چوری شدہ موٹرسائیکل برآمد
راجوری//راجوری پولیس نے دو چوروں کو گرفتار کرتے ہوئے موٹرسائیکل چوری کرنے والے گروہ کا پر دہ فاش کرنے کا دعویٰ کیاہے ۔پولیس کے ایک افسر نے بتایاکہ اکیس جولائی کو بدھل کے مقامی لوگوں نے شکایت درج کروائی کہ انہوں نے اپنے موٹرسائیکل زیر نمبرات JK11-6372اورJK11-6150جو عید گاہ کے نزدیک پارک کررکھے تھے تیرہ اور چودہ جولائی کی درمیانی شب کسی نے چوری کرلئے جن کی انہوں نے ہر جگہ تلاشی کی مگر کچھ حاصل نہ ہوا۔اس پر پولیس نے کیس درج کیا اور ایس ایچ او بدھل جہانگیر احمد نے ڈی ایس پی آپریشن سکھ دیو سنگھ کی سربراہی میں تحقیقات کرتے ہوئے کچھ لڑکوں کوحراست میں لیکر ان سے پوچھ تاچھ کی جس دوران سمیر اقبال ولد محمد اقبال اور ذوالفقار احمد ولد محمد رفیق ساکنان بدھل نے موٹرسائیکل چوری کرنے کا ارتکاب کرلیا۔پولیس کے مطابق ان کی نشاندہی پر چوری کئے گئے موٹرسائیکل پھلنی اور منور گالا سے برآمد کئے گئے ہیں اور مزید برآمدگیاں متوقع ہیں۔
نوشہرہ میں ایس سی ہوسٹل قائم کرنیکی مانگ
رمیش کیسر
نوشہرہ//گوروروی داس سبھا نوشہرہ کا ایک اجلاس ضلع چیئرمین ماسٹر سوم راج کی قیادت میں منعقد ہواجس میں نوشہرہ میں امبیڈکر ہوسٹل بنانے کی مانگ کی گئی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے ماسٹر سوم راج نے کہاکہ نوشہرہ کے شیڈیول کاسٹ طبقہ کے لوگ گزشتہ کئی برسوں سے امبیڈکر ہوسٹل بنانے کی مانگ کررہے ہیں لیکن عوام کی اس جائز مانگ پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ۔ انہوں نے کہاکہ اگر سرکار ایس ٹی طبقہ کے بچوں کیلئے ہر ضلع میں ایس ٹی ہوسٹل بناسکتی ہے تو پھر ایس سی طبقہ کو کیوں نظرانداز کیاجارہاہے اور ان کی جائز مانگ پوری نہیں کی جارہی ۔
سکولی عملے کی تنخواہیں بند
سمت بھارگو
راجوری //حکام نے سندر بنی زون کے ایک گورنمنٹ پرائمری سکول کے عملے کی تنخواہیں بند کرنے کا حکم جاری ہے ۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر راجوری کے دفتر سے جاری ہوئے حکمنامے میں بتایاگیاہے کہ ستائیس جولائی کو کالا چھپر گائوں کے لوگوں کی طرف سے کچھ تصاویر اور ویڈیوز موصول ہوئیں جن میں پایاگیاہے کہ سکول اوقات کار میں گورنمنٹ پرائمری سکول کالا چھپر د ن کے دو بجے بند تھا۔اس سلسلے میں فوری کارروائی کرتے ہوئے سکول کے عملے کی تنخواہیں بند کردی گئی ہیں اور ڈپٹی کمشنر نے چیف ایجوکیشن افسرراجوری کو تحقیقات کرنے کی ہدایت دی ہے ۔
عدالت میں پیش ہونے میں ناکامی
سابق بی ڈی او تھنہ منڈی کی گرفتاری کے وارنٹ
تھنہ منڈی//ایڈیشنل سپیشل موبائل مجسٹریٹ تھنہ منڈی نے سابق بلاک ڈیولپمنٹ افسر تھنہ منڈی کے خلاف وارنٹ گرفتاری بلا ضمانتی جاری کئے ہیں اور اس سلسلے میں ڈی آئی جی پولیس رینج راجوری پونچھ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ملزم کو آئندہ تاریخ پر عدالت میں حاضر کریں ۔ ذرائع کے مطابق محمد لطیف ولد محمد دین ساکن ساج تحصیل تھنہ منڈی نے مہاتماگاندھی نریگا سکیم کے تحت کئے گئے کام کی اجرت کی عدم ادائیگی کے سلسلے میں عدالت ایڈیشنل سپیشل موبائل مجسٹریٹ تھنہ منڈی میںمعاملہ زیر دفعات نمبری 341/323/504/506/420درج کرایا جس میں سابق بی ڈی او تھنہ منڈی ، جونیئر انجینئر اور گرام سیوک پر الزامات عائد کئے گئے تھے ۔یہ معاملہ گزشتہ برس عدالت میں درج ہوا جس پر شنوائی کے دوران دو ملزمان عدالت میں حاضر ہورہے ہیں جبکہ سابق بی ڈی او جو اب ا ے سی ڈی کے عہدے پر ہیں ، عدالت میں حاضر ہونے میںناکام رہے ہیں جس پر عدالت ایڈیشنل موبائل مجسٹریٹ تھنہ منڈی راجہ منظور احمد خان نے ان کے خلاف عدالت میں پیش نہ ہونے کی پاداش میں وارنٹ گرفتاری بلا ضمانتی جاری کئے ہیں اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس رینج راجوری پونچھ کو ہدایت دی ہے کہ وہ ملزم کو 18اگست کو عدالت میں پیش کریں ۔
منجاکوٹ میں صفائی مہم چلائی گئی
پرویز خان
منجاکوٹ//ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجازاسد کی ہدایت پر سی ڈی پی او منجاکوٹ نجمہ بخاری کی قیادت میں آئی سی ڈی ایس کارکنان کی طرف سے صفائی مہم چلائی گئی ۔اس صفائی مہم میں بڑی تعداد میں ملازمین نے شرکت کی اور بعد میں ایک ریلی بھی نکالی گئی ۔اس موقعہ پر سی ڈی پی او منجاکوٹ نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر مہم چلائی جارہی ہے جس کا مقصد ارد گرد کے ماحول کو صفا ستھرارکھناہے ۔
محبوبہ مفتی کی صدارت میں تاریخی کام ہوئے:احسان مرزا
راجوری//پی ڈی پی کے سنیئرلیڈر اور سابقہ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل احسان مرزا نے کہاکہ پیپلز ڈیمویٹک پارٹی ایک تحریک ہے جس نے ایک مختصر دورانیہ کے دوران جموں وکشمیر ریاست کی سیاسی تاریخ میں کئی باب کا اضافہ کیا اور اپنی الگ پہچان قائم کی۔پارٹی کے 19ویں ِ یوم ِ تاسیس پر اپنے ایک بیان میں احسان مرزا نے کہاکہ 28جولائی 1999کو ایک ایسے وقت میں مرحوم مفتی محمد سعید نے اپنے چند رفقاء کے ساتھ مل کر ’پیپلزڈیموکریٹک پارٹی‘کی بنیاد رکھی جب ریاست غیر یقینی صورتحال کا شکار تھی، جب جموں وکشمیر میں سیاسی بحران تھا، مین اسٹریم سیاسی جماعتوں اور جمہوری اداروں پر سے لوگوں کا اعتماد مکمل طور اُٹھ چکا تھا،ہرمین اسٹریم سیاسی جماعت کا ورکر ہویا لیڈر جانی ومالی طور عدم تحفظ کا شکار تھا، ایسے میں مرحوم مفتی محمد سعید نے پی ڈی پی جماعت قائم کی ، وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ اس کا قافلہ بڑھتا گیا۔ سال 2002انتخابات میں شاندار جیت درج کر کے کانگریس کے ساتھ حکومت بنائی تو لکھن پور سے لیکر اوڑی تک سرحدوں پر قیام امن کو یقینی بنایا۔اُس تاریخی دور کو ریاستی عوام کبھی بھی بھلا نہیں پائے گی۔ احسان مرزا نے مزید کہاکہ سال2015میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ پی ڈی پی کا حکومت بنانا بھی ایک تاریخ ساز فیصلہ تھا، کیونکہ اس وقت حالات ایسے تھے کہ اگر اس وقت حکومت بنائی نہ ہوتی تو آج صورتحال یکسر ہوتی۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا کے ساتھ حکومت سازی کا فیصلہ کتنا غلط اور کتنا صحیح رہا یہ وقت گذرنے کے بعد آہستہ آہستہ خود لوگوں کو سمجھ میں آجائے گا۔ سابقہ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہاکہ پی ڈی پی ایک تحریک ہے اورپارٹی کیڈر اس کے ساتھ ہے،اندرونی خلفشار، بغاوت وغیرہ کی جوخبریں ہیں، ان میں اتنی صداقت نہیں، یہ قلیل مدتی حالات ہوتے ہیںجن سے ہر کسی جماعت کو گذرنا پڑتاہے، ایکبار پھر یہ جماعت جموں وکشمیر کے سیاسی اُفق پر چھائے گی۔
