بانہال میں کاروباری اور تعلیمی ادارے کھل گئے
محمد تسکین
بانہال // اتوار کے روز جنوبی کشمیر میں ہوئی ہلاکتوں کے خلاف دو روز تک مکمل بند رہنے کے بعد بدھ کو بانہال میں دکانیں اور سرکاری اور غیر سرکاری سکول دوبارہ کھول دیئے گئے اور معمول کی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوگئیں۔ صبح سے ہی معمول کا کاروبار اور سکول دوبارہ کھل گئے اور دو روز سے قصبہ بانہال میں ماند پڑی چہل پہل دوبارہ بحال ہوگئی۔
مخلوط حکومت کی تین سالہ کارکردگی مایوس کن: این سی
ارشد کاظمی
بٹوت// بی جے پی پی ڈی پی مخلوط حکومت کی کارکردگی کوناقص و مایوس کُن قرار دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس نے کہاہے کہ لوگ تبدیلی کے متمنی ہیں ۔ بٹوت میں ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس ضلع رام بن کے سکریٹری عارف میر نے کہا کہ موجودہ ریاستی مخلوط حکومت کی تین سالہ کارکردگی بے حد مایوس کن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل ناساز گار حالات سے دو چار ریاستی عوام کو درپیش مسائل ومشکلات کا ازالہ کرنے میںمخلوط حکومت ہر سطح پرناکام رہی ہے۔ میرنے پہاڑی ضلع رام بن کے عوام کو در پیش مسائل اور مخلوط حکومت کی عدم توجہ پراپنی تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ریاستی مخلوط حکومت نے ریاست کے دیگر حصوں کی طرح پہاڑی ضلع رام بن کی عوام کو بھی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے نام پر بُری طرح سے نظر انداز کر رکھا ہے۔ میر کے بقول ضلع رام بن کے عوام موجودہ وقت میں سخت سردی کے موسم میںبجلی، پانی، بالن جیسی روز مرہ ضروریات زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم زندگی جینے پر مجبور ہیں۔ قصبہ بٹوت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بٹوت میں لوگوں کو محکمہ جنگلات کے بالن ڈپوئوں سے بالن کی عدم دستیابی کی وجہ سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کے نوجوانوں کوبڑے پیمانے پر بے روز گاری کے سنگین مسئلے کا سامنا ہے۔نیشنل کانفرنس لیڈر کے مطابق ضلع میں ترقیاتی پروجیکٹ ٹھپ ہیںاور رابطہ سڑکو ں کی حالت خستہ حال بنی ہوئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ مسائل حل نہ ہونے پر حکومت کے خلاف احتجاج کیاجائے گا۔
مہور کے کئی دیہات برقی رو سے محروم
زاہد ملک
مہور//ضلع ریاسی کے سب ڈویژن مہور میں ابھی بھی کئی ایک ایسے مقامات بجلی کے منتظر ہیں۔گلابگڑھ کے درجنوں مقامات جیسے وندارہ،دیول ڈوگہ،برمیدار،میلنہ،گمنیوگ،اوچھاابھی بھی بجلی کی روشنی دیکھنے کو ترس رہے ہیں۔برمیدار کے لوگوں کا الزام ہے کہ اگرچہ 2011 میں انہوں نے محکمہ کی مدد کر کے برمیدار تک کھمبے پہنچائے لیکن نتیجے میں انہیں نا تو کھمبوں کا کرایہ دیا گیا اور نا ہی بجلی اس علاقہ میں صرف کھمبے اور بجلی کی ٹوٹی ہوئی تاریں دیکھنے کو ملتی ہیں۔اسی طرح تحصیل چسانہ کے پنچایت ماجرہ کنڈ کے وارڈ نمبر 4 اور وارڈ نمبر 6،پنچایت کنڈردان بی کے وارڈ نمبر 5 اور6لمبی باڑی،مجوریوارڈنمبر1،جبرڈنگہ،کیر چٹالی،سرسوت،تھریلہ،باگن کوٹ، ڈنڈاکوٹ ،منجیکوٹ،بگوداس،اکڑابن،جیا،ٹھنڈاسو،لور تولی بی،حسوت اے،چنڈے دار،کالابن،دھیریدھار وغیرہ بھی بججلی کا نظام خستہ ہے۔