بلنوئی میں انتظامیہ نے غیر قانونی تجاوز ہٹائی
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر کے بلنوئی علا قہ میں محکمہ بھیڑ پالن نے انتظامیہ کیساتھ مل کر اراضی پر کئے گئے قبضہ کو ہٹا دیا ۔محکمہ بھیڑ پالن کے مطابق محکمہ کے تحت آنے والی اراضی پر غیر قانونی طور پر قبضہ کیا گیا تھا جس کو ہٹانے کیلئے ایک کارروائی عمل میں لائی گئی ۔اس کارروائی کے تحت دو رکچے رہائشی مکانات کو مسمار کر دیا گیا تاہم متعلقہ سرپنچ محمد شریف نے محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ آج تک اراضی کی نشاندہی نہیں کروائی گئی تھی جبکہ 30برس سے قابض معذور شخص کے کچے مکان پر مسمار کر کے ان کو مزید مشکلات میں مبتلا کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ غریب محمد رفیق پیشہ سے فوجی پوٹر تھا تاہم اس دوران وہ ایک ٹانگ سے معذور ہو گیا تھا ۔معذور ہونے کے بعد فوج نے اس کو مذکورہ اراضی پر ایک رہائشی مکان تعمیر کروا کر دیا تھالیکن محکمہ نے کارروائی کرتے ہوئے اس کچے مکان کو مسمار کر دیا ہے ۔محمد رفیق و دیگر متاثر ین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ اراضی پر قابض اثر ورسوخ رکھنے والے افراد کو چھوڑ دیا گیا ہے جبکہ اس کا واحد رہائشی مکان مسمار کر کے بے گھر کر دیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں ،متاثر اور متعلقہ سرپنچ نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ان کی مدد کی جائے تاکہ ان کو انصاف مل سکے ۔
جواہر نگر میں بھیرئو جھانکی نکالی گئی
راجوری //راجوری کے جواہر نگر علا قہ میں بھیر ئو جھانکی نکالی گئی جبکہ اس موقعہ پر انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔ضلع ہیڈ کواٹر میں بھیر ئو جھانکی کا عمل پیر کے روز سے شروع ہوا ہے ۔غور طلب ہے کہ راجوری قصبہ میں بھیرئو جھانکی دہائیوں سے چلی آرہی رسم کی مناسبت سے مذہبی عقیدت کیساتھ نکالی جاتی ہے جس کے دوران ایک فرد کو کالے رنگ سے رنگا جاتا ہے اور مذکورہ جھانکی قصبہ کی مختلف گلیوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہو تی ہے۔جمعہ کے روز سخت سیکورٹ کی موجودگی میں قصبہ کے جواہر نگر علا قہ سے جھانکی نکالی گئی ۔اس جھانکی میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
دکانداروں کی ناجائز تجاوز کیخلاف کارروائی
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ قصبہ میں میونسپل حکام نے دکانداروں کی جانب سے کئے گئے ناجائز قبضہ کیخلاف کارروائی عمل میں لائی ۔میونسپل حکام نے کارروائی کے دوران دکانداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ فٹ پاتھ پر غیر قانونی طورپر ساز و سامان نہ رکھیں جبکہ دکانوں کے شٹروں کو سفید روغن کیا جائے ۔میونسپل حکام نے نائب تحصیلدار نوشہرہ کے ہمراہ قصبہ کا جائزہ لیا جبکہ غیر ضروری طورپر نصب کردہ بورڈ کو جے سی بی مشینوں کے ذریعہ ہٹایا گیا ۔حکام نے دکانداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ قصبہ میں غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
راجوری میں ڈی ڈی سی کونسل کا پہلا اجلاس
راجوری //ضلع ترقیاتی کونسل راجوری کا پہلا اجلاس کونسل چیئر مین نسیم لیاقت کی قیادت میں منعقد ہو ا جبکہ اس موقعہ پر کونسل کے وائس چیئر مین شبیر احمد خان بھی موجود تھے جبکہ اجلاس میں بلاک ڈیولپمنٹ کونسل چیئر مینوں کیساتھ ساتھ ضلع ترقیاتی کونسل اراکین اور مختلف محکموں کے آفیسران بھی موجود تھے ۔اجلاس کے دوران چیف ایگز یکٹو آفیسر ڈی ڈی سی کونسل چندر کانت بھگت نے مختلف پروجیکٹوں کی تفصیلی جانکاری فراہم کی ۔اس کے علاوہ آفیسر موصوف نے ضلع میں چل رہی مختلف مرکزی سکیموں کی عمل آوری کے سلسلہ میں بھی جانکاری دی ۔اس دوران مختلف بلاکوں او ر پنچایتوں میں عوام کو درپیش مسائل بالخصوص ،پانی بجلی ،صحت ،صفائی ستھرائی ،سڑکوں کے معیاری نظام دیگر مشکلات پر بھی غور کیا گیا ۔ڈی ڈی سی چیئر مین نے اراکین کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ مختلف علا قوں میں عوامی مسائل کو حل کروانے کیلئے اپنا رول اد اکریں جبکہ انہوں نے آفیسران کو بھی ہدایت جاری کیں کہ عوام کو معیاری سہولیات دستیاب کی جائیں ۔