چندر کوٹ حادثہ میں کمسن زخمی
رام بن//ایم ایم پرویز //جموں سرینگر قومی شاہراہ پر جے پی گیٹ چندر کوٹ کے نزدیک پیر کے روز ایک تیز رفتار ٹرک نے ایک کمسن لڑکی کو ٹکر ماری، جس کی وجہ سے وہ بُرہی طرح سے زخمی ہوئی ہے۔ضلع ہسپتال رام بن میں فسٹ ایڈ مہیا کرنے کے بعد زخمی کو بہتر طبی معالجہ کے لئے جی ایم سی جموں منتقل کیا گیا ۔زخمی لڑکی کی شناخت مونیکا دیوی عمر 8 سال ولد پیار چندساکنہ کومیت تحصیل راج باغ ضلع رام بن کے طور ہوئی ہے۔پولیس نے اس سلسلہ میں ٹرک ڈرائیور کے خلاف ایک معاملہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔ پولیس نے حادثہ میں ملوث ٹرک کو بھی ضبط کیاہے۔
تین ماہ سے تنخواہوں سے محروم
رہبر تعلیم اساتذہ محکمہ تعلیم سے خفا۔ SSA
رام بن// ایم ایم پرویز//جموں و کشمیر رہبر تعلیم اساتذہ کا ایس ایس اے اساتذہ کی حالت زار پر سخت تشویش کا اظہار کیا جو کہ گذشتہ تین ماہ سے بغیر تنخواہوں کے ہیں۔ایسو سی ایشن کے نائب صدر گل زبیر کی جانب سے جاری ایک پریس بیان کے مطابق وزیر خزانہ کی جانب سے تنخواہ واگُذار کرنے کی یقین دہانی کے باوجود ایس ایس اے اساتذہ کی تنخواہوں میں گُذشتہ تین مہینوں سے تاخیر ہوئی ہے، جسکی وجہ سے انکو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم اور سرکار اساتذہ کے مشکلات کو محسوس نہیں کر رہے ہیں اور انکے مشکلات کا مستقل حل نکالنے میں ناکام رہے ہیں۔انہوں نے دیگ رمسائل کا ذکر کرتے ہوئے اساتذہ کے لئے فوری طور سے ایک جامع ٹرانسفر پالیسی کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے باقی مانہ آر ای ٹیئز کو باقاعدہ بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔
ناجائز شراب ضبط 2 افراد گرفتار
ریاسی//زاہد ملک//ضلع پولیس نے 02افراد کو شراب کی سمگلنگ کرتے ہوئے گرفتار کیا اور انکے قبضہ سے72فروٹیاں اورشراب کی 08 بوتلیں برآمد کی ہیں۔پولیس رپورٹ کے مطابق ایس ایچ او چسانہ علی عمران کی قیادت میں ایک پولیس پارٹی نے زیر نگرانی ایس ڈی پی او مہور مجیب الرحمان چسانہ بدھل سڑک پر کُندریٹھن کے مقام پر ایک ناکہ لگایا ۔ناکہ کے دوران پولیس پارٹی نے دو افراد محمد عثمان ولد عبدالرشید اور محمد رفیع ولد وزیر محمد ساکنان چھننا تحصیل چسانہ ،سب ڈویژن مہور کو گرفتار کیا اور انکے قبضہ سے 72فروٹیاں اورشراب کی 08 بوتلیں برآمد کی ہیں۔ پولیس اسٹیشن چسانہ میںاس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر 05/18 درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی۔
رام بن کے پولیس افسروں کے لئے تربیتی کورس
رام بن //ایم ایم پرویز//رام بن میں ضلع پولیس کے تحقیقاتی افسروں کو وقتاً فوقتاً عدلیہ کی جانب سے مختلف جرائم اور این ڈی پی ایس ایکٹ میںکئے گئے حالیہ ترامیم سے باخبر کرنے کے لئے ہفتہ بھر چلنے والاایک تربیتی کورس کا اہتمام کیا گیا ۔ضلع پولیس لائنز کے کانفرنس ہال میںمنعقدہ کورس میں ضلع کے پولیس کے افسروں بشمول ایس ایس پی موہن لعل اور پولیس کی پراسکیوٹنگ ونگ کے افسراں نے شرکت کی۔کورس میں متعدد مہمان مقررین نے خطبہ دیا جن میں ریٹائرڈ پولیس افسراں،پراسکیوٹنگ افسران،بار ممبران اور کئی جج صاحبان نے تحقیقاتی افسروںکودر پیش مسائل مختلف موضوعوںپر جانکاری دی۔اپنے افتتاحی خُطبہ میں ایڈشنل ایس پی رام بن چودھری مشتاق نے شرکا کو ایسی تربیت منعقد کرنیکے مقاصد بیان کئے ۔
بھدرواہ مارکیٹ چیکنگ
