پونچھ کے وارڈ نمبر8 میںپانی کی شدید قلت
حسین محتشم
پونچھ//قصبہ پونچھ کے مختلف وارڈوں میں لوگوں کوماہ رمضان کے دوران بھی پانی فراہم نہیں کیا جارہا ۔اگر پانی سپلائی ہوتا بھی ہے تو وہ بہت کم ہے جس سے ایک دن کا گزارا بھی نہیں ہوتا ۔وارڈ نمبر آٹھ محلہ کی ایک بزرگ خاتون غلام فاطمہ نے بتایا کہ وہ محلہ کھوڑی ناڑ میں رہتی ہیں جہاں پچھلے کچھ ماہ سے پانی کی قلت پائی جارہی ہے لیکن ان دنوں ماہ صیام میں ان زیادہ مشکلات کاسامناہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے پانچ یا چھ روز میں ایک بار پانی سپلائی کیا جاتا ہے جو ایک دن بھی پورا نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ اگر محکمہ کی طرف سے سپلائی فراہم نہ ہوئی تو وہ دیگر خواتین کے ساتھ پی ایچ ای دفتر کے باہر احتجاج کرنے پر مجبورہو جائیں گی۔اسی وارڈ کے ہر سمرن سنگھ نامی نوجوان نے کہا کہ شہر کے کئی وارڈوں میں پانی کی سپلائی نہیںہورہی اور ان کے وارڈ میں تو محکمہ نے حد ہی پار کردی ہے ۔انہوںنے کہا کہ ماہ صیام میں پانی کی سپلائی میں بہتری لائی جائے نہیں تو محکمہ کے خلاف احتجاج کیاجائے گا۔
کانگریس لیڈر کی جنرل امبو سے ملاقات
مینڈھر//کانگریس کے انچارج راجوری پونچھ چوہدری عمران ظفر نے شمالی کمان کے لیفٹنٹ جنرل امبو سے ملاقات کرکے انہیں مینڈھر سرحدی عوام کے مسائل سے روشناس کروایا۔ انہو ں نے کہا کہ پونچھ اور راجو ری اضلا ع میں گوجرریجمنٹ کا قیام عمل میں لایاجائے جس کیلئے وہ مرکزی حکومت سے سفارش کریں ۔عمران نے کہاکہ راجوری پونچھ میں آرمی کی بھرتی کی جائے تاکہ یہاں بیروزگاری قدرے کم ہوسکے ۔بعد ازاں موصوف آئی جی پی جمو ںایس ڈی سنگھ جمو ال سے بھی ملا قی ہوئے اور انہوںنے پو لیس افسر سے مطالبہ کیا راجوری پونچھ میں پولیس کی بھرتی کی جائے ۔انہوںنے شاہستار میں جموں یونیورسٹی کیمپس قائم کئے جانے پر ریاستی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور ہائی سکول پٹھانہ تیر کو ہائر سیکنڈری کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا ۔
ٹریفک اہلکاروں پر ڈرائیور کی پٹائی کا الزام
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر کے ایک ڈرائیور نے ٹریفک اہلکاروں پر مار پیٹ کا الزام عائد کیاہے ۔ ڈرائیور مشتاق احمد سکنہ دھرانہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی ٹاٹا موبائل گاڑی زیر نمبرJK12A-2192دھرانہ سے ڈھکی پٹرول پمپ پر تیل ڈلوانے کیلئے لے جا رہا تھا کہ راستے میں ٹریفک پولیس نے انہیں روک کر کاغذات پوچھے جو وہ لیکرجب متعلقہ انچارج کے پاس گیا توانہوںنے اسے بغیر وردی 2سو روپے جرمانہ کرنا چاہا۔ڈرائیور کے مطابق اس نے بتایا کہ اس کے کاغذات مکمل ہیں اور وردی کے لئے ایک سو روپے جرمانہ کیا جائے جس کے بعد انہوںنے لائسنس کاپوچھا جو بھی دکھادیاگیالیکن اس کے باوجود مذکورہ اہلکار نے غصے میں آ کرکہا کہ سات سو روپے جرمانہ کیا جائے گا ۔