شٹرنگ گرنے کا واقعہ
تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل
کوٹرنکہ// کوٹرنکہ کے شاہ پور علاقے میں گزشتہ روز سرکاری اسکول کی عمارت کا شٹرنگ سامان گرنے کے واقعہ پر محکمہ تعلیم نے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ واضح رہے کہ اس واقعہ میں ایک مزدور کی ہلاکت ہوئی اوردوسرا زخمی ہواتھا۔اس معاملے پر زونل ایجوکیشن آفیسر کوٹرنکہ نے زیڈ ای پی اوچوہدری سخی محمد کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو رپورٹ پیش کرے گی ۔ زونل ایجوکیشن آفیسر نے بتایا کہ وہ اس معاملے کی پوری تحقیقات کروائیں گے اور یہ دیکھاجائے گاکہ آخر کس وجہ سے مزدور کی موت واقع ہوئی ۔انہوںنے کہاکہ اگر کوئی بھی قصور وار پایاگیاتو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔مقامی لوگوں کاالزام ہے کہ غیر معیاری میٹریل کا استعمال کیاجارہاتھا جس کے نتیجہ میںیہ واقعہ پیش آیاہے ۔
سرحدی کشیدگی پر حکومت خاموشی توڑے :شہزاد ملک
چندبینکروںکی تعمیرسے کوئی فائدہ نہیںہوگا
جا وید اقبال
مینڈھر// سائیں نا تھ یو نیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹر شہزاد ملک نے سرحدی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اشتعال انگیز گولہ باری سے معصو م لو گو ں کی جا نیں جا رہی ہیں اور لا کھو ں روپے کا نقصان ہو رہا ہے لیکن مر کز ی اور ریا ستی حکومتیں خا مو ش تما شائی کا رول ادا کر رہی ہیں ۔ اپنے ایک پریس بیان میںانہو ں نے کہا کہ اس معاملہ کو فو ری طور پر مر کز ی حکومت کو پا کستا نی حکو مت سے اٹھاناچاہئے اور فائرنگ اور گولہ باری کا یہ سلسلہ رکناچاہئے کیو نکہ اس سے دونو ں اطر اف قیمتی جا نیں ضا ئع ہو رہی ہیں ۔ ان کاکہناتھا کہ خطہ پیر پنجال کے لوگوںکو کشیدگی کے وقت کسی طرح کا تحفظ حاصل نہیں اور چندایک بینکر تعمیر کئے جارہے ہیں جن سے کوئی فائدہ نہیںہوگا ۔ ان کاکہناتھا کہ ہر گھر کے پاس ایک چھو ٹا بینکر تعمیر کیا جائے نہ کہ30سے 40افراد کے لئے بنکر تعمیر کئے جائیں ۔ شہزاد ملک نے کہا کہ حکومت کو فو ری طور پر سر حدی علا قہ میں چل رہے سکولو ں کے پاس بھی بنکر تعمیر کر نے چاہئیں تا کہ مشکل وقت میں اساتذہ اور بچے ان میں پناہ لے سکیں اوران کی تعلیم متاثر نہ ہونے پائے ۔ان کاکہناہے کہ حکومت نے وعدے تو بہت کئے مگرزمینی سطح پر دیکھنے کو کچھ نہیں مل رہا ۔انہو ں نے کہا کہ لو گ بلاجواز ما رہے جا رہے ہیں اور ان کا مالی نقصان بھی ہو رہاہے۔انہوںنے کہاکہ اس مسئلہ کا حل بات چیت سے ہی نکل سکتاہے اور دونوں حکومتوںکو سرحدی کشیدگی کو ختم کرناچاہئے تاکہ آرپار کے لوگ آرام کی زندگی بسر کرسکیں ۔
چھونگاں میں پانی کی سپلائی نہ دارد
محکمہ پرلفٹ سکیم کی پائپیں فروخت کرنیکا الزام
جا وید اقبال
مینڈھر//مینڈھر کے چھو نگاں علا قہ کے لوگ پینے کے پانی سے محروم ہیں ۔مقامی لوگوں نے محکمہ پی ایچ ای کو تنقید کا نشانہ بناتے ہو ئے افسران کے خلاف نعرے با زی کی ۔ نمبردار حا جی محمد رفیق ، محمد یو سف ، منیر حسین، محمد فاروق اور محمد بشیر نے بتایا کہ 12 برس قبل محکمہ نے ایک لفٹ اسکیم شروع کی تھی لیکن اس سے پوری آبادی کو فائدہ نہیں ملا اور یہ چند گھروںتک محدودہوکر رہ گئی ہے ۔