کورونا پروٹوکال کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کڑی کارروائی ہوگی: ضلع مجسٹریٹ جموں
جموں// کورونا کے مثبت کیسز میں اضافے کے پیش نظر ضلع انتظامیہ جموں نے ہوٹل والوں اور بینکوٹ مالکان کو گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کڑی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ضلع مجسٹریٹ جموں انشول گرگ کی طرف سے جاری ایک حکمنامے میں کہا گیا: ’ضلع انتظامیہ نے محکمہ صحت اور پولیس کے ساتھ اشتراک کرکے کورونا وبا کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے ضروری احتیاطی تدابیر کو روبہ عمل لایا ہے‘۔بیان میں کہا گیا کہ ضلع جموں کے دائرہ اختیار میں ا?نے والے علاقوں میں رات کا کرفیو (رات کے دس بجے سے صبح کے چھ بجے تک) نافذ کیا گیا ہے۔موصوف ضلع مجسٹریٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ اطلاعات کے مطابق ہوٹلوں اور بینکوٹس میں کورونا گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے جو ضلع میں کورونا کے کیسز میں اضافے کا ایک سبب ہے۔انہوں نے کہا کہ ان حقائق کے تناظر میں تحصیلدار صاحبان اپنے اپنے متعقلہ علقوں کے ہوٹل اور بینکوٹ مالکان کے ساتھ میٹنگیں کریں گے تاکہ کورونا پروٹوکال پر من و عن عمل در ا?مد کو یقینی بنایا جا سکے۔ان کا بیان میں کہنا تھا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کڑی کارروائی کی جائے گی اور ان پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔بیان میں کہا گیا کہ ایس ایس پی جموں یہ ہدایات تمام ایس ایچ اوز کو دیں گے تاکہ شبانہ کرفیو کے نفاذ کو یقینی بنایا جا سکے۔
مشیر بھٹناگر کا جی ایم سی ڈوڈہ کا دورہ ، تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا
مریضوں کی بہتر دیکھ بھال کی سہولت کیلئے تیزی سے تکمیل کی تلقین
ڈوڈہ //لفٹینٹ گورنر کے مشیر آر آر بھٹناگر نے گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ کا دورہ کیا تا کہ انسٹی ٹیوٹ میں مختلف یوٹیلٹیز پر چلائے جا رہے تعمیراتی کاموں کا جائیزہ لیا جا سکے ۔ پرنسپل سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی ( آر اینڈ بی ) شلیندر کمار مشیر موصوف کے ہمراہ تھے ۔ مشیر نے جی ایم سی میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائیزہ لیا جس میں دیگر اہم سہولیات کے علاوہ انتظامی بلاک ، بوائیز اینڈ گرلز ہوسٹل اور رہائشی بلاکس کی تعمیر شامل ہے ۔ مشیر نے عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ ہوسٹل کی عمارت پر پیش رفت کی رفتار کو تیز کیا جائے تا کہ اسے جلد از جلد مکمل کیا جا سکے ۔ ہوسٹل کی عمارت پر تعمیراتی کاموں کا معائینہ کرتے ہوئے مشیر نے متعلقہ افراد سے کہا کہ وہ ہوسٹل کے اندرونی حصے کا صحیح طریقے سے جائیزہ لیں اور اگر ضرورت ہو تو موجودہ پلان میں ضروری ترمیم کو یقینی بنائیں ۔ بعد میں مشیر نے ایسوسی ایٹڈ ہسپتال جی ایم سی کا دورہ کیا اور مختلف وارڈز کے کام کاج کا معائینہ کیا اور ہسپتال کے حکام سے بات چیت کی اور وہاں کے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا ۔ پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ ڈاکٹر نور علی نے کالج کی فیکلٹی پوزیشن اور کام کاج کے بارے میں تفصیلی بیان پیش کیا ۔
محنت و روزگار محکمہ کو ایک ماہ کے اندرمزدوروں کی رجسٹریشن مکمل کرنے کی ہدایت
چیف سیکرٹری نے جموںوکشمیر میں غیر منظم کارکنوں کی رجسٹریشن کا جائزہ لیا
