ہند وپاک کے اُردو ادب میں انسان دوستی اور محبت و امن کا پیغام‘‘ کانفرنس
’جہانگیر نگر یونیورسٹی ساور ڈھاکہ ‘ کے پروفیسر محمد غلام ربانی کی بطور مہمان ذی وقار شرکت متوقع
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ//شعبہ اُردو گورنمنٹ ڈگری کالج ڈوڈہ (جموں کشمیر) میں ’’ہند وپاک کے اُردو ادب میں انسان دوستی اور محبت و امن کا پیغام‘‘ کے موضوع پر 27و 28؍ ستمبر 2018کو منعقد ہونے والی دو روزہ عالمی کانفرنس میں جہاں مختلف ممالک سے ادیب، سکالر، قلمکار، طالب علموں کی شرکت متوقع ہے وہیں کئی ممالک سے مختلف ادیب اپنے اپنے مکالات کانفرنس میں پیش کرنے کے لئے ارسال کررہے ہیں۔ کانفرنس کی انتظامیہ کمیٹی کے خصوصی اجلاس میں آج کالج پرنسپل ڈاکٹر شفقت حُسین رفیقی نے رفقا کو مطلع کیا کہ ’’جہانگیر نگر یونیورسٹی ساور ڈھاکہ ‘‘ بنگلہ دیش میں تاریخ مضمون کے ایسوسیٹ پروفیسر محمد غلام ربانی بھی اس کانفرنس میں بطور مہمان ذی وقار شرکت کررہے ہیں جو کہ ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے قابل ذکر بات ہے کہ اس کانفرنس میں ایران ، مصر، شام عمان اور دیگر کئی ممالک سے بھی مندو بین شرکت کرنے کا وعدہ کرچُکے ہیں اور ڈوڈہ کے سب سے بڑے تعلیمی ادارے میں یہ اپنی نوعیت کی پہلی بین الاقوامی کانفرنس ہوگی۔ دریں اثناء کانفرنس کے انعقاد کو لے کر نہ صرف کالج کے تدریسی غیر تدریسی عملہ اور طالب علموں یا ڈوڈہ خطہ کے ادیبوں قلمکاروں شاعروں میں ہی جوش و خروش پایا جاتا ہے بلکہ یہاں کے عوام و خواص بزرگوں تاجروں بچوں میں بھی کافی خوشی کا احساس پایا جارہا ہے۔
سلال پائور اسٹیشن کی جانب سے سوچھتا بیداری پروگرام کا انعقاد
ریاسی // سلال پائور اسٹیشن کی جانب سے ’’ سوچھ بھارت پکھواڑہ ‘‘ کے ایک حصہ کے طور پر منگل کے روز گورنمنٹ مڈل سکول اگہر بالیاں ،ریاسی کے طلاب کے لئے ’ سوچھ بھارت مشن ‘ پر ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔پروگرام کے تحت سلال پائور اسٹیشن کے افسروں نے طلاب کو سوچھ بھارت مشن پر لیکچر دئے ۔ اس موقعہ پر سینئر منجیر سیرافینالاکرا ، ڈاکٹر دھیرج شرما ، سورا من شرما نے گھروں و سکولوں میں صحت و صفائی یقینی بنانے کے لئے اچھے صحت کے متعلق ٹپس دئے اور طلاب سے سوچھتا کا پیغام اپنے دوستوں، اہل خانہ، اور ہمسایوں میں پھیلانے کی اپیل کی۔ سوچھ بھارت مشن میں اپنا کرادار نبھانے کے لئے آسان ٹوٹکے جیسے کہ ’’سڑکوں پر کوڑا کرکٹ نہ پھینکنے‘‘ کوڑے دان کا استعمال کرنا ایک عادت بنانا،سکولوں اور کلاس روموں میں صفائی یقینی بنانا ، فٹ رہنے کے لئے حٖظان صحت بر قرار رکھنا وغیرہ این ایچ پی سی کے افسروں نے طلاب کے ساتھ ایک اچھے تبادلہ خیال کی نشست میں بانٹے ۔ سکول کے ہیڈ ماسٹر نے سلال پائور اسٹیشن کی جانب سے سکول میں طلاب کے لئے ایسا معلوماتی پروگرام منعقد کرنے پر انکی ستائش کی ۔
رام بن میں بی جے پی کااجلاس
پنچایت و بلدیاتی انتخابات کے انتظامات پر غور
