نجی اِداروں کی جانب سے وظائف کے خرد بردکا الزام
تحقیقات کااعلان،اقلیتی امورکی وزارت سے رجوع کیاجائیگا
جموں//کانگریس رکن اسمبلی اندروال غلام محمد سروڑی کی جانب سے ایوان میں وزارت اقلیتی امورکی وزارت کے تحت ملنے والے وظائف میں بڑے پیمانے پرنجی اِداروں کی جانب سے خرد برد کے ثبوت پیش کئے جانے کے بعد آج ریاستی سرکارنے معاملے کی بڑی پیمانے پرتحقیقات کااعلان کیااورکہاکہ حکومت مرکزی وزارت برائے اقلیتی امورسے بھی رجوع کرے گی۔ایوان میں سماجی بہبودکے وزیرسجاد غنی لون نے یہ اعلان کیا۔’’ایورگرین انسٹی چیوٹ آف ٹریننگ شاستری نگرکی جانب سے 1.09کروڑروپے اقلیتی طبقہ کے وظائف کاخرد بردکیاہے،جومرکزی وزارت برائے اقلیتی امورنے واگذار کئے تھے‘‘۔سروڑی نے ایوان میں یہ سنسنی خیزانکشاف کیا۔اُنہوں نے مزیدکہاکہ یہ اسکالرشپ ایک تاجر،سرکاری ملازمین،میڈیکل دکان مالک کے مابین بندربانٹ ہوا ہے،جبکہ بڑی رقم نجی فرموں کے کھاتوں میں منتقل کی جاچکی ہے۔انسٹی چیوٹ کے بنک کھاتے جوکہ جموں وکشمیربنک بخشی نگرمیں ہے‘پراُنگلی اُٹھاتے ہوئے سروڑی نے کہا’’اِدارے کے مالک نے وظائف اپنے ذاتی استعمال میں لائے،ناکہ اقلیتی طبقہ کے طلباوطالبات کوتقسیم کئے‘‘۔اُنہوں نے مزیدکہا’’یہ اقلیتی طبقہ کے طلباکامسئلہ ہے جنہیں وظائف سے محروم کیاگیاہے جومرکزی سرکارنے واگذار کیاہے‘‘۔سروڑی نے اس معاملے کی اعلیٰ سطحی جانچ کامطالبہ کیا۔اُنوہں نے اس موقع پراسپیکرکویندرگپتاکودستاویزی ثبوت بھی پیش کئے۔معاملے کاسنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے سماجی بہبودکے وزیرسجاد غنی لون نے معاملے کی تحقیقات کاعلان کیا۔’’رقومات مستحقین کو براہ راست ان کے کھاتوں میں منتقل کی جاتی ہے، لیکن اگرخرد برد ہواہے، جیساکہ رکن اسمبلی نے الزام عایدکیاہے تو حکومت اس معاملے کی تحقیقات کرے گی ،حکومت اقلیتی امورکے مرکزی وزیرسے بھی التجاکرے گی کہ کیااقلیتی طبقہ کیلئے مخصوص وظائف کسی دوسرے اِدارے کومنتقل ہوئے ہیں‘‘۔دریں اثناء پرائیویٹ ممبرزبل جس میں رکن اسمبلی اندروال جی ۔ایم۔ سروڑی نے ریاست میں شراب پرمکمل پابندی کی وکالت کی ہے، ایوان میں پیش کیاگیا ،بل جونہی ایوان میں پیش کیاگیاتواپوزیشن ارکان نے اس کی مکمل حمایت کی، لیکن حکمران اتحاد پی ڈی پی اور بھاجپااس پرتقسیم نظرآیا۔سروڑی نے بھاجپاارکان قانون سازیہ کی مخالفت پرسوال اُٹھاتے ہوئے کہاکہ ملک کے وزیراعظم نریندرمودی کی ریاست گجرات میں شراب بندی ہے تویہاں پھربھاجپاارکان اس کی مخالفت کیوں کرتے ہیں۔اُنہوں نے کہاکہ متعددبھاجپاحکمرانی والی ریاستوں میں یہ قدم اُٹھایاگیاہے۔اُنہوں نے کہاکہ ’’ ضمیرکامعاملہ ہے، ارکان ریاست میں شراب بندی کی حمایت کریں جس نے نوجوان نسل کوتباہ وبرباد کردیاہے، ہمارے سماج کوبدنام کر کے رکھ دیاہے‘‘۔اُنہوں نے کہاکہ جب موجودہ وزیرقانون اپوزیشن میں تھے تو اُنہوں نے بھی یہی بل
لایاتھا۔’’ہم نے آپ کے بل کی اجازت نہ دیکر غلطی کی،اوراس وجہ سے ہم آج اس طرف(اپوزیشن)میں ہیں‘‘۔سروڑی نے کہاوزیرقانون عبدالحق خان سے کہا’’آپ یہ غلطی نہ دہرائیں‘‘۔اس پرحق خان نے کہاکہ حکومت کواس بل کے پیش کرنے پرکوئی اعتراض نہیں اوراگربل پیش کیاجاتاہے تواِسے منظورکیاجائیگا اور زبانی ووٹنگ کرائی جائیگی۔سروڑی نے اس موقع پرہرپنچایت گھرمیں نمبرداراورچوکیدارکی تقرری عمل میں لانے کی مانگ دہرائی۔سروڑی نے مانگ کی کہ حکومت پنچایت گھرکیلئے اراضی عطیہ دینے والے کنبہ کے ایک رکن کو ترجیح دے۔اس کے علاوہ سروڑی نے پی ایچ ای سیکٹرکی کشتواڑ میں کارکردگی پرسوال اُٹھاتے ہوئے کہاکہ پینے کے پانی کی سپلائی کومزیدبہتربنانے کی ضرورت ہے اور اس کیلئے اسکیموں کواپ گریڈ کیاجاناچاہئے۔اُنہوں جاری اسکیموں کی جلد تکمیل پرزوردیا۔
