ٹریفک حکام رورل کا کریک ڈائون
۔302گاڑیوں کے چالان ، 21ضبط
نیوز ڈیسک
راجوری //ٹریفک حکام رورل نے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے 302گاڑیوں کے چالان کئے جبکہ 21گاڑیاں ضبط کی گئیں ۔یہ کارروائیاں ایس ایس پی ٹریفک مس شاہین وحید کی قیادت میں راجوری ، پونچھ ، سانبہ اور کٹھوعہ میں متعدد مقامات پر انجام دی گئیں ۔ یہاں جاری بیان کے مطابق اس دوران مسافر بسوں ، میٹاڈوروں ، موٹرسائیکلو ں سمیت 302گاڑیوں کے چالان کئے گئے جبکہ 21ضبط کرلی گئیں ۔یہ کارروائی بغیر ہیلمٹ ، موٹرسائیکل پر تین افراد کے سوار ہونے ، بیلٹ سیٹ نہ پہننے ، ائورلوڈنگ کرنے اور بغیر لائسنس گاڑیاں چلانے پر کی گئیں ۔ٹریفک حکام نے لوگوںسے اپیل کی ہے کہ وہ قوانین کی پاسداری میں تعاون کریں ۔ایس ایس پی شاہین وحید کاکہناہے کہ ان کی کوشش ہے کہ لوگوں کو بہتر سے بہتر ٹرانسپورٹ نظام ملے جس کیلئے ہر ایک کو تعاون کرناہوگا۔ انہوںنے کہاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور انہیں معاف نہیں کیاجائے گا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ خاتون پولیس افسر کی طرف سے عوام ،طلباء ، اہلکاروں اور ڈرائیوروںکو ٹریفک قوانین کے بارے میں بیدار کرنے کیلئے ایک نیا سلسلہ شروع کیاگیاہے اور وہ جگہ جگہ بیداری کیمپ منعقد کرکے لوگوں کو اس بارے میں بیدار کررہی ہیں ۔
محکمہ دیہی ترقی میں ڈیٹا آپریٹر اور اکائونٹنٹ اسامیاں
درخواستیں 2016میں طلب کی گئیں ، ہنوزبھرتی کا انتظار
نیوز ڈیسک
کوٹرنکہ// محکمہ دیہی ترقی راجوری کی طرف سے دوسال قبل ڈیٹا آپریٹر اور اکائونٹنٹ کی اسامیوں کیلئے امیدواروںسے درخواستیں طلب کی گئی تھیں جن کی بھرتی ابھی تک نہیں ہوئی جس کی وجہ سے امیدواروں میں شدید بے چینی پائی جارہی ہے ۔ان اسامیوں کیلئے درخواستیں دینے والے امیدواروں نے کہاکہ ان کی درخواستیں بند لفافے میں رکھی گئی ہیں اور نہ جانے محکمہ کس گھڑی کا انتظا رکررہاہے جو آج تک بھرتی عمل میں نہیں لائی گئی ۔انہوںنے کہاکہ کچھ لوگوں کی طرف سے مدعا اٹھائے جانے کے بعد اگرچہ 2017 میں محکمہ نے نوجوانوں کا ٹایپنگ ٹیسٹ لیا تھالیکن اس کے بعد مزید کوئی پیشرفت نہیں ہوئی اور آ ج تک یہ درخواستیں ٹھنڈے بستے میں ہیں۔کئی امیدواروں نے کہاکہ ان میںسے کچھ کی عمر ملازمت کی حد کو پار کرنے جارہی ہے لیکن محکمہ کو پرواہ نہیں ۔ان کاکہناتھاکہ وہ اب مزدوری کے قابل بھی نہیں رہے اور نہ کوئی دوسرا کام کرسکتے ہیں اس لئے فوری طور پر انٹرویو لیکر بھرتی عمل کو مکمل کیاجائے ۔ان نوجوانوں نے ڈپٹی کمشنر راجوری شاہد اقبال چوہدری سے اپیل کی ہے کہ وہ محکمہ کے ضلعی حکام کو ہدایت دیں تاکہ وہ اس بھرتی عمل کو مکمل کرنے اقدامات کریں ۔
پی ڈی پی لیڈر نے سرحدی علاقوں کادورہ کیا