رام بن //بھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلع یونٹ کی جانب سے پنچایتی اور شہری بلدیاتی انتخابات کے اعلانات سے قبل رام بن میں ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیاگیا۔اجلاس سے پارٹی کے ریاستی نائب صدر اور ضلع کے پربھاری راجیو چاڑک نے ضلع صدر رمیش شرما ،ایم ایل اے نیلم لنگہے ودیگر سینئر لیڈروں کے ہمراہ خطاب کیا۔ریاستی ایس سی مورچہ کے صدر جگدیش بھگت، شریک انچارج گاجے سنگھ رانا ، وپن شرما ،شام سنگھ کٹوچ، وجے سنگھ ، رام کمار گپتا، ایس رویندر سنگھ ، رشپال سنگھ بھی اجلاس میں شرکت کرنے والے معزز افراد میں شامل تھے۔چاڑک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تمام بی جے پی لیڈروں کو زمینی سطح پر کام کرنے کی جانب توجہ مرکوز کرنے کیلئے کہا گیا۔انہوں نے کہا کہ تمام سینئر لیڈروں کو آنے والے پنچایتی انتخابات میں کامیابی یقینی بنانی ہوگی اور پنچایت انتخابات کے لئے مناسب امیدواروں کی سلیکشن پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ بوتھ لیول پر تما م لیڈروں کی بہتر کارکردگی سے انتخابات میں جیت حاصل ہو سکتی ہے۔انہوں نے با ضمیر اور صیح امیدواروں کی سلیکشن پر زور دیا ۔نیلم لنگہے نے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے دور دراز علاقوں کی بھلائی کی حصولیابیوں کو شمار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ا س علاقہ میں موجودہ سرکار کے دوران کافی ترقی ہوئی ہے۔انہوں نے اس بات پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا کہ بی جے پی کے تمام حمایتی امیدواراں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کامیابی سے ہمکنار ہو جائیں گے ۔رمیش شرما نے اجلاس میں نظامت کے فرائض انجام دئے اور سینئر لیڈروں کو آرگنائزیشن کے تفصیلی پروگرام فراہم کئے۔
لور سلبلہ گول گھپ اندھیرے میں
ایکسئن پی ڈی ڈی پرغیرسنجیدگی برتنے کا الزام
زاہد بشیر
گول//گول کے سلبلہ لور علاقہ گزشتہ پانچ دنوں سے گھپ اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے اور کئی مرتبہ ایکسئن رام بن پی ڈی ڈی ۔ جے ای اور دوسرے ملازمین سے بھی استدعا کی تھی لیکن ایکسئن کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے لوگ گھپ اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ پانچ روز سے لوگ گھپ اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں ْ ٹرانسفارمر جل جانے کے بعد یہاں پر دوسرا ٹرانسفارمر نصب نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی مرتبہ ایکسن رام بن ، جے ای اور دوسرے ملازمین سے بھی استدعا کی تھی لیکن انہوں نے بھی یہاں کی طرف کوئی دھیان نہیں دیا ہے ۔ لوگوں نے کہا کہ وہ دوسرے گائوں میں جا کر اپنے موبائل چارج کرواتے ہیں اور بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ایسا لگ رہا ہے کہ یہ علاقہ دنیا سے کٹ کر رہ گیا ہے ۔افسوس کا مقام ہے کہ ایکسن ایک ضلعی آفیسر ہے لوگوں کے ساتھ کس طرح سے غیر یقینی وعدے کرتے ہیں جس سے لوگوں میںکافی تشویش ہے ۔ مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن سے استدعا کی ہے کہ ایک دو دن کے اندر اندر سلبلہ لور میں ٹرانسفار مر نصف کیاجائے تو کہ یہاں لوگ گھپ اندھیرے سے نجات پا سکیں۔