فوج کے زیر اہتمام شجرکاری مہم چلائی گئی
نیوز ڈیسک
نوشہرہ//فوج کی طرف سے نوشہرہ کے کلسیاں علاقے میں شجرکاری مہم چلائی گئی جس دوران لگ بھگ پانچ سو پیڑ پودے لگائے گئے۔اس شجرکاری مہم کا اہتمام فوج کی کلسیاں بٹالین کی طرف سے کیاگیا جس میں سابق فوجیوں ، سکولی بچوں اور فوجی اہلکاروں نے بھی حصہ لیا ۔اس دوران طلباء اور مقامی لوگوں کو شجرکاری کی اہمیت کے بارے میں جانکاری دی گئی اور ان پر زور دیاگیاکہ ماحولیات کو برقرار رکھنے کیلئے ہر ایک علاقے میں پیڑ پودے لگائے جائیں ۔
محکمہ بجلی اور لوکل باڈیز کی کارکردگی کا جائزہ
سپلائی نظام میں بہتری اور غیر قانونی کنکشن ختم کرنے کی ہدایت
راجوری//ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد نے محکمہ بجلی اور محکمہ لوکل باڈیز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ طلب کی ۔محکمہ بجلی کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے دوران اس کے تحت چل رہے تمام پروجیکٹوں ،بجلی سپلائی ، ٹرانسفارمروں ،میٹروں کی تنصیب ، ٹرانسفارمر بینک ، آئی پی ڈی ایس اور دیگر سکیموں کی عمل آوری و دیگر امورپر تفصیل کے ساتھ تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقعہ پر بتایاگیاکہ دو سرکٹوں میں سے 132کے وی کی برن سیوٹ راجوری لائن کام کررہی ہے جبکہ دوسرا سرکٹ ناکارہ بناہواہے کیونکہ سندر بنی اور چوکی چورہ میں زمین کا تنازعہ ہے ۔یہ بھی بتایاگیاکہ راجوری میں رسیونگ اسٹیشن کیلئے 470کروڑ روپے کا منصوبہ مرتب کرکے پیش کیاگیاہے جس سے راجوری اور پونچھ اضلاع میں ہر وقت بجلی فراہم رہے گی ۔اس دوران ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ ایسے علاقوں کی نشاندہی کی جائے جہاں خراب موسم کے دوران بجلی سپلائی متاثر ہوتی ہے تاکہ ممکنہ طور پر اقدامات کئے جاسکیں ۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ ایک جامع سروے کرکے ترسیلی لائنوں ، کھمبوں اور ٹرانسفارمروں کی ضرورت اور برقی رو سے محروم علاقوں کی تفصیل بتائیں جس پر ضروری اقدامات کئے جائیں گے ۔بجلی چوری کے معاملے پر انہون نے کہاکہ غیر قانونی کنکشن ختم کرنے کیلئے سختی سے معائنہ کیاجائے اورقانونی کارروائی کیلئے معائنہ کاری کرنے والی ٹیموں کو مجسٹریٹ و پولیس کی مدد بھی رہے گی ۔انہوں نے اس بات کی ضرورت پر زور دیاکہ تمام متعلقین کے ساتھ جلد میٹنگ کرکے راجوری کے دوسرے سرکٹ کو بھی مکمل کرکے چالو کیاجائے۔محکمہ لوکل باڈیز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے پانی کی نکاسی کا انتظام کرنے ، صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے سٹریٹ لائٹوں کی تنصیب اور سالڈ لیکوڈ ویسٹ مینجمنٹ کیلئے منصوبہ مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت دی ۔میٹنگ میں تمام متعلقہ افسران موجو دتھے۔
