پی ڈی پی ضلع صدر ڈوڈہ کادورہ ٔدیہات
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ//جموں کشمیرپیپلزڈیموکریٹک پارٹی کے صدر ضلع ڈوڈہ شہاب الحق بٹ نے ڈوڈہ کے کماڑی ، باڑی، طراون، سرونڈہ ملان گاٹی گگڑوتہ علاقہ کا دورہ کر کے وہاں تعمیراتی کاموں اور عوامی مسائل کا جائزہ لیا۔ مختلف عوامی وفود نے پی ایم جی ایس وائی کے تحت کماڑی تا باڑی اور تعمیرات عام کی نگرانی والی بھالا تا طرون سڑکوں کی خستہ حالت سے لوگوں کو درپیش مسائل اور پریشانیوں کی شکایت کی لوگوں کا یہ بھی الزام تھا کہ گذشتہ ماہ مارچ میں بھالا تا طرون شڑک کی مرمت کے نام پر سرکاری خزانہ سے لاکھوں روپیہ نکالا گیامگر زمینی سطح پر حالات اس کے برعکس ہیں اور صرف سرکاری و عوامی خزانہ کی لوٹ کی گئی ہے ۔ شہاب نے لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ یہ تمام معاملات تعمیرات کے وزیر کے سامنے رکھ کر مسائل پر بھی بات کر کے مسائل حل کرائیں گے اور سرکاری و عوامی خزانہ کی لوٹ کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کاروائی ہوگی۔ اس موقعہ پر لوگوں نے علاقہ میں موجود گورنمٹ ہائی سکول طراون کا درجہ بڑھانے کا بھی مطالبہ دوہرایا جس پر بٹ نے لوگوں کو کہا کہ وہ پہلے ہی یہ معاملہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی حبہ کی نوٹس میں لا چکے ہیں ۔ اس موقع پر عوامی وفود نے سرونڈہ تا گگڑوتہ سڑک کا کام شروع کرانے پر صدر ضلع اور وزیر تعمیرات و وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا کہ اس سڑک کی تعمیر سے ہزاروں لوگ مستفید ہو کر شدید مشکلات سے آزاد ہو ںگے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ریاست وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت میں دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کر رہی ہے اور ڈوڈہ خطہ کے لئے ہماری جماعت کے پاس مظبوط منصوبہ اور نقشہ راہ موجود ہے اور اسی سلسلہ کے تحت ہماری حکومت نے بالخصوص خواتین کے حقوق اُن کو مظبوط کرنے کے لئے اقدامات کئے ہیں جس میں ڈوڈہ میں زنانہ پولیس تھانہ کا قیام بھی ایک قدم ہے۔ انہوں نے لوگوں کو خود روزگار سکیموں سے مستفید ہو کر بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلانے کی اپیل کی۔ اُن کے ہمراہ بلاک پریذیڈنٹ بھالا عبدالغنی رشو، طارق حسین زرگر، حلقہ پریذیڈنٹ فلیل سنگھ رانا، عبدالواحد بٹ، فاروق احمد زرگر، آزاد حسین ، پیر شمس دین، سوامی راج وغیرہ بھی ساتھ تھے لوگوں نے جگہ جگہ صدر ضلع کا والہانہ استقبال کرتے ہوئے آئیندہ سے ہر قدم پر مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ اسی دوران این سی، گانگریس سنجے کمار،لال چند، رتن لال، پرویذ احمد، محمد شفیع، انوپ کمار، سبھاش کمار، جعفر حسین، وجے کمار، سنجے کمار، شاہد حسین، ندیم شیخ وغیرہ سمیت کئی کارکنان نے پی ڈی پی میں شمولیت کر کے محبوبہ مفتی کی قیادت پر بھر پور اعتماد کااظہار کیا۔
وائس چیئرمین گوجربکروال مشاوتی بورڈ کادورہ ٔخطہ چناب