جموں//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے مرکزی حکومت کے اِی ۔ شرم پورٹل پر جموں وکشمیر میں تمام غیر منظم کارکنوں کے رجسٹریشن کا جائزہ لینے کے لئے یک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری محنت و روزگار محکمہ ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر جے اینڈ کے بلڈنگ اینڈ اَدرس کنسٹرکشن ورکرس ویلفیئر بورڈ،لیبر کمشنر اور محکمہ دیگر اَفسران شرکت کی۔میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ محکمہ نے اَب تک 5,43,408 کارکنوں کو رجسٹرکیا ہے جن میں 2,01,508 خواتین اور 3,41,900 مرد کارکنان غیر منظم شعبے سے وابستہ ہیں۔میٹنگ میںمزید بتایا گیا کہ زراعت ، تعمیرات ، صحت دیکھ ریکھ ، ٹرانسپورٹ اور دستکاری شعبوں نے کل رجسٹریشنوں میں تقریباً 20فیصد حصہ ہے ۔ اعلیٰ رجسٹریشن والے دوسرے شعبے سیاحت ، رٹیل ، گھریلومدد ، مینو فیکچرنگ وغیرہ ہیں۔تعمیراتی کارکنوں کے لئے سماجی تحفظی سکیموں کے تحت فوائد تک آسانی سے رَسائی کے بارے میں جانکاری دی گئی کہ اِی۔شرم پورٹل پر تیار کردہ منفرد آئی ڈی کے ذریعے رجسٹریشن کی معلومات تک متعدد محکموں اور ایجنسیوں سے رَسائی حاصل کی جاسکتی ہے تاکہ استفادہ کرنے والے تصدیق شدہ اَفراد کو فوائد کی بروقت تقسیم کو یقینی بنایا جاسکے۔چیف سیکرٹری ارون کمار مہتا نے محکمہ سے کہا کہ وہ تمام اہل کارکنوں کو رجسٹر کریں جن میں سرکاری شعبے میں عارضی طور پر کام کرنے والے کارکنان شامل ہیں۔ پورٹل پر اور ایک ماہ کے اَندر کارکنوں کی فلاح وبہبود ی سکیموں کے فوائد ان تک پہنچائیں۔چیف سیکرٹری نے محکمہ سے مزید کہا کہ وہ منریگا سکیم کے ساتھ مختلف سیلف ہیلپ گروپوں کے تحت کا م کرنے والے غیر منظم کارکنوں کو رجسٹر کرنے پر توجہ مرکوز کرے۔اِی شرم پورٹل پر رجسٹریشن کو آسان بنانے کے لئے محکمہ سے کہا گیا ہے کہ وہ محنت کے ضلعی دفاتر کے علاوہ جموںوکشمیر کے تمام کامن سروس سینٹروں میں رجسٹریشن کی سہولیات کا بندوبست کرے۔
جانی پور جموں میں پولیس ٹیموں کی انسدادِ شورش مشق
مقامی لوگوں میں خوف و ہراس ،معمول کی مشق تھی:ایس ایس پی جموں
جموں//سرمائی دارالحکومت جموںکے جانی پور علاقے میں مرکزی سڑک کے قریب ایک عمارت میں پولیس کی جانب سے روبہ عمل لائی گئی انسداد شورش کی مشق سے مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جنہوں نے اسے سیکورٹی خطرہ سمجھا۔ بدھ کے روزجموں وکشمیرپولیس کی ٹیمیں، بم ڈسپوزل اسکارڈ اور سونگھنے والے کتوں کے ساتھ، ایک عمارت ، جس کے گراؤنڈ فلور پر ایک ڈیپارٹمنٹل اسٹور اور پہلی منزل پر بینک کی برانچ ہے،میں داخل ہوگئے۔جے کے بینک برانچ جانی پورجو پولیس کی اس اچانک انسدادشورش مشق سے بے خبرتھا،نے پولیس والوں کو بموں کے بارے میں بات کرتے ہوئے سنا اور اُس نے مدد کیلئے مقامی پولیس اسٹیشن کو فون کیا۔جلد ہی، عمارت میں بم موجودہونے کی افواہ بینک اور ڈپارٹمنٹل اسٹور کے ملازمین اور مقامی لوگوں میں پھیل گئی، یہاں تک کہ پولیس کی ٹیمیں، جو کہ انسداد بغاوت کی مشق میں شامل تھیں، نے اُنہیں باہر نکال کر عمارت کو سیل کر دیا۔حکام نے بتایا کہ انسدادِ شورش کی مشق کے بعد عمارت کو عوام کیلئے کھول دیا گیا۔ عمارت کے قریب واقع مرکزی سڑک پر ٹریفک بہر حال بلا تعطل جاری رہا۔جموں کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس چندن کوہلی نے کہا کہ انسدادِ شورش کی مشقیں حفاظتی انتظامات میں ایک معمول ہیں۔سینئرپولیس افسر نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ لوگوں سے افواہیںپھیلانے سے گریز کرنے کی درخواست ہے۔ایس ایس پی جموںنے کہاکہ لوگوںکومعمول کی اس مشق کے حوالے سے کسی بھی طرح کی افواہیں پھیلانے سے گریز کرنا چاہئے۔