بیرون ریاست کے مزدوروں کی پونچھ بدری کا مطالبہ
پونچھ//جموں و کشمیر نیشنل پینتھرز پارٹی کے ریاستی سکریٹری زور آور سنگھ شہباز کی قیادت میںپونچھ بس اڈہ پر ایک اجلاس منعقد ہواجس دوران پارٹی کی پونچھ میں لیبریونین تشکیل دی گئی ۔یہاں جاری بیان کے مطابق اس دوران مزدوروں نے پینتھرز پارٹی میںشمولیت کا اعلان کیا جن کا ہار پہناکر استقبال کیاگیا ۔اس موقعہ پر مزدوروں نے کہاکہ بیرون ریاست کے محنت کشوں کو یہاں سے بدر کیاجائے جن کی وجہ سے انہیں کام ملنے میں دشواری کاسامناہے ۔ انہوں نے کہاکہ وہ باہر کے مزدوروں کو یہاں برداشت نہیں کریں گے کیونکہ اس سے ان کی روزی روٹی متاثر ہورہی ہے اوران کے گھروں کا گزر بسر مشکل ہورہاہے۔انہوں نے کہا کہ ان مزدوروں نے دہاڑی کا ریٹ بھی خراب کردیاہے ۔انہوں نے ریاستی گورنر سے اپیل کی کہ باہر کے مزدوروں کو یہاں سے نکالاجائے اوران کی دہاڑی پانچ سو روپے کی جائے۔
پونچھ میں بھاجپا کا اجلاس منعقد
حسین محتشم
پونچھ//بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکنان کا ایک اجلاس ایم ایل سی پردیپ شرما کی رہائش گاہ محلہ کھوڑی ناڑ پونچھ میںمنعقد ہواجس میں ضلع پونچھ کی مختلف پنچایتوں کے پارٹی لیڈران اور پارٹی کارکنان نے شرکت کی۔اس اجلاس کی صدارت ریاستی سکریٹری سنیل گپتا نے کی۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے پردیپ شرما نے کہا کہ بھاجپا کی پالیسیوں کو عوام کی حمایت حاصل ہے اور پارٹی لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔انہوں نے کارکنان پر زور دیاکہ وہ پنچایتی چنائو میں کامیابی کیلئے محنت اور لگن سے کام کریں اورابھی سے اقدامات شروع کئے جائیں ۔ سنیل گپتا نے پردیپ شرما کی کار کردگی کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی کام کر کے پارٹی کو مضبوط سے مضبوط تر بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے سبھی کارکنان اور لیڈران کا فرض بنتا ہے کہ وہ ان کا تعاون کریں ۔اس دوران دیگر کئی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔
اساتذہ کا وفد ڈپٹی کمشنر پونچھ سے ملاقی
ٹرانسفر پالیسی پرعمل درآمد کرنے کی اپیل
حسین محتشم
پونچھ//جموں کشمیر و لداخ ٹیچرز فیڈریشن پونچھ کے بینر تلے اساتذہ کے ایک وفد نے ضلع ترقیاتی کمشنرراہل یادو سے ملاقات کی ۔اس ملاقات کے دوران اساتذہ کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ موصوف کو ایک تحریری میمورنڈم بھی پیش کیا گیاجس میں انہوں نے اساتذہ کی تبادلے کی پالیسی پر عمل در آمد کرنے کا مطالبہ کیا۔اس وفد کی قیادت کرتے ہوئے درشن بھارتی ریاستی نائب صدر اور موہیندر بالی ضلع صدر نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے کہا کہ پونچھ کے متعدد اساتذہ ضلع اور ضلع کے باہر دور دراز علاقہ جات میں سات سات سال سے تعینات ہیںجہاں گھر سے دور رہتے ہوئے انہیں کئی طرح کی پریشانیوں کاسامناہے لیکن ان کا نزدیکی علاقوں میں تبادلہ نہیں کیاجارہا ۔