لاکھوں کے زیورات اور نقدی چوری
سمت بھارگو
راجوری //نامعلوم نقب زنوںنے سندر بنی قصبہ کے نزدیک ایک گھرمیں داخل ہوکر لاکھوں روپے مالیت کے زیورات اور نقدی رقم چوری کرلی ہے ۔اس سلسلے میں پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے البتہ ابھی تک نامعلوم نقب زنوں کے بارے میں کچھ پتہ نہیں چل سکااور نہ ہی گرفتاری ہوسکی ہے ۔یہ واقعہ گزشتہ شام پیش آیا جب نقب زنوںنے بشوندرسنگھ ولد شمشیر سنگھ ساکن آشرم روڈ سندر بنی میں داخل ہوکر چوری کرلی ۔مالک مکان نے پولیس کے پاس شکایت درج کراتے ہوئے بتایاکہ وہ دو تین روز سے گھر سے باہر تھا اور جب واپس پہنچاتو ساما ن بکھراہوادیکھا اور صندوق وغیرہ توڑے ہوئے پائے گئے ۔اس نے بتایاکہ اس کے گھر سے اٹھارہ لاکھ روپے نقدی اور بیس تولے سونا غائب ہے۔پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایاکہ اس سلسلے میںپولیس تھانہ سندر بنی میں ایف آئی آر زیر نمبر 58/2018زیر دفعات457, 380کا کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے ۔
ڈونگی کی بجلی سپلائی 24گھنٹے بعد بحال
سمت بھارگو
راجوری //راجوری کے ڈونگی علاقے کی بجلی سپلائی چوبیس گھنٹے متاثر رہنے کے بعد بحال کردی گئی ہے ۔گزشتہ روز علاقے کی بجلی سپلائی جنگلات کی سیع اراضی کو لگی آگ کی وجہ سے متاثر ہوگئی تھی جس کو محکمہ بجلی نے چوبیس گھنٹے کے بعد بحال کردیاہے ۔آگ کی زد میں گیارہ کے وی لائن آئی جس کی وجہ سے پورا علاقہ گھپ اندھیرے میں ڈوب گیا ۔اس دوران دھڑا سمبلا، شاہپور ، کیری ، رتی مٹی،گھائی وغیرہ کی بجلی سپلائی متاثر رہی۔محکمہ بجلی کے ایک افسر نے بتایاکہ گزشتہ روز سہ پہر متاثر ہوئی بجلی سپلائی کو چوبیس گھنٹوں کے بعد آج سہ پہر بحال کردیاگیا اور شام کو بجلی چھوڑ بھی دی گئی ہے ۔
اہم اوقات میں بجلی کاٹ دی جاتی ہے
مینڈھر کے لوگ محکمہ کے وزیر و افسران پر برہم
جاوید اقبال
مینڈھر//ماہ صیام میں مینڈھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی نے روزہ داروں کو پریشان کررکھاہے ۔خاص طور پر افطاری،سحری اورنماز تراویح کے وقت بجلی دستیاب نہیں ہوتی۔مقامی لوگوںنے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان میں متعلقہ محکمہ کے ملازمین جان بوجھ کر بجلی غائب رکھتے ہیں ۔انہوں نے متعلقہ وزیر کو تنقید کا بھی نشانہ بنایااورکہا کہ وہ اپنے ملازمین کو یہ ہدایت دیں کہ افطاری اور سحری کے دوران بجلی فراہم کی جائے ۔ گلہوتہ کے محمد کفیل خان نے کہا کہ جب سے ماہ رمضان شروع ہوا ہے تب سے افطاری کے وقت بجلی کاٹ دی جاتی ہے اور10:30پر دوبارہ بجلی بحال کی جاتی ہے جس سے صاف ظاہرہے کہ متعلقہ حکام نے اپنے ملازمین کو حکم دیا ہے کہ افطاری کے وقت بجلی کو کاٹ دی جائے تاکہ لوگ اندھیرے میں نماز تراویح ادا کریں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر غلطی سے کہیں بجلی آتی ہے تو بلب نظر نہیں آتا۔انہوںنے ریاستی وزیر اعلیٰ سے اپیل کی کہ ماہ رمضان میں بجلی کی حالت کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے محمد جمیل، ارشاد احمد،محمد خلیل اور فضل محمود نے کہا کہ ایسالگتاہے کہ ملازمین کو یہ حکم دیاگیاہے کہ رمضان کے مہینے میں بجلی سپلائی نہیںکرنی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی بند کی جائے اور سپلائی میں بہتری لائی جائے۔
امامیہ مسجد پونچھ مکمل ،منگل سے نماز ادا ہوگی
نیوز ڈیسک
پونچھ// امام بارگاہ پونچھ کے بالکل ساتھ واقع امامیہ مسجد کی مرمت کا کام مکمل ہوگیاہے اور منگل وار سے نماز ادا کی جائے گی ۔یہ کام عرصہ دراز سے چل رہا تھاجس دوران نماز جمعہ و جماعت مسجد کی دوسری منزل پر ادا کی جا رہی تھی۔ امامیہ جامعہ مسجد کی مرمت اور تجدید کاری کے مکمل ہو نے کے بعد اب منگل وار کو نماز مغرب وہیں ادا کی جائے گی۔امام جمعہ و جماعت امامیہ جامعہ مسجد پونچھ شاہین حیدر عابدی نے بتایا کہ ملت جعفریہ اور خاص طور پر نوجوانوں کی محنت اور کوشش سے امامیہ مسجد کی مرمت کا کام مکمل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرمت کا کام جدید تعمیر تر سے کر کے مسجد کو مزید خوبصورت بنایا گیاہے اور منگل وار کو شام سات بجے مسجد میں دعائے توسل ہوگی جس کے بعد نماز مغربین ادا کی جائے گی۔
