کوروناکی دوسری لہر انتہائی متعدی:ڈاکٹر ہردیپ سنگھ
سری نگر//گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے شعبہ میڈیسن کے پروفیسر ڈاکٹر ہردیپ سنگھ نے کہا کہ کووِڈ۔19 کی دوسری لہر انتہائی متعدی ہے ،یعنی چھوت والی بیماری ہے اور یہ بیماری تیز رفتاری سے متاثرہ شخص سے دوسروں میں منتقل ہوتی ہے۔کے این ایس کے مطابق ڈاکٹر سنگھ نے پہلی اور دوسری کورونا لہر کے درمیان موازنہ کرتے ہوئے کہاکہ پہلی لہر کے دوران یہ مشاہدہ کیا گیا تھا کہ متاثرہ شخص اپنے آس پاس کے صرف چند افراد کو ہی متاثر کرسکتا تھا لیکن اب وہی شخص اپنے آس پاس کے تقریبا تمام افراد کو متاثر کرسکتا ہے جو یقینی طور پر تشویشناک ہے۔کرونا وائرس میں مبتلا مریضوں میں امید پیدا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا میں مبتلا مریضوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ دانشمندانہ بات یہ ہے کہ مذکورہ مریض کو علامات پیدا ہونے کے بعد جلد ہی ہیلپ لائنوں کے ذریعے فون پر کسی ڈاکٹر سے مشورہ کرنا چاہئے اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے اپنے آپ کو باقی افراد خانہ سے الگ تھلگ کرناچاہیے اور اس عمل سے کورونا کے پھیلاؤ میں بہت حد تک روک تھام ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی علامت ظاہر ہونے کے فوراً بعد انہیں فوری RATکروانا چاہئے اور اگر علامتیں ہونے کے باوجود بھی یہ منفی ہو، تو پھر انہیں RT-PCR ٹیسٹ کے لئے جانا چاہئے۔ ڈاکٹر سنگھ نے مزید کہا کہ نتائج آنے تک انہیں دوائی لینی چاہئے ، ہر چھ گھنٹوں کے بعد درجہ حرارت چیک کرنا چاہئے اور چار گھنٹوں کے بعد آکسیجن کی جانچ کرنی چاہئے جبکہ پروٹین سے بھرپور غذا لینے کے علاوہ خود کو ہائیڈریٹڈ رکھنا یعنی پانی کا آزادانہ استعمال کرنا چاہئے۔
جھیل ڈل سے کائی کاخاتمہ
سائنسی طریقے پرکام کرنے کی ضرورت
سرینگر//لیکس اینڈ واٹرویزڈیولپمنٹ اتھارٹی کے نائب چیئرمین نے دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ جھیل ڈل کا تفصیلی دورہ کرکے جھیل کے گردونواح میں جاری مختلف سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران انہوں نے شالیمار چینل اور گپت گنگا کا بھی معائنہ کیا جہاں مستقبل میں کچھ سرگرمیاں انجام دینی مقصودہیں۔انہوں نے انجینئروں کو جھیل سے گھاس پھوس کو نکالنے کیلئے سائنسی طور منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت دی تاکہ جھیل کی خوبصورتی اور ماحولیات کو کوئی گزند نہ پہنچے۔نائب چیئرمین نے حکام سے تاکید کی کہ وہ تندہی اور لگن کے ساتھ جھیل کے تحفظ کیلئے کام کریں اورجھیل کا انتظام وانصرام سائنسی طور معینہ مدت کے اندر انجام دیں۔
ٹریڈالائنس کا تاجروں کیلئے امدادی پیکیج کا مطالبہ