انہوںنے کہاکہ مزاحمت کئے جانے پر اس کی ٹریفک پولیس اہلکاروںنے پٹائی کرنا شروع کردی اور وہ شکایت لیکر پولیس سٹیشن مینڈھر پہنچا تاہم کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ڈرائیور کاکہناہے کہ وہ ہسپتال میں زیر علا ج ہے ۔مذکورہ ڈرائیور نے آئی جی ٹریفک سے اپیل کی کہ مینڈھر میں تعینات ٹریفک اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ تحقیقات بھی کروائی جائے کہ اس کی کس بات پر پٹائی کی گئی اور اس کی گاڑی کو بھی ضبط کرکے پولیس تھانہ مینڈھر پہنچایاگیاہے ۔ اس ضمن میں جب ضلع ٹریفک انچارج سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ وہ پتہ کروائیںگے کہ کیا معاملہ ہے ۔
درہال حادثے پر دکھ کا اظہار
راجوری//ایم ایل اے راجوری نے درہال حادثے میں جان بحق ہوئے بہن بھائی کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے مغفرت کی دعا کرتے ہوئے لواحقین کو صبر کی تلقین کی ۔ وہیں انجمن اہل سنت والجماعت ضلع صدر مولانا فاروق نعیمی نے بھی لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کی اور صبر کی تلقین کی ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ متاثرہ کنبے کی معاونت کی جائے ۔
مشتاق بخاری کا اظہار تعزیت
سرنکوٹ //نیشنل کانفرنس کے سینئر نائب صدر و سابق وزیر سید مشتاق احمد شاہ بخاری نے پارٹی کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر کے برادر نسبتی کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیاہے ۔انہوںنے اپنے ایک تعزیتی پیغام میں کہاکہ وہ دکھ کی اس گھڑی میںلواحقین بالخصوص علی محمد ساگر کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اور مرحوم کی روح کی تسکین کیلئے دعا ئے مغفرت کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ مرحوم کی وفات علی محمد ساگر اور پارٹی کیلئے ایک دھچکاہے اور وہ دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میںجگہ عطا فرمائے اور لواحقین یہ صدمہ برداشت کرسکیں۔
تاربندی ہٹانے کی مانگ
رہلاں قبرستان کو آزاد کروایاجائے
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر اور بالاکوٹ کے سرحدی علاقوں کے لوگوں نے سرکار سے ایک بار پھراپیل کی کہ تار بندی کو ہٹا کر ان کی زمینوں سے پیچھے کیا جائے اور ساتھ ہی سڑک کوآمدورفت کیلئے کھلاچھوڑاجائے ۔ اس سلسلہ میں مینڈھر کے ریلاںگوہلدعلاقہ کے لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ ریلا ں کے مقام پر 17کنال سے بھی زائد اراضی پر قبرستان ہے جس کے لئے انہوںنے بار بار انتظامیہ سے اپیل کی کہ قبرستان کو تار بندی سے با ہر نکالا جائے تاہم کچھ نہیں کیاگیا۔ انہوںنے کہاکہ فوج قبرستان کے بیچ دو سال قبل ایک ٹاور لگانا چاہتی تھی جس پر انہوں نے اعتراض کیا اور فوج کے ساتھ تلخ کلامی بھی ہوئی جس کے بعد انتظامیہ نے مداخلت کرکے ٹاور کے کام کو بند کروادیاالبتہ یہ معاملہ پوری طرح سے حل نہیں ہواور اب جبکہ فوج تار بندی کو پیچھے کر رہی ہے تو قبرستان کی زمین سے بھی تار بندی پیچھے کی جانی چاہئے ۔ مقامی لوگوں نے حکومت و انتظامیہ سے اپیل کی کہ قبرستان کو تار بندی سے آزاد کروایا جائے کیونکہ یہ بہت پرانا قبرستان ہے ۔انہوں نے کہا کہ قبرستان کو فوری طور تار بندی سے باہر نکالا جائے اورتاکہ لوگ آزادی سے قبرستان میں آ جا سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسا نہیں ہوا تو وہ احتجاج کاراستہ اختیار کریںگے ۔اس ضمن میں جب ایس ڈی ایم مینڈھر ڈاکٹر تنویر خان سے بات ہوئی تو ان کا کہنا تھا کہ وہ آج ہی پٹواری کو موقعہ پر بھیج کر رپورٹ منگوائیں گے جس کے بعد قبرستان کو تار بندی سے باہرکروایاجائے گا۔
ایجوکیشن بورڈ کے قیام پر خوشی کا اظہار
کوٹرنکہ // کوٹرنکہ بکوری کے لوگوں میں اس وقت خوشی کی لہر دوڑ گئی جب یہ اطلاع ملی کہ کوٹرنکہ کو ایجوکیشن بورڈ بنایاگیاہے ۔مقامی لوگوںنے وزیر تعلیم چوہدری ذوالفقار علی کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ یہاں ایسے ادارے کی سخت ضرورت تھی جو قائم کرکے اہم فیصلہ لیاگیاہے ۔پی ڈی پی لیڈرچوہدری میر حسین نے کہا کہ وزیر موصوف نے کوٹرنکہ میں تین سال میں کئی اہم کام کئے ہیں اور وہ حلقہ انتخاب کو ماڈل حلقہ بناناچاہتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ یہاں کے طلباء کو فارم بھرنے کیلئے راجوری جاناپڑتاتھااور کئی بار ان کا سال ضائع ہوجاتاتھالیکن اب ایسا نہیںہوگااور مقامی طلاب آسانی سے اپنی تعلیم جاری رکھ سکیںگے۔
پی ایچ ای ملازمین کا ماہانہ اجلاس
مطالبات پورے نہ ہونے پر احتجاج کا انتباہ دیا
طارق شال
تھنہ منڈی // ڈاک بنگلہ تھنہ منڈی میں پی ایچ ای ملازمین کا ماہانہ اجلاس منعقد ہوا جسکی صدارت انڈین نیشنل ٹریڈ یونین کانگریس کے ضلع صدر طاہر احمد شال نے کی۔ اجلاس میں پی ایچ ای کے عارضی ملازمین کے علاوہ مستقل ملازمین نے بھی شرکت کی۔ اس موقعہ پر ملازمین نے اپنے مسائل اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ انکریمنٹ وقت پر کی جائے اوردفتر میں پڑی ملازمین کی سروس بکیں مکمل کی جائیں۔ملازمین نے کہا کہ مستقل اور عارضی ملازمین کی تنخواہیں وقت پر ادا کی جائیں۔طاہر احمد شال نے کہا کہ پی ایچ ای ڈیویژن راجوری کے دفتر میں عارضی ملازم کرسیوں پر براجمان ہیںجنکی نا تجربہ کاری کی وجہ سے ملازم متاثر ہورہے ہیں۔انہوں نے ایگز یکٹو انجینئر پی ایچ ای راجوری نثار احمد خان سے اپیل کی کہ تنظیم کے مطالبات پورے کرنے کے اقدا مات کئے جائیں۔ انہوںنے کہاکہ ڈیویژن دفتر سے نا تجربہ کار ملازمین کو ہٹا کر انکی جگہ مستقل اور تجربہ کار ملازمین بٹھائے جائیں تاکہ ملازمین مزید متاثر نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اگر انکے جائز مطالبات پورے نہ ہوئے تو محکمہ کے خلاف احتجاج کاراستہ اختیا رکیاجاسکتاہے۔