پہاڑی ریزرویشن کاخیر مقدم
مینڈھر //پہاڑی سٹوڈنٹ یونین نے تین فیصد ریزرویشن کے فیصلہ کا خیر مقدم کیاہے ۔ دلشاد جٹ ،قیصر احمد خان ، فضل محمود ، یاسر شاہ اور دیگران نے کہاکہ یہ فیصلہ پہاڑی قوم کی ترقی کیلئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ وہ یہ مانتے ہیں کہ آبادی کے تناسب سے یہ ریزرویشن بہت ہی کم ہے لیکن امید ہے کہ حکومت اس کو بڑھاتے ہوئے ایس ٹی کادرجہ بھی دلائے گی جس کیلئے دہائیوںسے جدوجہد کی جارہی ہے ۔
نوجوان ترسیلی لائن کی زد میں آکر زخمی
پرویز خان
منجاکوٹ //منجاکوٹ میں 25سالہ نوجوان بجلی کی33کے وی ترسیلی لائن کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا۔یہ واقعہ دھیری دھاڑا علاقہ میں رونما ہوا جہاں پچیس سالہ نوجوان محمد افراز ولد محمد یعقوب ساکن گھمبیر مغلاں مویشیوں کیلئے درخت سے پتے کاٹ رہاتھا جس دوران وہ ترسیلی لائن سے چپک کر بری طرح سے جھلس گیا ۔ مقامی لوگوں نے محمد افراز کو زخمی حالت میں پی ایچ سی منجاکوٹ میں لایاجہاں ڈاکٹروں نے حالت نازک پاتے ہوئے اسے ضلع ہسپتال راجوری منتقل کردیا ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ علاقے میں ترسیلی لائنوں کی حالت خستہ ہوچکی ہے جن کی طرف کوئی دھیان نہیں دیاجارہا۔ انہوںنے کہاکہ کئی جگہ ترسیلی لائنیں درختوںسے لٹکی ہوئی ہیں جبکہ کئی جگہوں پر کھمبوں کی ضرورت ہے ۔ ان کاکہناتھاکہ ایسے حالات میں کوئی بڑا حادثہ رونما ہوسکتاہے لیکن متعلقہ حکام کو اس کی کوئی فکر نہیں ۔
۔3فیصد ریزرویشن کے فیصلہ کا خیر مقدم
پونچھ// ڈاک بنگلہ پونچھ میں پہاڑی فورم پونچھ کے زیر اہتمام ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے ایم ایل سی پردیپ شرما نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر مقررین نے پہاڑی طبقہ کو تین فیصد ریزرویشن دینے پر حکومت کاشکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ اگر چہ یہ ریزرویشن بہت کم ہے لیکن ھر بھی وہ اسے ایک اچھی شروعات مانتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ موجودہ حکومت ریزرویشن میں آبادی کے تناسب سے اضافہ کرے گی اور ساتھ ہی مرکز سے بات چیت کرکے ایس ٹی درجہ بھی دلایاجائے گا۔ان کاکہناتھاکہ ایس ٹی درجہ ملنے سے سماج میں پائی جارہی خلیج ختم ہوجائے گی ۔اپنے خطاب میں پردیپ شرما نے کہاکہ وہ پوری پہاڑی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور امید ہے کہ یہ فیصلہ ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ اس موقعہ پر فورم کے صدر مکیش کمار اورسید قلب عباس موسوی و دیگران بھی موجو دتھے ۔
محمود الحسن محمود کے انتقال پر تعزیتی اجلاس
پونچھ//شاعر پونچھ محمود الحسن محمود کے انتقال پر ادبی تنظیم ملٹی لینگول سوسائٹی کا تعزیتی اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقعہ پر سوسائٹی کے تمام کارکنان نے مرحوم کی خدمات ستائش کرتے ہوئے کہاکہ ان کی موت سے ایسا خلا پیدا ہواہے جسے پور انہیں کیاجاسکتا۔اس موقعہ پر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد مغل، ڈاکٹر امجد بابر، نظارت فریدخان، ایاز سیف ،احتشام حسین محتشم، صدیق احمد صدیقی، ریاض ضیائی، نگہت چوہدری، نوید احمدوغیرہ نے کہا کہ مرحوم نہایت ادب نواز شخصیت تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی اردو ادب کے لئے وقف کردی۔انہوں نے کہا کہ مرحوم سنجیدہ شاعر تھے جنہوں نے نعت، منقبت ، قصیدہ اور سلام کے ذریعہ اپنا مذہبی حق ادا کیا اورساتھ ہی غزل کے میدان میں نئے اسلوب بیان کرتے ہوئے معاشرے میں پھیل رہی برائیوں کی نشاندہی کی ۔اس دوران مرحوم کی روح کی تسکین کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی اور شرکاء نے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ۔
