لال سنگھ کی صحافیوں کو دی گئی دھمکی کی شدید مذمت
جموں//بھاجپا ایم ایل اے اور سابق وزیر لال سنگھ کی طرف سے صحافیوں کو دی گئی دھمکی کی کڑے الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے صوبائی نیشنل کانفرنس کے ترجمان مدن منٹو نے آج کہا کہ میڈیا سے جڑے افراد انتہائی نا مساعد حالات میں جموں کشمیر میں فرائض منصبی سرانجام دے رہے ہیں اور اس قسم کی دھمکیاں پریس کی آزادی کو دبانے کے مترادف ہے ۔ یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں انہوں نے لال سنگھ کی طرف سے دی گئی دھمکیوں کو بد قسمت آمیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی لیڈران اقتدار کھونے کے بعد بوکھلا اٹھے ہیں اور اس طرح کے ناشائستہ بیانات دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی دھمکی نہ صرف اظہار رائے کی آزادی پر قدغن لگانا ہے بلکہ اس سے لوگوں کے حق اطلاعات کو بھی چوٹ پہنچتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دھمکی جمہوریت پر حملہ ہے اور بی جے پی کی خاموشی نیز خاطی ایم ایل اے کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا مطلب میڈیا کے خلاف غیر ذمہ دارانہ بیان بازی کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگا۔
پی ڈی پی کی ضلع صدر کے ساتھ اظہار تعزیت
جموں//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے ضلع صدر سانبہ ڈاکٹر ہرمیش سلاتھیا کی والدہ شانتی دیوی زوجہ موہن لال سلاتھیا کی وفات پر ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے ، آنجہانی گزشتہ روز انتقال کر گئی تھیں ، آج گوڑھا سلاتھیا وجے پور میں ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔ ان کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی نائب صدر محمد سرتاج مدنی اور چیف کارڈی نیٹر چودھری عبدالحمید نے کہا ہے کہ آنجہانی نیک اور برد بار خاتون تھیں انہوں نے شانتی دیوی کی آتما کی شانتی کے لئے دعا کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت کی ہے ۔ دریں اثنا پارٹی سیکرٹری جتیندر بھٹ کی صدارت میں ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ضلع وز ونل صدور کے علاوہ پارٹی کے متعدد سینئر لیڈروں نے شرکت کی اور آنجہانی خاتون کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے غمزدہ کنبہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ میٹنگ میں شمولیت کرنے والوں میں جنرل سیکرٹری محبوب اقبال، وید مہاجن، سینئر لیڈر دھمن بھسین، ٹی ایس باجواہ، وجے ڈوگرہ کٹوچ، ٹھاکر فلیل سنگھ، ست پال سنگھ چاڑک، کیپٹن انل گور، سریش شرما، راجندر منہاس، ایف سی بھگت شفیق الرحمان، شہاب الحق، شیخ ناصر ، بشیر احمد رونیال، سریندر سنگھ، شمیم ڈار، اعجاز مرزا، آر کے بالی ، رومیش کول، چودھری شفیع چیچی، اشوک جوگی، بلبیر سنگھ، ای پیٹر، وکاس بھٹی، سنیل بھٹ ، ویریندر سنگھ وغیرہ شامل ہیں۔
ڈائریکٹر ایگریکلچر کا متعدد دفاتر کا اچانک دورہ
بائیو میٹرک حاضری سسٹم نصب کرنے پر زور دیا