لوگوں کا کہنا ہے یہ وہ ابھی بھی موبتیاں جلا کر گھروں میں روشنی کرتے ہیں۔یہاں کچھ روز قبل تھریلہ سوکا کے لوگوں نے محکمہ بجلی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگرچہ ان کیلئے محکمہ کی جانب سے بجلی کے کھمبے آئے مگر محکمہ کے ملازمین نے کچھ سیاسی لیڈروں کی مرضی کے مطابق کھمبے بانٹے جو کہ غریب عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ وزیر اعظم کی سکیم ہے کہ گھر گھر میں بجلی پہنچائی جائے گی لیکن ان لوگوں کے ساتھ ابھی بھی سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔
نہرو یوا کارپس کاحکومت کے تئیں اظہار تشکر
ڈوڈہ //نہرو یوا کارپس کے ضلع صدر جعفر بشیر وانی کی قیادت میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کا مقصدتمام ایسو سیٹ ممبران کو دوبارہ جوائن کرنے پر مبارکباد پیش کرناتھا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وانی نے کہا کہ انہوں نے سات سال کی جد و جہد کے بعد کامیابی حاصل کی ۔انہوں نے ساتھیوں کو یقین دلایا کہ دوبارہ جوائن کرنے کا عمل کل یعنی کہ جمعرات سے شروع ہو جائے گا۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے بھی ضلع کے مختلف دفاتر میں ان نوجوانوں کا دوبارہ جوائن کرنے کا عمل مکمل کرنے کی گُذارش کی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکریٹری محمد اسلم وانی نے دوبارہ جوائن کرانے کی یقین دہانی کی۔این وائی ایس کے خزانچی نے کہا کہ انہوں نے اپنا مقصد حاصل کیا اورمانگ پور ی کرنے کیلئے وہ حکومت کے شکر گزار ہیں۔اجلاس میںاین وائی ایس کے بلاک صدور و دیگر عہدیداران بھی موجو دتھے ۔
ناجائز شراب کی72تھیلیاں برآمد، ملزم گرفتار
ڈوڈہ //ضلع پولیس نے شراب کی 72تھیلیاں برآمد کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتا رکرلیاہے ۔ناجائز شراب کے خلاف جاری مہم میں پولیس اسٹیشن گندو کی ایک پولیس پارٹی نے مصدقہ اطلاع ملنے پر ایک سومو زیر نمبرJK06-5319 کو روکا ،جسے شاہ دین ولد غلام قادر ساکنہ گندو چلا رہا تھا ۔گاڑی کی تلاشی کے بعد پولیس نے ناجائز شراب کی 72 تھیلیاں برآمد کیں۔پولیس نے گاڑی کو ضبط کرکے مبینہ ملزم کو گرفتار کیا اوراس سلسلے میں ایف آئی آر زیرنمبر32/2018درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔ پولیس پارٹی کی قیادت انچارج پولیس پوسٹ کاہرہ علی محمد نے یہ کاروائی ایس ایچ او گندو انسپکٹر عنایت حُسین کی نگرانی میں انجام دی ۔
انسان کی ہلاکت پر جشن منانا انسانی اقدار کیخلاف : امتیاز احمد میر
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ//وادی کشمیر میں حالیہ ہلاکتوں پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہندو پاک درپردہ ڈپلومیسی کے سرگرم رکن قلم کار ایڈووکیٹ امتیاز احمد میر نے کہا کہ کسی بھی انسان کی ہلاکت پر جشن منانا انسانی اقدار کے خلاف ہے اور صرف بات چیت واحد راستہ ہے اور فریقین جتنی تاخیر کریں گے زخم اور گہرے ہوتے جائیں گے جن کو مرہم پٹی بھی ناممکن ہوجائے گی جس کا انجام تباہی اور صرف تباہی ہوگی اور اس میں ہندو ستان، پاکستان و ریاست جموں و کشمیر کا نقصان ہی ۔