مینڈھر کیلئے اے ڈی سی پوسٹ کا مطالبہ
مینڈھر//جاوید اقبال//سائیں ناتھ یونیورسٹی کے وائس چیئرمین ڈاکٹر شہزاد ملک نے وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی سے اپیل کی ہے کہ مینڈھر کو اے ڈی سی کی پوسٹ دی جائے تاکہ لوگوں کی بہت سی مشکلات حل ہوسکیں ۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ مینڈھر ریاست کا واحد ایسا علاقہ ہے جس کی تین تحصیلیں ہیں اور تینوں تحصیلیں بڑی آبادی پر مشتمل ہیں۔ان کاکہناتھاکہ گزشتہ دنوں راجوری کی تحصیل کوٹرنکہ میں ایڈیشنل ڈی سی کی پوسٹ دی گئی جس کا وہ خیر مقدم کرتے ہیں لیکن وہ یہ سوال کرناچاہتے ہیں کہ کیا مینڈھر اس کیلئے حقدار نہیں ۔انہوںنے کہاکہ سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں کو اپنے کام کاج کیلئے روزانہ پونچھ جاناپڑتاہے اور کئی لوگوں کو رات کو بھی وہیں قیام کرناپڑتاہے ۔انہوںنے کہاکہ مینڈھر سے پونچھ تک کا سفر طویل اور کافی مہنگاہے اور کئی غریب پیسے نہ ہونے کی وجہ سے اپنے کام کا پیچھا ہی چھوڑ دیتے ہیں اس لئے مینڈھر میں ہی اے ڈی سی کا بیٹھنا بہت ضروری ہے جس سے تینوں تحصیلوں کے کام آسانی سے نمٹائے جاسکیںگے ۔انہوںنے وزیر اعلیٰ سے اپیل کی کہ وہ مینڈھرمیں اے ڈی سی کی تعیناتی عمل میں لاکر جائز مانگ کو پورا کریں ۔
نوشہرہ میں6واٹر سپلائی سکیموں پر کام جاری : شیام
جموں//صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈکنٹرول کے وزیر شیام لال چودھری نے قانون ساز اسمبلی میں رویندر رینہ کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران نوشہرہ حلقے میں 10.15کروڑ روپے کی لاگت سے 6واٹر سپلائی سکیمیں ہاتھ میں لی گئی ہیں جن میں سے دو کو مکمل کیا گیا ہے اور باقی ماندہ پر کام شد و مد سے جاری ہے۔وزیر نے کہاکہ ان کاموں پر دسمبر 2017تک 3.2 کروڑ روپے صرف کئے جاچکے ہیں۔وزیر نے اس موقعہ پر حلقے میں متعلقہ محکموں کی طرف سے ہاتھ میں لی گئی کئی سکیموں کا تفصیلی خاکہ پیش کیا۔ عبدالمجید لارمی نے اس موقعہ پر ضمنی سوال پوچھ کر اپنے حلقے میں جاری سکیموں پر سست رفتاری سے کام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی بروقت تکمیل کے لئے مناسب رقومات کا مطالبہ کیا۔
تھنہ منڈی میں بجلی ملازم زخمی
تھنہ منڈی//طارق شال // تھنہ منڈی کے علاقہ کریوٹ میں محکمہ بجلی کا ملازم دوران ڈیوٹی گر کر زخمی ہوگیاجسے علاج کیلئے ضلع ہسپتال راجوری منتقل کیاگیاہے ۔کریوٹ۔ کالس میں تعینات محکمہ بجلی کا ملازم اس وقت زخمی ہو گیا جب وہ بجلی کا خراب ٹرانسفامر ٹھیک کر رہا تھا۔ منیر حسین ولد خادم حسین نامی یہ ملازم بجلی کرنٹ لگنے سے گر کر زخمی ہوا۔اس دوران لوگوںنے اسے فوری طور پر اٹھاکر تھنہ منڈی کے طبی مرکز لایاجہاںڈاکٹروں نے اس کی حالت نازک پاتے ہوئے ضلع ہسپتال راجوری منتقل کردیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق محکمہ بجلی کے ملازم کی بائیں ثانگ فریکچر ہوئی ہے اوراسے زیر علاج رکھاگیاہے ۔
نوشہرہ میں آدھار کارڈ بنانے کا مطالبہ
