لوپیڈایمپلائز کا میڈیکل الائونس بڑھانیکا مطالبہ
جموں //آل جموں وکشمیر لو پیڈ ایمپلائز فیڈریشن نے ریاستی گورنر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین کے تین فیصد ڈی اے کو واگزار کرنے کے علا وہ ان کو دئیے جارہے میڈیکل الائونس کو بڑھا کر 1ہزار روپے کیا جائے ۔یہاں جاری ایک پریس بیان میںآل جموں وکشمیر لو پیڈ ایمپلائز فیڈریشن کے صدر عبدالمجید خان نے کہاکہ ریاست میں اپنی خدمات انجام دے رہے ملازمین کو مرکزی حکومت کی طرز پر جنوری 2019کے بعد تین فیصد ڈی اے کی وگزاری کا عمل شروع کیاجائے تاکہ ملازمین کو درپیش مسائل میں کمی ہو سکے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کو چاہیے کہ ملازمین کو دئیے جارہے میڈیکل الائونس کو تین سو سے بڑھا کر ایک ہزار روپے کیا جائے ۔موصوف نے کہاکہ اس وقت بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں لگا تار اضا فہ ہو تا جارہاہے اورحکومت کو چاہیے کہ وہ اس مہنگائی کو ذہن میں رکھتے ہوئے ملازمین کو بھی سہولیات میسر کرے ۔آل جموں وکشمیر لو پیڈ ایمپلائز فیڈریشن کے صدر نے ریاستی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ ریاستی کی تعمیر و ترقی کیلئے آپسی اشتراک اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کیلئے کام کریں ۔
بھاجپا نے جموں میں کوئی پروجیکٹ مکمل نہیں کیا :پنتھرز پارٹی
جموں // نیشنل پنتھرز پارٹی نے بھاجپا پر الزام عائدکرتے ہوئے کہاکہ پارٹی نے جموں میں کوئی بھی تعمیر اتی و ترقیاتی پروجیکٹ مکمل نہیں کیا جس کی وجہ سے عام لوگوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پنتھرز پارٹی کے لیڈر نیرج گپتا نے کہاکہ بھاجپا نے اقتدار میں آنے سے قبل جموں میں تعمیر وترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے وعدے کئے تھے لیکن پی ڈی پی کیساتھ اقتدار میں آنے کے بعد پارٹی کی جانب سے عوامی مسائل کو حل کرنے کی جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی جبکہ اب تک کوئی بھی بڑا پروجیکٹ مکمل نہیں کیاجاسکا ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت شہر میں ٹریفک نظام ہر طرح سے مفلوج ہو کر رہ گیا ہے جبکہ پی ڈی پی بھاجپا کے دور میں شروع ہو ئے ’ملٹی سٹوری پارکنگ پروجیکٹ کو مکمل نہیں کیا جاسکا ۔اسی طرح گنڈولہ پروجیکٹ کے علا وہ دیگر پروجیکٹوں کو مکمل نہیں کیا جاسکا ہے جس کی وجہ سے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جاسکتی ۔انہوں نے ریاستی گورنر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ جموں شہر میں سیاحت و دیگر شعبوں کی جانب سے شروع کئے گئے پروجیکٹوں کو جلداز جلد مکمل کر نے کیلئے ہدایات جاری کی جائیں ۔
کے سکندن نے پی ایم ۔ کسان کی عمل آوری کا جائزہ لیا
