این ایچ ایم یونین ڈوڈہ کا تعزیتی اجلاس
ڈوڈہ //آل جے اینڈ کے این ایچ ایم ایمپلائز ایسو سی ایشن ضلع یونٹ ڈوڈہ کی بُدھ کے روز ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں این ایچ ایم ڈاکٹر روہت بھاردواج ،جو کہ ریاسی میں تعینات ہیں ، کے چاچا اندر جیت کے انتقال پر دُکھ کا اظہار کیا، جن کا انتقال جموں میں حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوا ہے۔ایسو سی ایشن کے ضلع ڈوڈہ کے صدر فیضان احمد ترنبو نے اندر جیت کے انتقال پر دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے غم زدہ کنبہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اللہ سے دعا کی ہے کہ مرحوم کو جنت میں جگہ عطا کرے اور غم زدہ کنبہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے۔تعزیتی اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں ڈاکٹر حمید پرے،مسعود لطیف، ڈاکٹر ناصر اندرابی، فیضان الاحی بٹ، اشوک شان، شبیر احمد اور اجے سنگھ منہاس شامل ہیں۔دریں اثنا ضلع کے تمام بلاک صدور بشمول ڈاکٹر فرحت عباس ،فردوس امین، اشونی کامر، محمد اختر نے بھی مرحوم کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ۔
ریاسی میں ڈرائنگ و پینٹنگ مقابلہ کا اہتمام
ریاسی //ضلع کے بالمتکوٹ میں فوج کی جانب سے ایک ڈرائینگ و پینٹنگ مقابلہ کا اہتمام کیا گیا ۔اس مقابلہ میں کل ملاکر بگا بلاک کے مختلف سکولوں کے60طلاب نے جوش و خروش سے شرکت کی۔مقابلہ کا مقصد طلاب کے حوصلہ کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ اُبھرتے ہوئے نوجوانوں میں مقابلہ کا جذبہ پیدا کرنا تھا ۔طلاب نے ماحولیاتی تحفُظ کے سلسلہ میں اس موقعہ کو اپنی تخلیقی پلیٹ فارم کے طور پر استعمال
کیا ۔ مقابلہ میں چھوٹے چھوٹے بچوں بشمول طالبات نے شرکت کی اور اپنی ذہانت کو نکھار دیا اور اس نیک کام کیلئے اپنے تشویش کا اُجا گر کیا ۔ایونٹ کے اختتام پر فاتح میںانعامات تقسیم کئے گئے جبکہ دیگر شرکا کو حوصلہ افزائی کے انعامات سے نوازا گیا ۔اس ایونٹ سے عوام اور فوج کے درمیان رشتہ مستحکم ہو جائے گا۔
سرکاری ملازمین کی سبکدوشی پر الوداعی تقریبات کا اہتمام
محمد تسکین
بانہال // مختلف شعبوں میں کئی کئی دہائیوں تک اپنا فرض انجام دینے کے بعد سبکدوشی پر پہنچے بانہال کے کئی سرکاری ملازمین کے اعزاز میں بانہال میں کئی الوداعی تقاریب منعقد کی گئی اور سبکدوش ہونے والے ملازمین کی عزت افزائی کی گئی ہے۔محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میں تین دہائیوں سے زائد عرصے تک اپنی خدمات انجام دینے کے بعد شمس الدین وانی ساکنہ کھارپورہ بانہال اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے ہیں۔ اْن کی سبکدوشی کے سلسلے محکمہ صحت عامہ کی طرف سے پی ایچ ای سب ڈویژ ن بانہال میں ان کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا اور موصوف کی خدمات کو سراہا کیا گیا۔ شمس الدین وانی ادب کے میدان میں بھی خوب جانے جاتے ہیں اور ادب کے حلقوں میں سمش الدین کو مجرور کے تخلص سے جانا جاتا ہے ۔ محکمہ کی طرف سے دی گئی اس الوداعی تقریب کی صدارت ایگزیکٹو انجینئر بانہال تلوار سنگھ نے کی جبکہ اس موقع پر مجرور کے دوست احباب اور محکمہ کے دیگر افسران اور ملازمین بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر مقررین نے محکمہ میں سپروائزر کے عہدے سے سبکدوش ہوئے شمس الدین مجرور کی طرف سے محکمہ میں انجام دیئے گئے بہترین اوصاف پر مبنی ملازمت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موصوف ایک ایماندار، محنتی ،خوشباش ، شریف النفس اور نیک صفات کے حامل محکمہ کے ایک ایسے فرد رہے ہیں جنھوں نے اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ شمس الدین وانی نے ہمیشہ ہی اپنے پیشے کے ساتھ بھرپور انصاف کیا ہے اور بنا کسی اِمتیاز کے اپنی خدمات ضلع کے مختلف علاقوں میں انجام دے چکے ہیں اور محکمہ مین ان کی خدمات کو ہمیشہ سراہا جائے گا ۔ مقررین نے کہا کہ مجرور نے تن دہی اور محنت اور لگن سے جس طرح سے اپنی ذمہ داریوں کو سراہا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔ تقریب کے اختتام پر تمام ملازمین نے عزت افزائی کے ساتھ شمس الدین مجرور کے ہمراہ ان کے گھر جا کر انہیں اعزاز کے ساتھ محکمہ سے رخصت کیا ۔اس موقع پر محکمہ میں تین دہائی تک منفرد انداز میں ڈیوٹی انجام دینے والے لائین۔مین عبدالجبار خان ساکنہ زنہال بانہال بھی سبکدوش ہوئے اور ان کے اعزاز میں بھی الوداعی پارٹی دی گئی ۔جبکہ گورنمنٹ ہائی سکول۔کسکوٹ میں بھی ماسٹر عںبدالقیوم کامگار ساکنہ بنکوٹ کے اعزاز میں ایک الوداعی پارٹی کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر لوپیڈ ایمپلائز فیڈریشن شبیر احمد میر ، ماسٹر عبدالمجید نجار ، ماسٹر محمد اصغر میر، ڈایٹ کے خواجہ جاوید وانی اور زونل ایجوکیشن پلاننگ افسر محمد سلیم شاہ کے علاؤہ کئی سکولوں کے ہیڈ ماسٹر صاحبان اور دیگر اساتذہ اکرام اور ذی عزت شہری موجود تھے ۔ مقررین نے سابقہ نائب صدر لوپیڈ فیڈریشن اور بہترین مدرس کے طور بخوبی اپنا فرض انجام دیکر سبکدوشی پر پہنچنے پر عںبدالقیوم کامگار کو مبارکبادی پیش کی گئی اور انکی خدمات کی سراہنا کی گئی ۔ انہوں نے کہا موصوف اعلی اصولوں کے مالک انسان ہیں اور انہوں نے شریف النفس طریقے سے اپنے مقدس پیشہ استادی کے فرض کو بہتر طریقے سے انجام دیا ہے اور ہمیشہ ایمانداری اور خندہ پیشانی سے تین دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط اپنے پیشے کو احسن طریقے سے انجام دیا ہے – انہوں نے انہیں ایک بہترین کامیاب استاد کے ساتھ ساتھ ایک بہترین والد بھی قرار دیا۔
پوگل پرستان کے دینی مدرسہ میں
بچیوں کیلئے اعلان داخلہ
محمد تسکین
بانہال // جمعیت اہلحدیث جموں و کشمیر کے زیر اہتمام مرکزنورالقرآن والسنہ للبنات درداھی میں شعبہ عا لمیت کے لیے داخلہ شروع ہوچکا ھے اور اْن تمام خواہش مند والدین کو خبر دی جاتی ہے جو والدین اپنی بچیوں کا داخلہ مرکزنورالقرآن والسنہ للبنات درداھی میں کرانے کے خواہشمند ہوں۔ بچی ناظرہ قرآن پڑھنا جانتی ہو ، دسویں پاس ہو اور اردو پڑھناکھنا جانتی ہو۔ ایسی خواہشمند بچیوں کے والدین داخلہ فارم حاصل کرکے 25 فروری 2018 تک پرنسپل آفس مرکزنورالقرآن والسنہ للبنات درداھی یامقیم کمپوٹرمکرکوٹ برلب جموں سرینگر شاہراہ کے پاس جمع کراسکتے ہیں ۔یادرکھیں فارم جمع کرنے کے بعد مورخہ 05 مارچ 2018 کو بچیوں کا اہلیتی امتحان ہوگا اور اسے داخلہ کیلئے پاس کرنا ضروری ہو گا۔ مزید معلومات کیلئے خواہشمند والدین فون نمبر9622234201 پر رابطہ کرسکتے ہیں ۔
عالم دین کی وفات پر اظہار تعزیت
ایم ایم پرویز