نوشہرہ //رمیش کیسر//نوشہرہ میں آدھار کارڈ نہ بنائے جانے پر لوگوں میں انتظامیہ کے تئیں شدید غم و غصہ پایاجارہاہے ۔ واضح رہے نوشہرہ میں آدھار کارڈ بنانے والی ٹیم کو انتظامیہ نے پیسے وصول کرنے کے الزام میں واپس بھیج دیاتھاجس کے بعد لوگوں کے آدھار کارڈ نہیں بن پارہے ہیں ۔ مقامی لوگوںنے انتظامیہ اور حکومت کے خلاف احتجا ج کرتے ہوئے ایک طرف حکومت نے ہر ایک کام کیلئے آدھار کارڈ کو لازمی قرار دیاہے اور دوسری طرف انہیں اس کی سہولت ہی فراہم نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ جب آدھار کارڈ بنائے ہی نہیں جارہے تو پھر وہ کہاںسے اس کافائدہ اٹھاسکتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ نوشہرہ کے لوگوں کو آدھار کارڈ بنوانے کیلئے یاتو سند ربنی یا پھر راجوری جاناپڑتاہے جو بہت طویل سفر ہے ۔ انہوںنے مانگ کی کہ نوشہرہ میں ہی آدھار کارڈ بنانے کی سہولت دستیاب رکھی جائے ۔ ایس ڈی ایم نوشہرہ عبدالستار نے کہاکہ انہوںنے یہ معاملہ ڈپٹی کمشنر راجوری سے اٹھایاہواہے اور جلد کوئی حل نکل جائے گا۔
بیف پر پابندی تو شراب پر کیوں نہیں :مدنی
پونچھ // سنی یوتھ ونگ جموں و کشمیر کے صوبائی صدر اعجاز احمد مدنی نے کہاکہ اسرائیلی وزیرِ ا عظم کے دورہِ ہند سے یہ واضح ہو گیاہے کہ اسلام مخالف طاقتیں مکمل طور پر یکجا ہو کر مسلمانوں کو مٹانے کی سازشش کر رہی ہیں۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ کچھ نام نہاد مسلمان بھی ان دشمنوں کے ساتھ مل کر اہلِ حق کے خلاف سازشیں کرنے میں مصروفِ عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام امن کا در س تب تک دیتا ہے جب تک مسلمانوں کو عزت و احترام اور انہیں مکمل طور پر دین ِ متین پر عمل کرنے کی مکمل آزادی ملتی رہے، ہر وہ برائی جس کو آج سماج برا سمجھ رہا ہے اسلام نے چودہ سو سال قبل اس کے بارے میں بتا دیا ہے جیسے کہ آج سوچھ بھارت ابھیان ،نشے کے خلاف ریلیاں نکالنا وغیرہ ان سب خُرافات کے بارے میں مذہبِ اسلام نے بہت پہلے سے ہمیں آگاہ کر دیاتھا ۔انہوںنے کہاکہ شراب بندی پر حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی ،اگر ایک جمہوری ملک میں سبھی مذاہب سے تعلق رکھنے والوں کے جذبات کو مدِ نظر رکھ کر اقدامات اُٹھانے کی بات ہے تو پھر مسلمانوں کے جذبات کی قدر کیوں نہیں کی جاتی ۔انہوں نے کہا کہ بیف پر پابندی تو لگا دی مگر شراب پر کیوں نہیں؟۔مدنی نے کہا کہ شراب کو اسلام نے حرام قرار دیا ہے اور وہ ہر گز یہ برداشت نہیں کریں گے کہ ان کے سامنے اس حرام چیز کا استعمال ہو۔
بخاری کا اظہار تعزیت
سرنکوٹ//بلاک صدر یوتھ نیشنل کانفرنس سرنکوٹ مختار زرگر کے والد کی موت پر سابق ریاستی وزیر اورنیشنل کانفرنس کے سینئر نائب صدر سید مشتاق احمد بخاری نے گہرے دکھ کا اظہار کیاہے ۔انہوںنے اپنے ایک تعزیتی پیغام میں مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ وہ ایک نیک نیت اور نیک سیرت انسان تھے جن کی موت سے پید اہونے والے خلا کو پر نہیں کیاجاسکتا۔بخاری نے کہا کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اور خاص طور پر مختار زرگر کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ذوالفقار کا ایوان میں بیان