کہا حکومت قبائلی آبادی کے مسائل کے ازالہ کیلئے سنجیدہ
کشتواڑ//وائس چیئرمین گوجربکروال مشاورتی بورڈ گلزاراحمدکھٹانہ نے کہاہے کہ حکومت دوردرازعلاقوں میں رہائش پذیر گوجربکروال آبادی کے مسائل کے ازالہ کیلئے سنجیدہ اقدمات اٹھارہی ہے۔ ان خیالات کااظہار گلزاراحمدکھٹانہ نے خطہ چناب کے دورہ کے دوران کشتواڑضلع کے مختلف علاقوں کے خانہ بدوش گوجربکروال طبقہ کے وفودسے ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ مشاورتی بورڈاوروزارت قبائلی امورقبائلی آبادی کے مسائل حل کرنے کیلئے ہمہ تن مصروف ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ریاست کے ہرضلع کے لوگوں کے ساتھ تال میل قائم رکھ کربورڈ گوجربکروالوں کی ترقی کے منصوبے بنارہاہے ۔کھٹانہ نے طبقہ کے لوگوں پرزوردیاکہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم کویقینی بنائیں۔انہوں نے کہاکہ تعلیم ہی وہ ہتھیارہے جوطبقہ کی پسماندگی سے نجات کاباعث ثابت ہوسکتاہے۔اس سے پہلے وائس چیئرمین موصوف نے کشتواڑمیںڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ بورڈاجلاس کے فیصلہ جات کی جائزہ میٹنگ کے دوران خطہ چناب بالخصوص کشتواڑضلع کی قبائلی (گوجربکروال )بستیوں کے بجلی،پانی،سڑکوں ،پلوں وغیرہ سے متعلق مسائل اُجاگرکئے جن میں بالخصوص واڑون،مڑواہ،ناگسینی،دچھن، سکھنائی اورپاڈرعلاقوں میں پیدل پلوں کی تعمیر،ٹینٹوں کی فراہمی ، پلماڑاورمڑواہ میں ہیلتھ سنٹروں کاقیام،فریادآبادنالہ بلاک مڑواہ پنچایت حلقہ مٹھوان ،واڑون کے دچھن، فردیدآباد،واڑوان ،سائی نیالہ ،کینٹل ،سکھنائی،مٹھوان میں ہیلتھ سنٹوروں کاقیام ، پوچل وارڈ اور مڑواہ میں موبائل ہیلتھ سنٹر ،سمنابھاٹا تا گوجربستی بلون ناگسینی بلاک میں بجلی کی لائن ، چیچاتا ہوٹرگوجربستی ناگسینی بلاک میں بجلی لائن، چرزی تاشارگوجربستی ناگسنی میں بجلی لائن ، جگال تااپربروٹھ گوجربستی کیلئے پائپ لائن کی منظوری ،فٹ برج، جبل نالہ بلاک ہفتی پنچایت ہفتی پرفٹ برج وغیرہ مطالبات شامل ہیں۔
رام بن ضلع ترقیاتی بورڈ اجلاس سے قبل میٹنگ
رام بن //مالی سال 2018-19 کیلئے مجوزہ ضلع پلان پر تبادلہ خیال کرنے اور گُذشتہ سال کی حصولیابیوں کا جائزہ لینے کیلئے ضلع ترقیاتی کمشنر طارق حُسین گنائی کی قیادت میں ضلع ترقیاتی بورڈ سے قبل ایک اجلاس منعقد ہوا ،جس میں اے سی آر وو یک پوری ،سی پی او اوتم سنگھ ، محکمہ صحت عامہ، تعمیرات عامہ و بجلی کے ایگزیکٹو انجینئران،ڈی ایف اوز، سی ا یم او، سی ایچ او، سی ای او،و دیگر ضلع افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں افسروں نے گُذشتہ مالی سال کے دوران فزیکل و مالی پیش رفت کا خاکہ پیش کیا۔اجلاس میں گُذشتہ سال کی ڈی ڈی بی میٹنگ کے قواعد کے تحت نئی تجاویز پر بھی مباحثہ کیا گیا۔ڈی سی نے افسروں کو مختلف منصوبوںاورسکیموں سے متعلق بروقت اعداد و شمار پیش کرنے کو کہا تاکہ انکو ڈی ڈی بی اجلاس کی کاروائی میں شامل کیا جا سکے۔
ایم ڈی این ایچ ایم کا ڈوڈہ میں پرتپاک استقبال