انہوںنے کہاکہ جنگ کسی مسئلہ کا حل نہ ہے اور فریقین کو اپنی انا چھوڑ کر حقیقت پسندانہ روشن اختیار کرکے زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے آگے آنا ہوگا ۔امتیاز میر نے کہا کہ مرنے والا کشمیری یا ہندوستانی یا پاکستانی مرتا انسان ہے اور بچے یتیم ہوتے ہیںاور بیواؤں میں اضافہ ہوتا ہے ،ماں کی گود خالی ہوتی ہے، والدین سے بڑھاپے کا سہارا چھن جاتا ہے اور کوئی بھی درد دل رکھنے والا شخص ایسی صورت میں خوش نہیں رہ سکتا ۔ اُنہوں نے تمام غمزدہ عیالوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین سے امن کو موقعہ دینے کی اپیل کی اور کہا کہ بات چیت ہی تمام مسائل کا حل ہے۔
مڈل سکول بنشلہ میں 8کلاسوںکیلئے محض3 اساتذہ
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ//گورنمنٹ مڈل سکول بنشلہ ایجوکیشن زون گندنہ میں آٹھ جماعتوں کے لئے محض تین اساتذہ فراہم ہونے و سکول میں موجود دوپہر کے کھانے (مڈڈے میل ) کی عدم موجودگی و سکول کے وقت سے پہلے تین گھنٹے بند ہونے کے خلاف آج بنشلہ گاؤں کے ایک وفد نے ڈپٹی کمشنرڈوڈہ سے ملاقات کرکے کاروائی کا مطالبہ کیا جس پر اے ڈی سی ڈوڈہ پون کمار نے تحت نمبر DVO/D/Vigilance/2018/02ایک حکم چیف ایجوکیشن آفیسر ڈوڈہ کو جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ بنشلہ کے عوام کی طرف سے شکایات کا ازالہ کرکے رپورٹ ایک ہفتہ کے اندر اے ڈی سی دفتر ڈوڈہ میں پیش کرے بنشلہ سے آئے ہوئے وفد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سکول میں محض چار اساتذہ تعینات ہیں جن میں سے ایک خاتون ٹیچر تاسینہ فردوس گذشتہ کئی برسوں سے مسلسل غائب ہیں اور سکول میں ڈیوٹی نہ دیتی ہے جس وجہ سے سکول میں آٹھ جماعتوں کے لئے محض تین اساتذہ ہیں اور مذکورہ خاتون ٹیچر کے خلاف مسلسل شکایات کے باوجود محکمہ نے تاحال کوئی قانونی کاروائی نہ کی ہے وفد کا مزید الزام تھا کہ سکول میں ناہی مڈڈے میل کی سہولیات ہے اور صدر مدرس سکول دن دوبجے ہی گھر چلاجاتا ہے جس وجہ سے سکول کا نظام درہم برہم ہوا ہے اور اگر محکمہ نے جلد کاروائی نہ کی تو وہ بچوں اور والدین سمیت سڑکوں پر آجائیں گے۔
سول سوسائٹی گول کا قیام
شمس الدین وانی صدر، محمد شفیع جرال جنرل سکریٹری نامزد
زاہد بشیر
گول//گزشتہ روز ڈاک بنگلہ گول میں سب ڈویژن گول کے معزز شہریوں کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی ۔اس موقعہ پر ایک سول سو سائٹی کا قیام عمل میں لایا گیا جو علاقہ جات میں عوا م کے لئے کام کرے گی ۔ اس موقعہ پر شمس الدین وانی کو اس سو سائٹی کا صدر منتخب کیاگیا جبکہ محمد شفیع جرال جنرل سکریٹری کے طور پر چنے گئے ۔ اس موقعہ پر مقررین نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ جہاں ایک طرف سے ناقص تعمیر اور عوام مسائل بڑھتے ہی جا رہے ہیں وہیں دوسری جانب نوجوانوں میں نشہ کی بری لت بھی پھیلتی جا رہی ہے ہے جس کو روکنے ہر ایک شہری کا فرض ہے اور اگر یہ مرض بڑھتا گیا تو بعد میں اس کا کوئی علاج نہیں ہو گا اور یہ پوری قوم کو برباد کردے گی ۔ انہوںنے تمام لوگوں کو بلا لحاظ مذہب ، ملت اور پارٹی سے اوپر اُٹھ کر انسانیت کی خاطر لوگوں کی بھلائی کے لئے کام کرنے کی تلقین کی اور پوری سب ڈویژن میں سول سوسائٹی ایک ہو کر کام کرے گی ۔