سرینگر//کشمیر ٹریڈ الائنس نے جموں و کشمیر کے تاجروں ، صنعتی اکائیوں اور ٹرانسپورٹروںکے لئے خصوصی معاشی ریلیف پیکیج کا مطالبہ کیاہے۔ سی این آئی کے مطابق الائنس کے صدر اعجاز شہدار نے کہا،’’ہم پہلے ہی 2014میں سیلاب ، 2019میں دفعہ 370کو منسوخ کرنے اور 2020 میں لاک ڈاؤن سے متاثر ہوچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ان واقعات سے کاروباری برادری کی کمر پہلے ہی ٹوٹ چکی ہے۔ شہدار نے کہا کہ معاشی امداد کے لئے ایک خصوصی پیکیج وقت کی ضرورت ہے تاکہ دم توڑتی معیشت کو بچایا جاسکے۔انہوں نے کہا’’ ہم اس مہلک وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں ، گھر پر رہ کر ،سرکار کم از کم کاروباری قرض کھاتوں، تجارتی نقل و حمل کے قرضوں کے کھاتوں اور عائد ٹیکسوں پر سود کو ختم کرکے ہماری مالی پریشانیوں کا خیال رکھے‘‘، جبکہ تجارتی بندشوں کے نتیجے میں یہ سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔
زہرخوری کے15روزبعدپولیس افسر فوت
سرینگر//کولگام میں تعینات ڈیوٹی کے دوران مبینہ طور زہر کھانے والے پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی اسپتال میں پندرہ روزتک زیرعلاج رہنے کے باوجود موت ہوگئی۔سی این آئی کے مطابق کولگام پولیس اسٹیشن میں تعینات اسسٹنٹ سب انسپکٹر نے پولیس تھانہ میں کوئی زہریلی شئے کھالی جس کے نتیجے میں اس کی حالت بگڑ گئی اور اُسے سرینگر کے اسپتال میں داخل کیاگیا۔ پندرہ روزتک اسپتال میں زیرعلاج رہنے کے بعد بدھوار کو اس کی اسپتال میں ہی موت واقع ہوئی۔55برس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر کا تعلق ٹنگمرگ سے تھا۔مذکورہ اے ایس آئی نے کن وجوہات کی بناپر زہر کھایا اس کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات جاری رکھی ہے۔
سوپورمیں ٹیکہ کاری دوبارہ شروع
سوپور//غلام محمد//کئی دنوں کے وقفے کے بعد سوپور سب ضلع اسپتال میں بدھوار بعد دوپہر کورونا ٹیکہ کاری دوبارہ شروع ہوئی۔ضلع ٹیکہ کاری افسر ڈاکٹر وحیدہ کے مطابق سب ضلع اسپتال سوپورمیںپنتالیس برس سے زائد کی عمر کے لوگوں کی ٹیکہ کاری کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ٹیکہ کی پہلی خوراک لی ہے انہیں صلاح دی گئی ہے کہ وہ84دن کے بعد دوسری خوراک کاٹیکہ لگانے کیلئے آئیں ۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔
ژالہ باری سے بانڈی پورہ میں میوہ باغات کو نقصان
بانڈی پورہ//عازم جان //بانڈی پورہ کے کئی دیہات میں ژالہ باری سے میوہ باغات کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔چکریشی پورہ،آیت مولہ،اہم شریف اور سنرونی میں گزشتہ روززبردست ژالہ باری ہوئی جس کے نتیجے میں میوہ باغات کو نقصان پہنچا۔متاثرہ مالکان باغات نے سرکار سے نقصان کا تخمینہ لگاکر ان کے حق میں امدادواگزار کرنے کا مطالبہ کیاہے۔
کووِڈ لاک ڈائون کیخلاف ورزی،232گرفتار
سرینگر//گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پولیس نے کورونا لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنیوالے232افراد کو گرفتار کرکے98ایف آئی آر درج کئے جبکہ1041افراد سے کووِڈ سے بچائو کے رہنما خطوط کی پاسداری نہ کرنے پرایک لاکھ انچاس ہزار دو سو اَسی روپیہ جرمانہ وصول کیاگیا۔اس کے علاوہ شوپیان،کولگام،بڈگام اور بانڈی پورہ میں کووِڈ ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے پر111گاڑیوں کو بھی ضبط کیا گیا۔پولیس بیان کے مطابق وادی بھر میں کورونا ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پولیس کی خصوصی مہم جاری رہے گی تاکہ کووِڈ – 19عالمگیر وباء کو پھیلنے سے روک اس پر قابو پایا جائے ۔بیان میں لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کورونا ضابطوں کی مکمل پاسداری کریں۔
