دوسال سے مفرور ملزم گرفتار
منیرخان
۔راجوری // راجوری پولیس نے دوسال سے مفرور ملزم کو گرفتار کرلیاگیاہے۔سفیرحسین ولد نصیرحسین ساکنہ نگروٹہ راجوری کے خلاف پولیس اسٹیشن راجوری میں ایک کیس زیردفعات 229/2014 U/S 279,337,/338 درج ہے جس پرپولیس کومذکورہ شخص مطلوب تھاتاہم وہ پولیس کوکئی بار چکمادیکربھاگ نکلنے میں کامیاب رہا۔بالآخر ملزم کو پولیس نے گرفتا رکرلیا ۔ ایس ایچ او طاہرخان نے ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس کی ہدایات پر مذکورہ شخص کو ڈرامائی انداز میں گرفتار کرلیاگیا۔کشمیرعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے ایس ایچ او راجوری طاہر خان نے بتایاکہ کہ ملزم پولیس کی حراست میں ہے جسے جلد ہی عدالت میں پیش کیاجائے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایاکہ مذکورہ ملزم کے خلاف کورٹ سے وارنٹ بھی جاری ہوا۔
سرحدی مہاجرین کاوفد ڈپٹی کمشنر سے ملاقی
منیرخان
راجوری// شیرمکڑی نوشہرہ کاایک وفدڈپٹی کمشنرراجوری سے ملاقی ہوااور سرحدی مہاجرین کو درپیش مسائل کے بارے میں جانکاری فراہم کی۔اس دوران وفد میں شامل ارکان نے شکایت کیکہ تین ماہ سے مہاجرکیمپوں میں انہیں بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ۔ انہوں نے بتایاکہ سرحدپر جاری کشیدگی اور گولہ باری نے ان کا جینا حرام کررکھاہے اور وہ مہاجر کیمپوں میں بھی پریشان کن زندگی بسر کررہے ہیں ۔ انہونے کہاکہ ان کی مشکلات بڑھتی ہی جارہی ہیں لیکن متعلقہ حکام کی طرف سے ان کے مطالبات پورے نہیں کئے جارہے ۔ انہوںنے کہاکہ انہیں گرم ملبوسات اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں جن سے محروم رکھاگیاہے ۔وفد کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے انہیں یقین دلایاکہ وہ اس سلسلے میں ہر ممکنہ مدد کریںگے ۔وفدمیں سنتوش اورسوم راج بھی شامل تھے ۔
عارضی ملازمین مستقل مگر ایس پی اوز نظرانداز
جا وید اقبال
مینڈھر// ریا ستی حکومت کی طرف سے حال ہی میں ساٹھ ہزار عارضی ملازمین مستقل ملازمت کے دائرے میں لایاگیاہے تاہم کئی برسوں سے اپنی خدمات انجام دے رہے ایس پی اوز کو اس بار بھی نظرانداز کردیاگیاہے ۔اس سلسلے میں کئی ایس پی اوز نے بات کرتے ہوئے کہاکہ وہ برسہا برس سے اپنی جانیں جوکھم میں ڈال کر خدمات انجام دے رہے ہیں اور ان کے کئی ساتھی مارے بھی گئے لیکن ابھی تک حکومت نے ان سے انصاف نہیں کیا اور نہ ہی ان کے مستقبل کے بارے میں کچھ سوچاجارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ وہ معمولی سی تنخواہ پر دن رات کام کرتے ہیں ۔ان کاکہناہے کہ نہ ہی ان کی تنخواہوں میں اضافہ کیاجارہاہے اور نہ ہی ان کی مستقلی کیلئے کوئی پالیسی ہے ۔ایس پی اوز نے اپنے نام مخفی رکھنے کی شرط پر کہاکہ ریا ستی حکومت ان کیلئے کچھ نہیں کر رہی جنہو ں نے ملی ٹینسی میں اپنی جا نیں قربان کر دی اور مشکل وقت میں خدمات انجام دیں ۔ انہوںنے کہاکہ افسوسناک بات ہے کہ ایس پی اوز سے چوبیس گھنٹے خدمات لی جاتی ہیں لیکن مہینے کے آخر میں صرف چھ ہزار روپے تنخواہ دی جاتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ اس معمولی سے پیسے سے ان کا اپنا خرچہ بھی پورا نہیں ہوپاتا،بچوں کی تعلیم اور اہل و عیال کی کفالت تو دور کی بات ۔انہوںنے کہاکہ کئی ایس پی اوز نے سیاسی لیڈران کی حفاظت میں جانیں گنوادیں مگر سیاستدان بھی ان کے مطالبات پر خاموش ہیں اور وہ بھی کوئی جدوجہد نہیں کررہے ۔ انہوںنے کہاکہ ان کے ساتھ انصاف کیاجائے اور ملازمت کو مستقل بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔
سومو کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار زخمی
جا وید اقبال
مینڈھر// مینڈھر کے علا قہ کو ٹاں میں ایک تیز رفتار سو مو گا ڑی نے مو ٹر سائیکل سوار کو ٹکر ما ر کر بر ی طر ح زخمی کر دیا ۔بھمبر گلی سے مینڈھر آرہی ایک تیز رفتار سو مو گا ڑی زیر نمبرJK12 2219 نے مو ٹر سائیکل سوار کو ٹکر ماردی جس سے وہ شدید زخمی ہواہے ۔اس کی پہچان محمد اخلاق ولد محمد لطیف سکنہ دھا ر گلو ن کی طور پر ہوئی ہے۔زخمی نوجوان کوفوری طور پر مقامی لو گو ں نے سب ضلع اسپتال مینڈھر پہنچایا جہا ں پر وہ زیر علا ج ہے۔ اس سلسلہ میں گو رسائی پو لیس نے مقد مہ درج کر کے تحقیقات شر وع کر دی ہے۔
دلہان سڑک کی خستہ حالی پر احتجاج
حسین محتشم
پونچھ//دلہان کے لوگوں نے سڑک کی خراب حالت پر محکمہ کے خلاف احتجاج کیا جس دوران ایک گھنٹہ تک گاڑیوں کی آمدورفت بھی معطل رہی ۔اس دوران گائوں کی خواتین ،بچوں اور مرد سبھی نے سڑک پر اتر کر انتظامیہ سے سڑک کی مرمت کا مطالبہ کیا۔محمد اعظم نامی شخص نے کہاکہ عرصہ دراز سے سی چونگاں تادلہان سڑک کی مرمت نہیں کی گئی اور نہ ہی سڑک پر تارکول بچھایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ا س سلسلہ میں وہ بار بار انتظامیہ سے اپیل کر چکے ہیں کہ انہیں سڑک کی خستہ حالت کی وجہ سے کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا ہے اس لئے سڑک کی مرمتی کر کے اس پر تار کول بچھائی جائے تاکہ وہ لوگ گوناگوں پریشانیوں سے راحت حاصل کر سکیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے کچھ نہیں کیاگیا ۔انہوں نے کہا کہ وہ لوگ محنت کش ہیں جو سڑک پر اتر کر احتجاج نہیں کرنا چاہتے لیکن انتظامیہ کی عدم توجہی کی وجہ سے انہیں مجبورا ًسڑک پر اتر نا پڑا۔اس موقعہ پر موجود ایک خاتون نے کہا کہ سڑک پر جگہ جگہ کھڈے پڑ جانے کی وجہ سے سڑک کسی نالے کی شکل اختیار کر چکی ہے جس پر گاڑیوں میں سفر کرتے ہوئے حادثہ ہونے کا اندیشہ رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ضلع ترقیاتی کمشنر سے اپیل کرتی ہیں کہ وہ اس حوالے سے ذاتی مداخلت کر کے متعلقہ محکمہ کو ہدایت کریںکہ ان کی سڑک کی مرمت کر کے اس پر تار کول بچھائی جائے ۔ یہ احتجاجی مظاہرہ ایک گھنٹے تک جاری رہا اور لوگوںنے انتباہ دیاکہ اگر سڑک کی مرمت نہ ہوئی تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کریںگے ۔
پیپلز مومنٹ کا غلام نبی سمجھی سے اظہارِ ہمدردی
راجوری// سینئر حریت رہنما اور جموں کشمیر پیپلز مومنٹ کے سرپرست غلام احمد میر نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری اور مسلم کانفرنس کے چیرمین غلام نبی سمجھی کی ہمشیرہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے پسماندگان کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کیا ہے۔ اخبارات کے نام جاری اپنے ایک بیان میں غلام احمد میر نے مرحومہ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور بخشش کے لئے دعا کی۔ غلام احمد میر نے کہا کہ اس سے قبل بھی سمجھی صاحب کی ایک اور ہمشیرہ کا انتقال ہوا تھا اور ابھی موصوف اس صدمے سے پورے طرح باہر بھی نہیں آ پائے تھے کہ ان کی ایک اور ہمشیرہ انہیں داغِ مفارقت دے بیٹھیں۔غلام احمد میر نے اللہ کے حضور دعا کی کہ وہ پسماندگان کہ صبرِ جمیل دے کر اس صدمے کو برداشت کرنے کی ہمت اور سکت عطا کرے۔
