وانی کا مقامی ایم ایل اے پر سرکاری مشینری کے ناجائز استعمال کا الزام
ڈوڈہ //پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکرٹری و سابق وزیر عبدالمجید وانی نے مخلوط سرکار کے ایم ایل اے پر سرکاری مشینری کا ناجائز استعمال کرنے کا مبینہ الزام لگایا ہے۔اس سلسلہ میں اُنہوں نے حالیہ کرکٹ میچ انڈر 14 کا ذکر کیا اور کہا کہ پی ایچ ای ڈویژن کے سٹاف اور ورکروں کو میچ دیکھنے کے لئے لایا گیا تھا کیونکہ مقامی لوگ کرکٹ ٹورنامنٹ تقریب میںایم ایل اے کا خیر مقدم کرنے کے لئے نہیں آئے تھے۔انہوں نے اسے بی جے پی کے مقامی ایم ایل اے کی بوکھلاہٹ قرار دیا ۔انہوں نے مبینہ الزام لگایا کہ ایم ایل اے کے قریبی رشتہ داروں اور دیگر اقارب نے مقامی سرکاری حُکام پر اپنا قبضہ کیا ہوا ہے، جو کہ مبینہ طور سے کئی گھوٹالواں میں ملوث ہیں اور سرکاری سکیموں اور پروجیکٹوں کے سب ٹھیکیداربن بیٹھے ہیں۔انہوں نے ضلع میں گُزشتہ تین سال کی تمام انفراسٹریکچرل ترقیاتی کاموںکی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔وانی نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ ریٹائرڈ جج یا چیف ویجی لنس افسر کی قیادت میں ایک تحقیقاتی کمیٹی قائم کرکے اس سب کی مکمل تحقیقات کی جائے۔انہوں نے مقامی ایم ایل اے پر ناجائز طریقہ سے دولت اکٹھا کرنے کا بھی مبینہ الزام لگایا ہے۔انہوں نے پروجیکٹوں کو نا مکمل چھوڑنے کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف عوام کو پریشانیاں ہوتی ہیں بلکہ زمین کے رسائو سے ماحولیات کو بھی سنگین خطرہ لاحق ہے۔انہوں نے ناشری ٹنل پروجیکٹ کے پیچھے نا مکمل کاموں کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا ہے،جہاں پر سب۔کنٹریکٹروں نے این ایچ اے آئی کی مجرمانہ سازشوں سے بلیں پیش کی ہیں۔
آئی ایس ایم کا دو روزہ تربیتی پروگرام اختتام پذیر
ڈوڈہ //ضلع صدر دفتر میں انڈین سسٹم آف میڈیسنز محکمہ کی جانب سے میڈیکل افسروں اور نیم طبی عملہ کا دو روزہ تربیتی پروگرام اختتام پذیر ہوا۔اس دو روزہ تربیتی پروگرام میں ضلع ڈوڈہ ،رام بن اور کشتواڑ کے متعدد میڈیکل افسروں اور نیم طبی عملے نے شرکت کی جنھیں نیشنل آیوش مشن کے متعلق تربیت دی گئی، جس کا افتتاح اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ میڈیکل افسر آئی ایس ایم دوڈہ ڈاکٹر آر کے شان نے کیا تھا ۔اپنے افتتاحی خطبہ میںڈاکٹر شان نے آیوش سسٹم کے ادویات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔تربیت ڈاکٹر مبشر حُسین منٹو،ڈاکٹر اشونی کمار، ڈاکٹر مسعود اقبال اورڈاکٹرعرفان گڈرو نے فراہم کی،جنھوں نے طرز زندگی کی پریشانیوں ، امراض خواتین اور یوگا منیمجنٹ پر تربیت فراہم کی۔اس تربیت کا مقصد مقامی آبادی کو آیوش کے مختلف مراحل کو فروغ میں ملوث کرنے کیلئے میڈیکل اور نیم طبی عملے کو تربیت فراہم کرنا تھا۔ اس موقعہ پر صحت سے متعلق بیداری کیمپ باقاعدگی سے منعقد کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔اس موقعہ پر تمام میڈیل افسروں و نیم طبی عملے کو ضرورت مند لوگوں کو بہتر خدمات فراہم کرنے کی تلقین کی گئی
بائولی بازار تامیتراں پیدل چلنے پر پابندی
سڑک پر دراڑیں پڑنے سے گاڑیوں کی نقل و حرکت پہلے ہی بند
ایم ایم پرویز
رام بن //قصبہ رام بن کے باولی بازار سے میتراں تک متصل جامع مارکیٹ کی سڑک پر دراڑیں پڑنے کی وجہ سے احتیاطی عمل کے طور سا روڈ پر منگل کے روز بعد دوپہر سے پیدل چلنے والوں کی نقل و حرکت پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ضلع انتظامیہ نے اس سڑک پر گاڑیوں کی نقل و حرکت پر 08 فروری 2018سے ہی پابندی عائد کی ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ کھواہ باغ سے کیفٹیریا موڑ تک جامع مارکیٹ رام بن کے متصل فلائی اووروں کی کھدائی سے اس سڑک پر ضلع انتظامیہ کمپلیکس میتراں کو جانے والی سڑک پر کافی شگاف پیدا ہوئے ہیں ،جس سے اس سڑک کا استعمال گاڑیوں کی نقل و حرکت کیلئے غیر محفوظ قرار دیا گیا تھا تاہم پیدل چلنے والوں کو اس سڑک کا استعمال کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔منگل وار بعد دوپہر کو ضلع انتظامیہ نے سڑک کی پوزیشن کو مد نظر رکھ کر اس سڑک پر پیدل چپنے والوں کی نقل و حرکت بھی معطل کر دی ۔ اطلاعات کے مطابق انتظامیہ کی اس کاروائی سے لوگوں کو کافی ہریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔بہت سے علاقوں کے لوگوں کو ضلع ایڈ منسٹریٹو کمپلیکس میتراں اور ضلع کے مختلف ملحقہ علاقوں میں پہنچنے کیلئے 11 کلو میٹر کی مسافت طے کرنی پڑتی ہے۔