نوافسران کے حق میں خصوصی تنخواہ اسکیل منظور
جموں//جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ نے جموں کشمیرایڈمنسٹریٹوسروس کے نوافسران کے حق میں تنخواہ کے خصوصی اسکیل(غیرفعال) کو منظوری دی ہے۔جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کے ایک حکم کے مطابق غیرفعال(ممبران) اسکیم کے تحت یکم جولائی 2020سے جموں کشمیرایڈمنسٹریٹو سروس کے خصوصی اسکیل(غیرفعال) 37, 400-6700گریڈ تنخواہ8700(جواب لیول13میں123100-215900) کیاگیا ہے،کومنظوری دی گئی ہے۔یہ خصوصی اسکیل سیدحنیف بلخی،انعام الحق صدیقی،ساجدیحیی نقاش،ڈاکٹر راجندرکمار کھجوریہ،ڈاکٹر طاہرفردوس دتہ،داکٹر روی کمار بھارتی،مشتاق احمد راتھر ،وشال شرما اور شبیراحمد رینہ کے حق میں منظور کیا گیا ہے
آوتھ کل میلیال میں بہتر طبی
سڑک وٹرانسپورٹ سہولیات کا مطالبہ
کپوارہ/اشرف چراغ //کرالہ پورہ تحصیل ہیڈ کوارٹر سے 8کلو میٹر دور آوتھ کل میلیال میں بنیادی سہولیات کا فقدان پایا جاتا ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ 7دہائیوں سے یہا ں پر سرکار نے لوگو ں کو بہتر طبی سہولیات میسر رکھنے کے لئے ایک سب سنٹر تک قائم نہیں کیا جس کی وجہ سے یہا ں کے لوگو ں کو علاج و معالجہ کے لئے 8کلو میٹر دور سب ضلع اسپتال کرالہ پورہ جانا پڑتا ہے ۔ایک خاتون سماجی کارکن نسرینہ بشیر کا کہنا ہے کہ علاقہ میں موسم سرما کے دوران مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ اس علاقہ میں ٹرانسپورٹ کا بھی کوئی انتظام نہیں ہے جس کے نتیجے میں مریضوں کو یا تو پیدل جاکر میلیال پہنچنا پڑتا ہے یا پھر کسی پرائیو ٹ گاڑی میں مریض کو اسپتال لے جانا پڑتا ہے جبکہ موسم سرما کے دوران بھاری برف باری کے دوران اکثرو بیشتر شدید مریضوں کو چارپائی پر لاد کر میلیال تک پہنچانا پڑتا ہے ۔مقامی لوگو ں نے علاقہ میں ایک ہیلتھ سب سنٹر قائم کرنے کا مطالبہ کیا ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ میلیال سے آ وتھ کل تک 3کلو میٹر کی سڑک اس قدر خستہ حالت میں ہے کہ لوگو ں کو عبور و مرور میں زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگو ں کے مطابق جب سے اس علاقہ کی سڑک کو تعمیر کیا گیاہے تب سے آج تک اس کی کبھی بھی مرمت نہیں کی گئی اور نتیجے کے طور سڑک جگہ جگہ خراب ہو چکی ہے ۔لوگو ں کا کہنا ہے کہ امسال دو مرتبہ بھاری برف باری کے بعد مذکورہ سڑک سے جے سی بی مشین کے ذریعے برف ہٹائی گئی جس نے سڑک کی رہی سہی کسر کو پورا کر دیا جبکہ سڑک سے پوری طرح برف کو بھی صاف نہیں کیا گیا اور آج کل سڑک پر اس قدر پھسلن ہے کہ لوگ دوپہر تک اس سڑک سے چل نہیں سکتے کیونکہ اس سڑک پر چلنا خطرے سے خالی نہیں ۔مقامی لوگوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ آوتھ کل میلیال میں طبی،سڑک وٹرانسپورٹ سہولیات کو بہتر بنایاجائے۔
بدرن ماگام میں صف ماتم،کمسن طالبہ دل کادورہ پڑنے سے فوت
ٹنگمرگ/ مشتاق الحسن//بدرن ماگام میں آٹھویں جماعت میں زیر تعلیم طالبہ کادل کا دورہ ُرنے سے انتقال ہوگیا۔اطلاعات کے مطابق خوشبو جان دختر پرویز احمد بٹ شام کے وقت اسکول کا ہوم ورک کر رہی تھیں جس دوران اسے سینے میں درد کی شکایت ہوئی۔گھر والوں نے اگرچہ اُسے ماگام اسپتال پہنچایا جہاں وہ دم توڑ بیٹھی۔