شیطان نالہ کے قریب ٹینکر حادثہ میں کٹھوعہ کے ڈرائیور کی موت
محمد تسکین
بانہال//جموں سرینگر شاہراہ پر شیطانی نالی اور جواہر ٹنل کے درمیان منگل کی رات ڈیزل سے لدھے ایک ٹینکر کے حادثے میں ٹینکر میں واحد سوار ڈرائیور کی موت واقع ہوگئی ہے ۔ انچارج پولیس پوسٹ جواہر ٹنل ہرنام سنگھ نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ منگل کی رات جموں سے سرینگر کی طرف جانے والا ایک ڈیزل ٹینکر سابقہ شاہراہ پر شیطانی نالہ کے قریب سڑک سے لڑھک کر کم از کم پانچ سو فٹ نیچے کھائی میں گر گیا اور اس میں سوار واحد سوار 55سالہ ڈرائیور ایشر داس ولد رام دیتا ساکنہ کٹھوعہ کی موت موقع پر ہی واقع ہوگئی ۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کی خبر ملتے ہی جواہر ٹنل پولیس اور مقامی رضاکاروں نے بچائو کاروائیوں کا اغاز کیا لیکن ڈرائیور کو بچایا نہیں جا سکا اور بعد میں ڈرائیور کی لاش کو سب ضلع ہسپتال بانہال پہنچایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹینکر میں ڈیزل لوڈ تھا اور ٹینکر کے گہری کھائی میں گر جانے کی وجہ سے ٹینکر تباہ ہوا ہے اور اس میں لوڈ بیشتر ڈیزل ضائع ہوا ہے ۔ واضح رہے کہ ایندھن سے لدھے ٹینکروں کو چینی ۔ ناشری اور بانہال ۔ قاضی گنڈ فورلین ٹنل کے اندر سے جانے کی اجازت نہیں ہے اور انہیں بالترتیب پتنی ٹاپ اور جواہر ٹنل کا سابقہ روڈ استعمال کرنا پڑتا ہے۔پولیس نے اس معاملے میں ضابطے کی کاروائی کی ہے اور لاش کو ورثا کے سپرد کیا گیا ہے ۔
"آو چلیں کانگریس کے ساتھ، بدلے پردیش کے حالات"
کانگریس کی ممبر شپ مہم کا آغاز،بھاجپا ناکام ،لوگ تبدیلی چاہتے ہیں:میر
جموں// "آو چلیں کانگریس کے ساتھ، بدلے پردیش کے حالات " نعرے کے ساتھ کانگریس نے اپنی رکنیت مہم کا آغاز کردیا۔پردیش کانگریس سربراہ غلام احمد میر نے دعویٰ کیا کہ لوگ تبدیلی چاہتے ہیں، کیونکہ بی جے پی حکمرانی کے تمام محاذوں پر ناکام ہو چکی ہے۔پی سی سی چیف نے کہا کہ رکنیت مہم کا فیصلہ اے آئی سی سی صد سونیا گاندھی نے حال ہی میں کانگریس ورکنگ کمیٹی میں لیا۔انہوں نے کہا کہ اے آئی سی سی کی میٹنگ میں سونیا گاندھی نے ہدایت کی کہ تمام ریاستوں میں بوتھ لیول پر ممبر شپ مہم شروع کریں اورممبر شپ مہم کی تاریخ 31 مارچ 2022 تک رکھی گئی۔ میر نے کہا کہ تمام طبقات کے لوگ حکومت میں بی جے پی کی کارکردگی سے پوری طرح تنگ آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس بیوروکریٹس حکومت کی طرف سے پچھلے دروازے سے عوام پر مسلط کی جا رہی عوام مخالف پالیسیوں کی مخالفت کرنے کے لئے سب سے آگے ہے کیونکہ یہاں کوئی منتخب حکومت نہیں ہے۔ جموں و کشمیر میں ساڑھے تین سال سے، اب مختلف طبقات کے لوگوں کو کڑوی گولیاں نگلنے پر مجبور کیا جا رہا ہے، کیونکہ ان کے پاس نوکر شاہی نظام کے ذریعے بی جے پی کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے کوئی نمائندگی یا فورم نہیں ہے۔ میر نے کہا کہ تمام طبقات کے لوگ بی جے پی کے خلاف ہو گئے ہیں، اسی وجہ سے الیکشن ہارنے کے خوف سے انتخابات میں تاخیر ہو رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس پارٹی تبدیلی کے لیے کھڑی ہے اور لوگ اگلے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو باہر پھینک دیں گے۔ان کا کہناتھاکہ پارٹی "آو چلیں کانگریس کے ساتھ، بدلے پردیش کے حالات" کے نئے نعرے کے ساتھ عوام کے پاس جائے گی۔اس سے پہلے گزشتہ انتخابات میں 9.5 لاکھ پرائمری ممبران تھے لیکن اس بار جموں و کشمیر میں کم از کم 12 لاکھ پرائمری ممبران کا اندراج کیا جائے گا۔