بھدرواہ //ایڈشنل ڈپٹی کمشنر امام دین کی ہدایت پر نائب تحصیلدار بھدرواہ دنیش چندر نے میونسپل کمیٹی کے م،لازمین اور پولیس ہلکاروں کے ہمراہ پسری بازار،تکیہ چوک مارکیٹ، سیری بازار اور جائی روڈ بھدرواہ کااچانک معاینہ کیا اور غیر قانونی طور سے 20کلو گرام مومی لفافے ضبط کئے اور موقعہ پر ہی خاطی دوکانداروں سے5300روپے بطور جُرمانہ وصول کیا۔اس موقعہ پر ٹیم نے بازار کو ناجائز قابضوں سے پاک کیا ،جس کی وجہ سے بازار میںلوگوں کی نقل و حرکت میں روکاوٹ آتی تھی۔ٹیم نے قصابوں کو صفائی کا خاص خیال رکھنے اور گوشت کو محفوظ رکھنے کے لئے ریفریجیریٹر کا استعمال کرنیکی ہدایت دی۔ٹیم نے بازار میں قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے اور معیار کو برقرار رکھنے کیلئے باقاعدہ طور سے چیکنگ کرنے پر زور دیا ۔
مدرس کے انتقال پر اظہارتعزیت
مہور//زاہد ملک// مُختلف سیاسی اور سماجی کارکنوں نے استاد نواب دین ملک کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا،جن کا گذشتہ روز انتقال ہوگیا ۔نواب دین ملک ہائی اسکول دیول میں انچارج ہیڈ ماسٹر تھے۔انہوں نے دسویں جماعت گول سے پاس کی تھی اس کے بعد باقی تعلیم سرینگر سے حاصل کی۔انہوں نے محکمہ تعلیم میں 39سال ایمانداری اور لگن سے اپنے فرائض انجام دئے۔انہوں نے درجنوں اسکولوں میں ڈیوٹی دی، جو گُذشتہ کئی مہینوں سے وہ علیل چلے آرہے تھے ۔متوفی کا نمازہ جنازہ پیر کے روز اپنے آبائی گاؤں دیول میں ہوا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں طلبا سمیت لوگوں نے شرکت کی۔مقامی لوگوں کے مطابق نواب دین ایک ایماندار اور قابل استاد تھے۔جو کہ غریب طلباء کیلئے ایک مسیحی تھے۔
جمعیت اہلحدیث پوگل پرستان تحصیل صدر مقرر
رام بن// جمعیت اہلحدیث پوگل پرستان کے تحصیل شعوریٰ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں نظیر احمد مخدومی نے مرکزی جمعیت اہلحدیث جموں کشمیر کی طرف سے مبصر کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دئے تمام شعوریٰممبران نے متفقہ رائے سے عبدالوحید بالی الکشفی کو دوبارہ سے تحصیل صدر منتخب کیاکیونکہ ان کے زیر صدارت پچھلے تین سال میں تحصیل جمعیت نے توحید کے علم کی آبیاری کے ساتھ ساتھ فلاحی سماجی اوراصلاحی کاموں میں ایک نئی سمت دکھائی اور تحصیل جمعیت کے سبھی ذمہ داران نے بڑی جانفشانی سے اپنی ذمہ داری نبھائی مجلس شعوریٰ نے عبدالوحید بالی سے آئندہ بھی ایسے ہی کاموں کی امید ظاہر کی اس موقعہ پر عبدالوحید بالی نے اپنے خطاب میں تمام اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جمعیت کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا اور گھرگھر جمعیت اہلحدیث کا پیغام اور دعوت حق پہنچانا ہمارا بنیادی مقصد ہے اس کے بعد مہمان خصوصی نظیر احمد مخدومی اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ شرکاء نے جس نظم وضبط اور سنجیدگی کا مظاہر کیا وہ ناقابل بیان ہے اور مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید اپنے خطاب میں کہا کہ اگر تحصیل پوگل پرستان نے اسی طرح تن دہی سے سماجی اصلاحی اور فلاحی کام جاری رکھیں تو وہ دن دور نہیں کہ سماج میں برائی کئی دور تک نظر آئیگی آخر پر اجلاس دعا پر اختتام پذیر ہوا۔
بھدرواہ اے بی وی پی کا سرکارمخالف مظاہرہ
طاہر ندیم