عارضی ملازمین کو مستقل کیا جائے:ایجیک
سرینگر// عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ’ایجیک‘ نے ملازمین کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے پر زور دیا۔ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے کہا کہ مختلف محکموںپی ڈی ڈی، پی ایچ ای، محکمہ صحت ، آنگن واڑی، ایگریکلچر اور سری کلچر کے علاوہ دیگر محکموں میں نیڈ بیس، کیجول لیبروں اور ڈیلی ویجروں کی بڑی تعدادن رات کام کر کے پورے نظام کو چلا رہے ہیں، مگر بدقسمتی سے اُن کو وقت پر تنخواہ نہیں مل پا رہی ہے جس کی وجہ سے وہ ذہنی پریشانیوں میں مبتلا ہے اور ان کے بچے اور اہل عیال بھی فاقہ کشی کا شکار ہورہے ہیں۔ ایجیک نے کہا کہ محکمہ پی ڈی ڈی میں ایسے بہت سارے ملازمین ہیں جن کے ساتھ ڈیوٹی کے دوران حادثات پیش آ ئے اور کچھ ایسے بھی ہیں جو عمر بھر کیلئے معذور بن گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرکار کو چاہئے ان افراد کیلئے کوئی پالیسی مرتب کی جائے اور ان کو بھر پور معاوضہ ملنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی ملازمین کو تاروں کی مرمت کے دوران سیڑھیوں کے علاوہ دیگر سازوسامان فراہم کیاجائے۔
صورہ میں رکھشک گاڑی سے گرکر کانسٹیبل زخمی
سرینگر/ارشاداحمد//صورہ سرینگرمیں پولیس کی جیپ سے ایک کانسٹیبل گر کر زخمی ہوگیا جسے علاج کیلئے میڈیکل انسٹی چیوٹ صورہ میں داخل کیا گیا جہاں اس کی حالت مستحکم ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق صورہ پولیس تھانے میں تعینات سلیکشن گریڈ کانسٹیبل نذیراحمد جو تھانیدار کا ذاتی محافظ بھی تھا،اُس وقت زخمی ہوگیا جب وہ پولیس کی رکھشک جیپ پر اپنا توازن برقرار نہ رکھتے ہوئے گرپڑااورشدیدزخمی ہوگیا۔زخمی کانسٹیبل کو فوری طور میڈیکل انسٹی چیوٹ صورہ پہنچایاگیا جہاں اس کا علاج شروع کیاگیا۔اسپتال میں اب اس کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔
معطل کئے گئے تین افسر بحال
جموں// لداخ ڈیپوٹیشن پرتبدیل کئے گئے تین افسرجووہاں جوائن کرنے میں ناکام ہونے کے بعد معطل کئے گئے تھے،کو کا دوبارہ بحال کیا گیاہے۔اس سلسلے میں جاری ایک حکم کے مطابق اُس وقت کے چیف پرازیکیوٹنگ افسر ریاسی کمل کمار شرما،اُس وقت کے چیف پرازیکیوٹنگ افسر راجوری شمع احمد اور اُ س وقت کے جونیئرانجینئررام بن کو مرکزی زیرانتظام خطہ لداخ میں ڈیپوٹیشن پر بھیجا گیاتھا۔ایک سرکاری افسر کے مطابق انہیں لداخ تبدیل کیاگیاتھا لیکن وہ وہاں جوائن کرنے میں ناکام ہوئے جس کے بعد انہیں معطل کیا گیا تاہم آج انہیں دوبارہ بحال کیا گیا ۔اس دوران ایک اور حکم کے مطابق اعلیٰ تعلیم کے سیکشن افسرمحمداومران اورانیمل ہسبنڈری کے سیکشن افسر وجے کمارکو معطل کیاگیا ہے ۔
لسر رفیع آباد میں بنیادی سہولیات کا فقدان
لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل
فیاض بخاری