سابق ممبر پارلیمنٹ کی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات
جموں//سابق ممبر پارلیمنٹ راجیہ سبھاشمشیر سنگھ منہاس نے راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی ۔منہاس نے لیفٹیننٹ گورنر کو لوگوں کے ساتھ ساتھ منتخب نمائندوں کے مختلف مسائل سے آگاہ کیا اور گرام عدالتوں کے قیام ،جموں خطے کے صحت کے بنیادی ڈھانچے کی اپ گریڈیشن؛ مریضوں کے اٹینڈنٹ کے لیے سہولیات، جی ایم سی کے ایمرجنسی وارڈ اور دیگر محکموں میں پیرا میڈیکل اسٹاف کو مضبوط کرنے سے متعلق مطالبات کی ایک یادداشت پیش کی۔ انہوں نے پی ڈی ایس کے مناسب نفاذ کے لیے کان کنی کے معدنیات اور راشن کارڈوں کی تازہ کاری سے متعلق مسائل کا بھی اندازہ لگایالیفٹیننٹ گورنر نے سابق ایم پی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے مشاہدہ کیا کہ UT حکومت عوام پر مرکوز حکمرانی کے اصول پر کام کر رہی ہے اور جموں و کشمیر کی تمام محاذوں پر مساوی اور ہمہ گیر ترقی کے لیے پرعزم کوششیں کر رہی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے سابق رکن پارلیمنٹ کو یقین دلایا کہ وہ میرٹ پر ان کے پیش کردہ مسائل کو حل کریں گے۔
سابق زیڈ ای او کی موت پر تعزیتی اجلاس
ڈوڈہ//لوپیڈ ایمپلائز فیڈریشن ڈوڈہ کی طرف سے گزشتہ روز ریٹائر زونل ایجوکیشن آفیسر غلام حسن تانترے کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ضلع صدر نیاز احمد راہی کی صدارت میں ایک ماتمی اجلاس منعقد کیا۔نیاز احمد راہی نے کہا کہ غلام حسن تانترے نہایت ایماندار اور شریف النفس انسان تھے،وہ دینی اور فلاحی کاموں میں ہمشہ پیش پیش رہیں تھے۔ انہوں نے کہا غلام حسن تانترے نے دوران سروس اپنے عہدے کے ساتھ بھی برابر انصاف کیا ہے اور اپنے فرائض کو بخوبی انجام دیا ہے۔ہندو مسلم بھائے چارے کو قائم رکھنے کے لیے وہ ایک زندہ مثال تھے۔
ڈوڈہ میں کووڈکے 2 نئے مثبت معاملات
۔4 مریض صحتیاب ،551940 ٹیکے لگائے گئے
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ میںکووڈ 19 کے صرف دو نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیں اور 4 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق بدھ کے روز ڈوڈہ ضلع میں ہوئی کوؤڈ جانچ کے دوران دو افراد کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے جنہیں ہوم قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور چار مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔اس طرح سے ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد سمٹ کر 16 و شفایاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 7766 پہنچ گئی ہے۔ ضلع میں اب تک کوؤڈ 19 سے 133 افراد فوت ہوئے ہیں اور 551940 ٹیکے لگائے گئے ہیں۔
اگر ضرورت پڑی تو یہ خبریں استعمال کرسکتے ہیں
پرنسپل سیکرٹری زراعت نے فارم مشینری ڈسٹری بیوشن کیمپ کا آغاز کیا
سری نگر// کسانوں کی آمدنی کو2022 ء تک دوگنا کرنے کے وزیر اعظم کے ہدف کو حاصل کرنے کے لئے حکومت کی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری زرعی پیداوار و بہبودِ کساناں نوین کمار چودھری نے زرعی کمپلیکس لال منڈی سری نگر میں فارم مشینری ڈسٹری بیوشن کیمپ کا آغاز کیا۔پرنسپل سیکرٹری نے کپیکس کے تحت فائدہ اُٹھانے والے کسانوں کو ٹریکٹر / موبائل وینڈنگ کارٹس کی چابیاں حوالے کیں ۔ اُنہوں نے وادی کے کچھ ترقی پسند کسانوں اور زرعی صنعت کاروں کے قائم کئے گئے سٹالوں کا بھی معائینہ کیا۔اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے محکمہ کے اَفسران سے کہا کہ وہ بدلتے ہوئے موسمی اور ماحولیاتی حالات کے درمیان مختلف زرعی فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے لئے کسانوں کی رہنمائی کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ زرعی شعبے میں خود انحصاری کے نظرئیے کو حاصل کرنے کے لئے کاشت کار برادری میں میکا نائزیشن کو فروغ دینا ، تربیت اور بیداری پروگراموں کے ذریعے اِنسانی وسائل کی ترقی ، زراعت کو متنوع بنانا، کاشت کانامیاتی طریقہ اہم شکلیں ہیں۔نوین چودھری نے کسانوں کو خریداروں سے جوڑنے کی اہمیت کو دہرایا ۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ پنچایت اور بلاک سطح پر ہونا چاہیئے تاکہ کسان اَپنی پیدا وار کا زیادہ سے زیادہ منافع حاصل کرسکیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم کچھ فصلوں اور زرعی مصنوعات جیسے زعفران، کالا زیرہ ، سرخ مرچ ، سبز مٹر، گچی ( وائلڈمشروم ) ،گھی ، مصالحے وغیرہ میں منفرد ہیں جنہیں عالمی سطح پر مختلف مارکیٹنگ پلیٹ فارموں میں فروغ دینے اور متعارف کرنے کی ضرورت ہے ۔ناظم زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال نے پرنسپل سیکرٹری کو اِس اقدام کے بارے میں جانکاری دی جس کے تحت فائدہ مند کسانوں کو فارم مشینری فراہم کی گئی ۔بعد میں پرنسپل سیکرٹری نے ایل یو ایل یو گروپ کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر یوٹی سے مختلف زرعی مصنوعات کی مارکیٹنگ سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر جے اینڈ کے ہارٹیکلچر پلاننگ ایند مارکیٹنگ وشیش مہاجن ، جوائنٹ ڈائریکٹر زراعت ایکسٹنشن شیخ شاہد اِقبال ، جوائنٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر ان پٹس فاروق احمد بٹ ، جوائنٹ ڈائریکٹر اپیکلچراینڈ مشروم پیر سیّد محمد اور محکمہ دیگر سینئر اَفسران موجود تھے۔
سیکرٹری سیاحت نے کپواڑہ کے ترقیاتی کاموں اور سرمائی تیاریوں کا جائزہ لیا
کپواڑہ//سیکرٹری سیاحت و ثقافت سرمد حفیظ جو ضلع کپواڑہ کے ترقیاتی کاموں اور دیگر متعلقہ اَمور کی نگرانی کے لئے اِنچارج سیکرٹری بھی ہیں ، نے آج ضلع کپواڑہ کا دورہ کر کے ضلع ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا ۔اُنہوں نے ڈی ڈی سی ممبران ، بی ڈی سی چیئرپرسن او رضلعی اَفسران کے ساتھ الگ الگ میٹنگیں منعقد کیں۔میٹنگوں میں وائس چیئرمین ضلع ترقیاتی کونسل کپواڑہ حاجی فاروق احمد میر اور ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ اِمام الدین بھی موجود تھے۔سیکرٹری سیاحت و ثقافت نے میٹنگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ضلع کپواڑہ کے دورے کا مقصد حکومت کی طرف سے زمینی سطح پر شروع کی گئی ترقیاتی سکیموں کی عمل آوری میں پی آر آئیز سے رائے طلب کرنا اور اِنتظامیہ اَفسران کے ساتھ پیش رفت کی رفتارکے بارے میں جائزہ لینا ہے۔سرمد حفیظ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جو بڑی حصولیابی درج کی گئی ہے وہ سہ درجے پنچایتی راج نظام کا قیام ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ایک بار جب سسٹم کو مکمل طور پر درست طریقے سے ریگولیٹ کیاجائے گا تو اس کے فوائد عوام تک آسانی سے پہنچ جائیں گے۔سیکرٹری نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ عوامی خدمات کی فراہمی نظام میں متحرک رہیں ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر اور چیف سیکرٹری نے نظام میں کارکردگی اور شفافیت لانے کے لئے واضح ہدایات جاری کی ہیں۔