کوٹرنکہ۔ خواس سڑک 5روز سے بند
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سے خواس جانے والی سڑک برفباری کی وجہ سے پچھلے کئی روز سے بند پڑی ہے جس کو بحال نہیں کیاگیا ۔روڈ دوبارہ نہ کھلنے کی وجہ سے بہت بڑی آبادی کو مشکلات کاسامناہے ۔واضح رہے کہ خواس ایک دور افتادہ علاقہ ہے اور اس سڑک کی وجہ سے نارلہ،کوٹ چروال ،کھوڑ،بنی ،گائی باس ، گندہ وغیرہ کی آبادی متاثر ہورہی ہے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ وہ پچھلے پانچ روز سے کئی کلو میٹر کا سفر پیدل طے کرنے پر مجبور ہیں ۔ان کاکہناہے کہ پچھلے سوموار برفباری ہوئی تھی جس کے بعد اب تک اس سڑک کو ٹریفک کیلئے بحال نہیں کیاگیا جس سے متعلقہ حکام کی لاپرواہی کا اندازہ لگایاجاسکتاہے ۔ گدیوک کے منظور حسین نے کہا کہ سڑک پر جگہ جگہ پسیاں اور کیچڑ پڑاہے اور کسی نے اس کی طرف مڑ کر نہیں دیکھا۔ انہوںنے کہاکہ سڑک کا تعمیری کام بھی چل رہا ہے جس کی وجہ سے کافی زیادہ کیچڑ جمع ہواہے اور کئی مقامات پر پسیاں بھی گر آئی ہیں لیکن متعلقہ محکمہ ملبہ ہٹاکر اسے ٹریفک کے قابل بنانے کیلئے سنجیدہ نہیں ۔ ان کاکہناہے کہ اس کاتعمیری کام شروع کرتے وقت ریاستی وزیر اعلیٰ محترمہ محبوبہ مفتی کی موجودگی میں وزیر تعمیرات عامہ نعیم اختر نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ دو سال کے اندر خواس سڑک کو مکمل کردیا جائے گا لیکن ایک سال پورا ہونے والا ہے اور محکمہ نے ابھی تک بیس فیصد کام بھی نہیں کیا ۔انہوںنے کہاکہ کئی علاقوں کے لوگوں کو چالیس سے پچاس کلو میٹر کا سفر پیدل طے کرناپڑتاہے اور ان کیلئے راجوری تک کا سفر 150کلو میٹر پر محیط ہے ۔
ریزرویشن کے فیصلہ کا خیر مقدم
مینڈھر //پریس کلب مینڈھر نے پہاڑی طبقہ کو تین فیصد ریزرویشن دینے کا خیر مقدم کرتے ہوئے حکومت کا شکریہ اد اکیاہے ۔ اس سلسلے میں کلب کی ایک میٹنگ زیر صدارت تعظیم حسین کاظمی منعقد ہوئی جس میں دیگر ارکان نے بھی شرکت کی ۔ اس موقعہ پر ارکان نے اس بات پر وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی ، نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ ، ممبر پارلیمنٹ مظفر حسین بیگ ،وزیر برائے سماجی بہبود سجاد غنی لون اوروزیر برائے دیہی ترقی و قانون و انصاف عبدالحق خان کا شکریہ ادا کیاکہ انہوںنے اس سلسلے میں کلیدی کردار ادا کیاہے ۔انہوںنے کہاکہ اگرچہ آبادی کے تناسب سے یہ ریزرویشن بہت ہی کم ہے لیکن یہ ایسا فیصلہ ہے جو سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ اس فیصلہ سے پہلی بار پہاڑی طبقہ کی شناخت قائم ہوئی ہے اور اس سے شیڈیول ٹرائب درجہ کیلئے بھی راہ ہموار ہوئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اب مرکزی حکومت کو شیڈیول ٹرائب درجہ دینے میں تاخیر نہیں کرنی چاہئے۔ پریس کلب ارکان نے ریاستی حکومت پر زور دیاکہ وہ مرکز سے رجوع کرکے پہاڑی طبقہ کو ایس ٹی درجہ دلائے جس کا اس نے اپنے کم از کم مشترکہ پروگرام میں بھی اعلان کررکھاہے ۔میٹنگ میں جاوید اقبال ، ناظم علی منہاس ، راہی کپور ، سبھاش بالی ، روہنی چندن ، ونود دتا بھی موجود تھے ۔
راجوری میں 34گاڑیاں ضبط
۔100سے زائد چالان کاٹے گئے
راجوری//پولیس نے راجوری میں 34گاڑیاں ضبط کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے 100سے زائد گاڑیوں کے چالان کئے ہیں ۔ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس کی ہدایت پر ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر جسونت سنگھ اور ایس ایچ ا وراجوری طاہر خان کی قیادت والی ٹیموںنے مختلف مقامات پر ناکے لگاکر گاڑیوں کی چیکنگ کی جس دوران د59دوپہیہ گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو چالان کیاگیا جنہوںنے ہیلمٹ نہیں پہن رکھاتھا یا قوانین کی خلاف ورزی کررہے تھے ۔اس کے علاوہ 34گاڑیوں کو ضبط بھی کیاگیا جن کے کاغذات مکمل نہیں تھے ۔وہیں پولیس تھانہ تھنہ منڈی کی ٹیم نے 30کے لگ بھگ گاڑیوں کا چالان کیا جبکہ کنڈی ، منجاکوٹ اور دیگر مقامات پر بھی پولیس نے گاڑیوں کی چیکنگ کی اور بڑی تعداد میں گاڑیوں کے چالان کاٹے ۔پولیس کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران سو سے زائد گاڑیوں کے چالان کاٹے گئے ۔