مینڈھر //پی ڈی پی لیڈر ایڈووکیٹ محمد معروف خان نے سرحدی تحصیل بالاکوٹ کے دیہات دھارگلون ،بسونی ،سندوٹ اوربھروٹ کا دورہ کیااور لوگوں کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔اس دوران لوگوںنے انہیں بتایاکہ یہاں تعلیمی معیار گر رہاہے اور سڑکوں کی حالت خراب ہے جبکہ تمام لفٹ سکیمیں ناکارہ بنتی جارہی ہیں اور بجلی کا بحران گہرا ہوتاجارہاہے ۔ انہوںنے کہاکہ لوگ پانی کی ایک ایک بوند کیلئے ترس رہے ہیں ۔سندوٹ کے لوگوںنے مانگ کی کہ لفٹ سکیم کو فعال بناکر پانی سپلائی کیاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ پرائمری سکول خندی مسجد سندوٹ کی عمارت ایک کمرہ پر مشتمل ہے جس کی وجہ سے طلباء کو مشکلات درپیش ہیں ۔انہوںنے دھارگلون سندوٹ روڈ اور سندوٹ بھروٹ روڈ کے کام میں بھی تیزی لانے پر زور دیا۔معروف خان نے یقین دلایاکہ وہ ان مسائل کو متعلقہ حکام کے نوٹس میں لاکر حل کروائیںگے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت سرحدی علاقوں کی تعمیروترقی کیلئے کوشاں ہے اور لوگوں کو بنیادی سہولیا ت فراہم کی جائیںگی ۔
پیپلز مومنٹ کا اظہارِ تعزیت
راجوری// جموں کشمیر پیپلز مومنٹ نے حالیہ دنوں میں تحصیل تھنہ منڈی کی مختلف شخصیات کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے پسماندگان سے اظہار ِ ہمدردری کیا۔ سینئر حریت رہنما ار پیپلز مومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے اپنے ایک بیان میں تھنہ منڈی میں شکیل احمد میر کے والد عبدالعزیز میر، غلام نبی شہباز کی دختر نیک اختر سعیدہ بانو اور مرحوم ماسٹر گلزار احمد کی اہلیہ حاجرہ بیگم کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی جنت اور پسماندگان کے صبر جمیل کے لئے دعا کی۔میر شاہد سلیم نے کہاکہ موت ایک اٹل حقیقت ہے اور ہر مسلمان کو ہمہ وقت اس کے لئے تیار رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آج کا مسلمان اپنی عاقبت سے بے فکر ہو کر دنیا وی معاملات میں منہمک ہو چکا ہے اور اپنی ابدی زندگی یعنی آخرت کو بھول بیٹھا ہے۔
مفت طبی اور خون عطیہ کیمپ منعقد
حسین محتشم
پونچھ // بی ایس ایف کی جانب سے سرحدی عوام کی خاطر مفت طبی اور خون کے عطیہ کا کیمپ منعقد کیاگیا ۔یہ کیمپ کھنیتر نالہ میں ضلع ہسپتال پونچھ کے تعاون سے منعقد کیاگیا ۔اس دوران لوگوں کی طبی تشخیص کرکے ان میں مفت ادویات تقسیم کی گئیں ۔کیمپ کے دوران بی ایس ایف کے 25اہلکاروں نے خون بطور عطیہ دیا ۔ طبی اور خون عطیہ کیمپ بی ایس ایف کی 50بٹالین کے کمانڈنگ افسر نریش چتر ویدی کی سربراہی میں منعقد ہواجس افتتاح کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ سرحدی آبادی تک بنیادی سہولیات پہنچانے کے لئے ان کی یونٹ کی طرف سے لگاتار ایسی کوششیں کی جارہی ہیں ۔ کمانڈنگ افسر نے کہا کہ 50 بٹالین کے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم کے ساتھ ساتھ اس کیمپ میں ضلع ہسپتال پونچھ کے ڈاکٹروں کی خدمات بھی حاصل کی گئیں ۔انہوںنے کہاکہ انہیں یہ بتایاگیاتھاکہ ضلع ہسپتال میں خون کی کمی کا سامنا ہے اس لئے بی ایس ایف اہلکاروںسے خون بطور عطیہ لیاگیا جو ضرورت مندوں کے علاج میں استعمال کرکے ان کی جانیں بچائی جاسکیںگی۔
سرحدی علاقے دھراٹی میں مفت طبی کیمپ کا اہتمام