انہوںنے بتایاکہ محکمہ نے جنرل لائین کی پا ئپیںلگا نے کے بعد لو گو ں کے گھرو ں تک بھی پا ئپیں بچھا دیں تاہم کچھ عر صہ گز ر جا نے کے بعد ملا زمین نے پا ئپیں اکھا ڑ کر انہیں فروخت کردیا ۔ انہو ں نے کہا کہ لو گو ں کو کئی کلو میٹر دور سے جا کر پینے کا پانی لاناپڑتاہے اوروہ بوند بوند کیلئے ترساں ہیں۔ ان کاکہناتھاکہ اس سلسلہ میں انہوں نے کئی مر تبہ محکمہ پی ایچ کے اعلیٰ افسر ان کے دفا تر کے چکر کا ٹے لیکن وہ کبھی ایک ملا زم پر لگا تے ہیں اور کبھی دوسرے ملا زم پر ۔ ان کاکہناتھاکہ محکمہ نے لا کھو ں روپے لگا کر لیک اسکیم چلا ئی لیکن ملازمین نے اعلیٰ افسران کی ملی بھگت سے اس سکیم کو فائدہ پہنچنے سے قبل ہی ختم کردیا۔انہوںنے کہاکہ اگر پانی کی سپلائی فراہم نہ ہوئی تو وہ احتجاج کریںگے جس کی تمام تر ذمہ داری حکام پر عائد ہوگی ۔رابطہ کرنے پر اے ای ای مینڈھر نے بتایاکہ وہا ں پرٹرانسفا رمر کی پر یشانی ہے ۔
عارضی ملازموں کی فہرستوں میںبے ضابطگیوں کا الزام
پونچھ// گاؤں منگناڑ کے لوگوں نے محکمہ بجلی میں عارضی بنیادوں پر کام کرنے والے ملازمین کی فہرستوں میں بے ضابطگیوںکا الزام عائد کیاہے ۔مقامی لوگوں کے ایک وفد نے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے ملاقات کرکے بتایاکہ گاؤں میں محکمہ بجلی میں مسلسل بیس سال سے کام کرنے والے عقیل احمد نامی ملازم کو ڈیلی ویجروں کی فہرست سے باہر کرکے غیر مستحقین کواس میں درج کیاگیاہے ۔انصاف مؤمنٹ صدر جاوید اقبال ریشی نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر کو بتایا کہ زمینی سطح پر کام کرنے والے نوجوانوں کو فہرست میں شامل نہ کرکے ایسے افراد کے نام درج کئے گئے ہیںجو بیرون ملک کاموں میں مصروف ہیں۔وفد کے ارکان نے پونچھ ضلع میں گاڑیوں کے کرایہ میں من مانی کی شکایت بھی کی اورکہاکہ پونچھ میں کسی بھی بس اڈہ پر کرایہ لسٹ موجود نہیں اور نہ ہی کسی گاڑی میں لسٹیں چسپاں رکھی جاتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں سے بسوں، منی بسوں، ٹاٹا سومو اور آٹو گاڑیوںکے ڈرائیور من مرضی کا کرایہ وصول کررہے ہیں۔ انہوںنے محکمہ امور صارفین کی جانب سے آئی ڈی بند کرنے پر بھی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کئی لوگوں کے نام راشن کارڈوں میں درج نہیں جس کی وجہ سے ان کو مشکلات کاسامناہے۔وفد کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے محکمہ بجلی کے ایگزیکٹو انجینئرکو ٹیلیفون پر فہرستوں کی دوبارہ جانچ کرکے مستحقین کو اس میں شامل کرنے کی ہدایت دی اور ساتھ ہی انہوںنے اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ افسر کو ہدایت دی کہ بس اڈوں اور گاڑیوں میںکرایہ فہرستیں چسپاں کروائی جائیں۔وفد میںعبدالرشید شاہ پوری، محمد رشید، مولوی محمد رشید، محمد بشیر، حاکم دین حاکو، وسیم الحسن بھی شامل تھے۔
کالاکوٹ میںترقیاتی سرگرمیوں کاجائزہ لیا گیا
نیوز ڈیسک