سیکرٹری نے کہا ،’’ ہم لوگوں کے لئے دفاتر میں موجود ہیں اور ہر اَفسراور اہلکار اَپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق عوام کی خدمت کا پابند ہے۔‘‘سیکرٹری سیاحت و ثقافت نے مختلف سرکاری دفاتر میں عملے کی کمی کے حوالے سے پی آر آئی کی طرف سے اُٹھائے گئے مسائل کا جواب دیتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر سے کہا کہ وہ جہاں ضروری ہو تعیناتی کی جگہ پر وقت کی پابندی کو یقینی بنانے کے لئے بی ڈی اوز اور دیگر عملے کے لئے روسٹر جاری کریں۔ اُنہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ سرکاری دفاتر میں حاضری کو مناسب طریقے سے نافذ کیا جائے بالخصوص کرناہ، کیرن اور مژھل سرحدی علاقوں میں تاکہ لوگوں کو سرمائی مہینوں میں کسی قسم کی دِقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔سیکرٹری نے ضلع میں سرمائی مہینوں کے دوران ہیلی کاپٹر سروس کی دستیابی کے بارے میں کہا کہ حکومت نے مختلف سرحدی راستوں کے لئے ہنگامی خدمات کے لئے رعایتی نرخوں پر ہیلی کاپٹر سروس کو منظور ی دی ہے جس میں کرناہ ، کیرن اور مژھل بھی شامل ہیں۔اُنہوں نے سماجی بہبود سکیموں کے تحت اِندراج کے سلسلے میں کرناہ سب ڈویژن سمیت ضلع میں خصوصی کیمپوں کے اِنعقاد پر زور دیا تاکہ مستحق اَفراد ان کی دہلیز پر استفادہ حاصل کرسکیں۔ سیکرٹری نے ڈسٹرکٹ کیپکس بجٹ ، بی اے ڈی پی اور ضلعی پروگرام کے تحت ضلع کے ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کی رفتار کا جائزہ لینے کے لئے ضلعی اَفسران کے ساتھ میٹنگ طلب کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر اِمام الدین نے ضلع کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی پاور پوائنٹ پرزنٹیشن دی اور چیئرمین کو بتایا کہ رواںمالی سال کے کل منظور شدہ 77959.8 روپے میں سے 75فیصد فنڈس یعنی 16963.65لاکھ روپے واگذار کئے گئے ہیں۔جس میں سے 8875.70لاکھ روپے اِس سال اکتوبر کے آخیر تک خرچ ہوچکے ہیں۔میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ ڈی ڈی سیز ، بی ڈی سیزاور پی آر آئیز کے ائیر یا ڈیولپمنٹ فنڈ سمیت مختلف سکیموں کے تحت کل 2,158 کاموں کی منظور ی دی گئی ہے ۔مزید جانکاری دی گئی کہ رواں مالی سال کے دوران 1,633کام مکمل کرنے کا ہدف ہے۔سیکرٹری ثقافت و سیاحت نے ضلع میں آر اینڈ بی ، جل شکتی ( پی ایچ اِی اور آبپاشی ) ، صحت ، بجلی ، دیہی ترقی ، سماجی بہبود ، خوراک کی فراہمی اور تعلیم کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے اَفسران اور فیلڈ عملے کو ہدایت دی کہ وہ عوامی مسائل کو جلد نمٹانے کے لئے محنت اور لگن کا اِضافہ کریں۔اُنہوں نے ہر محکمہ میں ہیلپ لائن نمبرات کو اَپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت دی تاکہ لوگ اِس سہولیت سے اِستفادہ کر سکیں کیوں کہ یہ سسٹم سیکرٹریٹ میں فعال ہے۔اُنہوں نے کووِڈ۔19ٹیکہ کاری مہم کی پیش رفت کابھی جائزہ لیا اور اُنہیں جانکاری دی گئی کہ 85فیصد لوگوں کوکووِڈ حفاظتی ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔اُنہوں نے ایگزیکٹیو اِنجینئر پی ڈی ڈی کو ہدایت دی کہ وہ کٹائیلمنٹ پلان پر مکمل طور پر عمل کریں اور لوگوں کو پلان کے بارے میں بھی آگاہ رکھیں۔اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ کو ہدایت دی کہ وہ اَفسران کے لئے سرکاری سکیموں اور مہمات بشمول’’ آپ کی زمین ،آپ کی نگرانی ‘‘،’’ ایک شخص ، ایک گولڈن کارد ‘‘کے بارے میں بیداری اور کپسٹی بلڈنگ پروگرام منعقد کریں ۔