ڈوڈہ //نیشنل ہیلتھ مشن ایمپلائز بشمول ڈاکٹروں ، نیم طبی عملے و ضلع پروگرام مینجمنٹ یونٹ نے این ایچ ایم ایمپلائز ایسو سی ایشن ضلع ڈوڈہ کے بینرتلے نئے تعینات مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم جے اینڈ کے ڈاکٹر یش پال شرما کا ڈوڈہ و کشتواڑ اضلاع کے دورہ کے دوران پرتپاک استقبال کیا۔اس موقعہ پر ایسو سی ا یشن کے صدر فیضان ترنبو نے این ایچ ایم ایمپلائز کا تہہ دل سے خیر مقدم کیا اور انہیں نیا عہدہ سنبھالنے پرمبارک باد پیش کی۔انہوںنے ریاستی سرکار کی جانب سے انہیں نیا عہدہ سونپنے کے فیصلہ کی سراہنا کی اور یقین دلایا کہ ریاست کے این ایچ ایم ایمپلائز انکی رہنمائی میں اور زیادہ تندہی اور لگن سے کام کریں گے،جیسے کہ وہ پہلے بھی کر رہے تھے۔ ڈاکٹر یش پال شرما نے اپنے خطاب میںاین ا یچ ایم ملازمین ڈوڈہ کی جانب سے انکے اعزاز میں شاندار پارٹی منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت میں بہتر نتائج حاصل کرنے کے لئے تمام ورکروں کے درمیان ٹیم ورک کا جذبہ پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
موبائل ہیلتھ ٹیم نے اسکولوں اور آنگن واڑی بچوں کامعائینہ کیا
زاہد ملک
مہور//آر بی ایس کے موبائل ہیلتھ ٹیم مہور اے نے اسکولوں اور آنگن واڑی سینٹروں میں جا کرمعائینہ کیا۔اس ٹیم نے یکم اپریل سے 5 اپریل تک اڑبیس،نہوچ اور برمیدار کا دورہ کیا جس دوران سینکڑوں طلباء کا مفت طبی معائنہ کیاگیا۔یہ مہم یکم اپریل کو اڑبیس سے شروع ہوئی اور 5 اپریل کو نہوچ کے مقام پر اختتام پزیر ہوئی۔دورہ کے دوران ٹیم نے کئی ایک معذور طلباء کے کاغذات بھی مکمل کئے تاکہ انہیں محکمہ صحت سے امداد مل سکے۔آخر میں یہ کیمپ ہائی اسکول نہوچ میں اختتام پزیر ہوا۔اس کیمپ میں ڈاکٹر ندیم میر،ڈاکٹر رجنی لہنگے،اورفارماسسٹ منظوراحمدموجودتھے۔مقامی لوگوں اور ہائی اسکول نہوچ کے عملہ انچارج ہیڈماسٹر محمد اسحاق ملک، عبدالرشید، شبیراحمد، نثار احمد ملک ،شمشاد احمد،شام سنگھ اور عبدا لطیف نے ڈاکٹروں کا شکرایہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس طرح کے ہیلتھ کیمپ مستقبل میںبھی لگتے رہیں گے۔
ڈوڈہ ۔گھٹ سڑک کشادگی
جنگلات کے نقصان پر سماجی وفلاحی انجمنوں کااظہارتشویش
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ//ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ڈوڈہ سے محض چار کلو میٹر کی دوری پر گھٹ ڈوڈہ میں سڑک کی کشادگی کی تعمیر کے آڑ میں جنگلات کا بھاری نقصان کیا گیاہے جس کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ محکمہ کی طرف سے کام پر معمور بڑی مشین کی زد میں سرسبز جنگل برباد ہو رہا ہے جس پر مختلف سماجی فلاحی انجمنوں نے گہرے تشویش کا اظہار کیا ہے اور انتظامیہ کے ناک کے نیچے ہو رہی تباہی کے باوجود انتظامیہ کے خاموش رویہ پر سوالیہ نشان لگایا ہے۔ڈوڈہ ڈیویلپمنٹ کے صدر و سماجی کارکن اشتیاق احمد دیو نے کہا کہ ڈوڈہ گھٹ رابطہ سڑک کی کشادگی کے تعمیر میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ انتہائی افسوک ناک امر ہے۔ آج ایک طرف جہاں ماہرین ماحولیات شجرکاری کی طرف زور دے رہے ہیں اور متعلقہ محکمہ جات بڑے پیمانے پر شجرکاری کرنے کا دعویٰ کر رہے ہیں مگر زمینی سطح پر صورت حال مختلف ہے۔ڈوڈہ کی آلودہ آب وہوا کو صاف کرنے میں مدد گار اس سبز جنگلات پر بے رحم طریقے سے کٹائی کرکے مٹی زندہ پودوں پر ڈال کر دفن کیا جا رہا ہے۔ دیو نے محکمہ جنگلات اور تعمیرات عامہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دونوں محکمہ مل کر لاکھوں اربوں کے اثاثہ کو تہس نہس کر رہے ہیں جس سے ماحولیات میں مزید خرابی کا خدشہ ہے چونکہ پودے ختم ہونے کی صورت میں زمین کا کٹاؤ یقینی ہے اور زمین پسیوں میں تبدیل ہو رہی ہے اور یہی فعل ہر جگہ ہو رہا ہے۔جس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے اگر انتظامیہ کے اتنے قریب یہ حال ہے تو دور دراز پہاڑی علاقہ جات میں اللہ ہی حافظ ہے۔دیو نے مزید بتایا کہ وزیر برائے جنگلات جنگل کے تحفظ کے حوالے سے اپنی حصولیابیوں کی خوب قصیدہ خوانی کرتے ہیں لیکن زمینی سطح پر کیا ہو رہا ہے سب عیاں ہے جب دھڑلے سے بڑی مشنیں لگا کر کٹائی کی جاتی ہے اور سائل کنزرویشن کے نرسری پر سیدھے ملبا پھینکا جا رہا ہے حالانکہ دوران ٹنڈر مٹی کو الگ جگہ ڈمپ کرنے کے لئے الگ پر جگہ کو منتخب کیا جاتا ہے اْسی کو مدے نظر رکھتے ہوئے رقومات کو مقرر کیاجاتا ہے۔کیا اِن لوگوں کو ہر جگہ مٹی ڈالنے کی چھوٹ دی گئی ہے قابل غور امر یہ ہے کہ ایک غریب کو قانونی طور لکڑی حاصل کرنے کے لئے طرح طرح کے لوازمات کو پورا کرنے کے لئے پریشان کیا جاتا ہے تاہم سرکاری محکموں کا یہ کھیل نرالہ ہے جو مل کر خزانہ عامرہ کی لوٹ کھسوٹ کر رہے ہیں۔اْنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ وزیر جنگلات وزیر تعمیرات عامہ کو اس سنگین مسئلہ پر مداخلت کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ قصورواروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائے جا سکے۔
راشن ڈیلروں کا وفد ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ سے ملاقی
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ//محکمہ خوراک شہری رسدات و امور صارفین راشن ڈیلروں کا وفد ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ سے ملاقی ہوا اور اپنے مسائل کے بارے میں آگاہی فراہم کی راشن ڈیلروں نے جدید طرز سے صارفین میں راشن کی تقسیم کاری پر پیدا شْدہ مشکلات کے بارے میں ڈی۔سی کو مکمل تفصیل پیش کی۔وفد ایسو سی ایشن کے صدر ضلع ڈوڈہ نیاز احمد زرگر کی قیادت میں ڈی سی ڈوڈہ سے ملاقی ہوا۔وفد نے بتایا کہ پی او ایس مشینیں نصب کرنے میں ان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور سب سے بڑی مشکلات مشین میں درج شدہ صارف کا نام الگ الگ نمبر شمار کے ساتھ اندراج کیا گیا ہے اس کے علاوہ این پی ایچ ایچ ،اے پی ایل کنبوں کو پی ایچ ایچ (بی۔پی۔ایل) کھاتہ میں اندراج کیا گیا ہے جو کہ راشن ڈیلروں کے لئے سر درد بنا ہوا ہے۔