بارہمولہ //رفیع آباد بارہمولہ کے لسر علاقہ میں بجلی، پانی اور سڑکوں جیسی بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے مقامی آبادی کو سخت مشکلات درپیش ہیں ۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ علاقے میں گذشتہ کئی ہفتوں سے بجلی کی عدم دستیابی کے سلسلے میں شام ہوتے ہی اندھیرا چھاجاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں بجلی کے کھمبے اور ترسیلی لائنیں بوسیدہ ہوچکی ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ گائوںمیں پینے کے صاف پانی کی بھی سخت قلت پائی جارہی ہے جس کے نتیجے میں مقامی آبادی ندی نالوں کا ناصاف پانی استعمال کرنے پر مجبور ہے تاہم متعلقہ محکمہ کے ملازمین ٹس سے مس نہیں ہورہے ہیں ۔ لوگوں کے مطابق یہی حال یہاں کی سڑکوں کا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کی سڑکیں کافی خستہ ہوچکی ہیں، برف اور بارشوں کے دوران سڑکیں جھیل کا منظر پیش کرتی ہیں ۔لوگوں کے مطابق اگر چہ انہوںنے کئی مرتبہ ان محکموں کے اعلیٰ افسران کو مطلع کیا تھا تاہم تاحال کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔
آوارہ کتوں کی موجودگی
گنڈ کنگن میں لوگوں کو چلنے پھرنے میں دقتیں
غلام نبی رینہ
کنگن//تحصیل گنڈ کے مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں کی موجودگی سے لوگوں کو سخت مشکلات درپیش ہیں۔ کلن، گنڈ، گگن گیر اور اس کے مضافاتی علاقوں کے لوگوں نے بتایا کہ ان مقامات پر آوارہ کتوں نے لوگوں کا جینا محال کردیا ہے۔ لوگوں نے الزام عائد کیا کہ رات کے دوران دوسرے علاقوں سے آوارہ کتوں کو گاڑیوں میں لادکر ان علاقوں میں ڈالا جاتا ہے۔ کلن کے لوگوں نے بتایا کہ صبح اور شام کے اوقات میںبازار میں کتوں کی ایک بڑی تعداد جمع رہتی ہے جس کے نتیجے میں لوگوں کو عبور ومرور میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔گنڈ کے لوگوں نے بتایا کہ آوارہ کتوں کی موجودگی سے خواتین، بچے اور بزرگ گھروں سے باہرآنے میں خوف محسوس کرتے ہیں۔
اننت ناگ، پلوامہ اور شوپیان میںمحکمہ مال کی 45لاکھ دستاویزات ڈیجی ٹائزکی گئیں
سرینگر// ڈیجیٹل انڈیا لینڈ ریکارڈ ماڈرنائزیشن پروگرام کے تحت اب تک اننت ناگ ، پلوامہ اور شوپیاں اضلاع سے متعلق 45 لاکھ سے زائد محصولاتی دستاویزات کو ڈیجی ٹائز کیا گیا جبکہ باقی کام 5 فروری تک مکمل ہوجائیں گے۔یہ معلومات اننت ناگ ، پلوامہ اور شوپیاں اضلاع کے محصولاتی دستاویزات کی ڈیجیٹلائزیشن عمل کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہوا۔ اجلاس میں ریجنل ڈائریکٹر سروے اینڈ لینڈ ریکارڈز ڈاکٹر عبد الحفیظ شاہ کو بتایا گیا کہ کل 4562970 دستاویزات میں سے 2680470 اننت ناگ ، 1382500 ضلع پلوامہ اور 5 لاکھ ضلع شوپیان سے متعلق ہیں۔ضلع اسکیننگ مراکز کے نوڈل آفیسر سے کہا گیا تھا کہ وہ 5 فروری 2021 سے پہلے زیر التواء کام مکمل کریں تاکہ ان اضلاع میں جمعبندی کو ڈیجیٹلائزیشن کا دوسرا مرحلہ شروع کیا جاسکے۔
اونتی پورہ پولیس نے کامیاب طلبہ کی حوصلہ افزائی کی
سرینگر//ایس ایس پی اونتی پورہ طاہر سلیم نے حال ہی میں NEET امتحانات میں کامیاب قرار پائے امیدواروں کی حوصلہ افزائی کیلئے اونتی پورہ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا۔ایس ایس پی نے انہیں مبارکباد دی اوراسنادسے نوازا تاکہ مستقبل میں یہ طلبہ بہتر کارکردگی کا مظاہر ہ پیش کرسکیں۔انہوںنے ان طلبہ کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے بتایا کہ ترال علاقے میں کافی ٹیلنٹ ہے جس کو نکھارنے کی ضرورت ہے تاکہ کچھ حاصل کرنے کے بعد سوسائٹی کیلئے کار آمد ثابت ہوسکیں ۔
