ٹنگمرگ کے کئی دیہات میں سحری اور افطارکو گھپ اندھیرا
مشتاق الحسن
ٹنگمرگ//سب ڈویژن ٹنگمرگ کے کئی دیہات میں افطار اور سحری کے اوقات میں بجلی کی عدم دستیابی سے صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔لوگوں کے مطابق محکمہ بجلی انتظامیہ نے ماہِ رمضان میں بہتر بجلی سپلائی فراہم کرنے کا دعویٰ کیا تھا لیکن زمینی سطح پر ایسا کچھ دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ تمبر ہامہ ،چھاندل ،وانی گام ،گوگلڈارہ ،پارسوانی ،کھئی پورہ ،ریشی پورہ ،ہوم واتل پورہ اوردیگر علاقوں کے لوگوں نے شکایت کی کہ ان علاقوں میں سحری اور افطار کے اوقات میںبجلی کی عدم دستیابی سے انہیں مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ صارفین نے محکمہ پی ڈی ڈی سے سحری اور افطار کے اوقات میں بجلی کٹوتی نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پلوامہ میں کئی سڑکیں اور کھیت زیر آب
پلوامہ//وادی میں گزشتہ کئی دنوں سے بارشوں کے سبب ضلع پلوامہ میں کئی سڑکیں اور کھیت زیر آب آگئے ہیں۔پچھلے چند دنوں سے وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے ندی نالوں میں پانی کی سطح بھی بڑھ گئی ہے۔ پانی کی بڑھتی سطح سے کسانوں میں کافی تشویش پھیل گئی ہے۔ضلع کے بعض ندی نالوں پر باندھ نہ ہونے کی وجہ سے بارشوں کا پانی کھیتوں میں چلا گیا ہے جس کی وجہ سے کسان پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔قوئل کے لوگوںنے بتایا کہ معمولی بارشوں کے سبب سڑکیں زیر آب آئی ہیںجس سے راہگیروںکو آمد و رفت میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ لوگوںکے مطابق کھیتوں میں بارشوں کا پانی جمع ہونے سے باغات اور دیگرفصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
چاڈورہ میں 2 دوکانیں سربمہر
مہنگے داموں مرغ فروخت کرنے کی شکایت
سرینگر// ضلع بڈگام میں من مانی قیمتوں پر مرغ فروخت کرنے کے الزام میں دو مرغ فروشوں کی دکانوں کو سیل کیا گیا ۔ضلع کے چاڈورہ علاقے میں سرکار کی جانب سے مقررہ قیمتوںکی خلاف ورزی کرنے پر حکام نے دو مرغ فروشوں کی دوکانیں سربمہر کیں۔نائب تحصیلدار چاڈورہ نے بتایا کہ سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی اور مہنگے داموں مرغ فروخت کرنے پر دو دوکانیں سربمہر کی گئیں۔ بڈگام میں گزشتہ روز بھی پولیس کی جانب سے قصور وار دکانداروں سے جرمانہ وصول کیا گیا ۔
ایس ایس پی بڈگام کی ائمہ مساجد کے ساتھ میٹنگ
کورونا وائرس کیلئے اقدامات پرتبادلہ خیال
سید اعجاز
سرینگر//وادی کشمیر میںکورونا وائرس معاملات میں اضافہ کے پیش نظر ایس ایس پی بڈگام طاہر سلیم نے ضلع پولیس ہیڈ کوارٹر بڈگام میں مختلف مساجد کے ائمہ کرام اور دیگرمذہبی رہنماؤں سے ایک میٹنگ کا انعقاد کیا ۔ میٹنگ میں شریک ائمہ مساجداور مذہبی رہنماؤں کو موجودہ کورونا صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔ایس ایس پی بڈگام نے ائمہ مساجد سے اپیل کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ لوگ مساجد میںرہنما خطوط پر مکمل عمل کریں بلکہ وعظ و تبلیغ کے دوران بھی لوگوں کوکورونا کی تباہ کاریوں سے آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں مساجد میں نمازوں کے دوران طے شدہ فاصلہ برقرار رکھنے اور دیگر رہنما خطوط پر عمل کرنے کی پوری کوشش کی جائے ۔ایس ایس پی بڈگام نے کوویڈ ویکسنیشن کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پھیلانے پر بھی زور دیا۔
۔142پولیس افسروں کی ترقی
سرینگر// پولیس ہیڈ کواٹر نے142افسروں کی گریڈ ترقیوں کو منظوری دی۔ پولیس ہیڈ کواٹر نے142نان گزیٹیڈ افسروں کی گریڈ پرموشن کا اعلان کیا۔ ان افسروں میں انسپکٹر،سب انسپکٹر اور2اسسٹنٹ سب انسپکٹر بھی شامل ہیں۔ان اسسٹنٹ سب انسپکٹروں کو سب انسپکٹروں کے عہدوں پر ترقیوں سے نوازا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے ترقی پانے والے افسروں اور انکے اہل خانہ کو مبارکباد پیش کی ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان ترقیوں سے افسران اپنی ذمہ داریاں مزید خوش اسلوبی اور محنت و لگن کے ساتھ انجام دیںگے۔ جن اسسٹنٹ سب انسپکٹروں کو سب انسپکٹروں کے عہدوں پر ترقیاں دی گئیں ان میں انگریز سنگھ اور پون کمار شامل ہیں۔