بدیں وجہ راشن ڈیلروں کو راشن کی تقسیم کاری میں مشکلات درپیش ہیں اور ایسے حالات میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے صارف اور راشن ڈیلر کو نقصان ہو سکتا ہے اور مسئلہ صرف صارفین اور ڈیلروں کے درمیان ہے۔راشن ڈیلران نے پی۔او۔ایس مشین کو استعمال میں لانے کے لئے پوری تربیت نہ ہونے کی وجہ سے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔جبکہ مشین نصب کر نے کے بعد ہر ماہ کی پانچ تاریخ سے پچیس تاریخ کے درمیان راشن تقسیم کرنا ہے جبکہ ہم کو ماہ اپریل کے پانچ یوم گزرنے کے باوجود مارچ کوٹہ کا آٹا نہ ملا ہے اور صرف مفتی محمد سید اسکیم کے تحت ہی آٹا فراہم کیا گیا ہے ایسے میں صارفین کے حقوق کا بھی زیاں ہے وفد میں راشن ڈیلر ایسوسی ایشن کے صدر ضلع نیاز احمد زرگر کے ہمراہ ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیدران بھی شامل تھے۔
شالیمارکشتواڑ میں آپسی روا داری کیمپ کا انعقاد
کشتواڑ//مقامی لوگوں کے درمیان بھائی چارہ اور باہمی وقار مستحکم بنانے کے لئے فوج کی جانب سے شالیمار میں آپسی رواداری کا ایک اجلاس منعقد کیا گیا۔اجلاس میں علاقہ کے21 مقامی لوگوں ،بزرگوں اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔اجلاس کا مقصد خطہ میں تمام مذاہب کے مذہبی لیڈروں کی باقاعدگی شرکت کو فروغ دینا تھا۔اجتماع کو کشتواڑ کی ترقی کیلئے فوج کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کے پہلووں کی جانکاری دی گئی۔مقامی لوگوں نے فوج کے اس پرواگام کی سراہنا کی۔
چھاترو میں آتشزنی سے مکان خاکستر
کشتواڑ//چھاترو میں آتشزنی کے ایک واقعہ میں محمد شریف ولد شفیع گوجر چوہان ساکنہ چھاترو کا مکان خاکسترہوا ہے۔اطلاعات کے مطابق آگ کے شعلے میلوں دور سے دیکھے جا رہے تھے۔آگ نمو دار ہوتے ہی مقامی لوگوں نے اسکی اطلاع پولیس کو دی جنھوںنے فوری طور جائے موقعہ پر پہنچ کر کاروائی کرکے مکینوں کو باہر نکالا اور آگ بجھانے کا کا م کیا۔پولیس نے اطلاع ملتے ہی ایک پولیس ٹیم کو جائے موقعہ پر روانہ کیا جنھوں نے آگ بجھانے میں فائر بریگیڈ عملہ کی معاونت کی۔مقامی لوگوں کے مطابق آگ سے کسی بھی شخص کے ہلاک ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے جبکہ نقصان کا بھی ابھی تک تخمینہ نہیں لگایا جا سکا ہے۔
’’منشیات ‘‘لمحہ فکریہ
ڈوڈہ پولیس کی طرف سے پمفلٹ تقسیم
ڈوڈہ/ /سماج سے منشیات کی بدعت کے خاتمہ کے لئے اورعوام بالخصوص نوجوانوں میں منشیات کے مدعے کی طرف خصوصی توجہ دینے کی اہمیت کیلئے ڈوڈہ پولیس نے منشیات کی بدعت کے خلاف ’’منشیات، ایک لمحہ فکریہ ‘‘ کے عنوان سے پمفلٹس اور بروچر جاری کئے اور تقسیم کئے۔پروگرام میں مختلف طبی اداروں کے طلاب کے علاوہ ڈوڈہ قصبہ کے ذی وقاار شہریوں نے شرکت کی۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ڈوڈہ پولیس منشیات پر قابو پانے کے لئے انتھک محنت کر رہی ہے۔اس سلسلہ میں پولیس کی جانب سے مختلف ٹورنامنٹ وغیرہ منعقد کئے گئے۔اس موقعہ پر ایس ایس پی محمد شبیر نے شرکا کو منشیات اور صحت پر ا سکے مُضر اثرات کی جانکاری دی اور شرکا سے پولیس کے ساتھ یہ بدعت ختم کرنے میں تعاون دینے کا اسرار کیا۔میٹنگ میں محکمہ پولیس کے متعدد افیسروں و اہلکاروں نے بھی شرکت کی۔