جموں//ڈائریکٹر ایگریکلچر ایچ کے رازدان نے ہفتہ کے روز محکمہ کے متعدد دفتروں کا اچانک معائینہ کیا تا کہ ملازمین کی حاضری کو یقینی بنانے کی ترغیب دی جا سکے ۔ یہاں جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق ڈائریکٹر نے مختلف دفاتر کا دورہ کیا جس میں ویجی ٹیبل امپرومنٹ اسکیم، سب ڈویژنل ایگریکلچر آفس مڑھ، سیڈ اینالائسٹ جموں، اسسٹنٹ اینتومولوجسٹ، جوائنٹ ڈائریکٹر سٹیٹ لینڈ یوز بورڈ، وغیرہ شامل ہیں۔ وہاں موجود افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ فوری طور پر بائیو میٹرک حاضری سسٹم نصب کرنے کے لئے قدم اٹھائیں تا کہ ملازمین کی حاضری کا آن لائن دیکھ ریکھ یقینی بنائی جا سکے۔ لیٹ لطیفی کے عادی ملازمین کو کڑی وارننگ دیتے ہوئے انہیں وقت پر دفتر آنے اور تندہی سے کام کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ۔ڈائریکٹرموصوف نے دفاتر کے آس پاس صفائی یقینی بنانے اور ماحول خوشگوار رکھنے کے لئے بھی کہا ۔
اردو یونیورسٹی میں پالی ٹیکنیک کی کونسلنگ 26 اور 27 ؍ جون کو اہتمام
حیدرآباد//مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میںداخلوں کا عمل جاری ہے۔ اس سلسلے میں پالی ٹیکنیک کے لیے پہلے رینک سے 768 تک کونسلنگ 26؍ جون 2018 کو صبح 8 بجے سے حیدرآباد، دربھنگہ، بنگلورو، کڑپہ اور کٹک میں ہوگی۔ مابقی تمام رینکس کے لیے 27؍ جون کو کونسلنگ کا اہتمام کیا جائے گا۔ پروفیسر پی فضل الرحمن ، ڈائرکٹر، نظامت داخلہ نے بتایا کہ امیدواروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے ہمراہ تنقیح کے لیے اصل اسناد کے ساتھ دو عدد نقول کے سیٹ ساتھ لائیں۔ کونسلنگ میں منتخب ہونے والے طلبہ کو اسی وقت فیس ادا کرنی ہوگی۔ حیدرآباد میں لڑکوں کے لیے 2750 روپئے اور لڑکیوں کے لیے 1150 روپئے فیس بذریعہ آن لائن بینکنگ یا کریڈٹ، ڈیبٹ کارڈ کے ذریعہ ادا کرنی ہو گی۔ دیگر پالی ٹیکنیک کالجس کے لیے لڑکوں کے لیے 2550 روپئے اور لڑکیوں کے لیے 950 فیس ہوگی۔ رینک کی فہرست و دیگر تفصیلات یونیورسٹی ویب سائٹ www.manuu.ac.in سے یا حیدرآباد میں داخلے کے خواہشمند طلبہ فون نمبر 040-23008413، دربھنگہ (بہار) 06272-210053، بنگلورو 080-23181062 ، کڑپہ 8374116768 اور کٹک (اڈیشہ) کے طلبہ 9868521777 سے تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی، پی ایچ ڈی پروگرامس میں داخلے کے لیے ایسے امیدوار جنہوں نے آن لائن فارم داخل کیا ہو اور یوجی سی / سی ایس آئی آر جے آر ایف/ نیٹ / سلیٹ یا GATE کامیاب یا متعلقہ مضمون میں ایم فل کی تکمیل کی ہو کے لیے راست انٹرویو کا اہتمام کیا گیا ہے۔ یہ انٹرویو 14 تا 18؍ جولائی کو منعقد ہوں گے۔ امیدواروں کی فہرست یونیورسٹی ویب سائٹ پر جاری کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ آن لائن داخلہ فارم میں تصحیح یا تبدیلی کی سہولت 5؍ جولائی تک فراہم کی گئی ہے۔ درخواست گزار میرٹ کی اساس کے کورسز کے لیے حالیہ عرصہ میں حاصل کردہ نشانات کو بھی پہلے سے داخل کردہ فارم میں درج کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ بی ایڈ / ایم ایڈ (ریگولر) طلبہ اپنے کونسلنگ مراکز میں تبدیلی بھی کرسکتے ہیں۔