پی ڈی پی رام بن کا اجلاس منعقد
ایم ایم پرویز
رام بن// پی ڈی پی ورکرپارٹی کو بنیادی سطح پر مضبوط بنانے کے لئے سخت محنت اور جانفشانی سے کام کریں ،پارٹی کے زونل صدر عبدالعزیز ملک نے آج یہاں پارٹی ورکروں کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ورکروں سے کہاکہ وہ پی ڈی پی کے عوامی بہبودی پروگراموں اور پالیسیوں کو گھر گھر پہنچائیںاور لوگوں کو درپیش مسائل کا پتہ چلا کر ان کے ازالہ کی ہر ممکن کوشش کریں۔زونل صدر نے مستحق اشخاص کو بی پی ایل فہرست میں شامل کرنے کی مانگ کی جیساکہ متعلقہ وزیر نے ضلع کے اپنے حالیہ دورہ کے دوران ہدایات بھی دی ہیں۔مقررین نے اس موقعہ پر کہا کہ ضلع ہسپتال اور دیگر طبی اداروں میں اس وقت ڈاکٹروں اور نیم طبی عملہ کی کمی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں ضلع کے سبھی طبی اداروں میں مناسب طبی عملہ کی دستیابی کو یقینی بنانے کی مانگ کی۔مقررین نے مزید کہا کہ ضلع ہسپتال رام بن ریفرل ہسپتال بن گیا ہے کیونکہ معمولی زخمیوں اور چھوٹی موٹی بیماری میں مبتلا مریضوں کو بھی جموں میڈیکل کالج ریفر کیا جاتا ہے۔زونل صدر نے مزید کہا کہ محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے جن مستحق اشخاص کے حق میں عرصہ دو سال قبل مکانوں کے لئے امداد منظور کی گئی تھی انہیں اب تک صرف ایک قسط دی گئی ہے اور وہ آج تک در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں انہیں دوسری قسط نہیں دی گئی ۔مقررین نے مقامی نوجوانوں کو سائولاکوٹ،بانہال ۔ کٹرہ ریل پروجیکٹ اور دیگر پروجیکٹوں میں روزگار فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
ذیلی سڑکوں پر گاڑیوں کی عدم دستیابی
مسافروں کا محکمہ ٹرانسپورٹ کے خلاف احتجاج
ایم ایم پرویز
رام بن//عوام کو ٹرانسپورٹ کی مناسب سہولیات فراہم نہ کرنے اور گاڑیوں کی عدم موجودگی کی وجہ سے ڈرائیوروں کی جانب سے من مانے کرائے وصول کرنے کے خلاف بانہال ، کھڑی ، اوکھڑہال اور دیگر علاقوں کے لوگوں نے آج جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع جنرل بس سٹینڈ رام بن میں لوکل موٹر وہیکلزمحکمہ کے خلاف زور دار احتجاج کیا۔مقررین کا کہنا تھا پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے ایجنٹ مسافروں کو بروقت گاڑیاں فراہم نہ کرکے پریشانی کھڑی کرتے ہیں۔ برسراحتجاج لوگوں کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں اے آر ٹی او رام بن کو بھی بری الزمہ قرار نہیں دیا جاسکتا ہے۔کیونکہ یہ سب ان کی ہی چھتر چھایہ میں ہو رہا ہے اور پھر آخر کار وہ ضلع میں متعلقہ محکمہ کے ایک ذمہ دار آفیسر بھی تو ہیںاگر یہ کہا جائے کہ ضلع میں ٹرانسپورٹ نظام کا تانا بانا ہی بگڑ چکا ہے تو بے جا نہ ہو گا۔برسر احتجاج لوگوں نے قومی شاہراہ کو تھوڑی دیر کے لئے گاڑیوں کی آمد رفت کے لئے بند کررکھا ۔ اس دوران ایس ایچ او رام بن اطلاع ملتے ہی جائے احتجاج پر آپہنچے اور لوگوں کو یقین دلایا کہ نظام کو بہتر بنانے کے لئے موثر قدم اٹھائے جائیں گے۔