کشتواڑ میں سلائی کورس کا اہتمام
کشتواڑ//فوج کی جانب سے ضلع کشتواڑ کے خواتین کے لئے خود روزگار کمانے کے لئے ٹیلرنگ کورس کا اہتمام کیا۔کورس منعقد کرنے کا مقصد خواتین کو مطلوبہ ہنر سے بااختیار بنانا تھا ،تاکہ وہ اپنی زندگی میں اقتصادی طور سے خود کفیل ہو جائیں ۔یوتھ ایمپائورمنٹ اینڈ گائیڈنس نوڈ(YEGN ) کے تحت کشتواڑمیں اس ٹیلرنگ کورس میں کُل ملا کر60خواتین کو تین ماہ کی تربیت فراہم کی جائے گی جسکا آغاز جمعرات یعنی کہ مورخہ 5 اپریل 2018سے شروع کیا گیا۔یہ کورس نیشنل سکل ڈیولپمنٹ کونسل کی جانب سے تصدیق شدہ ہے،جو خواتین کو کورس مکمل کرنے کے بعد اپنا ایٹرپرائز شروع کرنے میں معاونت کرے گی ،جس سے وہ خود روزگار کمانے کے لائق بن جائیں گی۔
بھدرواہ میں لائسنس ٹرائیل کیمپ کا اہتمام
طاہر ندیم خان
بھدرواہ // متوقع ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے والوں کو اپنی دہلیز پر ہی لائسنس عطا کرنے اور محفوظ و جائز ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لئے موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ ڈوڈہ کی جانب سے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ بھدرواہ میں لائسنس ٹرائیل کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔کیمپ کا انعقاد اے آر ٹی او ڈوڈہ زُبیر احمد کی رہنمائی میں نیو بس اسٹینڈ کوٹلی بھدرواہ میں منعقد کیا گیا ۔لائسنس حاصل کرنے والوں کی ٹرائیل کے علاوہ ٹریفک قوانین کی جانکاری دی گئی جس میں150سے زائد ڈرائیوروں اور لائسنس حاصل کرنے والوں نے شرکت کی۔کیمپ کے دوران 4 ایل ایم وی میں سے 13ایچ ایم وی،4ایم ایم وی کئیب اور 6 پی ایس وی (بس) لائسنس نے ٹرائیل میں شرکت کی۔بیداری نشست کے دوران اے آر ٹی او ڈوڈہ زبیر احمد نے کہا کہ سول سوسائٹی خصوصاً نوجوانوں کو لوگوں کی سلامتی یقینی بنانے کے لئے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کرنا چاہیے۔انہوں نے ٹریفک بغیر کسی روکاوٹ کے جاری رکھنے کے لئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرنے پر زور دیا۔انہوں نے ہیلمٹ، سیٹ بیلٹ استعمال کرنے اور تیز رفتاری ،سٹنٹ اور ڈرائیونگ کے دوران موبائل کا استعمال اور شراب پی کی گاڑی نہ چلانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈرائیوروں کے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران اے آر ٹی او نے انہیں بتایا کہ وہ سماج میں اپنی ذمہ واری کو سمجھیںاور ٹریفک کی خلاف ورزیاں کرنے سے اجتناب کریں،تاکہ سڑک حادثات سے قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے۔اے آر ٹی او کے ہمراہ ٹریفک اہلکاروں کی ایک ٹیم بشمول انسپکٹر جسبیر سنگھ و دیگران بھی تھے۔