مہوراکے کووِڈ اسپتال میں کینٹین نہیں
اوڑی//ظفر اقبال// کووِڈ اسپتال مہوراہ اوڑی میں مریضوں اور تیمارداروں کیلئے کھانے پینے کا انتظام نہ ہونے کی وجہ سے انہیں سخت مشکلات کاسامنا ہے۔اسپتال میں ایک مریض کے ساتھ تیماردار نے کہا کہ اسپتال میں اس وقت سات کورونا مریض زیر علاج ہیں جن کے ساتھ ایک ایک تیماردار ہوتا ہے اور اسپتال میں کھانے پینے کا کوئی انتظام نہ ہونے کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسپتال کے آس پاس کوئی کھانے پینے کا ہوٹل نہ ہونے کی وجہ سے وہ باہر سے کھاناخرید کر نہیں لاسکتے۔اس حوالے سے کووِڈ نوڈل افسر بارہ مولہ نویدالطاف نے بتایا کہ وہ یہ معاملہ اعلیٰ حکام کی نوٹس میں لائیں گے۔
جموں میں ٹرک ڈرائیور سے30لاکھ روپے برآمد
سرینگر//جموں میں پولیس نے اننت ناگ کے ایک ٹرک ڈرائیور کوگرفتار کرکے اُس کے قبضے سے تیس لاکھ روپے برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ سانبہ میں سرحدی حفاظتی فورس نے ایک پاکستانی درانداز کو اُ سوقت گولی مارکرزخمی کیا جب وہ سرحد کے اِس پار داخل ہوا۔سی این آئی کے مطابق محمد اقبال ولد عبد العزیز نامی ٹرک ڈرائیور کو ایک چیک پوائنٹ پر روک کر اس کی تلاشی لی گئی جس کے دوران اس کی تحویل سے30لاکھ روپے بر آمد ہوئے۔ اطلاعات میں پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مذکورہ ٹرک ڈرائیور پولیس کو مطمئن کرنے میں ناکام ہوا جس کے بعد اُسے انکم ٹیکس حکام کے حوالے کیا گیا۔
خودکشی کا ڈرامہ کرنے والا شہری مسجد سے برآمد
گاندربل //ارشاد احمد//34 سالہ مقامی شہری نے خودکشی کا ڈرامہ کرکے مسجد میں چھپا ہوا تھا جہاں سے پولیس نے بازیاب کرکے وارننگ دے کر اہل خانہ کے سپرد کردیا۔بنگر محلہ حاجن کے عاشق احمد ڈار ولد عبد العزیز نے اس بات کا ڈرامہ رچایا کہ دریا جہلم کے کنارے نماز کے لئے وضو بنانے گیا تھا جہاں سے دریا میں کود کر خودکشی کرلی جس سے پورے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی مذکورہ شہری کی تلاش میں کئی گھنٹوں کے لئے بچاو کارروائی بھی کی گئی جیسے جیسے وقت گزر رہا تھا ایسے میں اس شخص کو مقامی لوگوں نے مسجد کے اندر چھپا ہوا دیکھا۔ پولیس کو اطلاع دی گئی جنہوں نے اسے اپنی تحویل میں لیکر اہل خانہ کے سپرد کردیا۔تاہم حیرت کی بات ہے کہ اس نے خوفناک شرارت سے سارا علاقے کو مذاق میں ڈال دیا۔
والنٹری میڈی کیئر سوسائٹی کی جانب سے 3فلاح و بہبود مراکز کا قیام