ساتھرہ میں پولیس ۔پبلک اجلاس منعقد
عشرت بٹ
منڈی//تحصیل صدر مقام منڈی سے پانچ کلو میٹر دوری پر واقع ساتھرہ میں پولیس اور عوام کے درمیان ایک اجلاس منعقد ہواجس کی صدارت ایس ایچ او منڈی معراج دین خان نے کی۔ اس موقعہ پر ساتھرہ کے متعدد معززین نے شرکت کی ۔مقررین نے ایس ایچ او کو بتایا کہ ساتھرہ میں لوگوں کو کافی مشکلات کا سامناہے اور پانی، بجلی، راشن کے مسائل سے عوام دوچار ہیں۔حفیظ اللہ خان نے کہا کہ ساتھرہ میں لوگوں کے لئے لکڑی کا ڈپو کھولا جائے تاکہ عوام کو لکڑی کیلئے پونچھ نہ جاناپڑے ۔ انہوں نے کہا کہ ساتھرہ میں آٹو اور سومو سٹینڈ کے لئے بہتر جگہ دیکھی جائے تاکہ گاڑیوں کو پارک کیاجاسکے۔ سابق سرپنچ ساتھرہ فضل حسین قریشی نے کہا کہ وہ پولیس انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں جس نے ساتھرہ میں عوامی اجلاس بلا کر لوگوں کی مشکلات کو بغور سنا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے انتظامیہ کی طرف سے کوئی بھی افسر ان کے مسائل سننے کیلئے نہیں آیا اور وہ امید کرتے ہیں کہ یہاں اجاگر کئے گئے تمام معاملات حل کئے جائیںگے ۔ ایس ایچ او منڈی ایم ڈی خان نے کہا آٹو ڈرائیوروں کو چاہیے کہ وہ پولیس کی ہدایات پر عمل کریں اور اپنی گاڑیوں کو وہیں پر لگایاکریں جو اس کیلئے متعین ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو چاہیے کہ وہ قانون کی بالادستی کرے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ساتھرہ کے لوگوں کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی جائے گی اوراس سلسلے میں حکام سے بات کی جائے گی ۔اس موقعہ پرسجاد حسین، عاشق حسین، مولانا محمد لطیف ،جمال دین اور ظفر اقبال بھی موجود تھے ۔
اڑائی میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ
حسین محتشم
پونچھ// اڑائی گائوں کی تین پنچایتوں کے سابق سرپنچ،ممبران پنچایت اور سماجی کارکنان کا ایک وفد مولوی فرید کی قیادت میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے ملاقی ہوا۔اس دوران انہوں نے اپنے مسائل سے روشناس کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنرکو بتایا کہ دوسال قبل ان کے گائوں کو جانے والی سڑک بادل پھٹنے کی وجہ سے تباہ ہوگئی تھی جس کی مرمت تاحال نہیں کی گئی۔انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کو یہ بھی نہیں پتہ ہے کہ وہ سڑک کس محکمہ کے زیر انتظام ہے۔ محمد اسلم نائک سابق نائب سرپنچ اڑائی ملکاں نے کہا کہ ان کے گائوں کے ساتھ زیادتی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس گائوں کی عوام کو سیاستی طور پر استحصال کیا جا رہا ہے۔انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ چودہویں ایف سی پلان کے تحت جو کام ہو رہے ہیں ،وہ بھی گرام سبھا منعقد کئے بغیر دیئے جاتے ہیں ۔ مولوی فرید نے کہا کہ وہ کئی بار انتظامیہ کو اس حوالے سے مطلع کر چکے ہیں لیکن ان کی بدقسمتی کہ انکی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہا ۔انہوں نے کہا کہ سرکار بھی خواب غفلت میں سوئی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کے گائوں میں محکمہ پی ایچ ای کی کار کر دگی بھی ناقص ہے اور دیگر محکمہ جات بھی اس طرف توجہ نہیں دے رہے۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر ان کے مطالبات جلد حل نہ کئے گئے تو وہ لوگ ڈپٹی کمشنر پونچھ کے دفتر کے باہر بھوک ہڑتال شروع کریں گے ۔