جموں//گورنر کے مشیر کے سکند ن نے ریاستی سطح پر پی ایم ۔ کسان سمان ندھی سکیم کی مؤثر عمل آوری کے لئے کئے جارہے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔اِس سکیم کو متعارف کرنے کے لئے کنونشن سینٹر کنال روڑ جموں میں 24ی؍فروری ایتوار کو ایک تقریب منعقد ہو رہی ہے۔وزیر اعظم نریند ر مودی 24؍فروری کو گورکھپور سے اس سکیم کا باضابطہ طور آغاز کریں گے۔اِس سکیم کے تحت اُن کسانوں جن کے پاس دو ہیکٹر اور اس سے کم زمین ہے ، کو سالانہ 6000روپے کی اِمداد دی جائے گی اور یہ رقم اُن کے بینک کھاتوں میں براہِ راست منتقل کی جائے گی۔یہ رقم 2000روپے کی تین قسطوں میں منتقل کی جائے گی۔محکمہ زراعت کے سپیشل سیکرٹری رویندر ناتھ سادھو اور ضلع اِنتظامیہ کے دیگر افسران نے مشیرموصوف کو سکیم کو متعارف کرنے کے سلسلے میں کئے گئے اِنتظامات کی تفصیلات دیں۔مشیرموصوف نے اِس سلسلے میں منعقد کی جارہی تقریب کو کامیاب بنانے کے لئے مختلف محکموں کو قریبی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی ۔کے سکندن نے مختلف محکموںکی جانب سے کئے گئے اِنتظامات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے تقریب کے لئے دیگر اِنتظامات کو بھی حتمی شکل دینے کے احکامات دئیے۔
بچوں کے آئینی حقوق بحال کئے جائیں
جسٹس مسعودی کے ہاتھوںڈی سی پی اوز کے انڈکشن و اورینٹیشن پروگرام کا افتتاح
جموں//چائلڈپروٹیکشن سروسز آف جموںصوبے کے افسران کے لئے جموںمیں جموں اینڈ کشمیر انٹگریٹیڈ چائیلڈ پروٹیکشن سروسز کی طرف سے ڈی سی پی اوز کے ایک روزہ انڈکشن کم اورنٹیشن پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اِس موقعہ پر چیئرپرسن ایس سی اوسی جسٹس ریٹائرڈ حسنین مسعودی مہمان خصوصی تھے جنہوں نے اس پروگرام کا افتتاح کیا۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس مسعودی نے دیگر شراکت داروں کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے جوینائیل جسٹس نظا م میں ڈی سی پی اوز کے رول کو اُجاگر کیا۔اُنہوں نے شرکأ پر زور دیا کہ آئین کے مطابق بچوں کے حقوق کو بحال کرنے کے لئے وہ مشترکہ کوششیں انجام دیں۔اُنہوں نے راجوری ،کٹھوعہ ، ریاسی کے ڈپٹی کمشنروں اور چائلڈ ویلفیئر کمیٹی جموں کے اُن کوششوں کی سراہنا کی جو انہوںنے جوینائل جسٹس نظام کے مشن کو آگے لے جانے کے لئے انجام دیں۔اُنہوں نے تمام افسرا ن پر زور دیا کہ وہ بچوں سے متعلق تمام بدعات کو دُور کرنے کے عمل میں تیزی لائیں۔مشن ڈائریکٹر آئی سی پی ایس اور چیئرمین سی آر سی جی اے صوفی نے اس موقعہ پر اُمید ظاہر کی کہ ضلع افسران جنہیں حال ہی میں حکومت نے ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن افسران کے طور پر تعینات کیا ہے ،کی نگرانی میں ضلع سطح پر بچوں سے متعلق معاملات کو خصوصی توجہ دی جائے گی۔اُنہوں نے تمام اضلاع میں بڑے پیمانے پر بیداری کی مہم چلانے پر زوردیتے ہوئے کہا کہ تمام اضلاع میں اس مقصد کے لئے رقومات دستیاب ہیں۔اُنہوں نے ڈی سی پی اوز کے افسران پر زور دیا کہ وہ سی ڈبلیوسی اور جے جے بی کو تمام ممکنہ تعاون فراہم کریں۔اس موقعہ پر ایس سی او سی ممبر راجیو کھجوریہ نے بھی خطاب کیا۔جے کے آئی سی پی ایس کے ایڈمنسٹریٹیو آفیسر ڈاکٹر محمد حسین نے بچوں کے تحفظ اور ریاست میں جے جے ایکٹ کی عمل آوری سے متعلق ایک پاور پوائنٹ پرزنٹیشن دی۔سینٹرل یونیورسٹی آف جموں کے ریسورس پرسن اقبال بٹ اور سیو دی چلڈرن راہل راج شرما نے بھی بچوں کے تحفظ سے متعلق خدمات پر روشنی ڈالی۔