جموں//خوراک ، شہری رسدات اور امور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے ایوان میں بتایا کہ بدھل میں ایک منی بس کو حادثہ پیش آیا جس میں 3 مسافر ہلاک اور 14 زخمی ہوئے ۔ شدید طور پر زخمی 4 افراد کو خصوصی علاج و معالجہ کیلئے ہیلی کاپٹر کے ذریعے جموں پہنچایا گیا ۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ دیگر زخمی افراد کو جموں اور نوشہرہ میں داخل کرایا گیا اور انہیں مناسب طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔ ایس ایس پی راجوری ریلیف اوپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں ۔ وزیر نے حادثے میں ہلاک شدگان کے کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے ۔
وزیر اعلیٰ کا بدھل
حادثے پر دکھ کا اظہار
جموں//وزیرا علیٰ محبوبہ نے بدھل میں ایک منی بس کو حادثے میں 3 مسافروں کے ہلاک اور 14 افراد کی زخمی ہونے گہر ے رنج و غم کا اظہارکیا ہے ۔وزیر اعلیٰ نے غمزدہ کنبوں کے ساتھ اپنی ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔دریں اثنا محبوبہ مفتی نے جموں کے صوبائی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ اس حادثے میں زخمی ہوئے افراد کو تمام ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوںنے شدید طور زخمی افراد کو خصوصی علاج ومعالجہ کے لئے ہیلی کاپٹر کے ذریعے جموں بھیجنے کی ہدایت جاری کی۔
یونیورسٹی کیمپس ڈینگلہ میں ہی تعمیر کیاجائے :بھاجپا
حسین محتشم
پونچھ//بھارتیہ جنتا پارٹی نے یونیورسٹی کیمپس پونچھ کی تعمیر ڈینگلہ میں ہی کرنے کی مانگ کی ہے ۔ پارٹی کے ریاستی جنرل سکریٹری سنیل کمار گپتا نے زنانہ پارک پونچھ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پونچھ جیسے سرحدی ضلع کو نظر انداز کیا جا رہا ہے اورعوام کا خواب تھا کہ اس ضلع میں ایک یونیورسٹی بنے گی تاہم کیمپس کا حال بھی براہے ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کے پرزور مطالبہ کے بعد سرکاری طور پر تمام لوازمات پورے کئے جانے کے بعد ڈینگلہ میں اراضی خرید کر وہاں یونیورسٹی کی عمارت تعمیر کئے جانے کا کام شروع کیا گیا اور عمارت کے بہت سے کام پر کروڑو روپیہ خرچ ہونے کے بعد اچانک سے تعمیراتی کام بند کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب سننے میں آرہا ہے کہ یونیورسٹی کیمپس کسی دوسری جگہ بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ سراسر نا انصافی اور نااہلی ہو گی اوراگراس پروجیکٹ کو ڈینگلہ سے کسی دوسری جگہ منتقل کیا گیاتو یہ بہت بڑی ناانصافی ہوگی ۔ انہوںنے وزیر اعلیٰ سے اپیل کی کہ وہ عمارت کو ڈینگلہ میں ہی تعمیر کروانے کی ہدایت دیں اور اگر ایسا نہیں کیاگیاتو پھر احتجاج کاراستہ اختیا رکیاجائے گا۔
مینڈھرمیں کانگریس کارکنان کا اجلاس
جاوید اقبال