سیکرٹری موصوف نے سرمائی تیاریوں ، غذائی اجناس اور دیگر ضروری اشیاء کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا۔سیکرٹری کو جانکاری دی گئی کہ ضلع میں برف ہٹانے والی مشینیں وافر مقدار میں موجود ہیں ۔اُنہیں یہ بھی بتایا گیا کہ ضلع کے سرحدی علاقوںبشمول کرناہ ، کیرن اور مژھل میں کھانے پینے کی کافی اشیاء اور دیگر ضروری اشیاء بھیج دیا گیا ہے ۔اُنہوں نے افسران اورشراکت داروں پر زور دیا کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ سرما میں لوگوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اِس سے قبل وائس چیئرمین ڈی ڈی سی اور پی آر آئی ممبران نے سیکرٹری موصوف کو اَپنے اَپنے علاقوں کے مختلف مسائل گوش گزار کئے۔
ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے مشن ڈائریکٹر آر یو ایس اے کا چارج سنبھالا
سری نگر//ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے مشن ڈائریکٹر راشٹریہ اچتر شکھشا ابھیان ( آر یو ایس اے ) کا چارج سنبھال لیا۔ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے چارج سنبھالنے کے فوراً بعد آر یو ایس اے کے اَفسران کے ساتھ ایک تعارفی میٹنگ منعقد کی اور اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ تن دہی ،پوری لگن اور محنت سے کام کریں تاکہ مشن مقاصد کو حاصل کیا جاسکے۔مشن ڈائریکٹر نے اَفسران سے کہا کہ آر یو ایس اے کے کلیدی مقاصد اعلیٰ تعلیم کی منصوبہ بند ترقی سے اعلیٰ تعلیم میں رسائی ، مساوات اور معیار کو بہتر بنانا ہے اور ان پر مناسب عمل در آمد پر توجہ دی جانی چاہیئے۔ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے مزید کہا کہ اعلیٰ تعلیم ملک کی ترقی کے لئے کلیدی حیثیت رکھتی ہے اور اِس مشن سے اعلیٰ تعلیمی نظام میں تبدیلی لانے والی اِصلاحات سے سہولیتی اِدارہ جاتی ڈھانچہ پیدا کیا جاسکتا ہے اور اس سے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تحقیق اور اختراع کو فروغ دینے کا ماحول پیدا کرنے میںمدد ملے گی۔اِس موقعہ پر آر یو ایس اے کے اَفسران نے مشن ڈائریکٹر کو مشن کے مختلف اجزأ کے بارے میں آگاہ کیا اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ آر یو ایس اے قابل روزگار اور مسابقتی گریجویٹوں ، پوسٹ گریجویٹ اور پی ایچ ڈی پیدا کرنے کے لئے تدریسی سیکھنے کے عمل کے معیار کو بہتر بنانے پر زیادہ زور دیتا ہے۔
ضلع اِنتظامیہ کولگا م کا محکمہ سیاحت کے اشتراک سے اہرہ بل فیسٹول کا اِنعقاد
کولگام//سیاحتی مقام اہرہ بل کو فروغ دینے کے لئے ضلع اِنتظامیہ کولگام نے محکمہ سیاحت کے اشتراک سے پہلا میگا اہرہ بل فیسٹول کا اِنعقادکیا جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شرکأ نے شرکت کی۔یہ پروگرام اہرہ بل واٹر فال پارک کے قریب منعقد کیا گیا ہے اور اِس میں ڈی ڈی سی چیئرپرسن محمد اَفضل پرے اور دیگر ڈی ڈی سی ممبران ، پی آر آئی ممبران ، سیاحوں اور متعدد مقامی لوگوں نے بھی شرکت کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے تمام شرکأ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ فیسٹول کا مقصد اہرہ بل کے سیاحتی مقام کو قومی اور بین الاقوامی سطح کی روشنی میں لانا ، اہرہ بل اور اس کے مختلف مقامات کی خوبصورتی کو پیش کرنا اور اسے فروغ دینا ہے ۔اِس موقعہ پرناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے کہا کہ محکمہ نے اہرہ بل جیسے ممکنہ سیاحتی مقامات کو فروغ دینے کے لئے ٹھوس اور مربوط کوششیں کی ہیں۔