چناب سرکل کے زیر اہتمام شجر کاری مہم
طاہر ندیم خان
بھدرواہ//چناب سرکل میں 7.24لاکھ پودوں کی شجر کاری کرنے کے نشانے کو حاصل کرنے کے لئے 17دسمبر کو شروع کی گئی شجرکاری مہم کے سلسلے میںڈوڈہ فارسٹ ڈویژن کی جانب سے جواہر نوودیالیہ آرنوڑہ ڈوڈہ میں ایک پودے کی شجر کاری کرکے اس مہم کا آغاز کیا گیا ۔ ممبر اسمبلی ڈوڈہ شکتی راج پرہار بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ اس مہم کی نگرانی کنزر ویٹر چناب سرکل تیج بہادر سنگھ کررہے ہیں۔شجر کاری کی یہ مہم حالیہ برسوں کے دوران اپنی قسم کی پہلی مہم ہے جس کے تحت چناب سرکل میں 7.24لاکھ پودوں کی شجرکاری کی جانی مطلوب ہے اور یہ مہم وزیر جنگلات چوہدری لال سنگھ کی ہدایات پر شروع کی گئی ہے۔اس موقعہ اپنی تقریر میں شکتی پرہار نے کہا کہ موجودہ وقت میں تیزی سے بگڑ رہے ماحولیانی توازن برقرار رکھنے کے لئے اس قسم کی شجر کاری مہموں کی اشد ضرورت ہے اس مقصد کے لئے انہوں نے لوگوں کے تعاون کو لازمی قرار دیا ۔
متعددسیاسی کارکنان کی کانگریس میں شمولیت کا دعویٰ
کشتواڑ// کشتواڑ کے اویل ، بٹواری، شیری،مغل میدان علاقاقوں کے متعددسیاسی کارکنان نے کانگریس میں شمولیت اختیارکی۔پریس کیلئے جاری ایک ریلیز کے مطابق نئے سیاسی کارکنان کاکانگریس میں استقبال کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ کانگریس ریاست میں دائمی امن وامان اور تعمیروترقی کیساتھ خوشحالی کی متمنی ہے۔اُنہوں نے کہاکہ تمام طبقوں وخطوں کوساتھ لیکریکساں تعمیروترقی کیلئے کانگریس عہدبندہے۔اُنہوں نے بتایاکہ کانگریس ہی واحد تحریک ہے جس نے عوامی وقار کوبلندکیااور انصاف اوریکسانیت کابول بالاکانگریس دورمیں ہی ممکن ہوا۔سروڑی نے کہاکہ کانگریس کی امن دوست پالیسی کی بدولت ہمیشہ ریاست میں دائمی امن کے قیام کی کوششیں رہی ہیں لیکن موجودہ دورِ حکومت میں سب کئے کرائے پرپانی پھرگیاہے اورریاست بدنظمی اورغیریقینیت سے دوچارہے، ہرطرف تباہی ، بدامنی اور فرقہ پرستی کی لہرہت جسے لوگ پریشان حال ہیں اور ایک مرتبہ پھران جماعتوں کوسبق سکھانے کے وقت کابڑی بے صبری سے انتظار کررہے ہیں۔ اُنہوں نے کہاکہ آئے روز لوگ ذوق در جوق کانگریس کی طر ف آرہے ہیں جوریاست کیلئے ایک نیک شگون ہے۔اُنہوں نے کہاکہ کانگریس ریاست میں امن وامان کیلئے خلوص نیت سے کام کرتی ہے اور تعمیروترقی کے سلسلے کوبھی ریاست کی مجموعی ترقی کے نظرئے سے چلاتی ہے۔سروڑی نے کہاکہ پارٹی کی پالیسیوں کی بدولت آج کانگریس میں سیاسی لیڈران شمولیت اختیارکررہے ہیں کیونکہ وہ عوام دوست سیاست کے حامی ہیں ۔اُنہوں نے کہاکہ ریاست کی تمام مشکلات کاحل کانگریس ہے اور کانگریس کاہاتھے مضبوط کرناہی ریاست کے مفاد میں ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی کارکنان کی کانگریس میں شمولیت کیلئے یوتھ کانگریس لیڈڑوسیم مکر اور رندیپ بھنڈاری کو اہم رول ہے۔