مینڈھر//کانگریس کی ریاستی سکریٹری پروین سرور خان کی قیادت میں کارکنان کا ایک اجلاس منعقد ہوا۔اس موقعہ پر ان لوگوں کا شکریہ ادا کیاجنہوںنے پونچھ پہنچ کر ریاستی کانگریس صدر غلام احمد میرکا والہانہ استقبال کیا ۔اس دوران مقامی لوگوں کے مسائل بھی سنے گئے ۔پروین سرور خان نے کہاکہ مینڈھر میں پانی کی ہر جگہ قلت ہے اور بجلی کی سپلائی کا حال بیان سے باہر ہے ۔ان کاکہناتھاکہ سڑکوں کی حالت بھی بہت زیادہ خراب ہے ۔انہوںنے کہاکہ ان مسائل کو حل کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں ۔ انہوںنے کارکنان پر زور دیاکہ وہ پارٹی کو مضبوط بنائیں اور تنظیمی سطح پر مزید محنت سے کام کریں ۔
پی ڈی پی لیڈرکا دورہ ٔ دھار گلون
مینڈھر//پی ڈی پی لیڈر ایڈووکیٹ ندیم رفیق خان نے بالاکوٹ کے دھار گلون علاقے کادورہ کرکے لوگوں کے مسائل سنے ۔اس دوران ان کے ہمراہ سردار ایاز خان ، سفیر حسین شاہ ، سابق بی ڈی او نذیر احمد خان اور حاجی طارق خان تھے ۔دورے کے دورا ن کئی جگہوں پر میٹنگیں منعقد کی گئیں اور ندیم نے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔اس موقعہ پر پرویز احمد نامی شخص نے مانگ کی کہ دھار گلون میں پرائمری ہیلتھ سنٹر قائم کیاجائے اور بی پی ایمبولینس فراہم کی جائے ۔انہوںنے کہاکہ مقامی لوگوں کو پینے کے پانی کی شدید قلت کاسامناہے جبکہ بجلی اور سڑک کے شعبوں کا حال بھی خراب ہے ۔عنایت اللہ خان نے کہاکہ بی پی ایل کے راشن کارڈوںمیں کئی مستحق لوگوں کو نظرانداز کردیاگیاہے اور اس معاملے کو متعلقہ وزیر کے حالیہ دور ہ مینڈھر کے دوران بھی اٹھایاگیالیکن کوئی کارروائی نہیںہوئی ۔ندیم خان نے تمام مطالبات سننے کے بعد یقین دلایاکہ ان کو پور اکیاجائے گا۔ انہوںنے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ لوگوں کے بنیادی مسائل حل کئے جائیں ۔اس موقعہ پر رشید میر ، اکرم خان ، نذیر خان ، رشید خان ، آزاد خان ودیگران بھی موجود تھے۔
بدھل حادثے پر دکھ کا اظہار
زخمیوں کا بہتر سے بہتر علاج کرنے پر زور
راجوری//بدھل حادثے پر متعدد سیاسی لیڈران نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہتر سے بہتر علاج کی سہولت فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیاہے ۔ سابق وزیر صحت شبیر خان نے کہاکہ بدھل حادثہ پر انہیں گہرا دکھ پہنچاہے جس میں تین افراد لقمہ اجل بنے اور کئی دیگر زخمی ہوئے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ حکام کو ٹریفک کے نظام میں سدھارلانے کے اقدامات کرنے ہوںگے ۔انہوںنے کہاکہ زخمیوں کے علاج کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں اور مرنے والوں کے لواحقین کو زیادہ سے زیادہ ایکس گریشیاء ریلیف دی جائے ۔ ایم ایل اے راجوری قمر چودھری نے بدھل حادثے میں مرنے والوں کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے ۔انہوںنے محکمہ صحت پر زور دیاکہ زخمیوں کو علاج کی بہتر سے بہترسہولت فراہم کی جائے ۔ان کے علاوہ پی ڈی پی کے ریاستی سیکریٹری و کوآرڈی نیٹر شہزاد خان،ضلع صدر کانگریس سائیں عبدالرشید ، ضلع صدر نیشنل کانفرنس شفاعت خان ،گفتار چودھری یوتھ لیڈر،طاہر لون ،شرافت کھٹانہ ودیگران نے بھی بدھل حادثہ پر رنج و غم کا اظہار کیاہے۔
باجی کے بیان پر علماء و خطیب سیخ پا
الفاظ کو قرآن و حدیث کے منافی قرار دیا
منیر خان /طارق شال