بھدرواہ//اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد بھدرواہ کی جانب سے پیر کے روز جموں یونیورسٹی میں قائم شدہ یونیورسٹی انسٹیچوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کو واپس لینے کے فیصلہ پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ بھدرواہ میں زیر قیادت نائب صدر پون کوتوال اور سمر کوتوال سرکار مخالف ایک زور دار احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔اے وی بی پی یونٹ بھدرواہ کے طالب لکشمی نارائن چوک پر اکٹھا ہوئے اور سرکار مخالف نعرے بلند کئے۔انہوں نے سرکار کی جانب سے جموں یونیورسٹی سے یونیورسٹی انسٹیچوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کو واپس لینے کے فیصلہ پر سخت ناراضگی کا اظہار کیااور اسے یونیورسٹی کی خود مُختاری میں مداخلت قرار دیا۔یاد رہے کہ یونیورسٹی نے روسا کے ساتھ ایک انجینئرنگ کالج کھولنے کا عمل شروع کیا تھا لیکن سرکار نے اسے واپس لینے کی ایک چال چلی۔احتجاجی طلاب نے جموں یونیورسٹی کو یونیورسٹی انسٹیچوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی واپس سونپنے کا مطالبہ کیا۔احتجای طلاب نے کہا کہ یونیورسٹی میں گُذشتہ سال یونیورسٹی انسٹیچوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی قائم کی گئی تھیاور اسمیں کلاسز بھی شروع کئے گئے تھے اوریونیورسٹی انسٹیچوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں64 طلاب تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔اور سرکار کے فیصلہ سے اب ان طلاب کا مستقبل مخدوش ہوگیا ہے۔ احتجاجی طلاب نے جموں یونیورسٹی میں طلاب پر لاٹھی چارج کی بھی مذمت کی۔احتجاج میں شرکت کرنے والوں میںکالج صدر وشال ورما ،اے بی وی پی میڈیا انچارج وشال بھگت ،سٹی سکول انچارج منکل کمار، کالج یونٹ کے جوائنٹ سیکرٹری ساہل سمبیال، نائب صدر سٹی یونٹ امر جیت کوتوال، کالج سیکر ٹری نیرج کٹوچ، کالج نائب صدر رمن چاڑک، اور ممبران آشیش کمار، امت کوتوال، منجیت سنگھ اور موہت چوہان بھی شامل تھے۔
۔3گھنٹے معطل رہنے کے باد شاہرہ پر ٹریفک بحال
محمد تسکین
بانہال // ادہمپور کے نزدیک ایک پسی کے گر آنے کی وجہ سے جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت پیر کی صبح کم از کم تین گھنٹوں تک معطل ہوکر رہ گئی اور بعد میں شاہراہ کو صاف کرکے وادی کشمیر آنے والے ٹریفک کو دوبارہ بحال کیا گیا اور آج جموں سے وادی کشمیر کی طرف ٹریفک کو چلنے کی اجازت تھی۔ شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے پسی کے دنوں طرف ٹریفک ، ٹریفک جام کی صورت اختیار کر گیا جو مزید دو گھنٹوں تک جاری رہا۔ ٹریفکذرائع نے بتایا کہ پیر صبح آٹھ بجے کے قریب ادہمپور سے سات کلومیٹر پہلے موڑ پسی کے مقام پہاڑی سے ایک پسی اور پتھر شاہراہ پر گر ائے جس کی وجہ سے ٹریفک کی نقل وحمل دس بجے تک روک دینا پڑی اور پسی کے صاف کرنے کے بعد شاہراہ پر ٹریفک جام کو صاف کرنے میں مزمید دو گھنٹے لگے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ اس سے پہلے وادی کی طرف جانے والا بہت ٹریفک اس حصے کو پار کر چکا تھا لیکن پانچ سو مسافر بردار اور پندرہ سو مال بردار گاڑیوں کو پسی اور پتھروں کے گر ا نے کی وجہ سے موڑ پسی کے مقام پر کم از کم دو گھنٹوں تک معطل ہوکر رہنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ دوپہر ایک بجے بعد شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحمل معمول کی طرح دوبارہ بحال کر دی گئی۔