۔27مئی سے 3جون
پونچھ کا صرافہ بازار بندرہیگا
حسین محتشم
پونچھ //سونا چاندی کے زیورات کا کاروبار کرنے والے پونچھ کے تاجروں کی تنظیم سورن کار سنگ کی جانب سے 8 روزہ گرمائی چھٹیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے تنظیم کے صدر سردار سکھ پال سنگھ دہیر پروپرایٹر سردار نند سنگھ صراف جیولرس پونچھ نے بتایا کہ ان کی تنظیم ہندوستان کی معروف تنظیم آک بھارتیہ سورن کار سنگ نیو دہلی سے رجسٹرڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضابطہ کے تحت وہ ہر سال کہ طرح اس بار بھی گرمیوں کی آٹھ روزہ چھٹیاں کر رہے ہیں جس دوران 27 مئی 2018 تا 3جون 2018 تک صرافہ بازار پونچھ بند رہے گا۔
سینکڑوں اساتذہ اٹیچ منٹ پر تعینات
چیف ایجوکیشن افسر راجوری نے غیر منسلک کرنیکا حکم جاری کیا
سمت بھارگو
راجوری //سینکڑوں کی تعداد میں اساتذہ کے اٹیچ منٹ پرتعینات ہونے کے بیچ چیف ایجوکیشن افسر راجوری نے ڈی ڈی اوز کو ہدایت دی ہے کہ وہ تمام اٹیچ منٹوں کو ختم کرتے ہوئے ان اساتذہ کو اپنی اصل جگہوں پر واپس تعینات کریں۔اس سلسلے میں چیف ایجوکیشن افسر کی طرف سے ایک حکمنامہ بھی جاری کیاگیاہے جو وزیر تعلیم چوہدری ذوالفقار علی ہدایت پر جاری ہواہے ۔ذرائع نے بتایاکہ اس حکمنامہ زیر نمبرCEOR/PS/2018-19/494-99میں سی ای او رراجوری لعل حسین نے ہدایت دی ہے کہ اٹیچ منٹ پر کسی بھی دفتر میں تعینات ملازم فوری طور پر اپنی اصل جگہ پر واپس تعینات ہوں۔حکمنامہ میں کہاگیاہے کہ ڈی ڈی اوز اپنے ماتحت ملازمین کو فوری طور پر اپنی اصل جگہ پر تعینات کریں ۔دریں اثناء ذرائع نے بتایاکہ محکمہ تعلیم میں بڑی تعداد میں تدریسی عملہ اٹیچ منٹ پر تعینات ہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ اساتذہ مختلف بہانے بناکر ضلع اور خاص کر جموںمیں اٹیچ منٹ پر تعینات رہتے ہیںاور اٹیچ منٹ پر وہی اساتذہ تعینات ہوتے ہیںجو اثرورسوخ رکھنے والے ہوتے ہیں ۔
مینڈھر ۔تتہ پانی کراسنگ پوائنٹ
بحالی کیلئے مرکز سے بات کی جائے:شہزاد ملک
جاوید اقبال
مینڈھر//سائیں ناتھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شہزاد ملک نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ مینڈھر سے تتہ پانی راہداری پوائنٹ کو فوری طور کھولا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ28نومبر2005میں تتہ پانی کراسنگ پوائنٹ کھولا گیا تھا جس کو2006میں نامعلوم وجوہات کی بناپر بند کردیاگیا ۔ان کا کہنا تھا کہ جب تتہ پانی کراسنگ پوائنٹ کو بند کرنے کے وقت سڑک کا بہانہ بنایا گیا لیکن سڑک کو ٹھیک کرنا کوئی بڑا معاملہ نہیں تھا اوراب جبکہ سڑک کی مرمت بھی ہوچکی ہے تو اس راہداری کو بحال نہ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت فوری طور مرکزی حکومت سے بات چیت کرکے تتہ پانی کراسنگ پوائنٹ کو کھولنے کا منصوبہ بنائے کیونکہ سب سے زیادہ لوگ خطہ پیر پنجال کے علاقہ مینڈھر سے ہی دوران جنگ پاکستان چلے گئے۔ان کا کہنا تھا کہ تتہ پانی کراسنگ پوائنٹ سب سے نزدیک ترین کراسنگ پوائنٹ ہے جہاں سے ہر آدمی آدھا گھنٹہ میں کوٹلی پہنچ جاتا ہے اور اسے طویل مسافت طے نہیں کرناپڑتی ۔انہوں نے کہاکہ یہ کراسنگ پوائنٹ مینڈھر قصبہ سے پندرہ کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ تتہ پانی کراسنگ پوائنٹ سے تجارتی عمل بھی شروع کیاجائے جس سے مقامی لوگوں کو فائدہ ہوگا۔انہوں نے ریاستی حکومت سے اپیل کی کہ اس حوالے سے مرکز سے بات کی جائے اور اس پرانے راستہ کی بحالی کی جائے ۔