۔45برس سے زائد عمر کے افراد کیلئے ویکسین ضروری
سرٹیفکیٹ کے بغیر مارکیٹ نہیں آنے دیا جائے گا :انتظامیہ
سمت بھارگو
راجوری //ضلع انتظامیہ راجوری نے 45برس سے زائد عمر کے افراد کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ بغیر کووڈ ویکسین مارکیٹ نہ آئیں ۔جاری حکم میں انتظامیہ نے کہاکہ عمر رسیدہ افراد مارکیٹ میں بغیر کووڈ ویکسین سرٹیفکیٹ نہ آئیں ۔ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری کی جانب سے جاری کردہ ایک حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کوروناوائرس کے پھیلائو کو کم کرنے کیلئے 45برس سے زائد عمر کے افراد کے پاس کووڈ منفی رپورٹ کیساتھ ساتھ مارکیٹ میں آنے کیلئے ویکسین لگوانے کی رپوٹ ہونا لازمی ہے ۔حکم نامے میں کہا گیا کہ کووڈ رپوٹ دس دن سے زیادہ پرانی نہیں ہونی چاہئے ۔اس حکم نامے میں پروگراموں میں لوگوں کی شمولیت ،آخری رسومات کی اداائیگی کے دوران لوگوں کی موجودگی کیساتھ ساتھ گاڑیوں میں سواریوں کی تعداد کے سلسلہ میں بھی حکم جاری کیا گیا ہے ۔
پولیس اور سیو ل سوسائٹی اراکین کا اجلاس
عشرت حسین بٹ
منڈی//جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں کوڈ انیس سے نمٹنے کیلئے سیول سوسائٹی اور علماء کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میں ڈی ایس پی ہیڈ کواٹرز پونچھ نوازچوہدری نے میٹنگ میں شامل تمام لوگوں سے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں عوام کو اس مہا ماری سے بچنے کیلئے ضلع انتظامیہ کی طرف سے دی گیں احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہونے کی تاکید کریں ۔انہوں نے علماء سے بھی کہا کہ وہ عالمی وباء کرونا وائرس سے بچنے کیلئے لوگوں کو مساجد کے ذریعہ بھی احتیاط برتنے کو کہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہیے کہ وہ انتظامیہ کا اس سخت دور میں ساتھ دیںجبکہ عوام کو چاہیے کہ وہ انتظامیہ کی جانب سے جو بھی حکم نامہ جاری ہوتا ہے ۔
کووڈ معاملات کی بڑھتی ہوئی تعداد
انتظامیہ و بیوپارمنڈل کے درمیان میٹنگ کا انعقاد
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // ڈپٹی کمشنر راجوری راجیش کمار شاون کی ہدایت پر تحصیل انتظامیہ تھنہ منڈی نے ٹاؤن ہال تھنہ منڈی میں بیوپار منڈل کے ساتھ ایک اہم اجلاس کیا جس میں تمام دکانداروں کو موجودہ صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ کورونا وائرس پر کسی طریقہ سے قابو پایا جاسکے۔ اس اجلاس میں سیول اور پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی جن میں چیئرمین میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی تشکیل احمد میر ، تحصیلدار تھنہ منڈی محمود ریاض خان ایس ایچ او تھنہ منڈی فرید چوہدری، ایگزیکٹو آفیسر قاسم چوہدری ، حاجی محمد بشیر ، صدر بیوپار منڈل حاجی غلام محی الدین ، نائب صدر یونس خان ، سردار شوکت اور شمشیر لون کے علاوہ دکانداروں کی ایک بڑی تعداد نے حصہ لیا۔ اجلاس میں طے پایا کہ قصبہ تھنہ منڈی کی تمام دکانیں جن پر چند روز قبل نمبرنگ کی گئی ہے ، سوموار سے طاق اور جفت کے اعتبار سے کھولی جائیں گی۔ تحصیل انتظامیہ نے کہا کہ بیوپار منڈل کے تمام لوگ مقررہ اوقات پر دکانیں کھولنے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ اتوار کو دودھ ،گوشت ، سبزی اور میڈیکل کی دکانیں کھلی رہیں گی اس کے علاوہ سارا بازار مکمل بند رہے گا۔ تحصیل انتظامیہ نے تمام دوکانداروں سے تاکید کی کہ دوکانوں پر تر و تازہ سامان رکھیں اور ریٹ لسٹوں کو چسپاں رکھا جائے تاکہ صارفین کو بآسانی قیمتوں کے بارے میں جانکاری مل سکے۔ وہیں ایس ایچ او فرید چوہدری نے مضافات سے آنے والے تمام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بنا مطلب کے بازار کا رخ نہ کریں اور اشد ضرورت پڑنے کی صورت میں ماسک پہنیں ، سماجی دوری بنائے رکھیں اور دیگر احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں تاکہ اس مہلوک بیماری سے بچا جا سکے۔
پونچھ میں رات کا کرفیونافذ
حسین محتشم
پونچھ//کووڈ کے بڑھتے ہوئے کیسوں کے تناظر میں سرحدی ضلع پونچھ میں رات کا کرفیو لگایا گیا ہے۔ ضلع انتظامیہ کی جانب سے رات دس بجے سے صبح چھ بجے تک رات کا کرفیو نافذ کر دیا گیاہے جو اگلے اعلان تک جاری رہے گا۔اس دوران ٹھیک دس بجے رات کو پولیس کی گاڑی کے ذریعہ اعلان کر کے لوگوں پابندی کی ہدایت دی گئی جبکہ ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ نے آدھی رات کو قصبہ پونچھ کے مختلف علاقوں کو دورہ کر کے جائزہ لیا اور متعلقہ افسران اور پولیس اہلکاروں کو سختی سے کرفیو نافذ کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے اس دوران عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں انتظامیہ کا تعاون کریں ۔انہوں نے کہاکرفیو سے ہسپتالوں، فارمیسیزلیبارٹری کو چھوٹ رہے گی۔ رات دس بجے سے دوکانیں اور ہوٹلز بند رہیں گے ۔انہوں نے عوام سے انتظامیہ کا تعاون کرنے کی اپیل کی۔