رام بن//ضلع کی مختلف دینی تنظیموں خصوصاً انجمن امامیہ و دیگران نے کشمیر کے ایک اسلامی سکالر سعید فضل اللہ محمد آغا کے انتقال پر تعزیت کیا ہے۔اپنے اپنے تعزیتی پیغامات میں انہوں نے مرحوم آغا کو ایک امتیازی عوامی شخصیت اور مثالی مسلم لیڈر قرار دیا ہے۔انہوں نے مرحوم آغا صاحب کو حقیقی معنوں میں ایک ذہین اور ایک حلیم شخض اور ایک دور اندیش سکالر قرار دیا ۔ان لیڈروں نے کہا ہے کہ انکے موت سے ایک خلاء پیدا ہوا ہے۔اورکہا کہ تاریخ میں مختلف مسلم فرقوں کے درمیان انکے رول کو یاد کیا جائے گا۔ انجمن ء شریعی شعیہ بڈگام کے آغا سعید محمد فضل اللہ 29 جنوری کو اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے۔
رام بن میں طبی کیمپ کا اہتمام
رام بن //رام بن کے مدرسہ کے طلاب کے لئے فوج کی جانب سے بُدھ کے روز ایک طبی کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔کیمپ کا مقصد مدرسہ کے طلاب کو طبی ریلیف مہیا کرنا تھا ۔اس کیمپ میں کل ملا کر 161مریضوں کو طبی نگہداشت فراہم کی گئی۔کیمپ میںفوج کے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے شرکت کی ،جس دوران مریضوں کا معاینئہ کیا گیا اور انہیں مفت ادویات فراہم کی گئی۔مقامی لوگوں نے فوج کی اس پہل کی ستائش کی اور مستقبل میں بھی ایسا کیمپ منعقد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ۔
رام بن میں گورو روی داس جینتی کے سلسلہ میں تقریب
ایم ایم پرویز
رام بن//گورو روی داس جی کا 641واں پرکاش اُتسو رام بن ضلع میں بھی نہایت ہی مذہبی احترام اور رویتی طریقہ سے منایا گیا ۔اس سلسلہ میں گورو روی داس سبھا مندر بٹوت میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ،جس میں شردھالووں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقعہ پر مقررین نے گورو روی داس جی کی تعلیمات کو اُجاگر کیا ۔شردھالووں نے اس موقعہ پر بھجن ،کیرتن کی خصوصی دعا پیش کی۔منیجمنٹ کمیٹی کی جانب سے ایک کیمونٹی لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا ۔ضلع انتظامیہ نے شردھالووں کی سہولیت کیلئے سیکورٹی کے مناب انتظامات کے علاوہ دیگر سہولیات جیسے کہ بغیر خلل کے بجلی اور پانی کی فراہمی کا انتظام بھی کیا تھا۔اس موقعہ پر ایس ای پی ڈی ڈی بٹوت بلویندر کنڈل اور نائب تحصیلدار بٹوت سیف اللہ شاہ بھی معزز اشخاص میں شامل تھے۔
چلی میں محکمہ زراعت کا بیداری کیمپ منعقد
رفیع چودھری
ڈوڈہ//محکمہ زراعت کی جانب سے ضلع کے چلی بالہ زون چلی سب ڈویژن ٹھاٹھری میں بدھ کے روز ایس ڈی اے او ٹھاٹھری شمی کمار اور ضلع زرعی افسر سنیل کول کی رہنمائی میں ایک بیداری کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔کیمپ کے دوران کسانوں کے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران اے ای او گندو سرجیت سنگھ نے محکمہ زراعت کی جانب سے چلائی جا رہی مرکزی و ریاستی سرکار کی سپانسر شدہ اسکیموں یعنی کہ PMFBY, PMKSY، سوئل ہیلتھ مشن ، KCC, ATMA, NAMSA, NMATE, NFSM ، کی جانکاری پر ایک لیکچر دیا ۔کیمپ میں تقریباً 80کسانوں نے شرکت کی۔کیمپ کے دوران کسان طبقہ نے کئی مسائل اُٹھائے اور متعلقہ اہلکاروں کی جانب سے موذوں جواب دینے پر مطمئن نظر آئے۔کیمپ میں آرگنک کھیتی اور مشروم کی کاشت پر توجہ مرکوز رہی۔ اس موقعہ پر کسانوں کو سراکر کی مختلف سکیموں کا فائدہ لینے کے لئے آگے آنے کو کہا گیا، تاکہ کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کیا جا سکے۔ کسانوں نے محکمہ کی جانب سے اس قسم کا کیمپ منعقد کرنے پر محکمہ کا اظہار تشکُر کیا اور مستقبل میں بھی ایسے کیمپ منعقد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ۔
ریاسی کے جنگلات میں آتشزدگی