سرینگر// والنٹری میڈی کیئر سوسائٹی نے سرینگر میونسپل کارپوریشن اوراحساس ٹرسٹ انٹرنیشنل کے ساتھ مل کر کووڈ ہسپتالوں سے متصل 3 کووڈ فلاح و بہبود مراکز قائم کرنے کا اقدام کیا ہے،جس کا مقصد ہسپتالوں پر مریضوں کے بوجھ کو کم کرنا ہے۔ احساس ٹرسٹ نے آکسیجن کنسنٹریٹر ، آکسیجن سلنڈروں کے ساتھ نیم طبی عملہ، پیشہ ور افراد اور ڈاکٹروں کے ساتھ مدد فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے جوکووڈ مریضوں کی خدمت میں چوبیسوں گھنٹے دستیاب ہوں گے۔والنٹری میڈی کیئر سوسائٹی اگرچہ جسمانی طور خاص افراد کیلئے کام کررہی ہے تاہم اس وبائی بیماری میں رضاکارانہ طور پر کام کرنے کیلئے میدان میں آگئی ہے۔ کووڈ فلاح و بہبود مراکز کے قیام کے مقصد اس جاری بحران کے دوران ہنگامی امدادی عمل کو یقینی بنانا ہے۔دریں اثنا میڈی کیئر سوسائٹی نے خصوصی طور پر آکسیجن سلنڈروں کا ایک بینک تیار کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ہیلپ لائن آکسیجن کنسنٹریٹر ، آکسیجن سلنڈر ، ایمبولینس خدمات ، ادویات ، حفظان صحت کٹ ،کیتھیٹروں وغیرہ کی دستیابی کے بارے میں معلومات فراہم کرے گی۔
وی کے سنگھ نے 200بستروں پر مشتمل کووِڈکیئر سنٹرحضرت بل کا معائنہ کیا
سرینگر// ڈائریکٹر جنرل پولیس کمانڈنٹ جنرل ہوم گارڈز / سول ڈیفنس اور سٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس جے اینڈ کے وی کے سنگھ نے 200 بستروں پر مشتمل کووِڈکیئر سینٹر (جس میں آکسیجن کنسنٹریٹروں کے ساتھ 50 بیڈ شامل ہیں) کے کام میں مدد کے لئے ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف اہلکاروں کی تعیناتی سے متعلق ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے ،ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر ڈاکٹر اعجاز ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر ، کمانڈنگ آفیسر فسٹ بٹالین ، ایس ڈی آر ایف سرینگر حسیب الرحمان، ماہر وبائی امراض کشمیر ڈاکٹر طلعت جبین ، سٹیٹ سرویلنس آفیسر آئی ڈی ایس پی ڈاکٹر جمیل میر اور دیگر سینئر اَفسرا ن و اہلکار نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا کہ سکمز صورہ معاون فرائض کی انجام دہی کے لئے 19 اہلکاروں (20 ایس ڈی آر ایف اور 10 این ڈی آر ایف) میں 19 سے 21 ؍مئی 2021 ء تک 3 دن کی تربیت کا انتظام کرے گی۔ تربیت میں کووِڈ۔ 19 مریضوں کی دیکھ ریکھ ،کووِڈ مثبت مریضوں کی نرسنگ کیئر، کووِڈ۔ 19 ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹنگ ، انفیکشن کنٹرول اور ذاتی تحفظ ، آکسیجن سپورٹ ، عملی امور ، مینی فولڈ کا دورہ اور عطیہ دینے اور ڈوفنگ شامل ہوں گے۔ پی پی ای مجموعی طور پر 100 ایس ڈی آر ایف اور 40 این ڈی آر ایف اہلکاروں کو این آئی ٹی میں تربیت اور تعینات کیا جائے گا۔
ضلع ہسپتال بڈگام کی تعمیر کا مطالبہ
سیول سوسائٹی کی گورنرانتظامیہ سے مداخلت کی اپیل
بڈگام// سیول سوسائٹی بڈگام کے اراکین پر مشتمل ایک وفد نے لیفٹیننٹ گوررنر کے مشیر بصیر احمد خان کو بڈگام میں ایک میمورنڈم پیش کیا جس میں ریشی پورہ میں مجوزہ کووڈ ہسپتال کی جگہ جدید سہولیات سے لیس ضلع سطح کا ہسپتال تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔انہوں نے مشیر موصوف سے کہا کہ ریشی پورہ بڈگام کے باشندگان نے 2008 میں اُس وقت کے وزیراعلیٰ غلام نبی آزاد کے مجوزہ سپر سپیشلٹی ہسپتال کیلئے 70 کنال زمین وقف کردی تھی اورمئی کے پہلے ہفتے میں ضلع حکام کے احکامات پر زمینداروں نے کروڑوں روپئے مالیت کے ہزاروں درختوں کو کوڑی کے دام فروخت کرکے ان کو کٹوایا تاکہ مجوزہ ہسپتال کیلئے زمین خالی کرائی جاسکے۔ وفد نے مشیر موصوف سے مطالبہ کیا کہ ضلع بڈگام میں علاج و معالجہ کی سہولیات کے فقدان کے پیش نظر فوری طور پر ہسپتال کی تعمیر شروع کرانے کے احکامات جاری کئے جائیں۔وفد میں عبدالغنی شاہین ،بشیر احمد ڈار ،فیاض احمد ،کفایت حسین ،ایڈوکیٹ فیروز احمد ،ڈاکٹر جی اے ڈار اور صحافی صوفی یوسف شامل تھے۔
غیر قانونی کان کنی
بانڈی میں 3ٹپر ضبط
سرینگر// بانڈی پورہ پولیس نے غیر قانونی کان کنی کے خلاف اپنی کوششیں جاری رکھتے ہوئے ایس کے بالا اجس سمبل میں 3گاڑیاں ضبط کیں۔ ایس ڈی پی او سمبل سریندر موہن کی نگرانی میں جیالوجی اینڈ مائننگ کی ٹیموں کے ہمراہ 3ٹپر ضبط کئے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔بانڈی پورہ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی کان کنی میں ملوث نہ ہوں کیونکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت نمٹا جائے گا۔
اننت ناگ میں27کنال اراضی پر پھیلی خشخاش کی فصل تباہ
سرینگر//اننت ناگ پولیس نے بدرو اور لیور علاقوں میں27کنال اراضی پر پھیلی خشخاش کی فصل تباہ کردی۔ ایس ایس پی اننت ناگ امتیاز حسین کی ہدایت پر ایس ایچ او سریگفوارہ کی سربراہی میں پولیس پارٹی نے ایکسائز محکموں کے ساتھ مل کر پھیلی خشخاش کی فصل کو تباہ کردیا۔لوگوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی طرح کی منشیات کی فصل کی کاشت کرنے سے متعلق معلومات پولیس کی نوٹس میںلائیں۔
ڈاکٹر فاروق اور دیگر لیڈران کا سینئر صحافی گلزار احمد بٹ کے انتقال پراظہارتعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سینئر صحافی اور روزنامہ سرینگر نیوز کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر گلزار احمد بٹ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کے جملہ سوگواران خصوصاً سرینگر نیوز کے عملہ ادارت کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ،جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈران آغا سید روح اللہ مہدی، عرفان احمد شاہ، حاجی محمد سعید آخون ، تنویر صادق، ترجمان عمران نبی ڈار نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ادھر گورنمنٹ ایمپلائز کانفرنس اور نگواکے صدر اشتیاق بیگ نے بھی اپنے رنج و غم کااظہار کرتے ہوئے مرحوم کے انتقال کو صحافتی میدان کیلئے ایک نقصان قراردیا ہے ۔ انہوںنے سوگوار کنبہ کے ساتھ یکجہتی اور تعزیت کااظہار کیا ۔
اتر پردیش میں مسجد کی مسماری ایک جنونی عمل :آغا حسن
سرینگر// انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن نے اتر پردیش میں ایک 100سالہ قدیم مسجد شریف کو وہاں کی بی جے پی سرکار کی چھتر چھایا میں مسمار کرنے کی کارروائی پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ بی جے پی کا ایک اور جنونی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مسلمان تاریخ کے ایک سنگین دور سے گزر رہے ہیں جہاں انکی جان و مال ،عزت و آبرو اور دینی مقدسات کے تحفظ کی کوئی ضمانت نہیں ۔