانب سے تعینات کردہ نئے زونل صدر خورشید کا مینڈھر پہنچنے پر والہانہ استقبال کیا گیا ۔اس سلسلہ میں سبکدوش نائب تحصیلدار محمد عظم فانی کی قیادت میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے پارٹی کارکنوں و معززین نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے مقررین نے کہاکہ پارٹی کی اعلیٰ کمان کی جانب سے ایک اہم فیصلے کے تحت خورشید احمد خان کو زونل صدر تعینات کیا گیا ہے جبکہ اس فیصلے سے پارٹی زمینی سطح پر مزید مستحکم ہوجائے گی ۔انہوں نے کارکنوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی کی مضبوطی کیلئے عملی سطح پر کام کیا جائے ۔اس موقعہ پر محمد اسلم خان ،محمد سلیم جٹ ،قیوم خان ،ایڈوکیٹ اکبر حسین ،محمد شمیم خان ،شوکت علی خان، ایڈوکیٹ تنویر قریشی اور بابو محمد شریف خان و دیگران بھی موجود تھے ۔نئے تعینات زونل صدر نے پارٹی کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ ان کی امنگوں پر پورا اترنے کیلئے محنت و لگن سے کام کریں گے ۔
کوٹرنکہ میں محکمہ صحت کا بیداری پروگرام
راجوری //سب ڈویژن کوٹرنکہ میں محکمہ صحت کی جانب سے ’اینٹی مائکر و بیل ریزسٹنس‘کے عنوان سے ایک بیداری ہفتے کا آغاز کیا گیا ۔ورلڈ اینٹی مائکروبیل آگاہی ہفتہ کے عنوان سے شروع کر دہ بیداری مہم کا اصل مقصد عوام کو اس سلسلہ میں بیدار کرنا ہے ۔یہ ہفتہ ہر سال 18 سے 24 نومبر تک منایا جاتا ہے۔2021 میں اس ہفتے کا عنوان ’بیداری پھیلانا، مزاحمت کو روکنا ہے‘ اور صحت کے اسٹیک ہولڈرز، پالیسی سازوں، صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے والوں اور عام لوگوں سے اینٹی مائکروبیل ریزسٹنس کے بارے میں مکمل جانکاری دینا ہے ۔کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کنڈی میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، ڈاکٹر اقبال ملک نے کہا کہ سب کو اس سلسلہ میں اپنا رول ادا کرنا چاہئے کہ جراثیم کیخلاف مزاحمت کے اہل ہو سکیں ۔
راجوری میں خاتون کی مشکوک موت
راجوری //راجوری ضلع میں ایک 25سالہ خاتون کی ہوئی مشکوک موت کے بعد پولیس نے معاملہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔خاتون کی شناخت مہناز اختر زوجہ محمد اشتیاق سکنہ چمبی تراڑ کوٹرنکہ کے طورپر ہوئی ہے ۔جموں وکشمیر پولیس نے بتایا کہ خاتون کی منگل کو صحت خراب ہوئی جس کے بعد اس کو گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری علاج معالجہ کیلئے منتقل کر دیا تاہم راجوری میڈیکل کالج سے اس کو گور نمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کر دیا گیا جہاں پر بدھ کے روز اس کی موت واقعہ ہو گئی ۔پولیس نے بتایا خاتون کی لاش کو راجوری میڈیکل کالج میں منتقل کر کے قانونی لورزامات مکمل کی گئیں جبکہ اس سلسلہ میں کنڈی پولیس سٹیشن میں ایک معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔
سینئر کانگریس لیڈر نے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے دیا
سمت بھارگو
راجوری//راجوری ضلع میں کانگریس کے ایک سنیئر لیڈر نے پارٹی کے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔پارٹی سنیئر لیڈر کرامت اللہ ملک جو کہ پارٹی کے پہاڑی سیل کے وائس چیئر مین بھی ہے ،نے تمام عہدوں سے استعفیٰ دیتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر اور راجوری ضلع میں پارٹی کے اندر جمہوری عمل کو مضبو ط بنانے کیساتھ ساتھ چند لیڈران کے تسلط کو ختم کیا جائے ۔کرامت اللہ ملک کا تعلق راجوری ضلع کے درہال علاقہ سے ہے جبکہ وہ جموں و کشمیر کیلئے پارٹی کے پہاڑی سیل کے وائس چیئرمین اور پردیش کانگریس کمیٹی کے رکن بھی تھے۔کشمیر عظمیٰ انہوں نے بتایا کہ ’وہ کانگریس پارٹی کے سرشار سپاہی ہیں اور رہیں گے اور پارٹی کی اقدار ان کے خون میں بہتی ہیں’لیکن موجودہ صورتحال خاص طور پر پارٹی میں انٹرا ڈیموکریسی سے متعلق ہے جس نے مجھے پارٹی عہدوں سے استعفیٰ دینے پر مجبور کیا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس ملک کی سب سے پرانی پارٹی ہے اور اس کے پاس اب بھی ممکنہ قائدین ہیں جنہیں بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے لیکن ورکنگ پارٹی اور اس کے کیڈر میں اصلاحات لانے کی ضرورت ہے۔موصوف نے کہاکہ پارٹی کے اندر جمہوریت کو مضبوط بنانا اشد ضروری ہے ۔انہوں نے کہاکہ’’پارٹی سب کیلئے ہے چند لوگوںکیلئے نہیں اور میں اس تسلط کے خلاف احتجاجاً تمام عہدوں سے استعفیٰ دے رہا ہوں لیکن ہمیشہ ایک سرشار سپاہی رہوں گا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پارٹی کی کمان غلام نبی آزاد کے ہاتھ میں دینے کا وقت آ گیا ہے جنہوں نے پہلے ہی اپنی سیاسی صلاحیت کو ثابت کر دیا ہے اور بین الاقوامی سطح پر ایک تسلیم شدہ اور قابل تعریف شخصیت ہیں۔
حیدر پورہ میں عام شہریوں کی ہلاکت پر اظہار افسوس
حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں حیدر پورہ تصادم کے دوران ہلاک ہوئے شہریوں کی موت پر کئی سیاسی و سماجی کارکنان نے اظہار افسوس کیا ہے ۔کہکشاں کلچر رآرگنائزیشن کے صدر شیخ سجاد حسین پونچھی نے کہاکہ پیر کی شام سرینگر کے حیدر پورہ علاقے میں ہوئی تصادم آرائی کے دوران مقامی شہریوں کو مار ڈالا گیا جو سراسر نا انصافی ہے ۔انھوں نے کہا کہ جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر کے دعوے کئے گئے تھے کہ جموں کشمیر میں امن و امان ہو گا جب کہ زمینی سطح پر اس کے بالکل بر خلاف ہے یہاں کے حالات بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں ۔انھوں نے لفٹینٹ گورنر منوج سنہا اور مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کی حیدر پورہ انکائونٹر واقعہ کی عدالتی تحقیقات کی جائے اور اس میں شامل تمام گنہگاروں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔واضح رہے کہ پیر کی شام پولیس نے سرینگر کے حیدر پورہ علاقے میں ہوئے تصادم آرائی کے دوران چار افراد کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا تھا۔ پولیس کے مطابق ہلاک شدہ افراد میں ایک غیر ملکی عسکریت پسند حیدر، اس کا ساتھی عمیر، عسکری معاون ڈاکٹر مدثر گلْ اور ایک بلڈنگ کا مالک محمد الطاف بٹ شامل ہیں جبکہ مرنے والے افراد کے لواحقین نے پولیس کے دعوئوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے انصاف کی مانگ ہیں لاشوں کو ان کو دینے کی مانگ کی ہے تاکہ وہ ان کی تدفین کر سکیں۔
منڈی میں سوچھ بھارت ابھیان مذاق بن گیا
ڈاک بنگلہ کے قریب گندگی کے ڈھیر جمع ،انتظامیہ خاموش
عشرت حسین بٹ
منڈی //منڈی تحصیل صدر مقام پر موجود ڈاک بنگلہ کے متصل کوڑا کرکٹ کے ڈھیر جمع ہونے کی وجہ سے قصبہ میں سوچھ بھارت ابھیان کی پول کھل گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے صفائی ستھرائی کیلئے کئی سکیمیں شروع کی گئی ہیں لیکن مقامی حکام کی لاپرواہی کی وجہ سے گندگی کے ڈھیر جوں کے توں لگے رہتے ہیں جس کی وجہ سے مکینوں کے ساتھ ساتھ عام راہگیروں کی زندگی بھی متاثر ہو رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ڈاک بنگلہ میں وزیرء کیساتھ ساتھ انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران بھی آکر رکتے ہیں لیکن اس کے ملحقہ علاقہ میں صفائی ستھرائی کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کاغذوں تک محدود رہنے والی مرکزی سکیم سوچھ بھارت ابھیان کا بھی کوئی اثر دیکھائی نہیں دیتا جبکہ اس سلسلہ میں متعلقہ حکام اور مقامی انتظامیہ سے بھی اپیلیں کی گئی لیکن ابھی تک گندگی کو ٹھکانے لگنانے کیلئے کوئی بندوبست ہی نہیں کیا گیا ۔مکینوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر اور مقامی انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ منڈی قصبہ میں صفائی ستھرائی کو بحال کیا جائے تاکہ عام لوگوں کی پریشانی کم ہو سکے ۔
رابطہ سڑک پر تارکول بچھانے کا مطالبہ
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے راجل پتراڑی گائوں کے مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ گائوں میں آنے والی رابطہ سڑک پر جلداز جلد تار کول بچھائی جائے تاکہ عام لوگوں کو معیاری سہولیات میسر ہو سکیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ پہاڑی پر آباد پتراڑی گائوں میں جانے والی رابطہ سڑک پر گزشتہ کئی عرصہ سے تار کول بچھائی ہی نہیں جاکی جس کی وجہ سے عام لوگوں کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات درپیش رہتی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ گائوں میں 40کنبے آباد ہیں جبکہ ان کے پاس آمد ورفت کا کوئی متبادل راستہ موجود ہی نہیں ہے ۔پنچایتی اراکین و مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ راجوری سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ 7کلو میٹر رابطہ سڑک پر جلدازجلد تارکول بچھائی جائے تاکہ ان کی مشکلات کم ہو سکیں ۔
سیال میں بینک شاخ کھولنے کی مانگ
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ کے سیری بلاک کے مکینوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سیال گائوں میں جموں وکشمیر بینک کی ایک شاخ کھولی جائے تاکہ صارفین کو علاقہ میں ہی بنیادی سہولیات میسر ہو سکیں ۔لوگوں نے بتایا کہ گائوں کی آبادی چھ ہزار سے زائد ہے لیکن آج تک یہاں پر کوئی بھی بینک شاخ نہیں کھولی جاسکی جس کی وجہ سے صارفین کو کئی کلو میٹر کی مسافت طے کر کے بینک جانا پڑرہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سیال گائوں کئی دیگر دیہات کے مرکز میں آباد ہے جہاں پر بینک کی موجودگی سے کئی دیہات کے صارفین کو فائدہ پہنچ سکتا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلد ازجلد سیال میں جموں وکشمیر بینک کی ایک شاخ کھولی جائے تاکہ صارفین کو بنیادی سہولیات مل سکیں ۔