دورانِ فیسٹول رنگارنگ ثقافتی پروگراموں کا اِنعقاد بھی کیا گیا اور فن کاروںنے اَپنے فن کا مظاہرہ کر کے موجود لوگوں اورسامعین کومحظوظ کیا۔لڑکوں کے ایک گروپ نے سائیکلنگ اور ٹریکنگ مقابلوں میں بھی حصہ لیا اور ناظم سیاحت اور ضلع ترقیاتی کمشنر نے یہاں بس سٹینڈ اہرہ سے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔زراعت ، باغبانی ، بھیڑ و پشو پالن ، کے وِی آئی بی ، مگس بانی ، فلوری کلچر اور ہینڈی کرافٹس کے مختلف محکموں اور صنعت کاروں کی جانب سے متعدد سٹالوں بھی لگائے گئے تھے۔اِس موقعہ پر مصوری کا مقابلہ بھی منعقدکیا گیا اور اِس مقابلے میں مختلف سکولوں کے طلاب نے بھی حصہ لیا۔پروگرام کے اِختتام پر سائیکلنگ ، مصوری اور دیگر مقابلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو اَنعامات سے نوازا گیا۔
ناظم دیہی ترقی محکمہ کشمیر نے ضلع بڈگام میں دیہی ترقیاتی سکیموں کی صورتحال کا جائزہ لیا
کاموں کی بروقت تکمیل پر زور دیا
بڈگام//ناظم دیہی ترقی کشمیر طارق احمد زرگر نے آج بڈگام کا دورہ کیا اور دیہی ترقیاتی سکیموں کی عمل آوری کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی اور ضلع میں زیر تکمیل مختلف کاموں کا موقعہ پر جائزہ لیا۔میٹنگ میں اے سی ڈی بڈگام، اے سی پی بڈگام ، ڈپٹی ڈائریکٹر ( پی ایل جی ) آر ڈی ڈی کشمیر ، ایگزیکٹیو اِنجینئر ( آر اِی ڈبلیو )بڈگام ، بی ڈی او اور دیگر اَفسران موجود تھے۔اُنہوں نے فلیگ شپ پروگراموں بشمول منریگا، پی ایم اے وائی۔جی اور 14ویں ایف سی اے ، کیپکس بجٹ ( سی ڈی اینڈ پی وائی ٹی سیکٹر) کے تحت کاموں کی پیش رفت ، آر جی ایس اے کے تحت پنچایت گھروں کی تزئین و آرائش اور دیگر اَمور کا تفصیلی جائزہ لیا۔میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ بڈگام نے منریگا کے تحت پید اکئے گئے ایام کار کے سلسلے میں صد فیصد ہدف حاصل کیا ہے ۔نومبر 2021ء کو ختم ہونے والے 6.24 لاکھ ایام کار کے ہدف کے مقابلے میں آج تک 7.85 لاکھ ایام کار (126%) پہلے ہی پید اہوچکے ہیں۔ مزید برآں منریگا جاب کارڈ ہولڈروں میں منریگا کی اُجرت وقت پر واگذار کی جاتی ہے اور آج تک 16.72 کروڑ روپے اُجرت ادا کی جاچکی ہیں۔اِس کے علاوہ اثاثوں کی صدفیصد جیو ٹیگنگ او رجاب کارڈ ہولڈروں کی زائد از 95فیصد آدھار سیڈنگ مکمل ہوچکی ہے ۔میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ مالی سال 2021-22 میں منریگا کے تحت کُل 1,690 کام ہاتھ میں لئے گئے ہیں جن میں 220 مکمل ہوچکے ہیں اور باقی تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں ۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ پی ایم اے وائی ۔ جی کے تحت 96 فیصد ہدف حاصل کیا گیا ہے۔ 360 ہاؤسنگ یونٹس کے ہدف کے مقابلے میں 346 یونٹ بروقت مکمل ہو چکے ہیں۔ اِسی طرح آر جی ایس اے کے تحت اٹھائے گئے 3 پنچایت گھروں کی تزئین و آرائش کا کام مکمل کیا جاچکا ہے اور 8 مزید پرتزئین و آرائش کا کام جاری ہے۔ڈائریکٹر آر ڈی ڈی کشمیر نے تمام اُٹھائے گئے کاموں کو بروقت مکمل کرنے اور عوام کے مسائل کو فعال طور پر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔اُنہوں نے کہا ،’’گرام سبھائوں کو باقاعدگی سے منظم کیا جانا چاہئے اورپی آر آئیز ہر پنچایت میں ترقیاتی سرگرمیوں میں فعال طور پر شامل ہونے کے علاوہ عام لوگوں کو دیہی ترقی محکمہ سکیموں کی عمل آوری کے تحت رہنما خطوط اور فوائد کے بارے میں آگاہ کیا جانا چاہئے۔‘‘بعد میں ڈائریکٹر آر ڈی ڈی کشمیر نے مختلف سکیموں کے تحت ضلع میں جاری / مکمل کئے گئے کاموں کا بھی معائینہ کیا۔