انجمن علماء و ائمہ مساجد کا اظہار تعزیت
سرینگر// انجمن علماء وائمہ مساجدجموں وکشمیر کے امیر حافظ عبد الرحمن اشرفی نے معروف عالم دین اور مرکزی رابطہ ائمہ مساجد کے صدر مولانا وارث شاہ بخاری کے چچا کے انتقال پر غمزدہ خاندان بالخصوص مولانا وارث کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں وہ لواحقین کے غم میں برابر شریک ہیں۔ انہوں نے مرحوم کی جنت نشینی اور پسماندگان کیلئے صبرجمیل کی دعا کی۔
بانڈی پورہ اورگاندربل میںمنشیات مخالف مہم
۔4افراد گرفتار، چرس ،فکی ، نشیلی ادویات اورنقدی برآمد
سرینگر//جموں وکشمیرپولیس نے بانڈی پورہ،گاندربل اورقاضی گنڈ میں منشیات مخالف مہم کے دوران 4افرادکی گرفتاری عمل میں لاکراُن کی تحویل سے بڑی مقدارمیں فکی،چرس،نشیلی ادویات اورہزاروں روپے کی رقم برآمد کرلی جبکہ اس دوران ایک گاڑی بھی ضبط کی گئی ۔بانڈی پورہ پولیس نے مادر چوک کے نزدیک دو مشکو ک افرادعبدالطیف ساکن گامرواور اطہر رسول ساکن نوپورہ بانڈی پور کے طورپر ہوئی ہے۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی ادویات کے 550کپسول اور دیگر300 کپسول برآمدکرلئے۔ انہیں گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن بانڈی پورہ منتقل کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں بانڈی پورہ تھانہ میں ایف آئی آر نمبر 11/2021کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔اس دوران گاندربل پولیس نے میر آباد کے نزدیک ناکہ چیکنگ عمل میں لائی گئی ۔چیکنگ کے دوران پولیس نے ایک گاڑی زیرنمبرJK15-3597 کو مشکوک حالت میں پایاجس کو ڈرائیور بلال احمد شیخ ساکن مارکنڈل حاجن چلارہاتھا، کی تلاشی لی گئی ۔ دوران تلاشی گاڑی سے 1.5 کلو گرام چرس برآمد کیا گیا ۔ پولیس نے مذکورہ شخص کو گرفتارکرکے صفاپورہ تھانہ منتقل کیاگیا ۔ صفاپورہ تھانہ میںاس سلسلے میں کیس زیر ایف آئی آرنمبر02/2021 کے تحت کیس درج کیا گیا۔ قاضی گنڈعلاقہ میں ٹریفک پولیس نے ایک شخص کو منشیات اور نقد رقم کے ساتھ گرفتار کیا ۔ قاضی گنڈ میں ٹریفک انسپکٹر نے ایک شحض کو پالی تھین اور ایک تھیلے کے ساتھ مشکوک حالت میںدیکھا۔ پولیس نے اس کی تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران مذکورہ شخص کے قبضے سے8 کلوگرام فکی اور 65ہزار روپئے برآمد کئے گئے۔ڈی ڈی آئی نے مذکورہ شخص کو پولیس کے سپرد کردیا۔گرفتار کئے گئے شخص کی شناخت جاوید احمد بٹ ساکن بٹہ پورہ سنگم کے طور پر کی گئی ہے۔قاضی گنڈپولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرکے ملزم سے پوچھ تاچھ شروع کردی۔
خانصاحب بڈگام میں عوامی دربار
ترقیاتی کمشنر مسائل سے آگاہ
سرینگر// حکومت جموں و کشمیر کی جانب سے تمام بلاکوں میں عوامی رابطہ مہم کے دوران ایک انوکھا اقدام شروع کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام شہباز احمد مرزا نے ایس ڈی ایم دفترخانصاحب میں بات چیت کا اہتمام کیا۔بلاک خانصاحب کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے دربار میں حاضری دی اور انہیں درپیش مشکلات سے متعلق اپنے مسائل پیش کئے جس میں خاص طور پر پینے کے پانی کی فراہمی ، حالیہ برفباری سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی اوردور دراز علاقوں میں سڑک رابطوں کی بحالی قابل ذکر ہیں۔ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد تمام امور کی پہلی تشخیص کرنا ہے۔اس موقع پر ایس ڈی ایم خانصاحب نے عوام کو بنیادی سہولیات یقینی بنانے کے لئے کئے گئے اقدامات کی تفصیل سے آگاہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تمام نمائندوں اور افراد کو یقین دلایا کہ ان کی شکایات اور مطالبات کو جلد از جلد حل کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ اس بات کو یقینی بنارہی ہے کہ عوامی سطح تک پہنچنے والا پروگرام آئندہ کے لئے نتیجہ خیز اور ترقی پسند اقدام ثابت ہوگا۔
کانگریس صدرنے ڈورو شاہ آبادمیں عوام کو درپیش مشکلات کا جائزہ لیا
سرینگر//جموں و کشمیر پردیش کانگریس کے صدرغلام احمد میر نے ڈورو شاہ آباد میںلوگوں کو درپیش مشکلات کا جائزہ لیا اور حکومت کو انہیں فوری طور حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے علاقے کی آبادی کو پانچ روز کے دوران جائزہ لیا۔میر نے علاقے میں بجلی کی غیر یقینی صورتحال ، سڑکوں سے برف نہ ہٹانے اور ضروری سامان کی عدم فراہمی کی وجہ سے لوگوں کو درپیش مشکلات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ۔انہوںنے محکمہ بجلی کے خلاف ناراضگی کا اظہار کیا اورمتعلقہ محکمہ نے صارفین کو بجلی کے لئے زیادہ قیمت کی بل ادا کرنے پر مجبور کررہا جبکہ بجلی اس انداز میں فراہم نہیںکی جارہی ہے۔ میر نے لارکی پورہ ، شاہ آباد بالا ، ہلر شاہ آباد ، ڈورو اور ویریناگ ٹاؤن کی زمینی صورتحال کا جائزہ لیا اور موجودہ سخت سردی کی وجہ سے لوگوں کو درپیش مشکلات کے بارے میں عوام سے جانکاری حاصل کی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ علاقوں کے لوگ ضروریات زندگی کے لئے ترس رہے ہیں ۔پردیش کانگریس صدر کہا کہ بجلی کی غیر یقینی صورتحال ، سڑکوں سے تسلی بخش برف نہ ہٹانے کے باعث مقامی آبادی مشکلات سے دو چار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ابھی متعدد بہت اہم بالائی علاقوں کو جانے والی سڑکوں کو قابل استعمال نہیں بنایا گیا جس کے باباعث عوام کو نقل و حرکت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
محمد یوسف شاہ نقشبندی اور خواجہ غلام نبی آہنگر کا انتقال
ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا اظہارِ تعزیت
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ژونٹھ ولی وار(گاندربل) کی معروف دینی اور سماجی شخصیت پیر سید محمد یوسف شاہ نقشبندی کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے پسماندگان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ، جنرل سکریٹری علی محمد ساگر ، سینئر پارٹی لیڈر میاں الطاف احمد اور شیخ اشفاق جبار نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔پارٹی لیڈران نے سابق پاور کمشنر خواجہ غلام نبی آہنگر ساکن ایس ڈی اے کالونی بمنہ کے انتقال پر بھی گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوگواران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی۔ پارٹی کے رکن پارلیمان حسنین مسعودی نے مرحوم کے پسماندگان کے ساتھ ٹیلی فون پر رابطہ کرکے تعزیت کی۔پارٹی کے سینئر لیڈر عرفان احمد شاہ نے بھی آہنگر خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