برفباری کے بعد بانہال نیل رابطہ سڑک مسلسل بند
محکمہ تعمیرات پرحقیر مفاد کیلئے بحالی کے کام کو طول دینے کا الزام
محمد تسکین
بانہال // محکمہ تعمیرات عامہ کی طرف سے ابھی تک نیل۔ چملواس رابطہ سڑک سے برف صاف نہ کرنے کے خلاف مقامی لوگوں میں سخت غم وغصہ پایا جارہا ہے اور لوگ فوری طور پر نیل رابطہ سڑک کو بحال کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ چملواس۔ نیل رابطہ سڑک گذشتہ برفباری کی وجہ سے بند ہے اور محکمہ تعمیرات عامہ کی طرف سے لگائی گئی ایک مشین پچھلے ایک ہفتے سے لیورہ سے نیل ٹاپ تک کے چھ کلومیٹر کے حصے سے برف صاف کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ محکمہ برفباری کو کیش کرنے کیلئے سڑک کی بحالی کو طول دے رہی ہے تاکہ رقومات کو مل بانٹ کر ہڑپ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کی اس لاپرواہی کی سزا نیل اور زنچوس وغیرہ کی دس سے پندرہ ہزار سے زائد کی آبادی کو گوناگوں مشکلات کی صورت میں بھگتنا پڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چملواس اور نیل کے جنگلوں کے بیچ سے گذرنے والی سڑک ابھی بھی زیر برف سے اور محکمہ کی مشنیری سست روی کے ساتھ اگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ نیل کے لوگوں کو برفباری میں پیدل سفر طے کرکے روزمرہ کے کام نپٹانے کیلئے بانہال اور اکڑال کا رخ کرنا مجبوری بن گیا ہے اور سب سے زیادہ مشکلات مقامی ملازموں اور مریضوں کو پیش آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہا اس سلسلے میں وزیر تعمیرات نعیم اختر کو بھی ایک مراسلہ بھیجا گیا ہے تاکہ نیل رابطہ سڑک کو فوری طور پر بحال کرنے کے کام میں سرعت لانے کے احکامات صادر کئے جا سکیں ۔
سڑک حادثہ میں فوت استانی کی آخری رسومات
اسحٰق عارف
ڈوڈہ//سریشٹا دیوی عرف گِلوزوجہ رانا رتن سنگھ ساکنہ محلہ توندواہ ڈوڈہ جو کہ اتوار کو جموں سڑک میں فوت ہوئی تھی کی آخری رسومات آج ڈوڈہ میں انجام دی گئی ۔ آنجہانی نے لگ بھگ 20برس تک چناب ویلی پبلک سکول ڈوڈہ میں بطور اُستانی کام کیا مرحومہ اپنے عمدہ اوصاف حمیدہ اور شاگردوں کے ساتھ گل مل جانے پیار و شفقت سے پیش آنے کی وجہ سے پورے ڈوڈہ میں منفرد مقام رکھتی تھی ۔ان کی آخری رسومات میں ہزاروں لوگوں نے بلا لحاظ مذہب و ملت شرکت کی ۔ ممبر اسمبلی ڈوڈہ شکتی راج پریہار سابق وزیر خالد نجیب سہروردی ، عبدالمجید وانی، ڈوڈہ ڈیولپمنٹ فرنٹ صدر اشتیاق احمد دیو نصیر احمد کھوڑا ، غلام حسن پانپوری، راجہ عنایت اللہ خان، محمد اقبال بلوان، پی ڈی پی صدر ضلع شہاب الحق بٹ نے آنجہانی استانی کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ عیال سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