راجوری/تھنہ منڈی//راجوری کے علماء و خطیبوںنے ایک مقامی باجی کے بیان پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے قرآن و حدیث کے منافی قرار دیا۔ اس سلسلے میں جامع مسجد عیدگاہ راجوری کے علماء کرام کی ایک میٹنگ منعقدہوئی جس میں اس بیا ن کی مذمت کی گئی ۔ علماء نے کہاکہ ایسے الفاظ کہنے والے شخص کوعوام کے سامنے اعلاناً معافی مانگنی ہوگی اورتجدید نکاح بھی کرناہوگا۔ علماء کرام نے کہاکہ جن لوگوں نے باجی کے بیان کی تائیدکی ہے، انہیں بھی اپنانکاح درست کرناہوگا۔میٹنگ میں انجمن اہل سنت الجماعت ضلع صدرمولوی فاروق احمد،حافظ محمدسعید،مفتی ابراہیم،مفتی عبدالرؤف،مفتی غلام محی الدین،حافظ الیاس ودینی انجمنوں کے سربراہان سمیت کئی دیگرلوگ بھی موجود تھے ۔دریں اثناء غوثیہ جامع مسجد تھنہ منڈی کے خطیب حافظ محمد نصیرالدین نقشبندی نے نماز جمعہ سے پہلے اپنے خطاب میں کہاکہ یہ بیان غیر شرعی ہے اورباجی صاحب کی جو ویڈیوسوشل میڈیا پر گشت کر رہی ہے، وہ کلی طور قرآن وحدیث کا انکار اور قرآن وحدیث کے اصولوں کے خلاف ہے ۔انہوںنے کہاکہ اس ویڈیو میں باجی صاحب کہتے ہیں کہ مساجد ومدارس میں چندہ دینے اور مسجدیں تعمیر کرنے کا کوئی فائدہ و ثواب نہیں بلکہ چندہ دینے اور لینے والے فی نار جہنم ہونگے ۔نقشبندی نے کہاکہ قرآن واحادیث میں مسجدیں تعمیر کرنے اور آباد کرنے کی تاکید اور اجروثواب کی بشارتیں موجود ہیںاور مساجد و مدارس مسلمانوں کی عظمت کا نشان ہیں اور ابتدائے اسلام سے ہی مساجد ومدارس کی تعمیر وترقی خوش نصیب مسلمانوں کے تعاون سے ہوتی رہی اور صبح قیامت تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔انہوںنے کہاکہ اس بیان سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ سادات کرام، بزرگان دین اور پیران عظام ان کے سروں کے تاج ہیں لیکن اگر کوئی قرآن وحدیث کے قانون اور شریعت اسلامیہ کی دھجیاں اڑاتا ہے تو اس سے ہمارا کوئی رشتہ نہیں ،چاہے وہ کتنی بڑی گدی کا سجادہ نشین کیوں نہ ہو۔انہوںنے کہاکہ شریعت سے بڑھ کر کوئی پیر نہیں ہو سکتا بلکہ ہر پیر اور ہر باجی کو شریعت کے تابع ہونا لازمی ہے۔مرکزی جامع مسجدتھنہ منڈی میں نمازِجمعہ سے قبل خطاب میں امام و خطیب مفتی عبدالرحیم ضیائی قاسمی نے بھی اس بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ لوگ اپنے حقیرمفادات کی خاطردین کومسخ کرتے ہیں اورعام لوگوں کوبیوقوف بناکراپناالّوسیدھاکرتے ہیں لیکن لوگوںکوچاہئے کہ وہ اس طرح کے پیروں سے دور رہ کر اپنا ایمان بچائیں ۔موصوف نے کہاکہ لوگ اپنامکمل بھرسہ واعتماد ایک اللہ کی ذات پرمضبوط کریں۔انہوںنے کہاکہ سچے اولیا اکرام ہمارے سروں کے تاج ہیں اوران کی محبت دین وایمان کاحصّہ ہے مگر عبادت و بندگی صرف اللہ کی ذات کی ہوسکتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ایسے باجیوںسے دور رہاجائے ۔وہیں ذرائع نے بتایاکہ متنازعہ ویڈیوکے بعد جب علماء کرام نے باجی سے معافی اورتجدیدنکاح پر زور دیاتوموصوف نے ایک بیان جاری کیاجس میں انہوں نے بتایاکہ ویڈیوکے ساتھ چھیڑچھاڑ کی گئی ہے اور اس میںجن لوگوں سے گفتگوہورہی تھی وہ دوسرے مسلک سے تھے۔انہوںنے کہاکہ اگر اس کے باوجود کسی کوٹھیس پہنچی ہے تو وہ معافی مانگتے ہیں۔