پی ڈی پی ڈوڈہ کا پوسٹ گریجویشن کلاسیں شروع کرنے پر اظہار تشکر
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ//جموں کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر ضلع ڈوڈہ شہاب الحق بٹ (علیگ) نے گورنمنٹ ڈگری کالج ڈوڈہ میں پوسٹ گریجویشن کلاسیں شروع کرنے کے چودہ برس پرانے مطالبہ کو پورا کرنے پر وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی وزیر تعلیم محمد الطاف بخاری اعلیٰ تعلیم کے پرنسپل کمیشنر محمد اصغر سامون ڈائیریکٹر کالجز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ڈوڈہ سیول سوسائٹی کو چودہ برس طویل جدوجہد چلانے پر خراج تحسین پیش کیا۔ پی ڈی پی کارکنان و طالب علموں سے بات چیت کے دوران ـ’’گلستان جبین‘‘ پر شہاب الحق بٹ نے کہا کہ اُن کا سیاست میں آنے کا مقصد صرف اور صرف تعلیمی انقلاب ہے اور ڈوڈہ کے گورنمنٹ ڈگری کالج کو ڈوڈہ میں وہی مقام حاصل ہے جو ہندوستان میں JNUکو حاصل ہے اور یہ ادارہ گذشتہ چودہ برسوں سے مسلسل جان بوجھ کر نظر انداز کیا گیا تھا اور میں اس ادارے کی ترقی کے لئے ہمیشہ کام کروں گا اُنہوں نے کہا کہ کالج میں پی جی میں اُردو اور انگریزی کے علاوہ اکنامکس اور پولٹیکل سائنس مضامین کے خصوصی INTEGRATEDکورسز کو بھی متعارف کرانے کا فیصلہ ہوا ہے اور میری یہ کوشیش ہے کہ اس برس منظور شُدہ فلاسفی، کامرس مضامین کے علاوہ جیالوجی اور اسلامک سٹیڈیز کو بھی متعارف کرانے کی منظور ی ملے اور کالج میں مزید کلاس رومز کمپلیکس کثیر مقاصد ہال تعمیر کرانا میرے منصوبہ میں ہے جبکہ گرلز ہوسٹل زیر تعمیر ہے اُنہوں نے طلباء کو یقین دلایا کہ کالج کو گذشتہ چودہ برسوں میں ہونے والے نقصان کا سد باب کرنے کے لئے وہ کوئی موقع ضائع نہ ہونے دیں گے۔ بالخصوص اس کالج میں ہمارے دور دراز دیہاتوں کے بچے اور بچیاں علم کے نور سے منور ہوتے ہیں۔ جن کا تعلق غریب کسان، مزدور، دیہاڑی دار پسماندہ طبقہ سے ہے جو ڈوڈہ سے باہر حصول تعلیم کے لئے جانے کا تصور بھی نہ کرسکتے ہیں۔ اُنہوں نے پھر کہا کہ ڈوڈہ میں RUSAکے تحت کلسٹر یونیورسٹی اور ڈوڈہ کے لئے علٰحیدہJKSBOSE Dodaاُن کا خواب ہے جس کی تکمیل بھی ہوگی اور عنقریب وہ ریاست کے وزیر تعلیم محمد الطاف بخاری کو ڈوڈہ آنے کی دعوت دے رہے ہیں تاکہ یہاں بیٹھ کر اور بھی اقدامات کئے جائیں۔
لیگل میٹرالوجی ریاسی کی کارروائی
خاطی تاجروں سے53 ہزار روپے جرمانہ وصول
ریاسی //محکمہ لیگل میٹرالوجی ریاسی نے ریاسی ،کٹرا اور پونی بازاروں کا طویل جانچ کرکے ناجائز کاروبار کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی۔ایک پریس بیان کے مطابق ٹیم نے 10 تاجروں پر جموں و کشمیر ماپ وتول ایکٹ کی خلاف ورزیاں کرنے پر انکے خلاف معاملات درج کئے۔ اسسٹنٹ کنٹرولر لیگل میٹرالوجی ریاسی کلدیپ راج نے خاطی دکانداروں پر 53 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ مزید انہوں ے تمام دکانداروں کو ہدایت دی کہ وہ محکمہ کی جانب سے اپنے کاروبار کے لین و دین کیلئے تصدیق شدہ ماپ وتول کا استعمال کریں اور صارفین کو سپلائی کونے والے اشیائے کی زیادہ سے زیادہ قیمت ،پیکئیجنگ کی تاریخ، مینوفیکچرار کا مکمل پتہ ،کنزیومر کئیر نمبر کی مکمل جانچ کی بھی ہدایت دی۔