پنچایتی واررڈوں کی تشکیل نو
عدالت نیشنل کانفرنس کارکن سے متفق
اسحٰق عارف
ڈوڈہ//ڈوڈہ ضلع کی پنچایت کھلینی میں وارڈ نمبر 7کی تشکیل کے بعد پنچایت کے وارڈوں میں رائے دہندگان کی بھاری تفاوت اور محکمہ دیہی ترقی کی طرف سے مخصوص طبقہ کو فائدہ پہنچانے و خاص طبقہ کو نقصان پہنچانے کے لئے وارڈوں کی تشکیل نو میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ضلع انتظامیہ ڈوڈہ کی عدم توجہ کے بعد عدالت عالیہ جموں و کشمیر کا رخ کرنے کے بعد عدالت عالیہ جموں کشمیر نے عوام کی طرف سے مقرر مستغیث مقدم ٹھاکر بچتر سنگھ نائب صدر ضلع ڈوڈہ جموں کشمیر نیشنل کانفرنس کی دلیل سے اتفاق کرتے ہوئے دائریکٹر دیہی ترقی جموں کو مطابق صورت و تحت ضابطہ وارڈوں کی تقسیم عمل میں لانے کے لئے حکم جاری کیا ہے حکم میں اس بات کا بھی ذکر کیا گیا ہے کہ وارڈوں کی تقسیم اور تشکیل نو کے وقت عوام کی طرف سے مقرر مختیار مدعی ٹھاکر بچتر سنگھ کو اعتماد میں لیا جانے اور اُس کو اعتماد میں لئے بغیر کوئی بھی حتمی فیصلہ نہ کرے۔
پٹوار ایسوسی ایشن ڈوڈہ کی میٹنگ منعقد
ایسوسی ایشن کے تئیں حکومت کے رد عمل کا سنجیدگی سے نوٹس لیا گیا
اسحٰق عارف
ڈوڈہ//آل جموں کشمیر پٹوار ایسوسیشن ڈوڈہ کی ایک میٹنگ ضلع ڈوڈہ میں زیر صدارت صدر ضلع پٹوار ایسوسیشن ڈوڈہ جناب ریاض احمد لون منعقد ہوئی،میٹنگ میں ضلع کا تمام صدور تحصیلات نے شرکت کی۔ میٹنگ میں پٹوار ایسوسیشن کے تئیں حکومت کے رد عمل کا سنجیدگی سے نوٹس لیا۔ اور حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ پٹوار ایسوسیشن کے جائز مطالبات کو پورا کرے۔ جن میں گریڈ پے، پٹواریوں و گرداروں کی ترقی، الاونس میں اضافہ ، پٹوار خانہ جات کی تعمیر ، پرائیویٹ پٹوار خانہ جات کا کرایہ، براہ راست بھرتی نائب تحصیلدار پر روک وغیرہ شامل ہیں۔ پٹوار ایسوسیشن کبھی بھی اس حق میں نہ ہوتی ہے کہ وہ ہڑتال کا راستہ اختیار کرے۔ چونکہ وزیر مال نے پٹوار ایسوسیشن سے وعدہ کیا ہے کہ وہ ان کی مانگوں کو پورا کرے گا۔ لیکن بدقسمتی سے آج تک ابھی ایک بھی مسئلہ حل نہ ہوا ۔ اگر 20؍ فروری 2018تک پٹوار ایسوسیشن کے مطالبات پورا نہ ہوئے تو 21؍ فروری 2018سے مرکزی باڈی سے دی گئی ہڑتال پر ضلع ڈوڈہ بھی شانہ بشانہ ساتھ ہوگی۔ اور اس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔ میٹنگ میں شکیل احمد ، عنایت حُسین، شوکت حُسین فلاحی، محمد اشرف بٹ، شبیر احمد لون کے علاوہ دیگر عہدیداران و بنیادی ممبران نے شرک کی۔