ریاسی //ریاسی ضلع کے جنگل میں بدھ کے روز آگ کے ایک ہولناک واقعہ کی اطلاع ملی ہے۔آخری اطلاعات فراہم ہونے تک آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔اطلاعات کے مطابق ریاسی کے بالائی علاقوں کے جنگلات میں بدھ کے روز بعد دوپہر آگ نمو دار ہوئی ۔پولیس کے مطابق آگ بجھانے کے کی کوشش جاری ہے، تاہم آخری اطلاع تک آگ جاری تھی۔
۔2برسوں کے دوران ریاست میں 1015راشن آوٹ لٹ قائم
اشفاق سعید
جموں// محکمہ خوراک شہری رسدات اور امورصارفین وعوامی تقسیم کاری نے پچھلے دو برسوں کے دوران ریاست میں 1015راشن آوٹ لٹ قائم کئے ہیں ۔ پچھلے تین برس کے دوران جموں صوبہ میں5489.02لاکھ اور کشمیر صوبہ میں42.05لاکھ روپے کامالیت کا راشن مائیگرینٹوں کومفت روشن فراہم کیاگیا۔قانون ساز اسمبلی میں راجیش گپتا کے ایک سوال کے تحریری جواب میں وزیر خوراک وشہری رسدات نے بتایاکہ پچھلے دو برس کے دوران جموں وکشمیر میں1085ائوٹ لٹ کھولئے گئے ہیں۔اعدادوشمار پیش کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں 121، کلگام میں16، پلوامہ میں86، شوپیان میں51، سرینگر میں162، بڈگام میں195، بانڈی پورہ میں47، بارہمولہ میں54، کپواڑہ میں143، جموں میں11، کٹھوعہ میں71، راجوری میں115، پونچھ میں2، ریاسی میں8، ڈوڈہ، کشتواڑ اور رام بن اضلاع میں ایک ایک راشن آؤٹ لٹ کھولاگیا۔ سوال کے دوسرے حصہ میں وزیر نے بتایا کہ فیئر پرائس شاپ ڈیلروں کے لئے فی کونٹل143روپے کمیشن مقرر کی گئی ہے جس میں 25فیصد ریاستی سرکاراور75فیصد مرکزی سرکار PHHاورAAYزمروںکیلئے برداشت کرتی ہے۔ این پی ایچ ایچ زمرے میں بشمول مفتی محمد سعید فوڈ انٹائٹلمنٹ اسکیم(MMSFES)کے تحت فی کونٹل143روپے کمیشن کا سوفیصدی ریاستی سرکار ادا کر رہی ہے۔ قومی خوراک تحفظ قانون کے نفاذ کے بعد ریاستی سرکار باقاعدگی سے 25فیصد شیئر دے رہی ہے جبکہ مرکزی سرکارکے شیئر کے تحت 26.68کروڑ روپے واجب الاد ہیں وہ جوں ہی مرکزی حکومت واگذار کرے گی انہیں آگئے راشن ڈیلروں کو دے دیاجائے گا۔سوال کے تیسرے حصہ یعنی پارٹ سی میںکے جواب میں وزیر نے بتایا کہ پچھلے تین برس کے دوران جموں صوبہ میں5489.02لاکھ اور کشمیر صوبہ میں42.05لاکھ روپے کاراشن مائیگرینٹوں کومفت فراہم کیاگیا۔
ریاست کے بالائی علاقوں میں تودے گر آنے کی وارننگ
جموں//سرکار نے ریاست کے بالائی علاقوں میںتودے گر آنے کی وارننگ جاری کرتے ہوئے لوگوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے ۔ موسمی صورتحال اور تازہ زلزلہ کے جھٹکوں کے چلتے سنو اینڈ ایلولانچ سٹیڈی اسٹبلشمنٹ نے بارہمولہ کے اونچے علاقوں میں لیول3 کی بر فانی تودے گر آنے کا انتباہ جاری کیا گیاہے جبکہ کپوارہ ،بانڈی پورہ،شوپیاں اور کر گل میں لیول 2کا انتباہ جاری کیا ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ جو لوگ ان اونچے علاقوں میں رہتے ہیں جہاں بر فانی تودے گر آنے کا خطرہ ہے وہ اپنی نقل و حمل کو کم سے کم اگلے 24گھنٹوں تک محدود کرے ۔ کشمیر کے اننت ناگ،کولگام،بڈگام سمیت جموں کے کئی اضلاع جن میں پونچھ راجوری ریاسی،رام بن ،ڈوڈہ کشتواڑ ادھمپور شامل ہیں میں لیول ون کا انتباہ جاری کیا گیا ہے ور یہاں پر بھی ان علاقوں میں لوگوں کو اگلے چوبیس گھنٹوں تک اپنی نقل و حمل محدود کر نے کا انتباہ جاری کیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ حال ہی میں کپوارہ کے سادھنا ٹاپ پر بر فانی تودے کی زد میں 2مسافر گاڈیاں آئی تھی جس کے نتیجے میں 11افراد بر فانی تودے کے نیچے دب گئے تھے جنہیں بعد میں بچائو ٹیموں نے تودوں سے مردہ باہر نکالا ۔