جاوید اقبال
مینڈھر //لوگوں کو ان کی دہلیز پر طبی سہولیات فراہم کرنے کے مقصد سے محکمہ صحت نے بالاکوٹ کے سرحدی علاقے دھراٹی میں میں ایک طبی کیمپ منعقد کیا ۔یہ کیمپ بلاک میڈیکل افسر مینڈھر ڈاکٹر پرویز احمد خان کی سربراہی میں ہوا۔ موصوف نے گائوں گائوں اور خاص طو رپر سرحدی علاقوں میں کیمپ منعقد کرنے کا سلسلہ شروع کررکھاہے ۔ اس موقعہ پر مقامی لوگ اور فوج کے افسران بھی موجو دتھے ۔ کیمپ کے دوران لوگوں میں ابتدائی طبی امداد کیلئے کٹس تقسیم کی گئیں تاکہ مشکل حالات میں اس دوائی کو فوری طور پر استعمال کیاجاسکے ۔اس دوران لوگوں میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں ۔بلاک میڈیکل افسر کے مطابق پورا دن تک چلنے والے کیمپ میں 374مریضوں کا معائنہ کرکے ان میں دوائیوں تقسیم کی گئیں ۔اس کیمپ میں ڈاکٹر جاوید میڈیکل افسر ، ڈاکٹر محمد پرویز سرجن ، ڈاکٹر شازیہ انجم گائنکالوجسٹ ، ڈاکٹر امجد فدا چائلڈ سپیشلسٹ ، ڈاکٹر حق نواز ڈینٹل سرجن ، ڈاکٹر جیوتی ایم او آر بی ایس کے ، ڈاکٹر محمد لطیف میڈیکل افسر پی ایچ سی دھار گلون ، محمد اسرار کونسلر ، ظفر اقبال ، محمد یونس ، آفتاب احمد ودیگر عملہ بھی موجو دتھا۔
پٹواریوں کی چار روزہ ہڑتال شروع
منیرخان
راجوری// پٹوارایسوسی ایشن کے بینر تلے پٹواریوںنے راجوری میں چار روزہ ہڑتال شروع کردی ہے ۔ یہ ہڑتال انہوںنے اپنے مطالبات کے حق میں شروع کی ہے ۔پہلے روز ضلع صدرمقام پردھرنادیتے ہوئے پٹواریوںنے کہاکہ ان کے جائز مطالبات پورے کئے جائیں ۔انہوںنے کہاکہ انہیں گریڈ دیاجائے اور نائب تحصیلدار کی براہ راست بھرتی پر پابندی عائد کی جائے ۔انہوںنے کہاکہ دیگر مطالبات بھی پورے کئے جائیں ۔تنظیم کے ضلع صدر نے کہاکہ یہ کام چھوڑ ہڑتال چار دن تک جاری رکھی جائے گی اور اگر ان کے مطالبات پورے نہ ہوئے تو پھر مزید لاحہ عمل مرتب کیاجائے گا۔دھرنے میں ضلع بھر سے پٹواریوںنے شرکت کی۔
اقبال نگر سے بائی پاس سڑک خستہ حالی کاشکار
بختیار حسین
سرنکوٹ// محکمہ گریف کی عدم توجہی کے باعث سرنکوٹ کے اقبال نگر سے پوٹھہ بائی پاس تک سڑک کی حالت انتہائی خراب ہوچکی ہے جس کی مرمت بھی نہیں کی جارہی۔اس لگ بھگ ایک کلو میٹر سڑک پر سفر کرنے والوں کاکہناہے کہ روزانہ دھول اور کھڈوںسے انہیں پریشانی ہوتی ہے لیکن گریف حکام کو کوئی پروہا نہیں ۔طارق مغل نے بتایا کہ سرنکوٹ قصبہ کو جانے والی اس سڑک کی حالت بیان سے باہر ہے ۔ان کاکہناہے کہ نالیاں بند پڑی ہیں ۔انہوںنے کہا کہ چند ماہ پہلے گریف کی جانب سے سرنکوٹ بازار میں کنکریٹ کیا گیا تھالیکن سڑک کے اس حصہ کو ایسے ہی چھوڑ دیاگیا ۔انہوںنے بارہااس بارے میں حکام سے گزارش بھی کی گئی لیکن ان پر کوئی اثر نہیں ہوااور سڑک کی حالت دن بدن خراب بنتی جارہی ہے ۔ محمد حمید نے کہاکہ یہ سڑک گریف کی لاپرواہی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور اگر اس کی جلد مرمت نہیں کی گئی تو مقامی لوگ احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیںگے ۔