مختلف تنظیموں کی احتجاجی ہڑتال کال کو حمایت
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ//آئین ہند میں ریاست جموں کشمیر کو حاصل خصوصی پوزیشن کی دفعہ 35-Aکے خلاف ہونے والی سازشوں کے خلاف ریاست گیر احتجاج کے تحت مورخہ 30؍ اگست بروز جمعرات جائنٹ سیول سوسائٹی ڈوڈہ کی طرف سے دی جانے والی احتجاجی ہڑتال کی کال کو مختلف سیول سوسائٹی تنظیموں نے مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ صدر ضلع بیوپار منڈل ڈوڈہ خواجہ کرامت اللہ نہرو ، کیمسٹ و ڈرگس ایسوسیشن ڈوڈہ، پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن ڈوڈہ ، حق انصاف کونسل ڈوڈہ کے نمائندوں سماجی کارکن ماسٹر گیان چند بھگت، بھارت بھوشن ٹھاکر، ڈاکٹر بشارت فریدی ، محمد اقبال بلوان، بھگت لعل چند، آصف جہاں گتو، چناب سیٹیزن فورم کے محبوب احمد ٹاک، عطا محمد حجام ، شبیر احمد ریشو، سینئر سٹیزن کونسل کے ڈاکٹر ایجاز کریم بٹ و دیگر کئی لوگوں نے بند کی مکمل حمایت کی ہے جبکہ ڈوڈہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی کسوٰی نور نے بند کی حمایت کرتے ہوئے کہا یہ معاملہ براہ راست آنے والی نسل کے مستقبل سے جُڑا ہوا ہے اُنہوں نے تمام طالب علموں سے 30ی؍ اگست کو مکمل طور کلاسز کا بائیکاٹ کرکے احتجاجی جلوس میں شرکت کی اپیل کی ہے۔
شو کھوڑی میں یاتری کی موت
زاہد ملک
ریاسی //شو کھوڑی میں ایک یاتری کے موت کی اطلاع ہے۔اطلاعات کے مطابق یاتری کی شناخت جے کشن دیویدی ولد رام لکھن دیویدی ،عمر 70 سال ،ساکنہ امبید کر نگر ،یو پی شو کھوڑی شرائن کے نزدیک بے ہوش ہوگیا ،جہاں سے اُسے فوری طور رنسو۔پونی ہسپتال منتقل کیا گیا ،جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔متوفی کے لواحقین کی جانب سے متوفی کا پوسٹ مارٹم نہ کرنے کے لئے پیش کردہ تحریری پنچ نامہ پر نعش لواحقین کو اپنے آبائی مقام میں آخری رسومات کے لئے سونپی گئی ۔
ارناس میں خاتون لاپتہ
زاہد ملک
ریاسی //پولیس اسٹیشن ارناس میں ایک خاتون کی گمشدگی کی رپورٹ درج کی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق لاپتہ خاتون کے خاوند محمد اقبال ولد محمد یوسف ساکنہ ٹھورو کالہ نے پولیس اسٹیشن ارناس میں گمشدگی کی ایک رپورٹ درج کی ہے ،جس میں بتایا گیا ہے کہ اسکی اہلیہ عمر 30سال مورخہ 17/8/2018 اپنے قریبی رشتہ داروں کے گھر گئی تھی لیکن واپس نہیں لوٹی ہے۔ پولیس نے اس سلسلہ میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔
ڈوڈہ کورٹ کمپلیکس میں ناقص میٹرل و غیر معیاری تعمیر کا الزام
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ//سترہ کروڑ روپیوں کی لاگت سے تعمیر ڈوڈہ کورٹ کمپلیکس میں ناقص میٹرل و غیر معیاری تعمیر کا الزام عائد کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ڈوڈہ کے سابق نائب صدر ایڈوکیٹ شعیب امان خان نے کہا کہ ریاست کے چیف جسٹس کے ہاتھوں چند ماہ قبل رسم افتتاح ہونے کے ساتھ ہی اس عمارت کی تعمیر کے پول کھلنا شروع ہوئے تھے اور اب اس عمارت کو تعمیر کرنے والا محکمہ JKPCCبالکل ایکسپوز ہوگیا ہے۔ جب ہوا کے جھونکوں سے اس عمارت کی سیلینگ کی چھت اُڑنا شروع ہوئی اور اس کے دیواروں پر موجود پینلنگ محض ہاتھ کے اشارے سے ٹوٹ جاتی ہے اور اس وقت عمارت کے غسلخانوں اور پبلک پراسیکیوشن کے کمرہ کے حالات سب کے سامنے ہیں اور یہی حال محکمہ کی طرف سے خریدے گئے فرنیچر کی ہے جو استعمال سے قبل ہی ٹوٹ پھوٹ ہوکر ناقابل استعمال ہوا ہے شعیب امان خان نے کہا کہ اس عمارت کی تعمیر میں صرف ہونے والی رقم کی اعلیٰ سطح پر تحقیق ہونی چاہئے تاکہ حقیقت حال سب کے سامنے آئے اور اگر محکمہ عدلیہ کی عمارت تعمیر کرنے میں اس قدر خرد بُرد کرسکتا ہے تو عام تعمیرات میں ان کا کیا طریقہ ہوگا۔ ویسے ہی محکمہ کے بارے میں عوامی حلقوں میں رائے عامہ ٹھیک نہ ہے اور یہ محکمہ خرد بُرد کام کی تعمیر میں تاخیر غیر ضروری لیت و لعل و عوامی خزانہ کی لوٹ مار کے لئے مشہور ہے اور عدلیہ ڈوڈہ کی عمارت اس کا ایک جیتا جاگتا ثبوت ہے اب دیکھنے والی بات یہ ہے کہ حکومت اس حساس مسئلہ پر کیا اقدامات کرتی ہے۔
ڈوڈہ میں ایم آر ویکسینیشن مہم پر ضلعی سطح ورکشاپ کا انعقاد
ڈوڈہ //محکمہ تعلیم نے محکمہ صحت کے ہمراہ میزلز روبیلا ویکسئین مہم پرضلعی سطح کا ورکشاپ منعقد کیا۔ورکشاپ سی ای او محمد شریف اور سی ایم او ڈاکٹر ایم اے شاہ کی نگرانی میںمنعقد کیا گیا ۔ سرویلائنس میڈیکل افسر ،عالمی صحت تنظیم ڈاکٹر اکشے ویاس ،ڈی ایم ای آئی او ،محکمہ صحت کے علاوہ محکمہ تعلیم اور صحت کے سینئر افسراں بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔سی ای او ڈوڈہ نے تما م ایجوکیشن افسروں سے مہم کے دوران مکمل تعاون دینے کیلئے کہا ۔انہوں نے 100فیصدی ہدف حاصل کرنے کے لئے والدین ، اساتذہ اور پرنسپلوں کو مائل کرنے کے لئے کہا۔ٹیکہ کاری کی اہمیت کو دیکھ کر ،ایس ایم او ،ڈبلیو ایچ او نے شرکا کو میزلز ،روبیلا ویکسین کے متعلق جانکاری دی ،جو سکولوں میں مہم کے دوران مفت فراہم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مکمل ٹیکہ کاری کی وجہ سے ہر ایک بچے کے پاس زندگی بچانے کے فوائد فراہم ہو نگے۔مزید بتایا گیا کہ کہ ضلع ڈوڈہ میں اس مہم کے تحت تقریباً 1.25 سے1.26 بچے مستفید ہو جائیںگے۔
DRYWA کا ہالہ دھارا سکول کا دورہ
ڈوڈہ //ڈسٹرکٹ رورل یوتھ ویلفیئر ایسو سی ایشن (DRYWA)کی ایک ٹیم نے منگل کے روز زیر قیادت صدر ایسو سی ایشن فرید احمد نائیک کے موضع ہالہ کے گورنمنٹ مڈل سکول ہالہ دھارا ۔اے۔ زون گوندنا کا دورہ کیا ۔دورہ کے دوران ٹیم نے پایا کہ سکول میںطلاب کے بیٹھنے کے لئے کوئی مناسب انتظام نہیں تھا اور اسکے علاوہ انہیں بنیادی سہولیات و اکیڈمک کاروائیوں سے بھی محروم رکھا گیا ہے۔سکلو کے کلاس روموں اور باتھ روموںکی حالت بھی ناگفتہ بہ تھی۔نائیک نے مزید کہا کہ سکول میں تقریباً41طلاب زیر تعلیم ہیںلیکن بارشوں کے موسم میں سکول بند رہتا ہے ،کیونکہ سکولی عمارت غیر محفوظ ہے اور کسی بھی وقت منہدم ہو سکتی ہے،جسکی وجہ سے طلاب کی پڑھائی متاثر ہوتی ہے ۔ انہوں نے متعلقہ حُکام اور ڈی سی ڈوڈہ اے اس معاملہ پر غور کرنے کی استدعا کی ہے، بصورت دیگر احتجاج کا انتباہ کیا ہے۔