کالاکوٹ میں محکمہ صحت کے خلاف احتجاج
راجوری //کالاکوٹ کے چھتہ گائوں کے لوگوںنے محکمہ صحت کے خلاف احتجاج کیا اور اس دوران کالاکوٹ سے تریاٹھ جانے والی سڑک کو گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کردیا ۔مظاہرین نے محکمہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے سینئر افسران کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور ان پرلاپرواہی کا الزام عائد کیا ۔ انہوںنے کہاکہ علاقے میں قائم طبی مرکز لگ بھگ بند ہی رہتاہے اور اس میں طبی عملہ کی شدید قلت پائی جارہی ہے لیکن بدقسمتی سے متعلقہ افسران اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہے اور نہ ہی عملہ کی تعیناتی عمل میںلائی جارہی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ انہیں معمولی سے طبی علاج کیلئے کالاکوٹ جاناپڑتاہے اور مقامی سطح پر طبی مرکز ہوکر بھی انہیں کوئی فائدہ نہیں ۔ کئی گھنٹوں کے احتجاج کے بعد ایگزیکٹو مجسٹریٹ کالاکوٹ ، بی ایم او کالاکوٹ اور ایس ایچ او کالاکوٹ موقعہ پر پہنچے اور انہوںنے مظاہرین کو ان کے مطالبات پورے کرنے کا یقین دلاکر احتجاج ختم کرایا جس کے بعد گاڑیوں کی آمدورفت بحال ہوئی ۔
گورسائی میں پولیس کا عوامی دربار
مینڈھر //عوامی مسائل سننے اور عوام کے ساتھ بہتر تعلقات کی غرض سے پولیس نے گورسائی میں عوامی دربار منعقد کیا ۔یہ اجلاس ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے کی ہدایت پر منعقد ہواجس کی صدارت ایس دی پی او مینڈھر ریاض تانترے نے کی جبکہ اس موقعہ پر ایس ایچ او گورسائی سنجے گپتا بھی موجود تھے ۔مقامی لوگوں نے پولیس افسران کے سامنے کئی طرح کے مسائل رکھے ۔ انہوںنے کہاکہ انہیں رسوئی گیس کے حصول میں مشکلات کاسامناہے جبکہ دیگر طرح کے مسائل بھی درپیش ہیں ۔اپنے خطاب میںریاض تانترے نے مسائل حل کرنے کا یقین دلایا اور ایس ایچ اوگورسائی کو ہدایت دی کہ وہ گیس سلینڈروں کی تقسیم کاری کے نظام کا معائنہ کریں اور متعلقہ ایجنسیوں کو ضروری ہدایات جاری کریں ۔انہوںنے کہاکہ علاقے میںچلنے والے ٹریکٹروں کے کاغذات بھی چیک کئے جائیں اور پولیس کی رات کو گشت بڑھائی جائے ۔انہوںنے کہاکہ پولیس منشیات کے خاتمے کیلئے کام کررہی ہے اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوںسے سختی سے نمٹاجائے گا۔
۔31مال بردار ٹرک آر پار ہوئے
پونچھ //پونچھ کے چکاں داباغ سے 31مال بردار ٹرک حد متارکہ کے آر پارہوئے ۔اس دوران سامان سے لدے21ٹرک پونچھ سے پاکستانی زیرانتظام کشمیر بھیجے گئے جن میں زیادہ تر ڈرائی فروٹ تھا ۔ اسی طرح سے دس ٹرک پاکستانی زیر انتظام کشمیر سے پونچھ آئے ۔ان ٹرکوں کے ذریعہ ڈرائی فروٹ اور کھجور وغیرہ کالین دین کیاگیا ۔
نیٹ کوالیفائی کیا
یاسمین کوثر دختر شبیرعلی خان اور زبیدہ خانم ساکنہ گاؤں پٹھانہ تیر تحصیل مینڈھر ضلع پونچھ نے اردو مضمون میں ملکی سطح کے اہلیتی امتحان NET-UGC/CBSEمیں کامیابی حاصل کی ہے۔اس کے نتائج حالیہ دنوں سینٹرل یوجی سی نے جاری کئے ہیں۔