رام بن میں ڈائٹ کی جانب سے نمائش پروجیکٹ مقابلہ کا اہتمام
ایم ایم پرویز
رام بن//گورنمنٹ گرلز ہائی سکول رام بن میں محکمہ تعلیم رام بن ڈسٹرکٹ انسٹیچوٹ آف ایجوکیشن ٹریننگ نے ضلع سطح کی نمائش اور پروجیکٹ مقابلہ کا اہتمام کیا۔نمائش کا افتتاح سی ای او رام بن محمد شریف چوہان نے کیا ،ضلع کے 18سکولوں نے اپنے ماڈلز کے ساتھ اس نمائش میں حصہ لیا۔سی ای او نے کہا کہ محکمہ اور حکومت سرکاری سکولوں کے طلاب میں چھپے ٹیلنٹ کو ابھارنے کیلئے سرکاری سکولوں میں لبارٹری آلات
فراہم کر ے گی۔سی ای او نے سکولوں کی جانب سے لگائے گئے سٹالوں کا معائینہ کیا اور طلباء کی طرف سے بنائے گئے مادلز کے بارے میں مباحثہ کیا ۔اپر پرائمری اسکول موسواہ گول کے اعجاز احمد کو اول اور گورنمنٹ ہائی سکول تلہل اکھڑال کی طالبہ یاسمینہ کو دوسرا مقام حاصل ہوا اور ججوں نے انہیں انعامات اور سرٹیفکیٹ سے نوازا۔اب یہ طلابمانک سکیم کے تحت جموں میں ڈویژنل لیول مقابلے میں شرکت کریں گے۔اس موقعہ پر مختلف گورنمنٹ سکولوں کے پرنسپلوں اور ہیڈ ماسٹروں کے علاوہ ڈائٹ کے افسران نے شرکت کی۔
آصفہ عصمت دری و قتل کیس
کشتوار میں پریس کانفرنس پر قدغن،3گرفتار
کشتواڑ//سانحہ ہیرانگرپرپریس کانفرنس کوناکام بناتے ہوئے کشتواڑپولیس نے3گوجرنوجوانوں کی گرفتاری عمل میں لائی ۔کشمیر نیوزسروس کے مطابق جموں کے ہیرانگرعلاقہ میں گزشتہ ماہ ایک8سالہ گوجرلڑکی آصفہ بانوکی آبروریزی اورقتل کے سلسلے میں ایک مجوزہ پریس کانفرنس کوناکام بناتے ہوئے کشتواڑپولیس نے 3گوجرنوجوانوں کوحراست میں لیا۔معلوم ہواکہ گوجرطبقہ سے تعلق رکھنے والے کچھ گوجرنوجوانوں نے پریس کانفرنس دینے کاپروگرام بنایاتھا،اورجب وہ میڈیاکے روبرئواس سنگین واقعے سے متعلق اپنے خیالات رکھنے کیلئے ڈاک بنگلہ کشتواڑپہنچے توپولیس کی ایک ٹیم نے 3نوجوانوں کویہاں پریس کانفرنس دینے سے روکتے ہوئے حراست میں لے لیاجن میں گوجرطبقہ سے تعلق رکھنے والاایک نوجوان سماجی کارکن اویس چودھری بھی شامل ہے۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ پولیس تھانہ کشتواڑکے ایس ایچ ائوسمیرجیلانی پولیس ٹیم لیکرڈاک بنگلہ آئے اورانہوں نے مجوزہ پریس کانفرنس دینے والے 3گوجرنوجوانوں کوایک پولیس گاڑی میں سوارکرکے نامعلوم جگہ منتقل کیا۔خیال رہے ضلع کٹھوعہ کے رساناہیرانگرعلاقہ میں گزشتہ ماہ ایک لاپتہ کمسن گوجرلڑکی کی نعش نزدیکی جنگل سے برآمدکی گئی تھی ،اوربعدازاں اس معاملے میں ایک ایس پی ائوسمیت 3ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جبکہ ریاستی سرکارنے آٹھ سالہ آصفہ کی مبینہ آبروریزی اورقتل کامعاملہ بغرض تحقیقات کرائم برانچ کوسونپ دیاہے ۔