انہوں نے کہا کہ وہ اساتذہ اپنے فرائض منصبی کے ساتھ انصاف کر تے ہوئے بچوں کو زیور علم سے آراستہ کررہے ہیں لیکن خود ان کے ساتھ انصاف نہیں ہورہا۔انہوں نے بتایاکہ وہیں کچھ ایسے بھی اساتذہ ہیں جن کو اپنے گھروں کے ساتھ واقع سکولوں میں تعینات کیاگیاہے جو کئی کئی سال سے آرام دہ ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ اگر ٹرانسفرپالیسی پر من و عن عمل درآمد ہوتوسب کے ساتھ انصاف ہوگااوراس سے تعلیمی نظام میں بھی سدھار آئے گا۔انہوں نے اس سلسلے میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا جو ٹرانسفرپالیسی پر عمل درآمد کے حوالے سے سفارشات پیش کرے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اساتذہ کو یقین دلایاکہ وہ اس سلسلے میں چیف ایجوکیشن افسرسے بات کرکے ٹھوس اقدامات کریں گے ۔وفد میںرمیش چندر، نیتی شرما،امرجیت سنگھ، جسمیت سنگھ وغیرہ بھی شامل تھے۔
ادویہ دوکانوں کا معائنہ ،تین سیل
راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد کی ہدایت پر اسسٹنٹ کنٹرولر ڈرگ راجوری راجیش انگورانا ،تحصیلدار راجوری اور ڈرگ انسپکٹر پر مشتمل ٹیم نے معہ پولیس پارٹی بائیس ادویہ دوکانوں کا معائنہ کیا جس دوران تین دوکانوں کو سیل کیاگیا۔ ذرائع نے بتایاکہ اس دوران ہیلتھ کیئر میڈیکل ہال ، پیر پنچال میڈیکل ہال اور پیس میڈیکوز کے نام کی تین دوکانوں کو قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایاگیا جس پر انہیں سیل کردیاگیا۔ٹیم نے دوائیوں کے معیار کی جانچ کیلئے چودہ نمونے بھی حاصل کئے ہیں ۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ادویات کے معیار کو برقرار رکھنا انتظامیہ کیلئے انتہائی اہم معاملہ ہے اوراس سلسلے میں کوئی کوشش باقی نہیںرکھی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کیلئے دوائیاں دستیاب رکھے اور غیر معیاری دوائیوں کی خریدو فروخت نہ ہواورنہ ہی ناجائز منافع خوری کی جائے ۔
وبودھ کی راجوری کے وکلاء سے ملاقات
راجوری//لائرز ایسو سی ایشن راجوری کی دعوت پر بھاجپا کے سینئر لیڈر و ممبرقانون ساز کونسل وبودھ گپتا نے راجوری کورٹ کمپلیکس کا دورہ کیا اور وکلاء سے تبادلہ خیال کیا ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے گپتا نے کہاکہ وکلاء کا سماج میں اہم رول ہے جنہیں سماج کے دبے کچلے طبقوں کی مدد کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ وکلاء کا مشن ہوناچاہئے کہ سماج میں کسی کے ساتھ ظلم نہ ہو ۔انہوںنے یقین دلایاکہ وہ وکلاء برادری کے مسائل حل کرنے کی پوری پوری کوشش کریں گے اور ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے ۔ اس موقعہ پر سنجے شرما، زبیر عثمان ، میر پرواز، عمران خان ، اعجاز ذکی ، محمد سمیع اللہ ، شاہنواز مرزا، دشنت شرما، نثار میر، ذوالفقار چوہدری وغیرہ بھی موجو دتھے ۔