کانگریس لیڈرشکیل احمد میر کے والد کا انتقال
تھنہ منڈی //طارق شال// کانگریس بلاک صدر تھنہ منڈی شکیل احمد کے والد عبدالعزیز میرانتقال کرگئے ہیں۔ان کی عمر 75 سال تھی۔ مرحوم عبدالعزیز میر محکمہ جنگلات سے سبکدوش ہوئے اور ان کا انتقال جمعہ کی صبح حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوا۔ مرحوم کو بعد از نماز جمعہ آبائی قبرستان مرکزی جامع مسجد تھنہ منڈی کے قریب سپردخاک کردیاگیا ۔ان کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں عام لوگوں ، کانگریس کارکنان ، مقامی سیاسی و سماجی تنظیموں کے ارکان ،بیو پار منڈل اراکین تھنہ منڈی، ملازمین وغیرہ نے شرکت کی ۔ سبھی نے مرحوم کی روح کی تسکین کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔
جی اے میرودیگران کا اظہار تعزیت
جموں//کانگریس کے سینئر لیڈر شکیل احمد میر کے والدہ عبدالعزیز میر کی وفات پر پارٹی کے ریاستی صدر غلام احمد میر ، سینئرنائب صدرشام لعل شرما، ترجمان رویندر شرما، سابق وزیر شبیر احمد خان ، سابق ایم ایل اے اشوک شرما، سینئر لیڈر اقبال ملک اور ضلع صدر راجوری سائیں عبدالرشید نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس گھڑی لواحقین بالخصوص شکیل میر کے ساتھ برابر کے شریک ہیں ۔ اس سلسلے میں سائیں عبدالرشید کی صدارت میں ایک تعزیتی اجلاس بھی منعقد ہواجس میں مرحوم کی روح کی تسکین کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی ۔
سب سنٹر الال کو مرکزی مقام پر رکھنے کا مطالبہ
تھنہ منڈی //طارق شال// محکمہ صحت کی طرف سے قائم شدہ سب سنٹر الال کو لوگوںنے مرکزی مقام پر رکھنے کا مطالبہ کیاہے ۔کچھ لوگوں کاکہناہے کہ یہ سب سنٹر ایک دوردراز علاقہ میں قائم ہے اور مرکزی مقام پر نہ ہونے کی وجہ سے اس سے لوگوں کو زیادہ فائدہ نہیں پہنچ رہا۔ان کاکہناہے کہ الال کی2000 سے زائد آبادی ہے جسے اس طبی مرکز سے فائدہ نہیں مل رہا۔لوہر الال کی عوام نے محکمہ صحت سے اپیل کی ہے کہ اس مرکز کو کسی مرکزی مقام پر رکھاجائے تاکہ مریضوں کو مقامی سطح پر علاج کی سہولت مل سکے ۔ مقامی نوجوان شکیل احمد ولد غلام احمد نے بتا یا کہ لوہر الال کی حاملہ مستورات کو رجسٹریشن کرانے سب سنٹر اپر الال میں جا نا پڑتا ہے جو کافی تکلیف دہ سفر ہے اس لئے طبی مرکز کو مرکزی مقام پر رکھاجائے تاکہ ہر ایک کو آسانی سے علاج کی سہولت مل سکے ۔
تصدق مفتی کادورہ ٔ راجوری
سیاحتی بنیادی ڈھانچے کا معائنہ کیا ،صفائی کی ضرورت پر زور
نیوز ڈیسک