ڈوڈہ میں بجلی گرنے سے 4 مضروب
ڈوڈہ // ضلع میں بجلی چمکنے کے ایک واقعہ میں چار اشخاص کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ڈوڈہ پولیس کے مطابق گندو میںجورا کاہرہ مڈل سکول پر بجلی گرنے سے 4 زخمی ہوئے ہیں۔زخمیوں میں سے تین سکول کے طلاب ہیں۔زخمیوں کی پہچان سمرن دیوی، ہارون رشید عمر 12 سال اور ندیم احمد عمر 13سال اور پروین بیگم عمر40سال کے بطور کی گئی ہے۔ گندو ہسپتال میں تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد انہیں گھر بھیج دیاگیاہے جبکہ ندیم کوٹھاٹھری کیمونٹی ہیلتھ سنٹر منتقل کیا گیا ہے۔
ریاسی میں صنعتی بستی کا قیام
۔4 یونٹوں کو18 کنال اراضی الاٹ
عظمیٰ نیوز
ریاسی //ضلع میں نو قائم شدہ انڈسٹریل اسٹیٹ کو فعال بنانے کے لئے 4 فرموں کو اپنے یونٹ قائم کرنے کیلئے 18 کنال اراضی الاٹ کی گئی ہے۔اس سلسلہ میں فرموں کو رسمی طور قبضہ عنقریب ہی سیکاپ کی جانب سے دیاجائے گا اور ا س سلسلہ میں مزید کارروائی کرنے سے قبل یونٹ ہولڈروں اورسیکاپ کے درمیان 40سال کی مدت کیلئے ایک پٹے پر دستخط کئے جائیں گے۔محکمہ پولیوشن کنٹرول بورڈ، بجلی، تعمیرات عامہ، صحت عامہ،اور جنگلات سے پہلے ہی اس سلسلہ میں منظوری حاصل کی گئی ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ سنگل ونڈو کلیرنس کمیٹی کی جانب سے ضلع ترقیاتی کمشنر کے دفتر میں مورخہ26 فروری 2018 کو ایک اجلاس منعقد ہوا ،جس میں تمام چار فرموں شو شنکر انڈسٹریز، وی وی پروڈکٹس، کچھ چنار ایگرو پروڈیکٹس اور اوچھ اینڈ اے اے آر جے فیبریکیٹس کو رسمی طورہری جھنڈی دی گئی۔اس سلسلہ میں ضلع انتظامیہ نے پہلے ہی مائیکرو ،سمال و درمیانہ درجہ کی صنعتوں کو فروغ دینے کے لئے کھلی دعوت دی ہے ،تاکہ مناسب فرموں کو اپنے یونٹ قائم کرنے کی حوصلہ افزائی کی جا سکے،تاکہ ضلع میں روزگار کے مواقعے پیدا ہو سکیں۔جنرل منیجر ڈی آی سی ریاسی انیل ٹھاکور نے اس موقعہ پر کہا کہ اوپن دعوت صنعتی بستی میں چھوٹے درجہ کے یونٹ قائم کرنے کے لئے دی گئی ہے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ کی جانب سے اس سلسلہ میں ہر کوئی امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کی۔
نیل سے دو شیزہ کا اغوا،معاملہ درج
ایم ایم پرویز
رام بن //رام سو پولیس اسٹیشن میںڈار پورہ ،بانہال کے ایک نوجوان کے خلاف نیل علاقہ کے چڈوسہ کی ایک دوشیزہ کو اغوا کرنے کے سلسلہ میں ایک معاملہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے اس سلسلہ میں جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مغویہ کی والدہ زلیخا بیگم نے ایک تحریری شکایت درج کی ہے کہ توصیف وگے ولد عبدالرشید ساکنہ ڈار پورہ، بانہال نے اسکی بیٹی کا اغوا کیا ہے ا ور اسے ناپاک ارادے کی وجہ سے کسی نامعلوم جگہ پر چھپا کر رکھا ہے۔پولیس پوسٹ نیل میں اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے مزید کاروائی شروع کر دی ہے۔