جموں//پشو و بھیڑ پالن کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے محکمہ دیہی ترقی کے افسروں پر زور دیا ہے کہ وہ تمام کاموں کو معیاد مدت کے اندر اندر مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ رواں مالی سال کے لئے مختص رقومات کا صد فیصد تصرف بھی یقینی بنائیں۔انہوں نے یہ ہدایات کالاکوٹ حلقے میں متعلقہ محکمے کے کام کاج اور پروجیکٹوں و سکیموں کی عمل آوری کا جائزہ لینے کی غرض سے منعقد ہ ایک میٹنگ کے دوران کیا۔میٹنگ میں بتایاگیا کہ سال 2017-18 ء کے دوران کالا کوٹ حلقے میں ترقیاتی کاموں کی عمل آوری کے لئے 24.50کروڑ روپے واگزار کئے گئے ہیں۔انہیں بتایاگیا کہ پلوں ، کلوٹوں ، فٹ پاتھوں اور گلی کوچوں میں تعمیراتی کام شد و مد سے جاری ہے اور انہیں وقت پر مکمل کیا جائے گا۔وزیر نے افسروں پر زور دیا کہ وہ مزید تن دہی اور لگن کے ساتھ کام کر کے مقررہ اہداف حاصل کریں ۔انہوں نے کہا کہ اس دوران کاموں کے معیار کی طرف بھی خصوصی توجہ دی جانی چاہئیں۔
ڈپٹی کمشنر کا دورۂ کالاکوٹ و نوشہرہ …سرحدی سکولوںکو مزید 2دن بند رکھنے کافیصلہ
راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے کالاکوٹ ، بریوی اور نوشہرہ علاقوں کا دورہ کرکے لوگوں کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ ان کے ہمراہ ایس ڈی ایم کالاکوٹ خالد حسین ، ایس ڈی ایم نوشہرہ عبدالستار ، سی ایم او ڈاکٹر سریش گپتا، ایگزیکٹو انجینئر تعمیرات عامہ پرویز احمد ، ایگزیکٹو انجینئر پی ایچ ای اے کے اتری اور دیگر افسران بھی تھے ۔ضلع انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق ڈپٹی کمشنرنے بازیاب کروائی گئی سرکاری اراضی کا جائزہ لیا اور ساتھ ہی ہوسٹل عمارت ، ڈگری کالج عمارت اور کالاکوٹ میں پارک کی تعمیر کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔اس دوران ایس ڈی ایم نے انہیں تعمیراتی کاموں کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ڈپٹی کمشنر سے بریوی کا ایک وفد بھی ملاجس نے بتایاکہ پی ایم جی ایس وائی سڑک سے قبرستان کو نقصان پہنچاہے ۔ نوشہرہ میں انہوںنے ریلیف کیمپوں کا جائزہ لیا اور مہاجرکنبوں کودی جارہی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا ۔ انہوںنے بینکروں کی تعمیر کاجائزہ بھی لیا ۔اس دوران بھوانی کے لوگوںنے عوامی دربار منعقد کرنے کی اپیل کی ۔اس دوران حد متارکہ پرپائے جارہے حالات کاجائزہ بھی لیاگیا اور یہ فیصلہ لیاگیاکہ بھوانی ، کھمبہ ، سریا اور کلال گائوں میں واقع تعلیمی ادارے مزید دو دنوںتک بند رہیںگے کیونکہ حدمتارکہ پر کشیدگی پائی جارہی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈگری کالج سندر بنی کی تعمیر کی جانکاری حاصل کی اوراس کی جلد سے جلد تکمیل کیلئے محکمہ تعمیرات عامہ کو فوری طور پر فنڈز واگزارکرنے کا فیصلہ لیا۔انہوںنے افسران پر زور دیاکہ وہ مقررہ مدت میں ترقیاتی پروجیکٹوں کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔
انجمن جعفریہ پوٹھہ سرنکوٹ کی تشکیل نو
پونچھ// انجمن جعفریہ پوٹھہ سرنکوٹ کا ایک اجلاس منعقد ہواجس دوران انجمن کی تشکیل نو عمل میں لائی گئی ۔اس دوران اتفاق رائے سے سید مطلوب حسین شاہ کو صدر منتخب کیاگیاجبکہ قوت علی شاہ کو نائب صدر، رضا علی جعفری جنرل سکریٹری،سید اشرف شاہ جعفری کو چیف آرگنائزہ بنایاگیا۔ نو منتخب صدر سید مطلوب حسین شاہ نے کہا کہ وہ دی گئی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی کوشش کریںگے اور وہ چاہتے ہیں کہ محرم الحرام سے قبل سبھی تعمیراتی کام انجام دیں ۔اس دوران عترت سوسائٹی موہری گورسائی کے صدر سید عظمت حسین جعفری نے سید مطلوب حسین شاہ اور دیگر عہدیدران کو مبارک باد پیش کی ہے۔