جموں//سیاحت کے وزیر تصدق حسین مفتی نے راجوری ضلع میں مختلف سیاحتی مقامات پر دورہ کر کے وہاں سہولیات کا جائزہ لیا۔ایم ایل اے چودھری قمر حسین، ایم ایل اے رویندر رینہ ، ڈی سی راجوری شاہد اقبال چودھری ، ناظم سیاحت جموںاور کئی دیگر افسران بھی وزیر موصوف کے ہمراہ تھے۔تصدق حسین مفتی نے گنگا گھاٹ ، لمبرو ، چنگس قلعہ اور کئی مقامات کا دورہ کر کے وہاں سیاحوں کیلئے سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے سیاحتی مقامات پر صفائی ستھرائی کو برقرار رکھنے کی ہدایت دی اور کہا کہ ماحولیات کو تحفظ دینے کی طرف بھی خصوصی توجہ دی جانی چاہئے۔وزیر نے بعد میں ایک عوامی دربار کا انعقاد کیا جہاں مختلف وفود نے ان کے ساتھ استفسار کیا۔وفود نے وزیر کو اپنے اپنے مسائل کے بارے میں جانکاری دی۔تصدق حسین مفتی نے وفود کے مسائل غور سے سنے اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے جائز مطالبات کا ہمدردارنہ غور کیا جائے گا۔
چھجلہ میں مفت طبی کیمپ کااہتمام
مینڈھر//نیشنل آیوش مشن نے بیداری کیمپوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سنیچر کے روز چھجلہ مینڈھر میں ایک مفت طبی کیمپ منعقد کیاجس دوران لوگوں کا طبی معائنہ کرکے ان میں ادویات تقسیم کی گئیں ۔ یہ کیمپ اے ڈی ایم او پونچھ ڈاکٹر راکیش رینہ کی سربراہی میں ہوا ۔اس موقعہ پر ایس ڈی ایم مینڈھر نے بھی شرکت کی اور کیمپ کا معائنہ کرنے کے بعد ڈاکٹروں کی سراہنا کی ۔ کیمپ میں 430سے زائد مریضوں کی طبی تشخیص کرکے ان میں ادویات تقسیم کی گئیں ۔ لوگوں کو جانکاری دیتے ہوئے تلقین کی گئی کہ وہ صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں اور اپنی صحت پر توجہ دیں ۔ ان میں بیداری کیلئے پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے ۔اس کیمپ میں ڈاکٹر شبیر حسین شاہ ، ڈاکٹر منظور حسین ، ڈاکٹر شکیل احمد ، ڈاکٹر مختار احمد ، ڈاکٹر سید علی اصغر شاہ ، محمد قیوم فارماسسٹ ، محمد اعظم میر فارماسسٹ ، راج کمار نرسنگ اردلی اور گلشن کمار نرسنگ اردلی بھی موجو دتھے ۔
چودھری ناڑ۔ اوجھان سڑک خستہ حالی کاشکار
منیرخان
راجوری// چودھری ناڑ سے درہال اوجھان جانے والی سڑک مکمل طورپرخستہ ہوچکی ہے اورگاڑی مالکان نے اس کی مرمت کا مطالبہ کیاہے ۔ گاڑیوں کے مالکان کاکہناہے کہ انہوںنے بنکوںسے قرضہ لیکر گاڑیاں لی ہوئی ہیں اور اس طرح کی سڑک پر گاڑی چلانا گھاٹے کا سوداہے ۔راکیش شرمااور سندیپ کمارنامی ڈرائیوروں نے بتایاکہ وہ گریجویشن کے بعد ملازمت نہ ملنے پر قرضہ پر گاڑیاں لینے پر مجبور ہوئے اور یہی ان کی روزی روٹی کا ذریعہ ہے لیکن سڑک کی حالت اس قدر خرا ب ہے کہ انہیں فائدہ کے بجائے الٹا نقصان ہورہاہے ۔انہوںنے بتایاکہ دن کی کمائی دوسرے روز گاڑی کی مرمت پر لگ جاتی ہے اور وہ پریشان ہیں کہ اپنی روزی روٹی کا انتظام کیسے کریں ۔گاڑی مالکان نے ڈپٹی کمشنر راجوری سے اپیل کی کہ چودھری ناڑ سے اوجھان درہال جانیوالی سڑک کی مرمت کرکے انہیں اور لوگوں کو راحت دی جائے ۔
طلباء کو صفائی ستھرائی کی تلقین
راجوری //گورنمنٹ بوائزہائر اسکنڈری اسکول راجوری کے طلباء کو ضلع اسپتال راجوری لیجایا گیا جہاں پر طلباء کو مختلف امراض سے بچنے کے طریقہ کار سے واقف کرایا گیا ۔ اس موقعہ پر اساتذہ کی بھی ایک ٹیم موجود تھی۔ میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود بجاڑ نے طلباء کو صفائی ستھرائی کے متعلق مکمل جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ اکثر بیماریوں کی وجہ گندگی ہے اسلئے کھاناکھانے سے پہلے ہاتھ صابن سے دھولیں اور اپنے آس پڑوس کے ماحول کو صاف ستھرارکھنے میں اپناتعاون دیں ۔ انہوں نے طلباء سے تلقین کی کہ وہ کوڑا کرکٹ کوڑا دان میں جمع کریں تاکہ ماحول کو صاف رکھا جاسکے ۔بجاڑ نے کہاکہ ماحول کی صفائی ایک صحت مند انسان کے لئے انتہائی ضروری ہے ۔