۔23سالہ نوجوان کی
نعش جنگل سے برآمد
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ کے گگروٹ علاقے میں ایک نوجوان کی پراسرار حالت میں نعش برآمد ہوئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق گگروٹ گائوں کے رہنے والے 23سالہ محمد عرفان ولد نزاکت علی کی نعش پراسرار حالت میں جنگل سے برآمد ہوئی ۔ بتایاجاتاہے کہ مذکورہ نوجوان بکریاں چرانے کیلئے جنگل میں گیاہواتھا جہاںسے واپس نہ آنے پر جب اس کی تلاش کی گئی تو جنگل میں نعش پائی گئی ۔ بعد میں پولیس نے نعش کو اپنی تحویل میں لیکر قانونی لوازمات پورے کئے ۔ اس سلسلے میں مقامی تھانہ میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے تاہم ابھی تک یہ پتہ نہیں چل پایاکہ نوجوان کی موت کیسے ہوئی ہے ۔
سرنکوٹ میں یوتھ نیشنل کانفرنس کا اجلاس
بختیار حسین
سرنکوٹ// ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں یوتھ نیشنل کانفرنس کا ایک اجلاس منعقد ہواجس کی صدارت یوتھ لیڈر توصیف احمد صابری نے کی ۔اجلاس میں این سی یوتھ کے صوبائی جوائنٹ سیکریٹری طاہر مرزا اور بلاک بفلیاز کے یوتھ صدر شیراز ملک بھی موجود تھے۔ اس موقعہ پر کارکنان پر زور دیاگیاکہ وہ پارٹی کو بنیادی سطح پر مضبوط بنائیں اور نوجوانوں کو مزید متحرک کیاجائے تاکہ آئندہ انتخابات میں پارٹی کے امیداروں کو کامیاب کروایاجاسکے ۔ توصیف اعظم مغل صابری نے کہاکہ یوتھ کارکنان پوری محنت سے کام کریں اور اس بات کو یقینی بنایاجائے کہ چنائو میں پارٹی سے تعلق رکھنے والے ارکان کامیابی حاصل کریں ۔انہوںنے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ بیروزگاری نے کمر توڑ کر رکھی دی ہے اور نوجوانوں کو نشے کی لت پڑ گئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ آج کا نوجوان ریاستی حکومت سے خفا ہے جس کی وجہ اسے ہر سطح پر نظرانداز کردیاجاناہے ۔انہوںنے نوجوانوں کے مسائل حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ نیشنل کانفرنس کو مضبوط بنایاجائے تاکہ نوجوانوں کو ہر شعبے میں نمائندگی مل سکے کیونکہ یہی وہ جماعت ہے جو ریاست کی نئی نسل کا خیال رکھ سکتی ہے ۔
ترقیاب پولیس افسر کوسٹار لگائے گئے
نیوز ڈیسک
راجوری//ڈی آئی جی راجوری پونچھ رینج ڈی کے سلاتھیہ کے دفتر میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس دوران حال ہی میں ترقی پانی والے ڈی وائی ایس پی بال کرشن شرما کو ستارے لگائے گئے ۔اس موقعہ پر سینئر پراسکیوٹنگ افسر ،محمد سعید اور دیگران بھی موجو دتھے ۔
آگ متاثرہ کنبے میں امدادی سامان تقسیم
نیوز ڈیسک
کوٹرنکہ //تحصیلدار کوٹرنکہ محمد رفیق نے آگ متاثرہ کنبے میں امداد تقسیم کی ۔واضح رہے کہ کوٹرنکہ کے ریحان علاقے میں 12 فروری کو عبدالکریم کے گھر میں اچانک آگ نمودار ہو گئی جس کی وجہ سے سب کچھ جل کر راکھ بن گیا۔اس سلسلے میں گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے معائنہ کرکے تحصیلدار کو ہدایت دی کہ متاثرین کو ٹینٹ اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کی جائیں جس پر موصوف محمد رفیق نے متاثرہ شخص کو امداد فراہم کی ہے ۔ تحصیلدا رنے کہاکہ متاثرہ شخص کی فائل مکمل کرلی گئی ہے اور اسے ڈپٹی کمشنر کے ہاتھوں امدادی چیک بھی دیاجائے گاتاکہ وہ اپنا مکان تعمیر کرسکے ۔